قازقستان میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ، پنجاب میں 646 نئے متاثرین، 13 ہلاکتیں

دنیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 14 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ پاکستان میں اب تک دو لاکھ 31 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔ قازقستان میں کورونا کے متاثرین میں اضافے کے بعد دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن کے میئر نے خبردار کیا ہے کہ اگر کورونا کے متاثرین میں اضافہ ہوتا رہا تو اگلے دو ہفتوں میں ہسپتالوں میں بستر کم پڑ سکتے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. کورونا وائرس: ’بڑی غلطیاں‘ کرنے پر نیوزی لینڈ کے وزیرِ صحت مستعفی

    کلارک

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    نیوزی لینڈ کے وزیرِ صحت لاک ڈاؤن قواعد کی خلاف ورزی کرنے اور حکومت کے کورونا وائرس کے خلاف ردِ عمل پر تنقید کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

    ڈیوڈ کلارک نے اپنے خاندان کو ساحل پر لے جا کر لاک ڈاؤن قواعد کی خلاف ورزی کی تھی اور ان کے درجے میں پہلے ہی تنزلی کی جا چکی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ اگر وہ اپنے عہدے پر کام جاری رکھتے ہیں تو یہ ان کی حکومت کے عالمی وبا کے خلاف ردِ عمل سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہو گا۔

    وزیرِ اغظم جسنڈا آرڈرن نے جمعرات کے روز تصدیق کی کہ انھوں نے کلارک کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔

    کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے حوالے سے نیوزی لینڈ کی کہانی کامیاب ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

    ملک میں اب تک 1528 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 22 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ گذشتہ ماہ وائرس کے پھیلاؤ کے بعد لگائی جانے والی پابندیاں ہٹا دی گئی تھیں اور ملک کو وائرس سے پاک قرار دے دیا گیا تھا۔

    تاہم ملک میں سرحدوں پر بنائے گئے قرنظینہ مراکز کی پالیسیز کے حوالے سے تنقید کی گئی ہے۔ ایک مرتبہ دو افراد کو ان مراکز سے جلدی نکلنے کی اجازت دی گئی تھی تاکہ وہ ایک قریب المرگ مریض کی عیادت کر سکیں۔ بعد میں پتا چلا تھا کہ انھیں کووڈ 19 ہے۔

    کلارک نے کہا کہ ’میں بطور وزیرِ صحت اپنے فیصلوں کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔‘

    انھوں نے کہا کہ یہ مستعفی ہونے کا صحیح موقع ہے کیونکہ اس وقت ملک میں مقامی منتقلی کے کیسز نہیں ہے۔

  2. لاک ڈاؤن کے باعث شاہی خاندان میں کیا تبدیلیاں آ رہی ہیں؟, سارہ کیمبل، نامہ نگار شاہی خاندان، بی بی سی نیوز

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    تین ماہ قبل جب لاک ڈاؤن کا آغاز ہوا تو یہ جاننا مشکل تھا کہ شاہی خاندان خودساختہ تنہائی میں رہتے ہوئے کیسے قوم کو کیسے متحد کر پائے گا جیسے وہ ماضی میں مشکل حالات میں کرتا آیا ہے۔

    شہزادہ چارلس کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ چکا تھا۔ وہ اور ان کی اہلیہ سکاٹ لینڈ میں خود ساختہ تہنائی میں چلے گئے۔ ملکہ برطانیہ اور ڈیوک آف ایڈنبرا دونوں ہی 90 کے پیٹے میں ہیں اور ان دونوں نے ہی ونڈسر ونڈسر قلعے کی دیواروں کے پیچھے ہی رہنا بہتر سمجھا۔

    شاہی خاندان کو پہلے ہی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کے جانے سے پہلے ہی ایک دھچکہ پہنچ چکا تھا۔ تاہم پھر بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور عوام کو سہارے کی ضرورت بڑھنے لگی۔

