سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 62 لاکھ سے زائد ہے جبکہ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ افراد اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ سندھ کے صوبائی وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. معید یوسف: پروازوں کی اجازت صرف پاکستان سے باہر جانے کے لیے ہے

    گذشتہ روز پاکستان میں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی اٹھائے جانے کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ اجازت صرف پاکستان سے لوگوں کو باہر لے جانے کے لیے ہے۔

    معید یوسف نے کہا کہ گذشتہ روز سے یہ غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہ عمومی اجازت دی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ان بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے کوئی بھی پاکستانی یا غیر ملکی فرد جو پاکستان سے باہر جانا چاہتا ہے وہ جا سکتا ہے۔

  2. معید یوسف: حکومت کی ترجیح پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانا ہے

    پاکستانی سرحدوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ اس وقت صرف پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو ہی واپس لایا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت حکومت سیاحوں یا مختصر دورے پر باہر سے آنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

    معید یوسف نے کہا کہ وہ غیر ملکی افراد جو پاکستان میں کسی پلانٹ پر یا کسی کاروبار کے سلسلے میں مقیم ہیں ان کے لیے طویل مدتی ویزا کی فراہمی کا حل تلاش کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ 27 مئی کو انڈیا سے 180 پاکستانی واپس آئے ہیں جو انڈیا سے آنے والے پاکستانیوں کی تیسری کھیپ ہے۔

  3. معید یوسف: اگلے 10 دن میں 20 ہزار پاکستانی واپس لائے جائیں گے

    پاکستان کے وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب تک 55 سے 60 ممالک سے 33 ہزار پاکستانی واپس لائے جا چکے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ یکم جون سے 10 جون کے درمیان مزید 20 ہزار پاکستانی واپس لائیں جائیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ تعداد یومیہ دو ہزار بنتی ہے جو پہلے کے مقابلے میں دو گنا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سب سے زیادہ لوگ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے لائے جائیں گے جہاں سے بالترتیب 8000 اور 4000 لوگ واپس لائے جائیں گے۔

    معید یوسف نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی ترجیح ان ممالک پر ہے کیونکہ یہاں پاکستانی مزدور بڑی تعداد میں آباد ہیں جو تنخواہوں کے بغیر بمشکل ہی گزارا کر سکتے ہیں۔

  4. ظفر مرزا: ملک بھر میں ماسک پہننا لازم قرار دیا جا رہا ہے

    پاکستان، کورونا،

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ حکومت ملک بھر میں عوامی اور پرہجوم مقامات پر ماسک پہننا لازم قرار دے رہی ہے جس میں عوا می ٹرانسپورٹ، مساجد، بازار، دکانیں، اور شاپنگ مالز شامل ہیں۔

    انھوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کے جاری کردہ معیاری طریقہ کار (ایس او پی) اور ضوابط پر عمل کریں۔

    ظفر مرزا نے اپنی پریس کانفرنس میں اس تاثر پر بھی گفتگو کی کہ پاکستان میں طبی نظام اپنی حد کو پہنچ چکا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ حالانکہ طبی نظام دباؤ کا شکار ہے لیکن اس وقت پاکستان کی زیادہ سے زیادہ 25 فیصد طبی سہولیات زیرِ استعمال ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے کل تفصیلی بریفنگ دیں گے کہ پاکستان میں طبی ساز و سامان کی صورتحال کیا ہے۔

  5. ظفر مرزا: گذشتہ 24 گھنٹوں میں 78 ہلاکتیں، چار طبی کارکنان شامل

    ٌظفر مرزا

    ،تصویر کا ذریعہPakistan Television

    پاکستانی وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اس وقت اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

    اپنی پریس کانفرنس میں انھوں نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 78 ہلاکتیں اب تک کی سب سے بڑی یومیہ تعداد ہے اور ان میں چار طبی کارکنان بھی شامل ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت مرض کی مقامی منتقلی کی شرح 92 فیصد ہے۔

    ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا سے صحت یاب افراد کی شرح 36 فیصد ہے۔

  6. پیرس کے پارکوں کی رونقیں بحال ہو گئیں, ہیو شوفیلڈ، بی بی سی نیوز پیرس

    b

    جنوبی پیرس کے مونٹیسورس پارک میں بادلوں کے بیچ سے سورج نکل آیا ہے۔۔ سورج کی کرنیں جھیل کے پانی پر چمک رہی ہیں اور گھڑ سواری دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔

    دو ماہ سے بھی زیادہ عرصے تک پیرس کے باشندوں نے اپنے گھروں کی کھڑکیوں سے سردیوں کو بہار میں بدلتے دیکھا۔ لیکن بلاخر اب وہ پارکوں میں چہل قدمی کے مزے لے سکتے ہیں اور اپنی پسندیدہ جگہ پر دریاں بچھا کر موسم سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

    لیکن گیٹ پر جو آئس کریم بیچنے والے کی ریڑی جیسی نظر آ رہی ہے اس سے دھوکہ نہ کھائیے گا کیونکہ وہ در حقیقت حکام کی طرف سے بھیجی گئی ڈسپنسری ہے۔

    b
    b
  7. عالمی ادارہ صحت سے تعلقات توڑنے پر امریکی سینیٹ ہیلتھ کمیٹی کی وارننگ

    g

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی سینیٹ کی ہیلتھ کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے عالمی ادارہ صحت سے تعلقات ختم کرنے سے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے لیے کلینیکل ٹرائلز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    ریپبلکن سینیٹر لامر الیگزینڈر کا کہنا تھا کہ امریکہ میں وائرس کی روک تھام کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا اب مشکل ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا ’عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے سلسلے میں جو غلطیاں کی ہیں ان کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے لیکن ایسا کرنے کا وقت اس بحران سے نمٹنے کے بعد ہے، اس کے دوران نہیں۔‘

    امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے سربراہ پیٹرس ہیرس نے بھی خبردار کیا ہے کہ ’عالمی ادارہ صحت کے ساتھ تعلقات توڑ کر کچھ حاصل نہیں ہو گا اور صحت عامہ کے اس بحران سے نکلنے کا راستہ ڈھونڈنا بہت زیادہ مشکل ہو جائے گا۔

  8. ایران: پورے ملک کی مساجد کو نمازوں کے اوقات میں مساجد کو کھولا جا رہا ہے، حسن روحانی

    r

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ایران میں سرکاری ملازمین سنیچر سے اپنے کام پر واپس لوٹ گئے ہیں اور صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ اگرچہ کچھ علاقوں میں کووڈ 19 انفیکشن میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے لیکن پورے ملک میں مساجد کو روزانہ کی نمازوں کے لیے دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔

    سرکاری ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں حسن روحانی کا کہنا تھا کہ شاپنگ مالز جنھیں پہلے صرف شام 6 بجے تک ہی کھولنے کی اجازت دی گئی تھی ، اب ان کے اوقات میں توسیع کی جائے گی۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا ’ملک بھر کی مساجد کے دروازے عوام کے لیے روزانہ کی نمازوں کے اوقات میں کھلیں گے جس کے دوران سماجی دوری اور دوسرے حفاظتی اقدامات کا خیال رکھنا ہوگا۔

    تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ مساجد دوبارہ کب کھولی جا رہی ہیں۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق حکام صحت کے ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کررہے ہیں جن میں بسوں اور میٹرو ٹرینوں میں ماسک کے بغیر سفر ہر پابندی بھی شامل ہے۔

    تہران میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کے سربراہ علی رضا زلی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ دارالحکومت میں صورتحال ابھی تک ٹھیک نہیں ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پابندیوں میں نرمی کے ساتھ قواعد و ضوابط کی ’زیادہ سنجیدہ طریقے سے پابندی‘ ہونی چاہیے۔

    ایران میں اب تک کورونا وائرس سے 7677 اموات ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 146،668 ہے۔

  9. ملائیشیا: کورونا وائرس کے 30 نئے مریضوں کی تصدیق

    r

    ،تصویر کا ذریعہPress Eye

    ملائیشیا میں سنیچر کو کورونا وائرس سے متاثرہ 30 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 7762 ہوگئی ہے۔

    وزارت صحت کے ایک سینئر عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 115 ہے۔

  10. فٹ بال سٹارز کی تنخواہوں میں کٹوتی کے بعد فیڈرر سب سے زیادہ آمدن والے کھلاڑی بن گئے

    Roger

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    فوربز شمارے کی دنیا میں سب سے زیادہ آمدن والے کھلاڑیوں کی سالانہ فہرست میں راجر فیڈرر پہلے درجے پر آ گئے ہیں۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کوئی ٹیسن کھلاڑی اس فہرست میں سب سے اوپر ہو۔

    38 سالہ فیڈرر نے گذشتہ ایک سال میں 86.2 ملین پاؤنڈ کمائے اس فہرست میں وہ چار درجے اوپر گئے۔ ان کی کمائی میں سے 81 ملین پاؤنڈ اشتہارات کا تھا۔

