دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ سے اور ہلاکتیں 45 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں۔ صرف امریکہ میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہے۔ یورپ میں 30 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر سعودی عرب نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بکنگ کروانے سے پہلے مزید انتظار کریں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں ٹینس کا ٹورنامنٹ ومبلڈن بھی کینسل ہو گیا ہے۔
لائیو کوریج
لندن میں لاک ڈاؤن کے ’امکانات صفر‘ ہیں
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنلندن میں مارکیٹوں کے باہر لمبی قطاریں ہیں
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ’لندن میں آنے یا جانے پر
پابندیوں کے امکانات صفر ہیں‘۔
حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ ’کورونا وائرس کی وبا
کے دوران امن و امان کے لیے ملٹری لانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے‘۔
بی بی سی کے سیاسی نامہ نگار کرس میسن کے مطابق جب ترجمان
سے یہ پوچھا گیا کہ کیا ہر گھر سے صرف ایک شخص کو باہر نکلنے کی اجازت سے متعلق کوئی ہدایات
آنے والی ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ اس میں ’صداقت نہیں‘ ہے۔
ڈاؤننگ سٹریٹ کی جانب سے یہ بیان ان قیاس آرائیوں کے بعد
سامنے آیا ہے کہ ویک اینڈ پر لندن میں لاک ڈاؤن ہو سکتا ہے۔
زیرِ سماعت مقدمات میں قید افراد کی ضمانت پر رہائی پر غور
،تصویر کا ذریعہGetty Images
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پیشِ نظر کیوں نہ اڈیالہ جیل میں قید 1362 ایسے افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا جائے جن کے مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔
عدالت نے اعلیٰ حکام سے اس معاملے پر جواب طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ ان افراد میں صرف وہ لوگ شامل ہوں گے جو ان جرائم میں قید ہیں جن میں سزا 10 سال سے کم بنتی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ 1362 قیدیوں کے اسلام آباد کی ایسٹ اور ویسٹ عدالتوں میں ٹرائل زیر التوا ہیں جبکہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 2174 قیدیوں کی گنجائش جبکہ 5001 قیدی موجود ہیں۔
عدالت نے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی ہیلتھ، اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو کل یعنی بروزِ جمعہ ذاتی حیثیت میں اسلام آباد ہائی کورٹ پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
یورپ کورونا وائرس سے کتنا متاثر ہے؟
،تصویر کا ذریعہGetty Images
کورونا وائرس سے یورپ میں ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اٹلی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں اب تک سب سے زیادہ 475 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
روس نے اپنی پہلی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
بیلجیئم میں سات جبکہ ڈنمارک میں دو نئی ہلاکتوں کے بعد ملک میں کل تعداد چھ ہوگئی ہے۔
خدشہ ہے کہ اٹلی میں متاثرین کی تعداد چین سے بڑھ جائے گی۔
چین میں اب تک اس عالمی وبا کے 81139 جبکہ اٹلی میں 35713 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے 2900 سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ چین میں 3249 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی
اٹلی اور فرانس میں حکام نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ کئی لوگ لاک ڈاؤن کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
اٹلی کے وزیرِ اعظم جیوزیپی کونٹے نے لوگوں سے اس کے خلاف اپیل کی ہے جبکہ اٹلی کے ایک دوسرے وزیر نے ’عمارتوں سے باہر سرگرمیوں پر مکمل پابندی‘ کا مشورہ دیا ہے۔
فرانس کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ’کچھ لوگ اصول توڑ کر خود کو جدید دور کا ہیرو سمجھتے ہیں۔ لیکن یہ لوگ احمق ہوتے ہیں جو خود کے لیے بھی خطرے کا باعث ہیں۔‘
اٹلی کے وزیرِ اعظم جیوزیپی کونٹے نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لاک ڈاؤن میں 3 اپریل تک توسیع کی گئی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ فوراً پہلے جیسے حالات حاصل کر لینا ممکن نہیں۔
شمالی اٹلی کورونا وائرس سے خاص طور پر متاثر ہے۔ یہاں ڈاکٹروں کو ایسے فیصلے بھی کرنے پڑ رہے ہیں کہ کس مریض کو آئی سی یو میں رکھا جائے۔
سپین کے بادشاہ نے بدھ کو قوم سے خطاب میں کہا کہ ’وائرس ہمیں شکست نہیں دے سکے گا بلکہ یہ ہمیں ایک مضبوط سماج میں تبدیل کر دے گا۔‘
سپین کے رہائشی کیئر ہومز میں کم از کم 79 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
یورپی یونین میں بریگزٹ کے چیف مذاکرات کار میں وائرس کی تشخیص
،تصویر کا ذریعہReuters