    ایک ہفتے میں شہزادہ چارلس جنھیں اس بیماری کی انتہائی معمولی علامات تھیں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی اور اپنے ’عجیب، مایوس کن اور کبھی کبھار تکلیف دہ تجربے‘ کے بارے میں بتایا۔ انھوں نے یہ ویڈیو اپنے گھر یعنی بالمورال کی اراضی سے ریکارڈ کی تھی۔

    اس ویڈیو میں کچھ خاص تھا۔ شاید ان کے آس پاس کا ماحول، یا بھری ہوئی کتابوں کی الماری، خاندان کی تصویر، ٹیڈی بیئر یا ان کی جانب سے کی جانے والی جذباتی تقریر، لیکن اس نے شاہی خاندان کے لیے لاک ڈاؤن کے دوران عوام سے رابطہ کرنے کے لیے راہ ہموار کر دی۔

  3. دنیا میں کہاں کووڈ 19 کا مرض پھیل رہا ہے اور کہاں کم ہو رہا ہے؟

    scene

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جون کی 28 تاریخ کو دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ سے بڑھ گئی جس کے بعد عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ وائرس سے مقابلے کا اب ایک نیا اور خطرناک مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔

    مغربی یورپ اور ایشیا کے کئی ممالک میں وائرس کے پھیلاؤ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے لیکن دوسری جانب دنیا کے دیگر کئی علاقوں میں یہ وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔

  4. کورونا وائرس سے منسلک دوا ریمڈیسیور کی آئندہ تین ماہ کی مکمل پیداوار امریکی حکومت نے بک کر لی!

    Corona

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ کووڈ19 سے منسلک ایک دوا ریمڈیسیور کی آئندہ تین ماہ کی مکمل پیداوار وہ اس دوا کو بنانے والی امریکی کمپنی گلیئڈ سے خرید رہے ہیں۔

    امریکی محکمہِ صحت نے کہا ہے کہ وہ امریکی ہسپتالوں کے لیے پانچ لاکھ یونٹ خرید رہے ہیں۔

    اس دوا پر تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ مریضوں کی صحت یابی میں تیزی لاتی ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ مریضوں کی جان بچا سکتی ہے یا نہیں۔

    گلیئڈ نے مئی میں امریکہ سے باہر دوا بنانے کا معاہدہ تو کیا ہے تاہم ابھی وہ معاملہ ابتدائی مراحل میں ہے۔

    امریکہ میں اس دوا کا مکمل کورس 2340 ڈالر کا ہوگا۔

  5. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کورونا کے 50 مریضوں کی عمر دس سال سے بھی کم

    Corona

    ،تصویر کا ذریعہDirectorate General Health, Muzaffarabad

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق خطے میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں میں سے 50 ایسے مریض ہیں جن کی عمر 10 سال سے کم ہے۔ اس کے علاوہ خطے میں ایک ایسے مریض بھی ہیں جن کی عمر 90 سال سے بھی زیادہ ہے۔ خطے میں کل متاثرین 1135 ہو چکی ہے۔

    Corona
  6. برطانیہ: پلنگ ساز کارخانے میں وبا پھیلنے کا انکشاف

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGoogle

    برطانیہ کے علاقے ویسٹ یارکشائر میں پلنگ بنانے والے ایک کارخانے میں ‘چھوٹے پیمانے’ پر وبا کے پھیلنے کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ڈیورا بیڈز کے مطابق بیٹلے کے علاقے میں واقع ان کے کارخانے کے عملے کے آٹھ ارکان میں رواں ہفتے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اب عملے کے تمام 107 ارکان کے ٹیسٹ کیے جائیں گے جبکہ ڈیورا بیڈز کے مذکورہ کارخانے کو حفاظت کے پیشِ نظر دو ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

  7. اسلام آباد: سیکٹر آئی 8 اور آئی 10 کو ڈی سیل کرنے کا ہدایت نامہ جاری

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سیکٹر آئی 8 اور آئی 10 کو ڈی سیل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

