سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 62 لاکھ سے زائد ہے جبکہ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ افراد اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ سندھ کے صوبائی وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. ضابطہ کار کی خلاف ورزی کی گئی تو حکومت سخت لاک ڈاؤن نافذ کر سکتی ہے، شاہ محمود قریشی

    ra

    ،تصویر کا ذریعہRadio Pakistan

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اگر حالات اسی طرح رہے تو حکومت سخت لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر مجبور ہو گی۔

    ملتان میں کیٹررز اور ہالز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے حکومت کے جاری کردہ ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نہ صرف کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانا چاہتی ہے بلکہ لوگوں کو بھوک سے بھی بچانا چاہتی ہے۔

  2. ووہان میں کوئی نیا اے سمپٹمیٹک (علامت ظاہر نہ کرنے والا) مریض رپورٹ نہیں ہوا

    ر

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    چین کے شہر ووہان میں جہاں سے کورونا وائرس پہلی بار سامنے آیا تھا، اتوار کے روز وہاں کوئی بھی اےسمپٹمیٹک مریض (ایسے افراد جن میں وائرس کی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں) رپورٹ نہیں ہوا۔

    ووہان نے جب سے کورونا وائرس سے متعلق اعدادوشمار جاری کرنا شروع کیے ہیں، تب سے یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی اےسمپٹمیٹک مریض یا وائرس کیرئیر سامنے نہیں آیا۔

    چین میں اتوار کے روز 16 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی جو سب بیرونِ ملک سے چین آئے ہیں۔ گذشتہ روز یہ تعداد 14 تھی۔

    نئے مریضوں میں سے 11 کا تعلق صوبہ سچوان، تین اندورنِ منگولیا سے اور دو گوانگ ڈونگ سے سامنے آئے۔

  3. کورونا وائرس: 1000 برس پہلے ویکسین کا خیال کہاں سے آیا تھا؟

    کھرنڈ پیس کر مریضوں کی ناک میں چڑھانا یا زخم کی پس تندرست فرد کو لگانا سننے میں تو بہت عجیب لگتا ہے لیکن ویکسین کی تیاری کی تاریخ میں ان دونوں اعمال کا بہت اہم کردار ہے۔جانیے ویکسین کی ایک ہزار سال قدیم تاریخ بی بی سی کی اس ڈیجیٹل ویڈیو میں۔

  4. پاکستان میں 72 ہزار سے زائد متاثرین: 2964 نئے مریض، مزید 60 اموات

    ب

    پاکستان میں کووڈ 19 متاثرین کی تعداد 72 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد بھی 1543ہو گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ 2964 نئے مریضوں جبکہ 60 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔

    پاکستان میں اب تک سب سے زیادہ 497 ہلاکتیں صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں۔

    مریضوں کے لحاظ سے سب سے متاثرہ صوبہ سندھ ہے جہاں تقریباً 28 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہیں۔

    پاکستان میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 26 ہزار سے زائد ہے۔

  5. امریکہ نے برازیل کو متنازعہ دوا ’ہائیڈرو آکسی کلوروکوئین‘ کی 20 لاکھ خوراکیں بھجوا دیں

    Chloroquine

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    کورونا وائرس کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی متنازعہ دوا ہائیڈرو آکسی کلوروکوئین سے صحت کو لاحق ممکنہ خدشات کے بارے میں طبی انتباہ کے باوجود ، امریکہ نے برازیل کو اس دوا کی 20 لاکھ خوراکیں بھجوا دی ہیں۔

    عالمی ادارہِ صحت نے چند روز قبل حفاظتی خدشات کے پیشِ نظر ہائیڈروکسی کلوروکوین کے تجربات معطل کر دیے تھے۔

    لیکن برازیل اور امریکہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اس دوا کے استعمال پر زور دیا ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ملیریا کے لیے استعمال ہونے والی اس دوا کو حفاظتی اقدام کے طور پر لے رہے ہیں اور برازیل کے صدر جیر بولسنارو نے کہا ہے کہ انھوں نے اس دوا کا ایک ڈبہ رکھا ہوا ہے کہ کہیں ان کی 93 سالہ والدہ کو اس کی ضرورت نہ پڑے۔

    کورونا وائرس کے خلاف اس دوا کی افادیت کے بارے میں ابھی تک سائنسی طور پر کوئی ثبوت میسر نہیں ہے۔

  6. منیلا میں دنیا کا سب سے طویل لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا ’ایک نئے دن کا آغاز‘

    g

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں لاک ڈاون ختم کر دیا گیا ہے اور آج ایک نئے دن کا آغاز ہو رہا ہے۔