یورپی یونین میں بریگزٹ کے چیف مذاکرات کار مشیل بارنیئر میں کورونا وائرس کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ میں انھوں نے اس کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ٹھیک ہیں۔
ان میں کووڈ 19 کی تشخیص کے بعد اب برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ کے حوالے سے مذاکرات پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔
انھوں نے لندن میں مذاکرات کے لیے آنا تھا مگر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ان کا دورہ منسوخ ہوگیا تھا۔
بریگزٹ کے بعد ٹرانزیشن یا منتقلی کا مرحلہ 31 تاریخ 2020 کو ختم ہو جائے گا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ وہ اس کی توسیع نہیں کریں گے۔
پاکستان میں نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد متاثرین کی تعداد 338 ہو گئی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے صوبہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور کراچی میں جمعرات کو نئے مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 338 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک پاکستان میں دو افراد اس مرض سے ہلاک بھی ہو چکے ہیں جن کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں اب تک جن افراد میں کووڈ-19 کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے 41 میں یہ مقامی طور پر منتقل ہوا جو کہ انتہائی پریشان کن ہے۔
وفاقی اور صوبائی اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سندھ میں 213، بلوچستان میں 45، پنجاب میں 33، خیبر پختونخوا میں 23, گلگت بلتستان میں 15 اور اسلام آباد میں کورونا کے آٹھ متاثرین موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی ایک مریض کی تصدیق کی گئی ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے اپنے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ نوروز یعنی نئے سال کی تقریبات پر سفر نہ کریں۔
نوروز کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات 20 مارچ سے شروع ہوں گی۔
سرکاری ریڈیو پر کہا گیا کہ ’نوروز پر سفر کرنا موت کو دعوت دینے جیسا ہوگا۔‘
سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر شیئر کی گئی ہیں جن میں ایران کی سڑکوں پر ٹریفک جام دیکھا جا سکتا ہے۔
ایران میں 18407 افراد میں کووڈ 19 کی تصدیق جبکہ 1284 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
واہگہ بارڈر کو دو ہفتے کے لیے بند کر دیا گیا
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک مراسلے کی مطابق پاکستان اور انڈیا کے درمیان واہگہ-اتاری کے مقام پر زمینی سرحد کو کورونا وائرس کے پیشِ نظر اگلے دو ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
لندن میں بھی لاک ڈاؤن ہونے جارہا ہے؟
،تصویر کا ذریعہGetty Images
برطانیہ میں ایسی افواہیں ہیں کہ شاید دارالحکومت لندن میں لاک ڈاؤن ہوسکتا ہے۔ خبار ٹیلی گراف کے مطابق لندن میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ سنیچر کو ہوسکتا ہے۔
وزیراعظم بورس جانسن کی کابینہ کے وزیر گیون ولیمسن نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ فی الحال حکومت کا ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے لیکن وزیر اعظم مشکل اقدامات کے حوالے سے فیصلے کریں گے۔
بورس جانسن نے بدھ کو کہا تھا کہ ’ہم ایک آزاد ملک میں رہتے ہیں۔‘
لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ لندن میں دیگر یورپی شہروں کی طرح لاک ڈاؤن کا فیصلہ خارج نہیں کیا جاسکتا۔
اب تک برطانیہ میں 2644 جبکہ لندن میں 900 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
کووِڈ 19: روس میں پہلی ہلاکت کی تصدیق
،تصویر کا ذریعہGetty Images
روس میں کورونا وائرس کے مانیٹرنگ سینٹر نے کہا ہے کہ ماسکو کے ایک ہسپتال میں ایک عمر رسیدہ خاتون، جن میں کووڈ 19 کے مثبت نتائج آئے تھے، ہلاک ہوگئی ہیں۔
79 سالہ خاتون میں جمعے کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ ان کی ہلاکت آئی سی یو میں نمونیہ سے ہوئی جبکہ وہ ٹائپ ٹو ذیابیطس اور دل کے مرض میں بھی مبتلا تھیں۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ: ’مریضہ کے قریبی لوگوں کی شناخت کی جا چکی ہے اور ان کی صحت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان میں سے کسی میں بھی بیماری کی علامات نہیں ہیں۔‘
روس میں اب تک کورونا وائرس کے 147 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ خبر رساں ادارے تاس کے مطابق ان میں سے زیادہ تر کی تعداد دارالحکومت ماسکو میں ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا تھا کہ ان کے ملک میں کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال ’قابو میں ہے۔‘
متحدہ عرب امارات نے لیبر پرمِٹ معطل کر دیے
