ایلون مسک کی جانب سے احکامات کی خلاف ورزی، ٹیسلا فیکٹری کھول دی گئی

،تصویر کا ذریعہTwitter/@elonmusk
ٹیسلا نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قائم اپنی واحد کار ساز فیکٹری کھول دی ہے۔ اس علاقے میں مقامی سطح پر کار کی صنعت بند رکھنے کے اقدامات جاری کیے گئے تھے۔
پیر کو ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ان کی جانب سے کاروں کی پیداوار بحال کر دی گئی ہے اور وہ دیگر عملے کے ساتھ خود بھی وہاں کام کریں گے۔
کیلیفورنیا میں لاک ڈاؤن میں نرمی اور صنعت کھولنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن اس میں موجود المیڈا کاؤنٹی نے ایسا نہیں کیا تھا۔ یہ علاقہ سان فرانسسکو سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔
سنیچر کو ایلون مسک نے کہا تھا کہ ٹیسلا نے کاؤنٹی کے خلاف مقدمے کی درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ اسے کار کی صنعت کھولنے سے روکا جا رہا ہے۔
عدالتی حکم سے قبل ہی ایلون مسک نے پیر کو ٹوئٹر پر صنعت کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔



















