دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ سے اور ہلاکتیں 45 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں۔ صرف امریکہ میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہے۔ یورپ میں 30 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر سعودی عرب نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بکنگ کروانے سے پہلے مزید انتظار کریں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں ٹینس کا ٹورنامنٹ ومبلڈن بھی کینسل ہو گیا ہے۔
لائیو کوریج
بریکنگ, سپین میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی
براعظم یورپ کے ملک سپین میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1002 ہو چکی ہے۔ ملک میں اب تک تقریباً 20 ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 1558 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
’ایران کورونا وائرس سے متحد ہو کر نمٹے گا‘
،تصویر کا ذریعہEPA
ایران کے صدر حسن روحانی نے ملک کے ڈاکٹرز اور نرسز کو ایک ایسے وائرس کے مقابلے میں بہادری دکھانے پر سرایا جس سے اب تک ایران میں 1284 افراد ہلاک اور 18407 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
ایران میں نئے سال کی آمد اور بہار کے قدیم تہوار نوروز جمعہ کے روز منایا گیا۔ اس موقع پر ٹیلی ویژن پر نشر کیے جانے والے خطاب میں صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ’مشکلات کے باوجود ہماری قوم نے تمام منزلیں طے کی ہیں۔ ایران کورونا وائرس سے متحد ہو کر نمٹے گا۔‘
اس حوالے سے کیے گئے اقدامات میں ایران کے مصروف ترین مزارات بند کرنا شامل ہے۔
’چین میں لگاتار دوسرے دن کوئی نیا مقامی کیس رپورٹ نہیں ہوا‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
چین کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ پھر ملک میں کوئی نیا مقامی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس وبا چین کے صوبہ ہوبائی کے شہر ووہان سے شروع ہوئی تھی۔
تاہم آج 39 نئے کیس رپورٹ کیے گئے جبکہ بیجنگ میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام کیسز ایسے افراد کے تھے جو بیرونِ ملک سفر کر کے آئے تھے۔ یاد رہے کہ گذشتہ چند دنوں سے چین میں ہونے والی اموات کی شرح میں ڈرامائی کمی واقع ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق آج صرف تین اموات ہوئی ہیں جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 3248 تک جا پہنچی ہے۔
تاہم اس حوالے سے متعدد مرتبہ الزامات بھی لگائے جا چکے ہیں کہ ان سرکاری اعداد و شمار پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
بیجنگ میں حکام اب وائرس کو دوسرے ممالک سے چین میں منتقل ہونے سے روکنے کو مقامی طور پر وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے پر ترجیح دے رہے ہیں۔ چین کو اس وائرس کے پھیلاؤ کے ابتدائی مرحلے میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
چین اور دیگر بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کی وجہ چین کے سخت گیر لاک ڈاؤن تھے جن کے دوران پورے شہر اور صوبوں کو قرنطینہ میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔
اگر وائرس دیگر ممالک سے چین منتقل ہوتا رہا تو خدشہ ہے کہ بیجنگ دیگر ممالک کو کہے گا کہ وہ اس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اپنے ممالک میں نہیں اٹھا سکے۔
صدر پاکستان: ’جمعہ کی بجائے ظہر کی نماز گھر پر ادا کی‘
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
’انڈیا کورونا وائرس کے کیسز کے سونامی کے لیے تیار رہے‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
سینٹر فار ڈیزیز ڈائنیمکس، اکانومکس اور پالیسی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رامانن لکشمینارائن نے خبردار کیا ہے کہ انڈیا کو بہت جلد کورونا وائرس کیسز کے ’سونامی‘ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اگر علم ریاضی کی بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق جو اندازے برطانیہ اور امریکہ میں لگائے گئے ہیں اگر ان کا اطلاق انڈیا پر بھی کیا جائے تو ملک میں بہت جلد 30 کروڑ کیسز سامنے آ سکتے ہیں جن میں سے چالیس سے پچاس لاکھ کیسز کی نوعیت شدید ہو سکتی ہے۔
