کورونا: امریکہ میں کیلیفورنیا کے بعد فلوریڈا سب سے زیادہ متاثرہ ریاست بن گئی
کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے. فلوریڈا میں مزید 9300 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔ کیلیفورنیا کے بعد یہ امریکہ کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست بن گئی ہے۔
لائیو کوریج
جہاں سکیورٹی فورسز کورونا وائرس سے زیادہ ’مہلک‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنیوگینڈا میں سکیورٹی فورسز لاک ڈاؤن کی پابندی کرواتے ہوئے
یوگینڈا میں سکیورٹی فورسز نے کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کی پابندیوں کو نافذ کرتے ہوئے مبینہ طور پر اب تک 12 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
ابھی تک ملک میں وائرس کی وجہ سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے، لیکن ایک ہزار سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے۔
کورونا وائرس لاطینی امریکہ کے فوٹو فیسٹیول میں ایک بڑا موضوع
،تصویر کا ذریعہTAMARA MERINO/COVID LATAM
کورونا وائرس کی عالمی وبا اس سال نیو یارک میں ہونے والے برونکس ڈوکیومینٹری سینٹر کے لاطینی امریکی فوٹو فیسٹیول کا ایک بڑا موضوع رہا ہے۔
اس فیسٹیول میں ایوارڈ یافتہ کیریبیائی اور لاطینی امریکی فوٹو گرافر حصہ لیتے ہیں۔
وبا کی وجہ سے اس فیسٹیول کو میلروز کے علاقے میں آؤٹ ڈور منتقل کرنا پڑا ہے۔
امیتابھ بچن نے کورونا منفی ہونے کی خبر کی تردید کر دی
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
امیتابھ نے سوشل میڈیا اور کچھ نیوز چینلز پر امیتابھ بچن کے کورونا کے ٹیسٹ منفی ہونے کی خبر کی تردید کی ہے۔
ایسی ہی ایک ٹی وی رپورٹ کو ٹویٹ کرکے ، انہوں نے لکھا ، ’... یہ خبر غلط، غیر ذمہ دارانہ ، دھوکہ دہی اور ناقابل تصور جھوٹ ہے۔‘
امیتابھ اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن 11 جولائی سے ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں داخل ہیں۔
امیتابھ بچن نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے ہی اپنی صحت سے متعلق معلومات فراہم کیں۔
انھوں نے لکھا کہ ’کوڈ انڈر 19 کے لیے میرا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، مجھے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ خاندان کے باقی افراد کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوا ہے‘
77 سالہ امیتابھ بچن گذشتہ پانچ دہائیوں سے بالی ووڈ سے وابستہ ہیں اور اب تک دو سو سے زیادہ فلموں میں اداکاری کرچکے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی ان کے بیٹے ابھیشیک اور بہو ایشوریا نے اب تک قریب پچاس فلموں میں اداکاری کی ہے۔
امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کے بعد اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی بیٹی ارادھیا میں بھی کورونا مثبت پایا گيا لیکن جیا بچن کی رپورٹ منفی آئی۔
ابھیشیک بچن نے ٹویٹر پر ایشوریا اور ارادھیا کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں نے خود کو الگ الگ کرلیا ہے۔
کورونا وائرس: ایمریٹس مسافروں کا طبی خرچہ اٹھائے گی
،تصویر کا ذریعہReuters
ایمریٹس دنیا کی پہلی ایئر لائن بن گئی ہے جس نے یہ گارنٹی دی ہے کہ اگر اس کے کسی مسافر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تو وہ اس کا طبی خرچہ برداشت کرے گی۔
دبئی میں قائم کمپنی نے جمعرات کو کہا ہے کہ وہ اس سے قطع نظر کہ مسافر کس کلاس میں بیٹھا ہے کووڈ۔19 کے طبی اخراجات اور قرنطینہ کا خرچہ ’مفت‘ اٹھائے گی۔
اس نئی پالیسی کے تحت جو 31 اکتوبر تک چلے گی، کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے والے مسافروں کو کسی بھی کلاس میں 1 لاکھ 74 ہزار ڈالر طبی اخراجات کے طور پر دیے جائیں گے یا پھر قرنطینہ کے دو ہفتوں کا خرچہ 100 یورو یومیہ دیا جائے گا۔
