سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 62 لاکھ سے زائد ہے جبکہ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ افراد اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ سندھ کے صوبائی وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, وزیر مملکت شہریار آفریدی میں کورونا وائرس کی تشخیص

    شہریار

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے وزیر مملکت برائے سرحدی امور اور نارکوٹکس کنٹرول شہریار آفریدی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ انھوں نے ڈاکٹرز کی ہدایات پر اپنے آپ کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ’رب ذوالجلال سے دعا ہے کہ وطن عزیز کو موذی وبا سے محفوظ بنائے اور وزیراعظم عمران خان سرخرو ہوں، آمین۔‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  2. کینیڈا: عوام سماجی فاصلہ کیسے برقرار رکھیں، انتظامیہ نے پارک میں دائرے بنا کر بتا دیا

    کینیڈا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    آپ رواں موسم گرما میں لوگوں کو پارکوں میں ہجوم لگانے سے کیسے روک سکتے ہیں؟

    کینیڈا کے شہر ٹورنٹو ڈاؤن ٹاؤن میں ایک پارک ایسا ہے جہاں عوام کثیر تعداد میں واک اور دیگر مقاصد کے لیے آتی ہے۔ مگر کورونا کی وبا کے باعث لوگوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کو بھی کہا جا رہا ہے۔

    اب ٹورنٹو کے اس پارک کی انتظامیہ نے اس مسئلے کا حل اس طرح نکالا ہے کہ پارک میں چونے کی مدد سے بڑے بڑے دائرے بنا دیے گئے ہیں۔

    شہری انتظامیہ کا کہنا ہے بیل وڈز پارک میں چونے کے نشانات کی مدد سے گول دائرے بنا دیے گئے ہیں تاکہ لوگوں کے ذہن میں رہے کہ انھیں ایک دوسرے سے کتنے فاصلے پر رہنا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک دائرے میں زیادہ سے زیادہ تین افراد بیٹھ یا دو افراد لیٹ سکتے ہیں۔

    ایک گروپ کو دوسرے گروپ سے کتنا فاصلہ رکھنا ہے اس کی وضاحت یہ دائرے کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے کے اختتام پر اس پارک میں بیک وقت دس ہزار افراد آئے تھے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

  3. صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم بورس جانسن کے درمیان کورونا ویکسین کی تلاش پر تبادلہ خیال

    ٹرمپ جانسن

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے درمیان فون پر رابطہ ہوا ہے جس کے دوران کورونا وائرس کی صورتحال اور عالمی سطح پر اس کے خلاف ردعمل زیر غور آیا۔

    10 ڈاؤننگ سٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس وائرس کے خلاف مؤثر ویکسین کی تیاری کے لیے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی کوششوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    ویکسین کی تیاری کے لیے برطانیہ اور امریکہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں ٹرائلز کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔

    برطانیہ میں حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان جی 7 سمٹ کے آئندہ اجلاس کے بارے میں بات چیت بھی ہوئی۔ یہ اجلاس آئندہ ماہ واشنگٹن میں منعقد ہو گا۔

    اس بات کی اہمیت پر زور دیا گیا کہ جی 7 ممالک کے رہنما ذاتی حیثیت میں اس اجلاس میں شریک ہوں۔

    گذشتہ ہفتے امریکہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ جی 7 ممالک کا اجلاس طے شدہ وقت پر ہو گا۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم جانسن کے درمیان لاک ڈاؤن کو بتدریج ختم کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔

  4. صدر ٹرمپ نے سوالات نہیں لیے

    صدر ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں تقریب ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوئی۔ صدر ٹرمپ نے چین پر تنقید اور کئی دیگر موضوعات پر بات کرنے کے بعد کوئی سوال نہیں لیے۔

    دیگر موضوعات میں انھوں نے وائرس کے نقطہ آغاز، ہانگ کانگ میں تازہ صورتحال، بحیرہ جنوبی چین میں کشیدگی اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر بات کی۔

    • صدر ٹرمپ: ’چین کا عالمی ادارہ صحت پر مکمل کنٹرول ہے‘

      ٹرمپ

      ،تصویر کا ذریعہEPA

      گذشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت پر صدر ٹرمپ کی تنقید کا آغاز اُس وقت ہوا تھا جب انھوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر ’اگلے ایک ماہ میں عالمی ادارہ صحت میں اہم اصلاحات کا اعلان نہ کیا‘ تو وہ ادارے کو امریکہ کی جانب سے دی جانے والی فنڈنگ کو مستقل طور پر روک دیں گے۔

      18 مئی کو عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کو لکھے گئے ایک خط میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ وبا کے ردعمل میں آپ کی تنظیم کی جانب سے دہرائی جانے والی غلطیوں کا بھاری ازالہ پوری دنیا کو ادا کرنا پڑا ہے۔‘

      انھوں نے کہا تھا کہ اب صرف اسی صورت میں آگے بڑھا جا سکتا ہے اگر عالمی ادارہ صحت اس بات کا واضح اظہار کرے کہ وہ چین کے دباؤ سے مکمل طور پر آزاد ہے۔

      آج وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’چین کا عالمی ادارہ صحت پر مکمل کنٹرول ہے‘ اور یہ سب اس کے باوجود ہے کہ ادارے کو ملنے والی امداد کا ایک حصہ امریکہ دیتا ہے۔

      یاد رہے کہ چین پہلے ہی امریکہ کو اپنی (امریکی) سرزمین پر وائرس پھیلانے کا ذمہ دار قرار دے چکا ہے۔ چین نے کہا تھا کہ امریکہ میں وبا پھیلنے کے ذمہ دار وہ سیاست دان ہیں جو امریکی عوام سے ’جھوٹ‘ بولتے ہیں۔

