برطانوی وزیر اعظم مزید افراد کو افغانستان سے نکالنے کے لیے ’پراعتماد‘

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے اب تک 57 پروازوں کے ذریعے نو ہزار افراد کو کابل سے نکالا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم آخری حد تک جائیں گے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ وہ ’پراعتماد ہیں‘ کہ برطانیہ ’افغانستان سے مزید ہزاروں افراد کو نکالنے میں کامیاب ہو جائے گا۔‘
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’کابل ایئرپورٹ پر صورتحال میں بہتری نہیں آ رہی ہے۔
’وہاں سے باہر نکلنے کی کوشش کرنے والوں کے بہت دلخراش اور افسوسناک مناظر سامنے آ رہے ہیں۔‘
برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جی سیون نے افغانستان سے انخلا کے لیے ’مشترکہ حکمت عملی‘ اپنانے پر نہ صرف اتفاق کیا ہے بلکہ طالبان کے ساتھ رابطے کے لیے ایک ’روڈ میپ‘ بھی بنایا ہے۔