ایمریٹس کے صدر نے اس ماہ بتایا تھا کہ وبا کی وجہ سے کمپنی اپنے 60 ہزار کے عملے میں سے 9 ہزار نوکریاں ختم کر رہی ہے۔
بریکنگ, سندھ میں مزید 36 افراد کورونا کے باعث ہلاک
،تصویر کا ذریعہGetty Images
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 36 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ سندھ
اب تک وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 2096 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 9804 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 670 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئےآ
اب تک سندھ میں 686505 ٹیسٹ ہوچکے ہیں اور صوبے بھر میں سامنے آنے والے متاثرین کی تعداد 115883 ہوچکی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3176 مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 99402 ہوگئی ہے۔
سندھ میں اس وقت 14385 مریض زیر علاج ہیں، جن میں 13641 گھروں میں اور 59 مراکز پر ہیں۔ اس وقت 685 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، 440 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جن میں 70 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
ایران میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 221 ہلاکتیں
،تصویر کا ذریعہEPA
ایران نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 621 متاثرین اور 221 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
اس سے ایران میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد 15 ہزار 74 ہو جاتی ہے اور جن لوگوں میں وائرس مثبت آیا ہے ان کی تعداد 2 لاکھ 84 ہزار 34 ہو جاتی ہے۔
ایران میں حالیہ دنوں میں انفیکشنز میں اضافے کی دوسری لہر آئی ہوئی ہے۔ اپریل کے وسط میں وہاں کچھ پابندیوں میں نرمی لائی گئی تھی۔
دوسری جنگ عظیم کے بعد آسٹریلیا کی معیشت کو سب سے بڑا جھٹکا
،تصویر کا ذریعہEPA
آسٹریلیا کی معیشت کورونا وائرس کے وبا کی بڑی قیمت ادا کر ہی ہے جہاں دوسری جنگ عظیم کے بعد آسٹریلیائی بجٹ کو سب سے بڑا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔
آسٹریلوی حکومت نے کہا کہ اس کا بجٹ خسارہ ساٹھ ارب ڈالر ہے۔ آسٹریلیا کے وزیر خزانہ جوش فریڈن برگ نے کہا کہ اس نقصان سے بحالی میں برسوں لگیں گے۔
عالمی مالیاتی بحران نے بھی آسٹریلیا کو اتنا نقصان نہیں پنہنچایا تھا اور وہ اس دوران کساد بازاری سے بچ گیا تھا۔ لہذا ، اسے بعض اوقات 'معجزہ' معیشت بھی کہا جاتا ہے لیکن اب آسٹریلیا تقریبا تین دہائیوں کے دوران پہلی مرتبہ کساد بازاری کا شکار نظر آتا ہےگ
آسٹریلیا میں کورونا وائرس کا سب سے زیادہ پھیلاؤ میلبورن میں دیکھا گیا۔ یہاں اگلے چار ہفتوں کے لیے ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
میلبورن ریاست وکٹوریہ کا دارالحکومت ہے، جہاں آج انفیکشن کے 403 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ یہاں گھر سے باہر جانے والوں کے لیے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ایک روز قبل ہی وکٹوریا میں ایک ہی دن ریکارڈ 484 نئے واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جو اس وبا کے آنے کے بعد آسٹریلیا کے لیے بدترین دن تھا۔
تاہم ، دوسرے ممالک کے مقابلے میں آسٹریلیا میں ایسے معاملات کم ہیں۔ اب تک یہاں 133 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 13،300 ہے لیکن میلبورن میں کیسز میں اضافے کے ساتھ ہی آسٹریلیا کا گراف ایک بار پھر اوپر جاتا ہوا نظر آتا ہے۔
وینٹیلیٹر کیسے کام کرتا ہے؟
کورونا وائرس انسانی جسم میں نظام تنفس کو شکار کرتا ہے جس سے سانس لینے میں دشواری پیدا ہوتی ہے۔ جن مریضوں میں مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے انہیں مصنوعی سانس دینے کے لیے وینٹیلیٹر کی ضرورت پڑتی ہے۔
جانیے کہ یہ مشین کام کیسے کرتی ہے؟
جھارکھنڈ: ماسک نہ پہننے پر 2 سال جیل ، 1 لاکھ روپے جرمانہ