انڈیا نے پہلے ہی متعدد اقدامات کے ذریعے اس وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کی کوششیں کی ہیں۔
ملک میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 149 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم صحت کے ماہرین کو خدشہ ہے کہ انڈیا نے کورونا کے بہت کم ٹیسٹ کیے ہیں۔
کورونا وائرس سے اموات کی تعداد دس ہزار سے زیادہ
،تصویر کا ذریعہJohns Hopkins University
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 10000 سے تجاوز کر گئی ہے۔
جانز ہاپکنز کے مطابق دنیا بپیںمیں اس وقت مصدقہ مریضوں کی تعداد ڈھائی لاکھ کے قریب ہے اور تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
فلپائن میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
فلپائن کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ غیر ملکی افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی کا نفاذ اتوار رات 12 بجے سے کیا جائے گا۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں تمام پراوزیں پہلے ہی معطل کر دی گئی ہیں جبکہ سکولز بھی بند ہیں اور پولیس اور آرمی افسران کو قرنطینہ مراکز کے باہر سکیورٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔
منیلا میں برطانوی سفارت خانے کے مطابق 200 کے قریب برطانوی شہری اس وقت ملک میں موجود ہیں جو ان سفری پابندیوں سے متاثر ہوئے ہیں تاہم فلپائن حکومت کا کہنا ہے کہ تمام غیرملکی افراد کو کسی بھی وقت ملک سے جانے کی اجازت ہو گی۔
ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 217 کیسز سامنے آ چکے ہیں تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ حقیقت میں یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ کو سٹے بازوں، مندی سے بچانے کے لیے کیا اقدامات اٹھا رہا ہے؟
’کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے میں 12 سے 18 ماہ لگ سکتے ہیں‘
،تصویر کا ذریعہEPA
دوا سازی کی صنعت سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی تیاری میں 12 سے 18 ماہ لگ سکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ اعلان دواساز کمپنیوں کی عالمی تنظیم کے نمائندوں نے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جمعرات کو منعقد ہونے والی ایک ویڈیو کانفرنس کے بعد کیے۔
کانفرنس میں دنیا کی بڑی دوا ساز کمپنیوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس مقصد کے لیے وہ ادویات کی تیاری کے لیے طے شدہ قوائد و ضوابط میں تو نرمی لا سکتے ہیں تاہم ویکسین کی تلاش میں ٹیسنگ کے عمل میں جلد بازی نہیں کی جا سکتی۔
ان کے مطابق چونکہ یہ ویکسین صحت مند لوگوں کو دی جا رہی ہوگی اس لیے وہ یہ نہیں چاہتے کہ ان کی کسی کوتاہی کی وجہ سے کوئی بھی شخص بیمار ہو جائے۔ ماہرین کے مطابق اگر ایسا ہوگا تو دنیا بھر میں لوگ ویکسین کی افادیت پر بھروسہ کرنا چھوڑ دیں گے۔
ارجنٹینا جنوبی امریکہ میں لاک ڈاؤن ہونے والا پہلا ملک
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ارجنٹینا جنوبی امریکہ میں لاک ڈاؤن ہونے والا پہلا ملک بن چکا ہے۔
تمام شہریوں پر رواں ماہ کے آخر تک کھانے پینے کی اشیا اور دوائیاں خریدنے کے علاوہ گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
لاطینی امریکہ میں اب تک کورونا کے کیسز کی تعداد یورپ میں متاثرہ افراد کے اعداد و شمار تک تو نہیں پہنچی۔
ادھر بی بی سی کی نامہ نگار کیٹی واٹسن نے برازیل کے شہر ساؤ پالو سے بتایا کہ گذشتہ چند دنوں میں سامنے آنے والے فیصلوں سے لگتا ہے کہ حکومت اس حوالے سے کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی۔
کورونا: امریکہ کے چاند پر جانے کے منصوبے کو دھچکہ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
جیسے لاکھوں امریکیوں کو بتایا گیا ہے کہ وہ شاپنگ مالز میں نہیں جا سکتے ویسے ہی امریکی اب شاید چاند پر بھی نہ جا پائیں یا کم از کم اس وقت جب وہ جانے چاہتے تھے۔
ناسا کے پلان کے مطابق امریکی خلا بازوں کو چاند پر سنہ 2024 تک بھیجنا تھا تاہم جمعرات کے روز خلائی ادارے نے دو راکٹ بنانے والی تنصیبات کو بند کر دیا ہے۔
اس کی وجہ وہاں ایک فرد میں کووڈ19 کی تشخیص بتائی جا رہی ہے۔
یہ دو متاثرہ تنصیبات نیو اورلنز اور مسیسیپی میں ہیں۔