    چین کے شہر ووہان سے بھی طویل 76 دن کے لاک ڈاؤن کا نفاذ مارچ کے وسط میں کیا گیا تھا۔

    منیلا میں اب کمیونٹی کی سطح پر قرنطینہ کا نفاذ کیا جائے گا جس کے نتیجے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کام پر واپس آنے کی اجازت ملے گی، کچھ دکانیں اور فیکٹریاں دوبارہ کھل سکیں گی اور محدود پیمانے پر پبلک ٹرانسپورٹ چل سکے گی۔

    تاہم جم، سینما، بار اور نائٹ کلب بند رہیں گے اور حکام نے عوام کو تاکید کی ہے کہ اگر ہو سکے تو گھر پر رہیں۔

    جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق فلپائن میں فی الحال 18،086 تصدیق شدہ متاثرین اور 957 اموات ہوئی ہیں۔

    g

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    Metro Manila

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    g

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  7. برازیل: کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی

    brazil

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    برازیل میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے 16،409 نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 514،849 ہوگئی ہے-

    دنیا میں مریضوں کے لحاظ سے امریکہ کے بعد برازیل دوسرا متاثرہ ترین ملک ہے۔

    برازیل میں 480 نئی اموات کی بھی اطلاعات ہیں جس کے بعد اموات کی کل تعداد 29،314 ہوگئی ہے-

    امریکہ ، برطانیہ اور اٹلی کے بعد سب سے زیادہ اموات برازیل میں ہوئی ہیں۔

    اس کے باوجود برازیل کے صدر جیر بولسنارو وبا سے نمٹنے کے لیے غیر سنجیدہ رویے کا مظاہرے کیا ہے۔ انھوں نے برازیل کی معیشت اور ملازمتوں کو نقصان پہنچانے پر ریاستی لاک ڈاؤن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    ماہرین کا خیال ہے کہ وسطی اور جنوبی امریکہ اب تیزی سے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے سب سے بڑے مرکز ہیں۔

    صحت کے نظام پر دباؤ اور وبا کی شدت پر ملے جلے حکومتی ردِ عمل کا مطلب یہ ہے کہ یہ خطہ یورپ اور دیگر جگہوں کی طرح لاک ڈاؤن میں نرمی کا نفاذ نہیں کرسکتا ہے۔

  8. کورونا کی وجہ سے سماجی دوری، یہ دو میٹر ہوتا کتنا ہے؟

    تین آسٹریلوی کوالا ہوں یا ایک مائیکل جورڈن یا پھر نصف واکس ویگن بیٹل، یہ وہ فاصلہ ہے جتنا آپ کو کسی بھی فرد سے کورونا کی وبا کے دوران سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے رہنا چاہیے اور اگر بات سمجھ نہیں آئی تو یہ ویڈیو دیکھ کر سمجھ لیں۔

  9. ’میں لاک ڈاؤن پارٹی کے لیے معافی چاہتا ہوں‘

    ببیلجیئم

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    بلیجیئم کے شہزادے، جنھیں ایک پارٹی میں شرکت کرنے کی وجہ سے کورونا وائرس ہو گیا تھا، انھوں نے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ وہ نتائج کی ذمہ داری قبول کریں گے۔

    انھوں نے سپین میں لاک ڈاؤن کے دوران پارٹی میں شرکت کی تھی۔

    اپنے بیان میں 28 سالہ شہزادہ جوکیم نے کہا ہے کہ مجھے اپنے اقدام پر پچھتاوا ہے۔

    شہزادہ جوکیم انٹرنشپ کے لیے 26 مئی کو سپین گئے تھے لیکن دو دن بعد وہ جنوبی شہر کورڈوبا میں پارٹی میں شرکت کرنے چلے گئے تھے۔

    سپین کے میڈیا میں جاری رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ جوکیم، بیلجئیم کے بادشاہ فلپ کے بھتیجے پارٹی میں موجود 27 افراد میں شامل تھے۔

  10. موسیقار واجد خان کی ہلاکت کی تصدیق

    wajid khan

    ،تصویر کا ذریعہwajid khan

    معروف گلوکار سونو نگہم نے اپنے ایک پیغام میں انڈین موسیقار واجد خان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    سونو نگہم نے فیس بک پر اس کی اطلاع دی جبکہ واجد خان کے اہلِ خانہ نے بی بی سی کو اس خبر کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی روح کے لیے دعا کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واجد خان کو کورونا وائرس تھا۔