انڈیا کی ریاست جھارکھنڈ میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کی خلاف ورزی کرنا اب جرم ہوگا۔ ماسک نہ پہننے پر لوگوں کو زیادہ سے زیادہ دو سال قید یا 1 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزاییں دی جائیں گی۔
کابینہ کی جانب سے 'جھارکھنڈ متعدی وبائی بل' کے منظور ہونے کے بعد یہ نیا قانون نافذ ہوگیا ہے۔
ریاستی وزیر اعلی ہیمنت سورین حکومت نے بدھ کی شام کو یہ اطلاع دی۔
انھوں نے کہا ، ’حکومت کو بعض اوقات سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ ہماری کابینہ نے یہ فیصلہ کورونا کے پھیلاؤ کے باعث کیا ہے۔ میری اپیل ہے کہ لوگ ماسک کے بغیر گھر سے باہر نہ نکلیں۔ ورنہ قانون اپنا کام کرے گا۔ یہ نظام ہر عام اور خصوصی پر لاگو ہوگا۔‘
جھارکھنڈ میں ، 6000 سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ 60 سے زیادہ افراد کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔
بدھ کے روز جھارکھنڈ اسمبلی کے سابق اسپیکر اور سابق وزیر سی پی سنگھ مںی بھی کورونا کے ٹیسٹ بھی مثبت پائے گئے۔
دریں اثنا ، کچھ ایم ایل اے کو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی کا سکریٹریٹ تین دن کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
لاطینی امریکہ کی تازہ ترین صورتحال کیا ہے؟
،تصویر کا ذریعہEPA
لاطینی امریکہ دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ خطوں میں سے ہے اور یہاں اب تک مجموعی طور پر 40 لاکھ سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے۔
برازیل خطے کا وہ واحد ملک نہیں جہاں بدھ کو ریکارڈ متاثرین سامنے آئے، بلکہ ارجنٹینا میں بھی 24 گھنٹوں میں 5782 متاثرین سامنے آئے جو وہاں کی ریکارڈ تعداد ہے۔
کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں مختلف علاقوں میں باری باری لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔ وہ سات علاقے جہاں دو ہفتوں سے لاک ڈاؤن ہے، اب انھیں آج سے اپنی زندگیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت ملے گی جبکہ پانچ دیگر علاقوں میں آج سے لاک ڈاؤن کر دیا جائے گا۔ یہ نظام وائرس کو قابو میں رکھتے ہوئے معیشت کو بحال کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
پیرو میں نظامِ صحت متاثرین کو علاج فراہم کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے تاہم مریضوں کے زبردست دباؤ کی وجہ سے وہاں طبی عملے کو مشکلات ہیں۔ کئی مریضوں کو ہسپتالوں کے باہر خیمے لگائے دیکھا گیا جبکہ کچھ مریضوں کو ان کی گاڑیوں میں ہی آکسیجن لگائی جا رہی تھی۔
روس میں ایک دن میں چھ ہزار کے قریب نئے متاثرین
،تصویر کا ذریعہAFP
روس میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے پانچ ہزار 848 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ 147 مزید ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔
نئے اعداد و شمار گذشتہ روز کے پانچ ہزار 862 متاثرین سے ذرا ہی کم ہیں جبکہ گذشتہ روز 165 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
روس میں اب ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 892 ہوچکی ہے جبکہ یہاں مصدقہ متاثرین کی تعداد سات لاکھ 95 ہزار 38 ہوچکی ہے۔
اسلام آباد کے کورونا آئی سی یو وارڈ سے بی بی سی کی خصوصی رپورٹ
پاکستان میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کو کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں اور ان کے اہلخانہ کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا رہا ہے۔
طبی عملے کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی علامات کو چھپایا جاتا ہے اور اسے بدنامی سمجھا جاتا ہے۔ کئی لوگ اب بھی اسے جھوٹ قرار دیتے ہیں، اور کچھ کے خیال میں ڈاکٹر مریضوں کو مار رہے ہیں۔
بی بی سی کی نامہ نگار فرحت جاوید اور موسیٰ یاوری کو اسلام آباد کے سرکاری اسپتال پمز کے کورونا آئی سی یو میں خصوصی رسائی دی گئی۔