سری لنکا میں کرفیو، الیکشن ملتوی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
سری لنکا نے جمعے کے روز اپنے مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے سے سوموار صبح چھ بجے تک ملک گیر کرفیو لگانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ احکامات ایسے وقت میں جاری کیے گئے ہیں جب گذشتہ روز ملک کے الیکشن کمشنر نے آئندہ ماہ منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
صدر گوٹابایا راجہ پکسے نے اس سے قبل کہا تھا کہ الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
انھیں امید تھی کہ وہ اس مرتبہ پارلیمان میں دو تہائی اکثریت حاصل کریں گے جس کے بعد وہ آئین میں تبدیلی کر پائیں گے۔
تاہم گذشتہ چند دنوں میں ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گذشتہ تین دنوں میں متاثرہ افراد میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری میڈیکل افسران کی تاجر یونین نے خبردار کیا ہے کہ سری لنکا میں کیسز میں اضافے کی شرح اٹلی سے بھی زیادہ ہے۔
کراچی میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت
پاکستان میں صوبہ سندھ بدستور اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے جہاں جمعے کو اس کے پہلے مریض کی ہلاکت کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔
سندھ کی وزیرِ صحت عذرا پیچوہو نے کراچی سے تعلق رکھنے والے 77 سالہ مریض کی کورونا سے ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق یہ شخص کینسر اور ذیابیطس کا بھی مریض تھا اور شہر کے ایک نجی ہسپتال میں داخل تھا۔
اس مریض کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ مقامی منتقلی کا کیس تھا کیونکہ اس کے حالیہ بیرونِ ملک سفر کی کوئی معلومات موجود نہیں تھیں۔
نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق وزیرِ صحت نے کراچی میں کورونا وائرس کی عام آبادی میں موجودگی کی بھی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’پہلے تو جو لوگ بیرون ممالک سے آ رہے تھے ان میں وائرس کی موجودگی تھی اس کے بعد جو ان کے قریب تھے ان میں منتقل ہوا اور اب ایسے متاثرین آرہے ہیں جن میں کسی متاثرہ فرد سے رابطے کی ہسٹری نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس کا مطلب یہ کہ آبادی میں وائرس کی گردش ہو رہی ہے اس وجہ سے لوگوں کو نہایت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔‘
اس سے قبل جمعرات کو وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے بھی کہا تھا کہ عوام کورونا وائرس کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ایک شخص جو بیرون ملک سے پاکستان آیا تھا، اس نے احتیاط نہیں کی اور لوگوں سے ملتا رہا، دعوتوں میں جاتا رہا اور بالاخر اس ایک شخص نے اپنے سارے گھر والوں کو اور وہ لوگ جن سے اس کی ملاقات ہوئی تھی ان سب کو اس وائرس سے متاثر کر دیا اور اب ان تمام افراد کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں۔‘
معمولی جرائم کے ملزمان کی ضمانت پر رہائی اور سکریننگ کا حکم, شہزاد ملک، بی بی سی اردو
،تصویر کا ذریعہReuters
پاکستان میں جیلوں میں گنجائش سے زیادہ افراد کی موجودگی اور کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف تھانوں میں درج معمولی جرائم کے مقدمات میں گرفتار 1362 ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو طریقہ کار وضع کرنے کا اختیار دیا ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 2174 قیدی رکھنے کی گنجائش ہے جبکہ وہاں پر اس وقت 5001 قیدی موجود ہیں۔ اڈیالہ جیل میں زیادہ تر قیدیوں کا تعلق راولپنڈی اور اسلام آباد سے ہی ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جمعے کو اپنے حکم میں کہا کہ ایسے ملزمان کو ضمانت پر رہا کر دیا جائے جو ایسے جرائم میں ملوث ہیں جن کی قانون میں سزا سات سال سے کم ہے۔
ع
دالت نے ڈپٹی کمشنر سے کہا ہے کہ اگر کوئی ملزم ضمانتی مچلکے جمع نہیں کروا سکتا تو یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کا بندوبست کرے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس ضمن میں ایک کمیٹی تشکیل دے گی جس میں اسلام آباد پولیس کے قانون کے شعبے کے سربراہ کو بھی شامل کیا جائے گا۔
