کراچی: ’عزیز آباد میں ووٹرز کی بڑی تعداد‘

نامہ نگار ریاض شہیل نے کراچی سے بتایا کہ ایم کیو ایم کے سابق ہیڈکواٹرز عزیز آباد میں ووٹروں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ واضح رہے کہ ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین نے عوام کو بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی تھی۔
پاکستان کی متعدد سیاسی جماعتوں نے انتخابات کے نتائج میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق پہلی مرتبہ متعارف کروائے جانے والے نظام میں تکنیکی خرابی نتائج میں تاخیر کی وجہ بنی ہے۔ الیکشن 2018 پر بی بی سی اردو کی لائیو کوریج۔
ذیشان حیدر، حسن زیدی، رضا ہمدانی ذیشان علی، حمیرا کنول

نامہ نگار ریاض شہیل نے کراچی سے بتایا کہ ایم کیو ایم کے سابق ہیڈکواٹرز عزیز آباد میں ووٹروں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ واضح رہے کہ ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین نے عوام کو بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی تھی۔
نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق کراچی کے حلقہ این اے 254 کے ایک پولنگ سٹیشن سر سلطان ہائی اسکول کے قریب ایم کیو ایم کا کیمپ تو موجود ہے لیکن کارکن غیر حاضر ہیں۔

پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں ہونے والی انتخابی مہم سے لے کر پولنگ ڈے تک سب کچھ جاننے کے لیے بی بی سی کے خصوصی ضمیمے پر آئیں۔
لاہور کے علاقے مزنگ میں صحافیوں کو ایک پولنگ سٹیشن میں نہیں جانے دیا جا رہا۔
نامہ نگار عمر دراز ننگیانہ کے مطابق وہاں تعینات سکیورٹی فورسز کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ انھیں حکم دیا گیا ہے کہ کسی رپورٹر کو اندر نہ جانے دیا جائے چاہے اس کے پاس ایکریڈیٹیشن کارڈ ہی کیوں نہ ہو۔



19 سالہ تنزیل الرحمان نے پہلی مرتبہ ووٹ ڈالا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں جمہوریت پسند ہے اور اپنی اسی پسند کی دلیل دینے کے لیے انھوں نے ووٹ ایک امیدوار کو دیا مگر تصویر دوسرے کے ساتھ کنچھوانا چاہتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے کہ وہ انتخابی عمل کا وقت ایک گھنٹہ مزید بڑھا دیں اور اس کی وجہ یہ بتائی ہے کہ ووٹنگ کا عمل آہستگی سے جاری ہے جبکہ پولنگ سٹیشنز کے باہر طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
’الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 70 کے تحت ای سی پی کے پاس وقت بڑھانے کا اختیار ہے اور ووٹرز سے ان کا بنیادی حق نہیں لیا جا سکتا۔‘











بی بی سی کے نامہ نگار جہاں پولنگ ڈے کی کوریج میں بھرپور کردار ادا کر ہے ہیں وہیں وہ اپنی قومی ذمہ داری بھی ادا کرنے میں پیچھے نہیں رہے۔
چکوال کے علاقے دھرنل سے بی بی سی کی فرحت جاوید نے سیاسی جماعتوں کے پولنگ کیمپس کی تصاویر بھیجی ہیں جہاں بڑی تعداد میں مرد موجود ہیں۔فرحت جاوید کے مطابق دھرنل میں لوگوں نے ’فخر‘ سے بتایا کہ انھوں نے خواتین ووٹرز سے بھری ہوئی گاڑیاں ووٹ ڈالے بغیر واپس بھجوا دیں اور کہا کہ ’خواتین کا ووٹ ڈالنا غیر اسلامی ہے‘ اور ’ہماری روایات کے خلاف ہے۔‘واضح رہے کہ اسی علاقے میں خواتین نے گذشتہ پانچ دہائیوں میں پہلی بار ووٹ کاسٹ کیا ہے، جبکہ مقامی مردوں نے کہا ہے کہ وہ خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے نہیں دیں گے۔


کوئٹہ سے نامہ نگار محمد کاظم مشرقی بائی پاس پر ہونے والے دھماکے کے بعد تازہ صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں۔
یہ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 240 اور پی ایس 94 کے پولنگ سٹیشن بلدیہ سکول کا منظر ہے۔ نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق یہاں متعدد خواتین اور مردوں کو یکساں شکایت ہے کہ ان کے ووٹوں کا اندراج نہیں ہوا۔
یہ علاقہ ایم کیو ایم حقیقی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہاں سے آفاق احمد امیدوار ہیں۔







نامہ نگار سحر بلوچ نے بتایا کہ کراچی کے حلقے این اے 246 لیاری میں کچھ ووٹرز ووٹ ڈالنے سے پہلے چنا چاٹ کھانے کے لیے مختلف سٹالز اور دکانوں کو رخ کر رہے ہیں۔
ادھر پشاور سے نامہ نگار عزیز اللہ نے بتایا کہ ووٹرز پلاؤ بہت پسند کر رہے ہیں۔
کوئٹہ میں آج صبح ہونے والے خودکش دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے قبول کر لی ہے۔ انھوں نے اپنی نیوز ایجنسی اعماق پر ایک بیان جاری کیا ہے۔
اب سے کچھ دیر پہلے کوئٹہ سے ہمارے نامہ نگار محمد کاظم نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ کے حوالے سے بتایا کہ کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں ایک پولنگ سٹیشن کے قریب ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔
اعتزاز گورایہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا اور حملے کے وقت ڈی آئی جی کوئٹہ عبد الرزاق چیمہ قریبی پولنگ سٹیشن کے دورے پر تھے۔ عبد الرزاق چیمہ اس حملے میں محفوظ رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد قریبی پولنگ سٹیشن پر ووٹنگ کا سلسلہ روک دیا گیا تھا جو اب بحال کر دیا گیا ہے۔

نامہ نگار اظہار اللہ کے مطابق پشاور کے حلقے این اے 29 کے حاجی بانڈا پولنگ سٹیشن میں صبح تک خواتین ووٹرز میں سے کوئی بھی ووٹ ڈالنے نہیں آیا تھا لیکن اب یہاں سے بھی ایک خاتون ووٹر نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ یہاں سے پہلی بار ووٹ کاسٹ کرنے والی خاتون نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے شوہر نے ان سے خود کہا اور ووٹ ڈالنے کی اجازت بھی دی۔
ملک بھر میں پولنگ سٹیشنز پر فوجی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ لیکن ان اہلکاروں کا پولنگ کے دوران کردار کیا ہو گا اس بارے میں پولنگ کے عملے اور پولنگ ایجنٹس کے درمیان کنفیوژن پائی جاتی ہے۔ بی بی سی کے آصف فاروقی کی ویڈیو