عمران خان کی وکٹری سپیچ: دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات میں تعاون کریں گے

پاکستان کی متعدد سیاسی جماعتوں نے انتخابات کے نتائج میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق پہلی مرتبہ متعارف کروائے جانے والے نظام میں تکنیکی خرابی نتائج میں تاخیر کی وجہ بنی ہے۔ الیکشن 2018 پر بی بی سی اردو کی لائیو کوریج۔

لائیو کوریج

ذیشان حیدر، حسن زیدی، رضا ہمدانی ذیشان علی، حمیرا کنول

  1. سرکاری اور حتمی نتائج آنے سے پہلے ہی پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں کا جشن

  2. الیکشن کمیشن: ’نتائج کے آنے میں تاخیر کے پیچھے کوئی سازش نہیں ہے‘

    پاکستان الیکشن کمیشن کے سیکریٹری بابر یعقوب نے میڈیا کو بتایا کہ آر ٹی ایس کے ذریعے نتائج آنے تھے تاہم 85000 فارم کے بجائے صرف 25000 فارم ملے جو ناکافی تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ نتائج میں تاخیر کی وجہ بھی یہی ہے اور اب انھوں نے پریزائڈنگ آفیسر کو آر ٹی ایس کے بغیر ہی رزلٹ فوج اور سکیورٹی کی زیرِ نگرانی بھجوانے کی تاکید کی ہے۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا ’نتائج کے آنے میں تاخیر کی وجہ آر ٹی ایس سسٹم کا فیل ہونا ہے اور اس کے پیچھے کوئی سازش نہیں ہے۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ اب تک الیکشن کمیشن نے کوئی رزلٹ نہیں دیا۔ جو میڈیا پر آ رہا ہے اس کا الیکشن کمیشن سے کوئی تعلق نہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ایک گھنٹے تک نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔

  3. ’ایک معقول اور درست وجہ بتا دی جائے تو سب چپ کر کے گھر چلے جائیں‘

  4. کہیں سیاسی لیڈروں کی شکایات تو کہیں عوام کا جشن, پشاور میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں کا غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج میں برتری کے بعد جشن

  5. فارم 45 کیا ہے؟

    شہباز شریف اور کئی سیاسی جماعتوں نے فارم 45 نہ ملنے کی شکایت کی ہے۔ لیکن یہ فارم ہوتا کیا ہے؟

    فارم 45 اور فارم 46 کا کردار پولنگ کے خاتمے کے بعد شروع ہوتا ہے۔ کسی بھی پولنگ سٹیشن کے پریزائڈنگ افسر ووٹ ڈالنے کے عمل کے خاتمے کے بعد گنتی کا عمل امیدواروں کے پولنگ ایجٹنس کی موجودگی میں شروع کرتے ہیں۔ گنتی کے مکمل ہونے پر پریزائڈنگ افسر ہر پولنگ ایجنٹ کو گنے گئے ووٹوں کی تعداد فارم 45 میں لکھ کر اپنے دستخط اور انگوٹھے کے نشان کے ساتھ جاری کرتا ہے۔ اس پر پولنگ ایجنٹ کے دستخط بھی ہونے چاہیے۔ ہر پولنگ سٹیشن سے یہ فارم اکٹھے کرکے مجموعی نتیجہ مرتب کیا جاتا ہے۔ فارم 46 موصول ہونے والے بیلٹ پیپرز کی تعداد، استعمال شدہ، مسترد شدہ کی تفصیل پر مشتمل ہوتا ہے۔ پریزائڈنگ افسر یہ دونوں فارم یا فہرستیں پولنگ سٹیشن کے کسی واضح مقام پر آویزاں کرنے کا پابند ہوتا ہے تاکہ عام لوگ اسے دیکھ سکیں۔ یہی دو فارم فوراً الیکشن کمیشن بھیج دیے جاتے ہیں۔

    فارم 45 کیا ہے؟

    ،تصویر کا ذریعہECP

  6. بلاول بھٹو زرداری: آدھی رات ہوگئی لیکن ایک بھی نتیجہ نہیں آیا

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’اب آدھی رات سے زیادہ گزر گئی ہے اور مجھے کسی بھی ایسے حلقے سے ایک بھی حتمی نتیجہ نہیں وصول ہوا ہے جہاں سے میں خود الیکشن لڑ رہا ہوں۔ میرے امیدوار شکایت کر رہے ہیں کہ ملک کے کئی حصوں میں ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنوں سے نکال دیا گیا ہے۔ یہ ناقابلِ معافی اور اشتعال انگیز ہے‘۔

  7. ’پاکستان مسلم لیگ (نواز) انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتی ہے‘

  8. بریکنگ, شہباز شریف: میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ ہم ان نتائج کو مسترد کرتے ہیں