    فٹبال سٹارز کرسٹیانو رونالڈو نے 85 ملین، لیونل میسی نے 84 ملین جبکہ نیمار نے 77.5 ملین پاؤنڈ کمائے۔ پانچویں نمبر پر امریکی باسکٹبال سٹار لبرون جیمز تھے جنھوں نے 71.5 ملین پاؤنڈ کمائے۔

    فوربز میگزین کے سینیئر ایڈیٹر نے درجہ بندی میں ٹینس سٹار کے اوپر جانے کی وجہ کورونا وائرس کی وجہ سے فٹبال ستاروں کی تنخواہوں میں کمی قرار دی۔

  11. کورونا وائرس: 1000 برس پہلے ویکسین کا خیال کہاں سے آیا تھا؟

    کھرنڈ پیس کر مریضوں کی ناک میں چڑھانا یا زخم کی پس تندرست فرد کو لگانا سننے میں تو بہت عجیب لگتا ہے لیکن ویکسین کی تیاری کی تاریخ میں ان دونوں اعمال کا بہت اہم کردار ہے۔جانیے ویکسین کی ایک ہزار سال قدیم تاریخ بی بی سی کی اس ڈیجیٹل ویڈیو میں۔

  12. سینکڑوں جرمن شہری چین واپس جا رہے ہیں

    aa

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    چین میں ملٹی نیشنل کمپنیاں دوبارہ کھلنا شروع ہو گئی ہیں جس کے بعد جرمنی سے تعلق رکھنے والے چار سو کے لگ بھگ منیجر اور کارکنان اپنے خاندانوں سمیت چارٹر پروازوں کے ذریعے چین واپس جارہے ہیں۔

    جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کے مطابق پہلی پرواز 200 افراد کو لے کر جمعہ کی رات کو فرینکفرٹ سے تیآنجن پہنچی۔

    جمعرات کو ایک اور پرواز شنگھائی جائے گی۔

    چین میں 5200 سے زیادہ جرمن کمپنیاں ہیں اور ان میں دس لاکھ سے زیادہ افراد ملازمت کرتے ہیں۔

    شمالی چین میں جرمنی کے چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جینس ہلڈبرینڈ کا کہنا تھا ’ہمیں معلوم ہے کہ جرمن کاروباری برادری کا مطالبہ ہے کہ مزید غیر ملکی ملازمین کو چین واپس لایا جائے۔‘

  13. بریکنگ, ہمیں کورونا کے ساتھ ہی زندہ رہنا ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد

    ببث

    پنجاب کی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ عوام کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ کورونا وائرس یہاں موجود ہے اور ہمیں اس وائرس کے ساتھ ہی زندہ رہنا ہے۔

    لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے اور اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد سےمتعلق سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ اس لیے ہسپتالوں میں موجود طبی سہولتوں سے متعلق ایپ تیار کر لی گئی ہے جس میں ہر ہسپتال میں دستیاب طبی سہولت سے متعلق تفصیل موجود ہے۔

    وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے دستیاب سہولتوں سے متعلق تمام معلومات شیئر کررہے ہیں اور وزارت صحت کی و یب سائٹ پر کورونا سے متعلق تمام تفصیلات موجودہیں اور آئندہ پیر سے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دی جائے گی۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ امریکا جیسے ملک میں بھی لوگ روٹی کھانے کے لیے لائنوں میں کھڑے ہیں۔ لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے ہاں بروقت اقدامات کے باعث غریب آدمی کو روٹی مل رہی ہے۔

  14. بریکنگ, عالمی ادارہ صحت سے تعلقات منقطع کرنے پر جرمنی کی امریکہ پر کڑی تنقید

    @jensspahn

    ،تصویر کا ذریعہ@jensspahn

    جرمنی نے صدر ٹرمپ کے عالمی ادارہ صحت سے تعلقات منقطع کرنے کے فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے۔

    وزیر صحت جینس سپھن کا کہنا ہے کہ یہ ’مایوس کن‘ اور عالمی صحت کے لیے ایک دھچکا ہے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  15. برازیل: ایک دن میں 27000 نئے مریضوں کی تصدیق، تقریباً پانچ لاکھ متاثرین

    g

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    برازیل میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں دن بدن تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

    ناصرف اموات کے لحاظ سے برازیل دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے بلکہ ایک بار پھر اس ملک میں ایک دن میں تقریباً 27،000 متاثرین کی تصدیق کی گئی ہے۔

    برازیل میں متاثرین کی مجموعی تعداد تقریباً پانچ لاکھ ہے۔

    ان اعدادوشمار کے باوجود برازیل کے صدر جیر بولسنارو اس وبائی مرض پر چپ سادھے ہوئے ہیں۔