    ان کے خاندان کی جانب سے بی بی سی کو بتایا گیا ہے کہ واجد گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور دو سال پہلے ان کا گردے کا ٹرانسپلانٹ بھی ہوا تھا۔

    وہ چیمبور کے سورانا ہسپتال میں زیر علاج تھے اور ان کی گردن میں انفیکشن تھا۔

    کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ان کا ٹیسٹ لیا گیا تھا تاہم ابھی اس کا نتیجہ آنا باقی تھا۔

    واجد خان کا ایک ہفتے پہلے ہی ایک گانا ’ بھائی بھائی‘ریلیز ہوا تھا۔

    یہ سلمان خان کے ساتھ فلمایا گیا تھا۔

    واجد خان اپنے بھائی ساجد خان کے ساتھ مل کر میوزک کمپورز کرتے تھے۔

  11. کورونا لاطینی امریکہ کو کیسے متاثر کر رہا ہے؟

    برازیل میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 28834 ہو گئی ہے اور اس متاثرہ ممالک میں اس کا چوتھا نمبر ہے۔

    امریکہ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر برطانیہ اور تیسرے نمبر پر اٹلی ہے۔

    تاہم لاطینی امریکہ میں فقط برازیل ہی نہیں جہاں حکام کورونا وائرس کی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ وہ یہ وبا کا نیا مرکز ہے۔

    latin america
  12. انگلینڈ میں کون سے سکول کل دوبارہ کھل جائیں گے

    school

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انگلینڈ میں کل سے کچھ سکولوں میں تعلیمی سلسلہ دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔

    اس حوالے سے قوانین مختلف ہوں گے۔ مگر پیڈ ٹیچرز اس حوالے سے کام کر رہی ہیں کہ کس طرح طالبعلموں، سٹاف اور والدین کے لیے خطرات کو کم کیا جائے۔

    لاک ڈاؤن کے بعد پری سکول، پہلے تعلیمی سال اور چھٹے سال کے طلبا و طالبات پہلے پہل سکول جانے والوں میں ہوں گے۔

    تاہم ہیڈ ٹیچرز سے کہا گیا ہے کہ وہ ترجیح ان تمام جماعتوں کے ان طلبا کو دیں جنھیں توجہ کی ضرورت ہے اور جن بچوں کے والدین ایسے پیشوں سے منسلک ہیں جو خطرات کا شکار ہیں۔

  13. کورونا کے باعث جرمن فضائیہ نے چار افراد کو افغانستان سے منتقل کیا

    AFGHANISTAN

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    جرمن فضائیہ تین پولیس اہلکاروں اور ایک سپاہی کو طبّی وجوہات کی بِنا پر افعانستان سے لے جا رہی ہے۔

    جرمن میڈیا کے مطابق دو پولیس اہلکاروں اور ایک سپاہی کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ تیسرے پولیس اہلکار میں علامات تو ہیں تاہم ان کا ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آیا ہے۔

    اس خبر نے پہلے ہی جنگ سے تباہ حال افغانستان کے حوالے سے خطرات کا اشارہ دیا ہے کہ وہ کیسے اس وبا کے پھیلنے نمٹے گا۔

    ملک میں اب تک 15 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں لیے جانے والے ٹیسٹوں میں سے نصف کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

    سب ےس زیادہ متاثرہ ہونے والا علاقہ دارالحکومت کابل ہے۔

    نائب وزیر صحت واجد مجروح نے عید کے موقع پر لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اسے دوبارہ سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔

  14. بریکنگ, بلوچستان میں کورونا کے متاثرین 4393، اموات کی تعداد 47 ہو گئی

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کورونا کے 200 نئے کیس سامنے آنے کے بعد مجموعی طور پر کورونا متاثرین کی تعداد 4393 ہو گئی ہے۔

    کورونا سے مزید ایک ہلاکت کے بعد صوبے میں کورونا سے اموات کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق 31 مئی 2020 کو کورونا کے783 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 200 پازیٹو آئے۔

    اب تک بلوچستان میں کورونا کے 24760 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ وائرس سے 1507 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

    چارٹ
  15. کورونا: سویڈن میں دو ماہ میں پہلی بار کوئی ہلاکت ریکارڈ نہیں کی گئی

    سویڈن میں دو ماہ میں پہلی بار اتوار کے روز کورونا وائرس سے ہونے والی کوئی ہلاکت ریکارڈ نہیں کی گئی۔

    سویڈن نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایک متنازعہ نقطہ نظر کا انتخاب کیا اور ملک میں لاک ڈاؤن نافذ نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ سویڈن میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4395 ہے۔