    پاکستان مسلم لیگ ن نے انتخابات کے سرکاری اعلان سے قبل ہی دھاندلی کے الزامات کے تحت نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے سربراہ شہباز شریف نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہا ہے کہ ان کی جماعت کے امیدواروں کے انتخابات کے نتائج کو روکا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دھاندلی ہو رہی ہے۔ ’میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ ہم ان نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔‘

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’میں معاملات آگے بڑھانے والا آدمی ہوں اور اگر میں بھی یہ بات کہہ رہا ہوں تو سوچیں بات کہاں تک پہنچ چکی ہے۔‘انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے اور جلد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

  9. اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کا مطلب کیا ہے؟, دیکھیے بی بی سی اردو کی نازش ظفر اور ذیشان حیدر کی گفتگو

  10. امیدوار اور عوام سرکاری نتائج کے منتظر

    پولنگ ختم ہونے کے چھ گھنٹے بعد بھی اب تک الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری طور پر ایک بھی نتیجے کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

  11. ’الزامات کے ثبوت نہیں دیے گئے‘

    الیکشن کمیشن کے سیکریٹری بابر یعقوب نے کہا کہ ابھی تک آر اوز کی جانب سے نتائج جاری نہ کرنے کے بارے میں جتنے بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں ان کے ثبوت نہیں دیے گئے۔

    انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم اورنگزیب کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے بارے میں راولپنڈی کے آر او سے بات کی ہے لیکن ان الزامات میں کوئی صداقت نظر نہیں آئی۔

    بابر یعقوب نے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے گنتی کے عمل کے دوران ان کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن سے باہر نکالے جانے کے الزام کے بارے میں کہا کہ ہر امیدوار کے ایک پولنگ ایجنٹ کو اجازت ہے اور ایک سے زیادہ افراد کو باہر نکالا گیا ہے۔

  12. ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکالا جا رہا ہے

    مریم اورنگ زیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما جن حلقوں میں انتخاب لڑ رپہے ہیں وہاں پولنگ سٹیشنز میں مسلم لیگ ن کے ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا ہے اور ان کے فارم 45 کو ضبط کر لیا گیا ہے۔

    maryam

    ،تصویر کا ذریعہEPA

  13. بند کمروں میں کیا ہو رہا ہے؟

    بی بی سی کے نامہ نگار ہارون رشید کے مطابق مسلم لیگ (نون) کی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ آخر نتائج کے اعلان میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔ ان کا سوال تھا: ’کہ بند کمروں میں کیا ہور ہا ہے۔ صحافیوں کو جا کر معلوم کرنا چاہیے۔‘

  14. الیکشن کمیشن میں نتائج کا انتظار

    اسلام آباد میں بی بی سی کی نامہ نگار سارہ حسن الیکشن کمیشن کے رزلٹ سیل میں انتخابی نتائج کے اعلان کے بارے میں رپورٹ کر رہی ہیں

    ،ویڈیو کیپشنالیکشن کمیشن میں انتخابی نتائج کا انتظار
  15. ’کسی حلقے میں خواتین نے ووٹ نہیں ڈالا تو وہاں کا انتخاب کالعدم‘

    ووٹرز

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ جن حلقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا وہاں کے الیکشن کو کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کسی امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے سے پہلے جانچ پڑتال کی جائے گی کہ متعلقہ حلقے میں خواتین کے دس فیصد ووٹ ڈالے گیے ہیں کہ نہیں۔

  16. فوج کو انتخابات پر سکیورٹی کی مد میں نو ارب روپے ملے: الیکشن کمیشن

    ووٹوں کی گنتی

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان اب سے کچھ دیر بعد پریس کانفرنس کر رہے ہیں جس میں وہ پہلے نتیجے کا اعلان کریں گے۔ الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو 14 دن کے اندر اندر اپنے انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع کرانا ہو گی۔

    نامہ نگار سارہ حسن نے الیکشن کمیشن کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ انتخابات کے موقع پر فوج کو سکیورٹی کی مد میں نو ارب روپے دیے گئے جبکہ سب سے زیادہ رقم عملے کی تربیت پر خرچ کی گئی۔

  17. جب ’شمائلہ بھٹی‘ ووٹ دینے گئی

  18. ووٹنگ ختم، پولنگ سٹیشنز کے باہر نتائج کا انتظار

    پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور پولنگ سٹیشنز کے باہر امیدواروں کے حامی نتائج کے انتظار میں جمع ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ پر مختلف پولنگ سٹینشز کے غیر سرکاری نتائج نشر کیے جا رہے ہیں۔

    ووٹنگ

    ،تصویر کا ذریعہReuters