    پچھلے کچھ دنوں سے ان کی توجہ سپریم کورٹ کی جانب سے ان کے حامیوں کے مابین جعلی خبروں کی تحقیقات پر زیادہ مرکوز رہی ہے۔

  16. بریکنگ, سندھ: ایک دن میں 1247 نئے مریض، مزید 38 اموات

    g

    ،تصویر کا ذریعہget

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سنیچر کو صوبے میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بتایا ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 1247 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 310 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے دیے گیے اعداد شمار کے مطابق 522 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے۔

    ٹیسٹنگ کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 5481 ٹیسٹ کیے گئے جن کے نیتجے میں 1247 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

    مجموعی طور پر اب تک صوبے میں 176703 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں 27307 مریض سامنے آئے۔

    اب تک صوبے میں کورونا کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 465 ہوگئی ہے۔

  17. کورونا کی وجہ سے سماجی دوری، یہ دو میٹر ہوتا کتنا ہے؟

    تین آسٹریلوی کوالا ہوں یا ایک مائیکل جورڈن یا پھر نصف واکس ویگن بیٹل، یہ وہ فاصلہ ہے جتنا آپ کو کسی بھی فرد سے کورونا کی وبا کے دوران سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے رہنا چاہیے اور اگر بات سمجھ نہیں آئی تو یہ ویڈیو دیکھ کر سمجھ لیں۔

  18. بریکنگ, تائیوان کی حکومت نے کورونا سے مقابلے کے لیے ’ریمڈیسیور‘ نامی دوا کے استعمال کی اجازت دے دی

    Corona

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنیچر کے روز تائیوان کی حکومت نے کورونا سے مقابلے کے لیے ’ریمڈیسیور‘ نامی دوا کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔

    امریکہ میں حکام پہلے ہی اس دوا کے استعمال کی اجازت دے چکے ہیں۔ حالیہ تجربات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اس دوا کے استعمال سے شدید متاثرہ مریضوں کی حالت میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

    تاہم اس کے استعمال سے بڑے پیمانے پر اموات کو کم نہیں کیا جا سکا ہے۔

  19. کورونا وائرس: دنیا بھر میں کیا ہو رہا ہے؟

    گ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    دنیا بھر سے آج کی تازہ ترین خبریں:

    • گذشتہ روز انڈیا میں کورونا وائرس کے لحاظ سے بدترین دن رہا۔ ملک میں یومیہ متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 8000 نیے مریض ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں 265 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ متاثرین کی ایک تہائی ریاست مہاراشٹرا میں تھی جو کہ ملک کی امیر ترین ریاستوں میں سے ایک ہے۔ اس ہفتے کے آغاز میں شہر ممبئی سے آنے والے مناظر دیکھا جا سکتا ہے کہ ہسپتالوں میں بھیڑ لگی ہوئی ہے اور گنجائش سے زیادہ مریض موجود ہیں۔
    • امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’ہم آج سے عالمی ادارہ صحت سے تعلق ختم کر رہے ہیں۔‘ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے ادارے کے لیے مختص فنڈز کا رخ بھی صحت سے متعلق دیگر عالمی خیراتی اداروں کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ ’چین کا عالمی ادارہ صحت پر مکمل کنٹرول ہے‘
    • برطانیہ میں حکومت کے سائنسی مشیروں نے ملک میں لاک ڈاؤن ختم کے خطرے سے متعلق خبردار کیا ہے۔ واضح رہے برطانیہ میں اگلے ہفتے سے لاک ڈاؤن قوانین میں تبدیلی کی جارہی ہے۔ پروفیسر جان ایڈمنڈس کا کہنا تھا ’لاک ڈاؤن اقدامات میں نرمیاں کرنا ایک ’سیاسی فیصلہ‘ تھا۔
    • کوورنا وائرس کی وجہ سے جہاں دنیا بھر کے سینما، فلموں کے سیٹ اور تقریبات سب کچھ ٹھپ پڑا ہے، ایسے میں وینس فلم فیسٹیول کے انعقاد کے فیصلے کو فلمی دنیا کے لیے ’امید کی کرن‘ کہا جا جارہا ہے۔
  20. پنجاب میں متاثرین کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی، ایک دن میں 1140 نئے مریض

    گچع

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پنجاب میں کورونا وائرس کے 1140 نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد کل تعداد 24104 ہو گئی ہے۔

    پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 29 اموات ہوئیں جس کے بعد کل تعداد 429 ہو گئی ہے۔

    پنجاب میں ب تک 228,541 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد6507 ہو چکی ہے۔