انھوں نے وہاں تعینات ڈاکٹروں سے ملاقات کی جو وائرس کے ساتھ ساتھ افواہوں کے خلاف بھی لڑ رہے ہیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Google YouTube کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Google YouTube ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔ YouTube کے مواد میں اشتہارات ہو سکتے ہیں۔
YouTube پوسٹ کا اختتام
چینی کمپنی کی کورونا ویکسین رواں سال کے آخر تک تیار ہونے کا امکان
،تصویر کا ذریعہReuters
چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک چینی دواساز کمپنی کی تیار کردہ کورونا کی ویکسین رواں سال کے اواخر تک تیار ہو سکتی ہے۔
چائنا نیشنل فارماسیوٹیکل گروپ (سائنو فارم) کے چیئرمین لیو جنگژین نے کہا کہ انسانوں پر اس دوا کی آزمائش اگلے تین ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
سائنو فارم کے یونٹ چائنا نیشنل بائیوٹیک گروپ نے خبردار کیا تھا کہ چونکہ چین میں انفیکشن کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے اس لیے اسے آزمانے کے لیے لوگوں کی کمی ہے، جس سے ویکسین کی تیاری میں دیر ہو سکتی ہے، تاہم اب اسے متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک میں آزمایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ایک اور چینی کمپنی سائنوویک بائیوٹیک کی بنائی گئی ویکسین کو لوگوں پر برازیل میں آزمایا گیا تھا۔
اسرائیل: 'گرینڈ کورونا لا' نامی متنازع قانون منظور کر لیا گیا
اسرائیل نے ایک متنازع نئے قانون کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نئی پابندیاں عائد کر سکتی ہے جبکہ پارلیمان اس پر صرف محدود نگرانی ہی کر سکے گی۔
'گرینڈ کورونا لا' کہلانے والے اس قانون کے ذریعے کابینہ فوری نوعیت کی تصور کی جانے والی پابندیاں عائد کر سکے گی اور پارلیمان 24 گھنٹے گزرنے کے بعد ہی اس فیصلے پر نظرِثانی کر سکے گی۔
اپوزیشن ارکان نے اس قانون کو جمہوریت مخالف قرار دیا ہے جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ اسے بحران سے نمٹنے کے لیے اس قانون کی ضرورت ہے تاکہ اپنا اختیار مستحکم کیا جا سکے۔
حالیہ ہفتوں میں اسرائیل میں روزانہ ایک ہزار سے زیادہ متاثرین سامنے آ رہے ہیں جبکہ بے روزگاری ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔
منٹوں کے نوٹس پر شٹ ڈاؤن کے فیصلوں اور امدادی پیکج میں تاخیر پر عوام میں غصہ ہے۔
ہزاروں لوگوں نے حالیہ دنوں میں سڑکوں پر احتجاج کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نیتن یاہو سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
کورونا وائرس: برازیل میں ایک روز میں 67 ہزار نئے متاثرین سامنے آ گئے
،تصویر کا ذریعہAFP
گذشتہ ایک روز میں برازیل میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور 67 ہزار نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔
وزارت صحت نے اسی دورانیے 1300 کے قریب اموات ہوئی ہیں۔
22 لاکھ سے زیادہ مصدقہ متاثرین کے ساتھ برازیل اس وقت امریکہ کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
برازیل میں اس وائرس سے چھوٹے قصبے اور دور دراز کے علاقے بھی متاثر ہو رہے ہیں جہاں کم ہی طبی سہولیات ہیں اور صدیوں سے وہاں رہائش پذیر مقامی آبادیاں اس کا نشانہ بن رہی ہیں۔
یورپ میں تازہ ترین صورتحال کیا ہے؟
،تصویر کا ذریعہAFP
فرانس غربت کی سطح پر موجود 70 لاکھ لوگوں کو بار بار قابلِ استعمال ماسک مفت میں فراہم کرے گا۔ وزیرِ صحت اولیویئر ویرن نے کہا کہ چار کروڑ کے قریب ماسک دیے جائیں گے کیونکہ 'فرانس ماسک حاصل نہ کر سکنے والے لوگوں کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑے گا۔'
پرتگال میں گوشت کے ایک کارخانے کو 34 ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بند کر دیا گیا ہے۔
یورپ میں گوشت کے کارخانوں سے منسلک وبا کی سب سے بڑی لہروں میں سے ایک جرمنی کی مغربی ریاست نارتھ رائن ویسٹفیلیا سے تعلق رکھتی تھی۔ وہاں کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ اس وبا سے 2119 لوگ متاثر ہوئے تاہم کسی کی ہلاکت نہیں ہوئی۔
