مظفرآباد میں لاک ڈاؤن میں نرمی، ایک ہفتے کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ, ایم اے جرال، صحافی

،تصویر کا ذریعہM.A Jarral
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع مظفرآباد میں اس خطے کی حکومت نے مکمل لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے ضلع بھر میں ایک ہفتے کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق تمام کاروباری مراکز سمیت ٹرانسپورٹ کو ایک ہفتے کے لیے مخصوص دنوں میں محکمہ صحت کے بتائے گئے ضابطہ اخلاق کے تحت کھولنے کی اجازت ہے۔
جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق اشیائے خوردونوش کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز، بیکریز پورا ہفتہ کھلی رہیں گی جبکہ کریانہ اور ایل پی جی دکانیں سوموار کے علاوہ چھ دن کھولنے کی اجازت ہوگی۔
مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق مچھلی کی دکانیں ہفتے میں تین ایام جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کھولی جائیں گی جبکہ جوتے، ہوزری، کپڑے اور درزی کی دکانیں ہفتے میں تین ایام اتوار، پیر اور منگل کو کھلیں گی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق گارمنٹس، کراکری، جیولری، الیکٹرانکس، موبائل شاپس، کمپیوٹر اور کتابوں کی دکانیں بدھ، جمعرات اور جمعہ کو کھلنے کی اجازت ہے جبکہ جملہ ورکشاپس، ٹائر، حجام اور بیوٹی پارلر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کھولنے کی اجازت ہوگی۔
سرکاری ہدایت نامے کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد سمیت دیگر علاقوں کے لیے طے شدہ ضابطہ اخلاق کے تحت گاڑیاں چلانے کی اجازت ہوگی۔
یاد رہے کہ اس خطے کی حکومت نے ضلع مظفرآباد سمیت ضلع بھمبر میں دو ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس کے بعد ضلع مظفرآباد میں نرمی کر کے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، البتہ ضلع بھمبر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے۔


