بریکنگ, کورونا پابندیاں: عالمی سیاحتی صنعت کو 3.3 ٹریلین ڈالر کے نقصان کا امکان

،تصویر کا ذریعہReuters
اقوامِ متحدہ کے ایک مطالعے کے مطابق سیاحت سے ہونے والی عالمی آمدنی میں کورونا وائرس کو روکنے کے لیے لگائی جانے والی بندشوں کے باعث 3.3 ہزار ارب ڈالر کی کمی ہوگی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اقوامِ متحدہ کی جاری کردہ یہ رپورٹ سیاحت کی صنعت کے لیے تین منظرناموں پر مبنی ہے جس میں لاک ڈاؤن کے چار ماہ، آٹھ ماہ اور 12 ماہ تک جاری رہنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
ان منظرناموں میں منافعوں میں 1.17 ٹریلین، 2.22 ٹریلین اور 3.3 ٹریلین ڈالر کی کمی ہوگی جو دنیا کی عالمی جی ڈی پی کے 1.5 سے لے کر 4.2 فیصد تک ہے۔
تینوں منظرناموں میں سب سے زیادہ نقصانات امریکہ کے ہوں گے جس کے بعد چین کا نمبر ہے۔ تھائی لینڈ اور فرانس کا بھی 47 ارب ڈالر گنوانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ جمیکا جیسے چھوٹے ممالک اپنی معیشت کے حجم کے مقابلے میں سب سے زیادہ بڑا نقصان اٹھائیں گے۔ جمیکا کو اپنی مجموعی قومی پیداوار میں 11 فیصد یا 1.68 ارب ڈالر کی کمی کا سامنا ہوگا۔






















