بریکنگ, لاہور میں مزید ایک ہلاکت، کل ہلاکتیں نو جبکہ متاثرین 1197 ہو گئے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان میں وفاقی اور صوبائی محکمۂ صحت کی جانب سےجاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں جہاں کوورنا کے متاثرین کی تعداد 1197 تک پہنچ گئی ہے۔
صوبہ پنجاب میں مزید ایک شخص کی کورونا سے ہلاکت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بھی نو ہو گئی ہے جبکہ متاثرین میں سے 21 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
اس ہلاکت کے بعد اب پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تین، تین جبکہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک ایک شخص اس وبا کا شکار ہو چکا ہے۔
پنجاب
پنجاب کے محکمۂ صحت کی جانب سے جمعرات کی شام جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں مزید 60 مریضوں کی تصدیق کے بعد مصدقہ متاثرین کی تعداد 405 ہو گئی ہے۔
ان متاثرین میں 226 ایران سے آنے والے زائرین ہیں جن میں سے 207 ڈیرہ غازی خان جبکہ 19 ملتان میں ہیں۔
اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی متاثرین کی تعداد 103 ہو گئی ہے جبکہ جمعرات کو لاہور میں ایک اور مریض ہلاک بھی ہوا ہے۔ یہ پنجاب میں اس وائرس سے تیسری جبکہ لاہور میں دوسری ہلاکت ہے۔ مذکورہ مریض نجی ہسپتال میں زیرِ علاج تھا۔
بقیہ متاثرین میں سے 22 کا تعلق کا گجرات، 19 کا جہلم، 12 کا راولپنڈی اور آٹھ کا گوجرانوالہ سے ہے۔ اس کے علاوہ ملتان اور فیصل آباد میں تین، تین منڈی بہاؤالدین اور میانوالی میں دو، دو جبکہ ناروال، رحیم یار خان، اٹک، بہاولنگر، اور سرگودھا میں ایک ایک مریض سامنے آیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سندھ
سندھ کے محکمۂ صحت کے مطابق صوبے میں کووڈ-19 وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے اور اب یہ تعداد 421 تک پہنچ گئی ہے۔
حکام کے مطابق کراچی میں چھ نئے مریض سامنے آئے ہیں جو کہ سب مقامی منتقلی کے ہیں جس کے بعد صوبائی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 153 ہو گئی ہے جن میں سے 13 صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے۔
ان متاثرین میں سے 102 ایسے افراد ہیں جن میں یہ وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا تھا۔
اس کے علاوہ سکھر میں قرنطینہ میں رکھے گئے زائرین میں سے 265 میں اب تک وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
سندھ کے دیگر شہروں کی بات کی جائے تو دادو میں ایک اور حیدرآباد میں دو افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے ایک شخص صحت یاب ہو چکا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
خیبر پختونخوا
صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق صوبے میں مزید مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد وہاں متاثرین کی کل تعداد 123 تک پہنچ گئی ہے۔
ضلع مردان کی یونین کونسل منگا کے مزید چھ رہائشیوں میں وائرس کی تصدیق کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 45 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ صوابی اور سوات میں بھی ایک ایک مریض سامنے آیا ہے۔
پشاور میں ایک نئے مریض کی تصدیق کے بعد تعداد 13 ہو گئی ہے اور بقیہ مریضوں میں سے بیشتر کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان میں قرنطینہ مرکز میں رکھے گئے زائرین سے ہے۔
وزیراعلیٰ کے مشیرِ اطلاعات اجمل وزیر کے مطابق صوبے میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 694 ہے جبکہ اب تک دو افراد اس بیماری سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا کی روک تھام کے لیے شروع کی گئی ہیلپ لائن کی مدد سے بھی 30 مشتبہ مریضوں کی شناخت کی گئی ہے جن میں سے چار میں وائرس کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
گلگت بلتستان
گلت بلتستان میں جمعرات کو سات نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 91 ہو گئی ہے۔
گلگت بلتستان کی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق گلگت بلتستان میں ٹیسٹنگ لبیارٹری نہ ہونے کی وجہ سے نتائج تاخیر کا شکار ہورہے ہیں اور حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اس کے علاوہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں اب کورونا کے مریضوں کی تعداد 25 ہے جبکہ بلوچستان میں 12 نئے مریض سامنے آنے کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 131 تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی دو مریض موجود ہیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام












