’سب سے بات کرسکتے ہیں لیکن چوروں سے ڈیل کی تو معاشرہ تباہ ہوگا‘
سابق وزیر اعظم عمران خان نے اس خطاب کے دوران مزید کہا کہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں، ورنہ انتشار بڑھے گا کیونکہ حالات بگڑتے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حالات مشکل ہیں، جتنی دیر یہ حکومت رہے گی، مزید مشکل ہوگی۔‘
انھوں نے زور دیا کہ ایک بااعتماد الیکشن کمیشن کی ضرورت ہے جس پر سب کو اعتماد ہو۔
عمران خان نے الزام لگایا کہ ایک سے ایک بڑا ڈاکو بیٹھ کر عدالتوں کو دھمکیاں دے رہا تھا۔ ’یہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ یہ سمجھتے ہیں کہ قانون صرف عام لوگوں کے لیے ہے۔ لوگ مجھے کہتے ہیں کہ ان سے بات کیوں نہیں کرتے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سب سے بات کرسکتے ہیں لیکن چوروں سے ڈیل کرلیں تو معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے۔‘