اٹلی کی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کی شکار اپنی معیشت کی بحالی کے لیے 25 ارب یورو (29 ارب ڈالر) کے معاشی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اس حکومت کی جانب سے تیسرا کورونا پیکج ہے اور یورپی یونین کی جانب سے گرانٹس اور قرضوں کی مد میں 209 ارب یورو ملنے تک یہ معیشت کو سہارا دے سکے گا۔
بیلجیئم میں گذشتہ ہفتے یومیہ متاثرین کی تعداد میں 91 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے چنانچہ حکام کا کہنا ہے کہ پابندیاں اٹھائے جانے کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔
سپین میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد دوبارہ بڑھ رہی ہے اور اب مرض پھیلنے کی شرح 1.3 تک پہنچ گئی ہے۔ بدھ کو 730 نئے متاثرین سامنے آئے جو گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں دو گنا تعداد ہے۔
کورونا پابندیوں کے دوران چائے بسکٹ، کتابوں اور ہوم ڈیلیوری پر اضافی خرچ
انڈیا میں ایک دن میں ریکارڈ 45 ہزار سے زائد متاثرین
،تصویر کا ذریعہReuters
انڈیا میں گذشتہ روز کورونا وائرس کے ریکارڈ 45 ہزار 720 متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں اس مرض سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 40 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
وزارت صحت کے حکام نے مطلع کیا کہ گذشتہ روز ملک بھر میں 1129 اموات ہوئیں۔
انڈیا میں اب تک کورونا وائرس سے 29 ہزار 861 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہلاکتوں کے اعتبار سے یہ امریکہ اور برازیل کے بعد دنیا میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
آسٹریلیا میں کورونا کے 400 سے زائد نئے متاثرین، پانچ ہلاکتیں
،تصویر کا ذریعہReuters
آسٹریلیا میں گذشتہ روز اموات کی تعداد تین ماہ کی بلند ترین سطح پر رہی اور کورونا وائرس کے سبب پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ریاست وکٹوریا میں مزید 403 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک آسٹریلیا میں کورونا وائرس سے 13 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 128 افراد ہلاک ہویے ہیں۔
آسٹریلیا کے وزیرِ خزانہ جوش فرائیڈنبرگ نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سماجی دوری کے جو ضوابط عائد کیے گئے ہیں ان سے وبا کا اثر کم ہوا ہے تاہم اس کے معیشت پر بھاری اثرات پڑے ہیں۔
امریکہ میں دوسرے روز بھی 1100 سے زیادہ اموات، مجموعی ہلاکتیں ایک لاکھ 43 ہزار سے زیادہ
،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ میں بدھ کو لگاتار دوسرے روز کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1100 سے زائد رہی جو کہ مئی کے مہینے سے اب تک پہلی مرتبہ ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اب حالیہ ہفتوں میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اب 23 ریاستیوں میں ہلاکتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور ایلابامہ، کیلیفورنیا، نیواڈا اور ٹیکساس کی ریاستوں میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔
تاہم یہاں پر یہ وضاحت ضروری ہے کہ یہ اعداد و شمار روئٹرز کے اپنے حسابات کے مطابق ہیں جو دیگر ذرائع مثلاً سی ڈی سی یا جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار سے مختلف ہو سکتے ہیں۔
بدھ کو سب سے زیادہ ہلاکتیں ٹیکساس میں 197، کیلیفورنیا میں 159، فلوریڈا میں 140 اور اوہائیو میں 106 ہوئیں جس کے بعد امریکہ میں ہلاکتوں کی کُل تعداد ایک لاکھ 43 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔
امریکہ میں ویسے تو اموات میں اضافہ کو یہ دوسرا ہفتہ ہے تاہم اس کی سطح اپریل میں دیکھی گئی سطح سے کافی کم ہے جب روزانہ اوسطاً دو ہزار لوگ ہلاک ہو رہے تھے۔