آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

نیوٹرلز نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی گارنٹی دی تھی: عمران خان

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کے دور میں جب چیف الیکشن کمشنر کے نام پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈلاک ہوا تو نیوٹرلز نے سکندر سلطان کی گارنٹی دی تھی۔ ’اسے تسلیم کرنا ہماری بڑی حماقت تھی۔‘

لائیو کوریج

  1. تحریک انصاف کی الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی کال

    سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف نے جمعرات کو الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی کال دی ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کہتے ہیں کہ ’کل 4 بجے لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں متعصب الیکشن کمیشن کے خلاف مظاہرہ ہو گا۔

    ’اس میں عوام کے ساتھ عوام کے منتخب نمائندے بھی شرکتِ کریں گے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین اپنی الیکشن کمیشن کے خلاف قرارداد لے کر کمیشن کے دفتر جائیں گے۔‘

  2. ’پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ رُکوانے کی کوشش کی‘

    رہنما مسلم لیگ ن محمد زبیر کا دعویٰ ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو معلوم تھا کہ ان کی جماعت کو غیر قانونی طریقے سے پیسے دیے گئے تھے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی والوں نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ رکوانے کی کوشش کی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے 13 اکاؤنٹس ڈکلیئر نہیں کیے تھے۔

  3. پی ٹی آئی کے ارکانِ اسمبلی کے استعفوں سے متعلق درخواست پر اعتراضات ختم, شہزاد ملک، بی بی سی اردو

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے پاکستان تحریک انصاف ارکان اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست پر اعتراضات ختم کردیے ہیں۔

    گذشتہ روز پی ٹی آئی نے اتھارٹی لیٹر جمع کرا کے 123 ارکان کو کیس میں فریق بنا دیا تھا جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات ختم ہونے کے بعد درخواست پر نمبر لگایا۔

    درخواست کو اب دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کی تھی اور پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل فیصل فرید چوہدری کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔

  4. پاکستانی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ریکارڈ کمی، ایک دن میں بارہ روپے سستا, تنویر ملک ، صحافی

    پاکستان میں بدھ کے روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے جب ایک ڈالر کی قیمت میں کاروبار کے دوران 12 روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ایک ڈالر کی قیمت جو گزشتہ روز 238.38 روپے پر بند ہوئی تھی وہ بدھ کے روز کاروبار کے دوران نو روپے سے زائد کی کمی کے بعد 226 پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔

    پاکستان میں گزشتہ چار کاروباری دنوں میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی جو چند پیسے تک محدود رہی تاہم بدھ کے روز ریکارڈ کمی ہوئی جو ایک دن میں ڈالر کی قیمت میں دیکھی گئی۔

    کرنسی ڈیلروں کے مطابق جولائی میں کم ہونے والی درآمدات اور درآمدی ادائیگیوں کا کم دباؤ روپے کی قیمت میں بہتری لا رہا ہے اور پاکستانی روپیہ جو 240 کی نچلی سطح پر ڈالر کے مقابلے میں گر گیا تھا اس اب اس میں بہتری آر ہی ہے۔

  5. انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 9 روپے سے زائد کی کمی, تنویر ملک ، صحافی

    پاکستان میں بدھ کے روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور ایک ڈالر کی قیمت میں کاروبار کے دوران نو روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ایک ڈالر کی قیمت جو گزشتہ روز 238.38 روپے پر بند ہوئی تھی، بدھ کے روز کاروبار کے دوران نو روپے سے زائد کی کمی کے بعد 229.59 پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔

    پاکستان میں گزشتہ چار کاروباری دنوں سے ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جا رہی ہے جو اب تک تو روزانہ کی بنیاد پر چند پیسے تک محدود تھی تاہم بدھ کے روز ایک ہی دن میں ریکارڈ کمی ہوئی۔

    کرنسی ڈیلرز کے مطابق جولائی میں درآمدات میں کمی اور درآمدی ادائیگیوں کا کم دباؤ روپے کی قیمت میں بہتری لا رہا ہے اور پاکستانی روپیہ جو ڈالر کے مقابلے میں 240 کی نچلی سطح تک گر گیا تھا اب اس میں بہتری آر ہی ہے۔

  6. عدالت سے الیکشن کمیشن کے خلاف تادیبی کارروائی کی درخواست کریں گے، فواد چوہدری

    تحریک انصاف رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’الیکشن کمیشن کے فیصلے میں سقم کے پہاڑ ہیں جن کے خلاف پی ٹی آئی اپیل کرے گی اور عدالت سے تادیبی کارروائی کے لیے کہیں گے کیوں کہ یہ آئین اور قانون سے ماورا ہیں۔‘