،تصویر کا ذریعہGetty Images
متحدہ عرب امارات نے ملک میں تمام مزدوری کے اقامے (لیبر پرمٹ) ’اگلے نوٹس تک‘ معطل کر دیے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 19 مارچ سے مقامی ویزا رکھنے والوں کا داخلہ ممنوع ہوگیا ہے۔ اس طرح صرف ملک کے اپنے شہریوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
اس اعلان میں ورک ویزا اور ویزا آن آرئول شامل ہیں لیکن اس کا اطلاق کسی کمپنی کے اندر تبادلوں اور ایکسپو 2020 کے اجازت ناموں پر نہیں ہوگا۔
اعلان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ قومی ایمرجنسی اور آفات کی روک تھام کی اتھارٹی سے بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔ ساتھ میں یہ بھی امید ظاہر کی گئی ہے کہ اس اقدام سے ملک میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے گی۔
متحدہ عرب امارات میں کام یا کسی دوسری وجہ سے مقیم لوگوں سے کہا گیا ہے کہ اپنے ملک کے سفارتی مشن سے رابطہ کریں ’جو انھیں متحدہ عرب امارات میں واپسی کے حوالے سے مدد فراہم کرے گا۔‘
اب تک متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے 113 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔
’کراچی میں 41 مریضوں میں وائرس کی مقامی منتقلی پریشان کن‘, ریاض سہیل، بی بی سی اردو
سندھ کے وزیر اعلیٰ
سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں جن 59 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے 41 افراد میں اس کی منتقلی مقامی طور پر ہوئی ہے جو ایک پریشان کن صورتحال ہے۔
جمعرات کو ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب
کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اس پھیلاؤ کو روکا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبے میں مزید ایک مریض صحت یاب بھی ہو گیا ہے جو ایک اچھی علامت ہے۔
مراد علی شاہ کا
کہنا تھا کہ غریب لوگ خوراک کی فکر میں ہوتے ہیں اس لیے حکومت انھیں گھروں میں خوراک
پہچانا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق پہلے مرحلے میں 20 لاکھ خاندانوں کو راشن بیگ تقسیم کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ جمعرات سے حکومت سندھ کے 25 محکموں میں آنے والے پندرہ روز کے لیے چھٹی پر عملدرآمد شروع ہو رہا ہے جبکہ صوبے میں بازاروں، مارکیٹوں اور دکانوں کی بندش کا دوسرا روز ہے جبکہ اندرون
ملک سے آنے والی بس سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
وائرس سے پاک واحد براعظم
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انٹارکٹکا وہ واحد براعظم ہے جہاں اب تک کورونا وائرس نہیں پہنچا۔
اس براعظم میں بے شمار پینگوئنز کے علاوہ عالمی تحقیق کی کچھ ٹیمیں بھی موجود ہیں۔
اب تک یہاں کسی بھی شخص میں کووڈ 19 انفیکشن یا علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
برطانوی محققین کو اس جنوبی براعظم روانگی سے قبل 14 دنوں تک قرنطینہ میں رہنا پڑتا ہے۔
اگر سپلائی لائنز میں رکاوٹ آتی ہے تو ایسی ہنگامی صورتحال میں بھی منصوبے موجود ہیں۔
ہر سال دنیا بھر سے 1000 سے زیادہ محقیقین انٹارکٹکا جاتے ہیں۔ یہاں سب سے قریبی ہسپتال، جہاں آئی سی یو کی سہولت موجود ہو، وہ کئی ہزار میل دور چلی میں واقع ہے۔
کشمیر: سری نگر میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق
انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں پہلے شخص کی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
متاثرہ شخص سری نگر کا رہائشی ہے۔
کشمیر میں کرفیو کی طرز پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، پبلک ٹرانسپرٹ، فاسٹ فوڈ کے مقامات، پارلرز ، جم، کلبس جیسے عوامی مقامات کو بند کر دیا گیا ہے۔
سماجی دوری کو لاگو کر دیا گیا ہے اور حکومت نے 24 مارچ تک ہائی سپیڈ انٹر نیٹ بند کر دیا ہے۔
انڈیا نے وشنو دیو یاترا کو بھی منسوخ کر دیا ہے۔
انڈونیشیا میں ایک بڑا مذہبی اجتماع منسوخ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
گذشتہ کئی دنوں سے انڈونیشیا میں ایک بڑے مذہبی اجتماع کے حوالے سے بات کی جارہی تھی کہ آیا کورونا وائرس کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا جائے گا۔
جنوبی سلاویسی میں عالمی اجتماع ایشیا زون کی تقریب میں ہزاروں افراد کی آمد متوقع تھی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق منتظمین نے آخری وقت میں ’حکام کی طرف سے دباؤ کے باعث‘ اس تقریب کو منسوخ کردیا ہے۔
لیکن اس اعلان میں تاخیر ہوئی ہے کیونکہ کم از کم تین ہزار شرکا دنیا بھر سے یہاں حصہ لینے کے لیے پہنچ چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک منتظم نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ، انڈیا، فلپائن اور مشرق وسطیٰ سے ’لوگوں کی آمد کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔‘
انڈونیشیا میں اس وقت 227 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اسی طرح کی ایک تقریب ملائیشیا اور پاکستان میں بھی منسوخ کی گئی تھی۔
برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز 2644 ہوگئے
،تصویر کا ذریعہGetty Images
برطانیہ کے مختلف حصوں کی نسبت لندن میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اب تک برطانیہ میں 2644 جبکہ لندن میں 900 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں وزیر اعظم بورس جانس کی جانب سے عوام کو گھروں سے کام کرنے اور بار، پب اور ریستورانوں میں جانے سے گریز کرنے کا کہا تو لندن شہر کے مسافروں میں واضح کمی دیکھی گئی تھی۔
لندن شہر میں کورونا وائرس کے اثرات کو محدود رکھنے کی کوششوں کے تحت 40 انڈر گراؤنڈ ٹیوب سٹیشنز کو بند کیا جا رہے ہے۔
ٹرانسپورٹ فار لندن نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کی صبح سے عوام کی سفری سہولیات کے نظام کو بھی جزوی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ جبکہ رات کے اوقات میں بس سروس محدود اور ٹیوب سروس بند کی جا رہی ہے۔
26 ہزار انڈین شہریوں کی خلیجی ممالک سے واپسی کے لیے اقدامات
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کے صنعتی دارالحکومت کہے جانے والے شہر ممبئی میں کم از کم 26 ہزار افراد خلیجی ممالک سے 19 سے 31 مارچ کے دوران واپس اپنے ملک آرہے ہیں۔
یہ افراد ایسے ممالک سے آ رہے ہیں جہاں کورونا وائرس کے کیسز موجود ہیں۔
ان میں سے اکثر لوگ متحدہ عرب امارات، کویت، عمان اور قطر میں نوکریاں کرتے ہیں اور انھوں نے انڈین حکومت سے اپنی واپسی کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ضلعی حکام نے کہا ہے کہ ان لوگوں کو مقامی آبادی سے دور قرنطینہ کے بڑے مراکز میں رکھا جائے گا۔
انڈیا میں اب تک کورونا وائرس کے کم از کم 168 تصدیق شدہ کیسز آچکے ہیں۔
انڈیا کی پولیس سے ہاتھ دھونا سیکھیں (اور ڈانس بھی)
،ویڈیو کیپشنانڈین پولیس اہلکار ڈانس کرنے کے ساتھ ہاتھ دھونا سکھا رہے ہیں
انڈیا کے جنوب میں واقع ریاست کیرالا کی پولیس نے ہاتھ دھونے سے متعلق ایک منفرد ویڈیو جاری کی ہے۔
اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چھ پولیس اہلکار ڈانس کرنے کے ساتھ ہاتھ دھو رہے ہیں۔
اس ریاست میں کورونا وائرس کے 27 کیسز موجود ہیں۔ تاہم وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی گئی ہے۔
ملک میں فون کال کے دوران لوگوں کو صفائی اور کورونا کی علامات کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پر بھی معلومات دی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی سے گفتگو کے لیے ’ہر ادارے سے صرف ایک صحافی تشریف لائے‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ڈیرہ اسماعیل خان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی پریس ٹاک سے متعلق کہا گیا ہے کہ ہر صحافتی ادارے سے ’صرف ایک نمائندہ تشریف لائے۔‘
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’تمام صحافی سے گزارش کی جاتی ہے کہ کینٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری ایس او پی کے مطابق سرجیکل ماسک کے بغیر کینٹ کی حدود میں داخلہ بند ہے۔ لہذا سرجیکل ماسک پہننا ضروری ہے۔‘
جمعرات کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کریں گے۔ جبکہ دوپہر 2 بجے کمشنر آفس کے جرگہ ہال میں ایک پریس ٹاک منعقد کی جائے گی۔
امریکہ: گاڑیوں کی پیداور میں کمی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ میں کار ساز کمپنیوں نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس اور اس کے معاشی نقصان کے پیش نظر پیداوار روک دی گئی ہے۔
تین امریکی کار ساز کمپنیاں جنرل موٹرز، فیئٹ کرائسلر اور فورڈ مارچ کے اختتام تک عارضی طور پر اپنی پیداوار روک دیں گے۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے 8000 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 150 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
بریکنگ, پی ایس ایل کے ’تمام کھلاڑیوں، ٹیم مالکان، براڈ کاسٹرز کے ٹیسٹ منفی‘
،تصویر کا ذریعہYOUTUBE/PAKISTAN SUPER LEAGUE
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو میں شریک تمام کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان جن کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے گئے تھے، ان کے نتائج منفی آئے ہیں۔
یہ ٹیسٹ 17 مارچ کو کروائے گئے تھے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی اور آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں اور بغیر کسی خدشے کے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ موجود ہیں۔
اس سے قبل پی ایس ایل کے سیمی فائنل اور فائنل میچز ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