    • صدر ٹرمپ: ’ہم عالمی ادارہ صحت سے تعلق ختم کر رہے ہیں‘

      عالمی ادارہ صحت

      ،تصویر کا ذریعہEPA

      امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’ہم آج سے عالمی ادارہ صحت سے تعلق ختم کر رہے ہیں۔‘

      صدر ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں خطاب فی الوقت جاری ہے جہاں وہ ان تمام امریکی اقدامات کی بابت ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو آگاہ کر رہیں جن کا مقصد چین کو سزا دینا ہے۔

      صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ نہ صرف عالمی ادارہ صحت سے تعلقات ختم کر رہے ہیں بلکہ امریکہ کی جانب سے ادارے کے لیے مختص فنڈز کا رخ بھی صحت سے متعلق دیگر عالمی خیراتی اداروں کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

      انھوں نے کہا ’چینی حکومت کے بدنیتی پر مبنی اقدامات کی وجہ سے دنیا پریشانی کا شکار ہے۔ چین نے ایک ایسی بیماری کو بڑھنے دیا جس کی قیمت ایک لاکھ سے زائد امریکیوں نے اپنی جانوں کی شکل میں دی ہے۔‘

      صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین نے عالمی ادارہ صحت پر دباؤ ڈالا کہ وہ اس وبا کے بارے میں دنیا کو گمراہ کریں۔

      انھوں نے کہا کہ اس وبا کی وجہ سے بے تحاشہ جانی نقصان ہوا ہے جبکہ پوری دنیا کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔

    • راولپنڈی: ایس ایچ او میں کورونا وائرس کی تشخیص

      police

      ،تصویر کا ذریعہPUNJAB POLICE

      کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کردار ادا کرتے ہوئے راولپنڈی کے ایس ایچ او صدر بیرونی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

      ایس ایچ او صدر بیرونی انوار الحق کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر انہیں گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

      سی پی او محمد احسن یونس کے مطابق ایس ایچ او صدر بیرونی کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

      تھانہ صدر بیرونی میں تعینات دیگر افسران و ملازمین کے بھی ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں۔

    • برطانیہ: لاک ڈاؤن میں نرمی ’خطرناک‘ اور ’سیاسی‘ فیصلہ

      ساحل سمندر

      ،تصویر کا ذریعہGetty Images

      برطانوی حکوت کے سرکردہ سائنسی مشیروں میں سے ایک نے خبردار کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی خطرناک ہے کیوں کہ کورونا وائرس کی سطح ابھی بھی ’بہت زیادہ‘ ہے۔

      لندن سکول آف ٹروپیکل ہائجین اینڈ میڈیسن کے پروفیسر جان ایڈمنڈس کا کہنا ہے کہ بہت سے دیگر مشیر بھی اس بات کو ’ترجیح دیں گے کہ نرمی سے پہلے وبا کی سطح میں کمی ہو‘۔

      یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ کی حکومت اور سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں انظامیہ نے اقدامات میں نرمی کے قواعد کا اعلان کیا ہے۔

      اسی دوران حکومت کے سائنسی مشیروں کے گروپ ’سیج‘ کی میٹنگ کی دستاویز جاری کی گئی ہے۔

      دستاویز میں وہ مشورے شامل ہیں جو گذشتہ ہفتوں میں ماہرین نے وزرا کو دیے ہیں۔

    • برظانوی وزیراعظم کے مشیر ڈومنک کمنگز کے خلاف پٹیشن پر 10 لاکھ دستخط

      برظانوی وزیراعظم کے مشیر ڈومنک کمنگز

      ،تصویر کا ذریعہAFP

      برطانوی وزیراعظم کے مشیر ڈومنک کمنگز کے استعفیٰ کے لیے ایک پٹیشن پر 10 لاکھ سے زیادہ افراد نے دستخط کیے ہیں۔

      کمنگز پر الزام ہے کہ انھوں نے گذشتہ ماہ لاک ڈاؤن کی اس وقت خلاف ورزی کی جب وہ پہلے لندن سے ڈرہم اور وہاں قیام کے دوران گھومنے گئے تھے۔

      لندن ڈرہم سے تقریباً 260 میل کے فاصلے پر ہے۔

      گذشتہ ہفتے ان کے سفر سے متعلق خبریں سامنے آنے کے بعد میڈیا میں ان پر خوب تنقید ہوئی ہے اور ٹوری پارٹی کے رکن پارلیمان نے بھی اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

      ڈرہم پولیس نے جمعرات کو کہا تھا کہ کمنگز نے شاید قوانین کی معمولی خلاف ورزی کی ہو لیکن ان کے خلاف مزید کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

      کمنگز کا اپنا موقف ہے کہ ان کے اقدامات مناسب اور قانونی تھے۔ ان کے باس بورس جانسن بھی ان کا دفاع کر رہے ہیں اور پولیس کی جانب سے بیان سامنے آنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ’اب یہ معاملہ ختم سمجھا جائے۔‘

      بورس جانسن کی اپنی پارٹی کے کئی رہنماوں نے کمنگز کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔

    • بی بی سی اردو کی لائیو کوریج

      پاکستان اور دنیا بھر سے وبا کے دوران مختلف ممالک کی صورتحال پر بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے۔

      جمعے کو پاکستان اور دنیا بھر میں کیا ہوا، جاننے کے لیےکلک کریں