    فواد چوہدری نے کہا کہ ’تحریک انصاف پر پابندی لگانا ن لیگ کے بس کی بات نہیں۔ ن لیگ الیکشن سے اس لیے بھاگ رہی ہے کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ عمران خان جیت جائیں گے۔‘

    فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس کسی پارٹی کو تحلیل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ ’ہمیں امید ہے کہ عدالت میں یہ فیصلہ کالعدم ہو جائے گا۔‘

    فواد چوہدری نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کے بازو کے طور پر کام کیا اور اوورسیز پاکستانیوں کے خلاف مہم کا حصہ بنا۔‘

    ’کہا گیا کہ فارن نینشلز نے فنڈنگ کی۔ سوال ہے کہ یہ جاننے کا کیا طریقہ تھا کہ یہ واقعی فارن نیشنل ہیں؟ کیا پی ٹی آئی کو موقع دیا گیا کہ وہ بتائے کہ یہ لوگ کون تھے؟ ان میں بہت سے اوورسیز پاکستانی ہیں۔‘

    ’19 نمبر پر بینش فریدی کا نام ہے جو پاکستانی ہیں اور برطانیہ کی شہری ہیں۔‘

    فواد چوہدری نے ان کا ویڈیو پیغام چلا کر دکھایا اور دیگر افراد کے نام بھی گنوا کر دعوی کیا کہ الیکشن کمیشن کی فہرست میں بہت سے نام ایسے لوگوں کے ہیں جو اوورسیز پاکستانی ہیں۔

    ’ریتا سیٹھی انڈین نہیں، امریکن ہیں جن کے شوہر ناصر حسین نے جوائنٹ اکاوئنٹ سے پیسے دیے۔‘

    فواد چوہدری نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن نے سنی سنائی باتوں پر کارروائی کی۔ صرف ہمیں نوٹس دینا تھا، ہم تفصیلات دے دیتے۔ جن 16 اکاوئنٹس کو چھپانے کی بات کی جا رہی ہے، ان کی تمام تفصیلات دی گئیں۔‘

  7. حکومت کو پی ٹی آئی کا مکمل آڈٹ کروانا چاہیے، خواجہ سعد رفیق

    وفاقی وزیر ہوا بازی اور رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت کو تحریک انصاف کا مکمل آڈٹ کروانا چاہیے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’غیر ملکی کمپنیاں اور شہری عمران خان پر کیوں سرماری کاری کرتے تھے۔ انڈین، ماراتی، امریکی، برطانوی شہری کس مقصد کے تحت فنڈ دے رہے تھے؟‘

    انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو نوٹس جاری کیا اس کا جواب پی ٹی آئی کو دینا ہو گا، اس کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

    ’میرا سوال یہ ہے کہ پی ٹی آئی جواب دے کہ ممنوعہ فنڈنگ کا ان کو پتہ تھا۔ ان کو پتہ تھا کہ ان کو کون فنڈنگ دے رہا ہے۔‘

    ’انھوں نے پانچ سال مسلسل جھوٹا سرٹیفیکیٹ جمع کرایا۔ غلطی ایک بار ہو سکتی ہے، پانچ بار نہیں۔‘

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’یہ تو ٹپ آف آئس برگ ہے۔ کئی برسوں کا آڈٹ نہیں ہوا۔ ان کا آڈٹ ہو گا تو ناجانے کیا سامنے آئے گا۔ حکومت کو اس بات پر غور کرنا ہو گا کہ پی ٹی آئی کا مکمل آڈٹ کروایا جائے گا۔‘

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’اگر عمران خان سمجھتے ہیں کہ پنجاب میں حکومت ہے تو لانگ مارچ کریں گے، تو کوشش کر لیں۔ ہم اسلام آباد کو اس طرح محفوظ بنائیں گے کہ پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔‘

  8. جولائی میں پاکستانی برآمدات میں 24 فیصد کی بڑی کمی, تنویر ملک ، صحافی

    موجودہ مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں پاکستان کی برآمدات میں گزشتہ مہینے جون کے مقابلے میں 24 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔

    جون 2022 میں 2.9 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں جن کے مقابلے میں جولائی میں برآمدات 2.2 ارب ڈالر تک گر گئیں۔

    جولائی کے مہینے میں درآمدات میں بھی 38 فیصد کمی دیکھی گئی جو جون میں 7.8 ارب ڈالر کی ہونے والی درآمدات کے مقابلے میں 4.8 ارب ڈالر رہیں۔