اُنھوں نے کہا کہ جن 1362 ملزمان کی فہرست اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی ہے ان میں بھکاریوں کے علاوہ آوارہ گردی کے الزام میں گرفتار ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔
عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا کہ ضمانت ملنے کے بعد جب یہ ملزمان اڈیالہ جیل سے رہا ہوں گے تو ان کی سکریننگ کی جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اڈیالہ جیل کے عملے کی بھی سکریننگ کے لیے کہا ہے۔
جاپان: بہار کا تہوار بھی کورونا وائرس کی نذر
،تصویر کا ذریعہReuters
بہار کا موسم آتے ہی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں کے مشہور چیری کے درختوں پر لگنے والے پھولوں کی تصاویر لینے جاپان پہنچ جاتے ہیں۔
لیکن اس سال کورونا وائرس کے باعث ملک میں سیاحوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا میں پبلک ٹرانسپورٹ محدود
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کے بعد ملک میں عوامی ٹرانسپورٹ کی سہولیات محدود کی جا رہی ہیں۔
پبلک ٹرانسپورٹ جیسے کہ ٹرینیں اور بسیں ملک کی بیشتر آبادی کا ذریعۂ نقل و حمل ہے۔
ریاست پنجاب میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
دارالحکومت دہلی میں بھی میٹرو اب پرہجوم سٹیشنوں پر نہیں رکے گی جبکہ اس کی آمدوروفت کے اوقات میں بھی تبدیلی کی گئی ہے جبکہ مسافروں کی سکیننگ بھی کی جا رہی ہے۔
ممبئی میں بھی اس بات پر غور ہو رہا ہے کہ پبلک ٹرینوں کو آنے والے دنوں میں معطل کر دیا جائے۔ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ اودے ٹھاکرے کہہ چکے ہیں کہ وہ ٹرینوں کو خالی دیکھنا چاہتے ہیں۔
ملک کے بڑے شہروں میں بسوں میں مسافروں کے کھڑے ہونے پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے جبکہ ان کی تعداد میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بازار بھی بند!
،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں لگنے والے ہفتہ وار بازاروں کو تا حکم ثانی بند کردیا ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے تاہم ان بازاروں کے سٹال ہولڈرز کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اس اقدام کے بارے میں پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی اور جمعے کے روز جب وہ سٹال لگا رہے تھے تو اُنھیں حکام کی طرف سے سٹالز کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات دیے گئے۔
سٹال ہولڈرز کا مؤقف ہے کہ اگر ضلعی انتظامیہ اُنھیں اس کی پیشگی اطلاع دے دیتی تو وہ بازار لگنے سے ایک روز قبل منڈی سے خریداری ہی نہ کرتے۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں ہفتے میں تین بازار لگائے جاتے ہیں اور یہ بازار اتوار، منگل اور جمعے کے روز لگائے جاتے ہیں۔
ان بازاروں کے انعقاد کی وجہ سے اسلام آباد کے شہریوں کو روزمرہ کی اشیا خریدنے کے حوالے سے سہولت ہوتی تھی۔
ایشیا میں کورونا کی تازہ صورتحال
چین کا کہنا ہے کہ لگاتار دوسرے دن ملک میں ایسا کوئی مریض سامنے نہیں آیا جس میں کورونا مقامی طور پر منتقل ہوا ہو۔
جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ 22 مارچ سے ملک میں آنے والے تمام یورپی شہریوں کا کورونا ٹیسٹ کرے گا۔
فلپائن نے سنیچر کی شب 12 بجے سے ملک میں غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اولمپک کھیلوں کی مشعل میزبان ملک جاپان پہنچ گئی ہے۔ جاپانی حکومت کے مطابق یہ کھیل شیڈول کے مطابق جولائی میں ہی ہوں گے تاہم دنیا بھر میں ایتھلیٹس نے ان حالات میں اولمپک مقابلوں کے انعقاد پر سوال اٹھائے ہیں۔
،تصویر کا ذریعہReuters
سعودی عرب میں اندرونِ ملک پروازیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کا فیصلہ
سعودی حکام نے ملک میں اندرونِ ملک فضائی سفر پر دو ہفتے کے لیے پابندی عائد کر دی ہے جبکہ اس عرصے کے دوران بسیں، ٹیکسیاں اور ٹرینیں بھی نہیں چلیں گی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان پابندیوں کا اطلاق سنیچر کی صبح سے ہو گا تاہم امدادی اور طبی سرگرمیوں کے لیے پروازوں اور بسوں کے سفر کی اجازت ہو گی۔
سعودی عرب میں اب تک کورونا کے 270 مریضوں کی تصدیق کی جا چکی ہے تاہم اس سے ابھی تک کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