  16. بریکنگ, پاکستان کے صوبہ پنجاب میں 1184 نئے متاثرین، مزید 22 اموات

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 1184 نئے کیسز کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 26240 ہو گئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 22 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 497 ہو گئی ہے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  17. کووِڈ 19 کا بحران چوہوں کو ’جارحانہ رویہ‘ اپنانے پر مجبور کیوں کر رہا ہے؟

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں ریستوران بند ہیں اور لوگ گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ ہمارے اس عمل کے بہت سے نتائج سامنے آ رہے ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ چوہے کھانے کے نئے ذرائع کی تلاش اور اپنا طرز عمل تبدیل کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    گذشتہ ہفتے امریکہ کے ایک ادارے ’سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول‘ نے متنبہ کیا تھا کہ خوراک کی تلاش میں سرگرم چوہوں کے رویوں میں غیر معمولی جارحانہ رویہ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔

    اس انتباہ میں بتایا گیا ہے کہ ریستوران بند ہونے کی وجہ سے چوہوں کو دستیاب خوارک میں کمی واقع ہوئی ہے، خاص کر ان علاقوں میں جہاں تجارتی سرگرمیاں زیادہ ہوتی تھیں۔

    اس حوالے سے تفصیل اس رپورٹ میں ملاحظہ کیجیے۔

  18. پولینڈ: نئے متاثرین کی تعداد دو ماہ کی کم ترین سطح پر

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    پولینڈ میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی یومیہ تعداد دو ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔

    اتوار کو وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 219 نئے متاثرین سامنے آئے جو سنیچر کو 416 کے مقابلے میں تقریباً نصف ہیں۔

    اس کے علاوہ سنیچر کو 10 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں جبکہ آج صرف تین ہلاکتوں کی اطلاع دی گئی ہے۔

    اب تک ملک میں کورونا کے کُل متاثرین کی تعداد 23 ہزار 786 اور اموات کی تعداد ایک ہزار 64 ہے۔

  19. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مزید چار افراد میں کورونا کی تصدیق, ایم اے جرال، صحافی

    کورونا، کشمیر

    ،تصویر کا ذریعہM A Jarral

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق مزید چار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 255 ہوگئ ہے۔

    ضلع مظفرآباد کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں مزید دو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد یہاں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 115 ہوگئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر راولاکوٹ مرزا ارشد جرال کے مطابق راولاکوٹ میں دو افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد راولاکوٹ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہوگئ ہے۔

    دوسری جانب حکام کے مطابق اس خطے مزید 9 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 168 ہوگئی ہے۔

    حکام کے مطابق اس خطے میں 6584 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں 54 افراد کے نتائج آنے باقی ہیں۔

  20. امریکی حکام کو مظاہروں کے باعث کورونا پھیلنے کا خدشہ

    کورونا، امریکہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنجارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد امریکہ بھر میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں

    امریکہ بھر میں غیر مسلح سیاہ فام شخص جارج فلوئیڈ کی پولیس حراست کے دوران ہلاکت کے خلاف عوامی مظاہرے جاری ہیں جس کے بعد امریکی حکام نے کورونا وائرس کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔

    اٹلانٹا کی میئر کیشا لینس بوٹمز نے سنیچر کی شام کو کہا: ‘اگر آپ کل رات باہر مظاہرے کر رہے تھے تو آپ کو اسی ہفتے کووِڈ کا ٹیسٹ کروانا چاہیے۔’

    ان کے خدشات سے ملتے جلتے خدشات کا اظہار واشنگٹن ڈی سی کی میئر میوریئل باؤزر نے بھی کیا، جنھوں نے این بی سی نیوز کو بتایا کہ مظاہرین کو خود ساختہ تنہائی اختیار کرنے اور ٹیسٹ کروانے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

    میری لینڈ کے گورنر لیری ہوگن نے سی این این پر بات کرتے ہوئے کہا: ’14 دن کے اندر امریکہ بھر میں ہمیں معلوم ہوجائے گا کہ کیا اس سے متاثرین کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے یا نہیں۔’

    امریکہ میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ لوگ کورونا سے متاثر اور ہلاک ہوئے ہیں۔

    امریکہ سے باہر کئی ممالک میں جہاں ابھی تک کورونا وائرس کی وجہ سے پابندیاں ہیں، وہاں بھی نسل پرستی کے خلاف اتوار کو مظاہرے دیکھنے میں آئے جن میں لندن بھی شامل ہے۔

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنلندن کے ٹریفالگر سکوائر میں ہونے والا ایک مظاہرہ
    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنجرمنی کے دارالحکومت برلن میں ہونے والا ایک مظاہرہ