    محکمہ شماریات کے مطابق پاکستان کا تجارتی خسارہ جون کے مہینے کے مقابلے میں جولائی میں 46.76 فیصد تک کم ہو گیا۔ جون کے مہینے میں تجارتی خسارہ 4.9 ارب ڈالر تھا جو جولائی میں 2.6 ارب ڈالر رہا۔

  9. بریکنگ, الیکشن کمیشن کا فیصلہ آٹھ سال کی تفتیش کے بعد آیا، ہماری دفعہ تو واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بن گئی تھی: نواز شریف

    پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد یہ ثابت ہو گیا ہے کہ عمران خان ایک غیر ملکی ایجنڈے کو ملک میں نافذ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    انھوں نے لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آٹھ سالوں کے بعد آیا اور مکمل ثبوت اور حقائق کے ساتھ سامنے آیا ایسے نہیں جیسے ہمارے زمانے میں واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بن گئی تھی جس نے فٹا فٹ اپنی جعلی رپورٹ جمع کروا دی۔‘

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’آٹھ سال تفتیش ہوتی رہی، اور یہ جو درس دیتا تھا پوری قوم کو کہ میں ایماندار ہوں، باقی سب چور ہیں، آج سب سے بڑا، ڈاکا، سب سی بڑی چوری اور منی لانڈرنگ ثابت ہو گئی۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جس طرح انھوں نے غیر ملکیوں سے پیسہ لیا تو پھر آپ غیر ملکی ایجنڈا ہی پاکستان میں نافذ کریں گے۔

    ’اس کا نتیجہ آپ نے دیکھ لیا کہ پاکستان کی معیشت، معاشرہ اور سیاست تباہ کر کے رکھ دی اس بندے نے۔‘

    نواز شریف نے کہا کہ ’اس رپورٹ کے بعد کوئی شک رہ ہی نہیں گیا کہ یہ ایک غیر ملکی ایجنڈا تھا جسے یہ شخص نافذ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    ’ایسی چیز پر مجھے نکال دیا گیا جو سمجھ میں نہ آنے والی ہے کہ میں نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے کہوں گا کہ اس شخص کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کریں جس نے پاکستان کے معاشرے کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔‘

    انھوں نے اپنے خلاف فیصلہ دینے والے ججوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جسٹس ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس عظمت سعید کو جواب دینا پڑے گا کہ انھوں نے کیسے عمران خان کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف کارروائی کی۔‘

  10. بریکنگ, تحریکِ انصاف ایک دو روز میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گی: اسد عمر

    پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کچھ روز میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دے گی۔

    انھوں نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن اب وفاقی ادارہ نہیں رہا بلکہ پی ڈی ایم کا حلیف بن گیا ہے۔ جو لوگ پی ٹی آئی پر پابندی کا انتظار کر رہے تھے ان سے افسوس کرتا ہوں۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ چھ سال پہلے لکھ دیا تھا۔‘

  11. ایک فارن فنڈڈ ایجنٹ الزام ہم پر لگاتا ہے کہ سازش ہم نے کی ہے: خواجہ آصف

    وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان کی سیاسی تاریخ میں یہ فیصلہ ایک سنگِ میل ثابت ہو گا۔ ایک فارن فنڈڈ ایجنٹ الزام ہم پر لگاتا ہے کہ سازش ہم نے کی ہے۔‘

    انھوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’پیسے یہ لیتا ہے اور الزام ہم پر لگاتا ہے، حلف نامہ جھوٹا دیا ہے اور اسلامک ٹچ دیتے تھکتا نہیں۔‘

    ’عدالتی فیصلہ خلاف آ جائے تو عدالتیں اچھی ہیں، اگر اسٹیبلشمنٹ ساتھ ہو تو سونے کی ہے، اگر نیوٹرل ہو جائے تو اس کو طرح طرح کے نام دیتے ہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’جتنا بے نقاب یہ ہوئے ہیں آج اسے سے پہلے کبھی نہیں ہوئے۔‘

  12. ڈالر کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی دیکھی گئی۔

    ایک ڈالر کی قیمت میں 46 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ روز ڈالر کی قیمت 238.84 پر بند ہوئی تھی جو منگل کے روز 238.38 روپے پر بند ہوئی۔

    پاکستان میں کرنسی ڈیلرز کے مطابق درآمدی ادائیگیوں کا دباؤ کم ہوا ہے جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

  13. عمران خان نے مس ڈکلیریشن کی اور حقائق چھپائے، پاکستان کا قانون انھیں سیاست میں نہیں رہنے دے گا: وزیرِ قانون

    وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ عمران خان بددیانت ہیں اور انھوں نے پیسہ خیرات کے نام پر اکٹھا کیا اور اسے اپنی سیاست کے لیے استعمال کیا۔

    انھوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مندرجات پڑھ کر سنائے اور الزام عائد کیا کہ عمران خان پاکستان کے دشمن ممالک سے بھی فنڈ اکٹھے کرتے رہے۔

    انھوں نےکہا کہ ’اس شخص نے غیر ملکی ذرائع سے خیرات اور مریضوں کے نام پر پیسے اکٹھے کیے اور اسے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے اور ملک میں افراتفری پھیلانے کے لیے استعمال کیا ہے۔‘

    دوسری جانب سے وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مس ڈکلیریشن کی اور حقائق چھپائے۔ پاکستان کا قانون اب عمران خان کو سیاست میں رہنے نہیں دے گا۔

    وزیرِ قانون کا کہنا تھا کہ ’آنے والے دنوں میں قانون کے مطابق معاملات آگے بڑھائے جائیں گے۔ آج ہم پہلے سے ایسے فیصلے نہیں کرنا چاہتے جو وقت کے ساتھ خود بخود سامنے آئیں گے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’قانون کے مطابق آگے بڑھا جائے گا، اور اس ضمن میں جو بھی فیصلے ہوں گے ان کے بارے میں بریفنگ وفاقی کابینہ کو دی جائے گی، جس کے بعد حتمی فیصلہ ہو گا۔‘

  14. اپنے دفاع کا سیاسی اور قانونی حق رکھتے ہیں: شاہ محمود قریشی

    پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم اپنا دفاع کرنے کا پورا پورا حق رکھتے ہیں۔ سیاسی اور قانونی طریقے سے اپنا دفاع کریں گے۔

    مقامی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنھوں نے لیبیا اور اسامہ بن لادن سے فنڈنگ لی ان کا بھی احتساب ہونا چائیے۔

  15. عمران خان ایک بار پھر سرٹیفائیڈ جھوٹے ثابت ہوگئے: شہباز شریف

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان پر آئین کی خلاف ورزی، جھوٹے حلف نامے جمع کرانے اور غیر ملکی رقم قبول کرنے کی چارج شیٹ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر ثابت ہوا کہ عمران خان مصدقہ جھوٹے ہیں اور قوم کو ان کی سیاست کے مضمرات پر غور کرنا چاہیے جو غیرملکیوں کی فنڈنگ سے چلتی ہے۔

  16. الیکشن کمشن کا فیصلہ عمران خان پر فرد جرم ہے: وزیراعظم شہباز شریف

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمشن کا فیصلہ عمران خان پر فرد جرم ہے کہ انھوں نے جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے اور غیرقانونی غیرملکی فنڈنگ وصول کرکے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ وہ ایک بار پھر غلط بیانی کے مرتکب ہوئے ہیں، قوم کو غیرملکی فنڈنگ کے سیاسی اثرات پر غور کرنا چاہیے۔

  17. اوورسیز پاکستانی تحریک انصاف کی فنڈنگ جاری رکھیں: فواد چوہدری

  18. فارن فنڈنگ کیس کسی سیاسی جماعت نے نہیں بلکہ تحریک انصاف کے بانی رکن نے دائر کیا: سید خورشید شاہ

    پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کو شاباش دیتے ہیں کہ ان الزام تراشی کے زمانے میں انھوں نے فیصلہ سنایا ہے۔

    نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خوف کی وجہ سے الزام تراشی شروع کر دی جاتی ہے۔

    ان کے مطابق جو موجودہ چیف الیکشن کمشنر ہیں یہ تحریک انصاف اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی منظوری کے بعد تعینات کیے گئے ہیں۔ خورشید شاہ کے مطابق یہ کسی سیاسی جماعت نے کیس نہیں دائر کیا بلکہ یہ تحریک انصاف کے ایک بانی رکن نے اس کیس کو الیکشن کمیشن میں لایا تھا، جس کے گھر میں پی ٹی آئی پلتی پھولتی رہی ہے۔

  19. بریکنگ, چیف الیکشن کمشنر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں، اہل خانہ کی بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی: الیکشن کمیشن, اعظم خان، بی بی سی اردو

    الیکشن کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں ملی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا کہ دھمکیاں ملنے کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے۔

    الیکشن کمیشن کے عہدیدار کے مطابق ان دھمکیوں پر ہم نے سیریز ایکشن لیا ہے اور اس بارے میں نہ صرف وفاقی حکومت کو لکھ کر مطلع کیا بلکہ چیف الیکشن کمشنر اور ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