    آئی 8 تھری، آئی 8 فور، آئی 10 ون اور آئی 10 ٹو کو کل جمعرات شام سات بجے ڈی سیل کر دیا جائے گا۔

    سرکاری نوٹیفیکیشن کے مطابق آئی 8 اور آئی 10 مرکز جمعے کے روز صبح سویرے سے ڈی سیل کیے جائیں گے۔

    ڈی سیل کیے جانے کے باوجود ان سیکٹرز میں دفعہ 144 نافذ رہے گی۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈی سیل کیے جانے والے سیکٹرز میں شہری ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے پابند ہوں گے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ فوری اور سخت ایکشن لے گی۔

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہICT Administration

  8. بلوچستان میں 132 نئے متاثرین، نئی ہلاکتوں کی تعداد صفر

    کورونا

    بلوچستان میں کورونا کے 132 نئے متاثرین کے اضافے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 10 ہزار 608 ہوگئی ہے۔

    صوبے میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد 121 ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد میں تبدیلی نہیں آئی ہے۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق یکم جولائی 2020 کو کورونا کے 780 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 132 مثبت آئے۔ بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 49 ہزار 694 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 39 ہزار 86 کے نتائج منفی آئے۔

    بلوچستان میں مجموعی طور پر ایک لاکھ پانچ ہزار 184 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔

    کورونا وائرس سے اب تک صوبے میں 4764 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

  9. لیسسٹر: لاک ڈاؤن زون میں رہنے والے بچے سکول نہیں جا سکیں گے

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGoogle

    برطانیہ کے محکمہ تعلیم نے یہ واضح کیا ہے کہ وہ بچے جو لیسسٹر شہر میں ہیں اور لاک ڈاؤن زون میں رہتے ہیں، وہ اس علاقے سے باہر واقع اپنے سکولوں میں نہیں جا سکیں گے۔

    جمعرات کے دن سے صرف خطرے کی زد میں موجود بچے، یا اہم خدمات انجام دینے والے افراد کے بچے ہی سکول یا سماجی کارکنان کے ساتھ اپائنٹمنٹ کے لیے دوسری جانب جا سکتے ہیں۔ دیگر بچوں سے گھروں پر رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔

    ڈپارٹمنٹ فار ایجوکیشن نے کہا: ‘اگر آپ بچے یا نوجوان ہیں (خطرے کی زد میں نہیں یا کسی اہم ورکر کے بچے نہیں)، اور آپ لیسسٹر میں رہتے ہیں مگر متاثرہ علاقے سے باہر سکول یا کالج جاتے ہیں، تو آپ کو لازماً گھر پر رہنا چاہیے۔’

  10. بریکنگ, خیبر پختونخوا میں 340 نئے متاثرین، 22 مزید ہلاکتیں

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے 340 نئے متاثرین سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد یہاں متاثرین کی کُل تعداد 26 ہزار 938 ہوگئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں 22 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ صوبے میں ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 973 ہے۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں 13 ہزار 584 افراد اس مرض سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

    اب سے کچھ دیر قبل پشاور کی انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ صوبائی دارالحکومت کے دو علاقوں سے لاک ڈاؤن ہٹایا جا رہا ہے جبکہ دو مزید علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔

    جہاں گلبہار نمبر چار اور کوہی حسن خیل کے علاقوں سے کل سہہ پہر تین بجے لاک ڈاؤن ختم ہوگا، تو وہیں سرہ خاورہ اور شین ڈرنگ ماشوگگر کے علاقوں میں کل سہہ پہر تین بجے سے لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔

    کورونا
  11. وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا دورہ لاہور، بریگیڈیئر حسن افضال کے اہلخانہ سے تعزیت

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGovt of Balochistan

    وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ میں کورونا کے باعث وفات پانے والے پاکستانی فوج کے بریگیڈیئر حسن افضال کے اہلخانہ سے تعزیت کے لیے لاہور کا دورہ کیا۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق جام کمال خان پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار کے ہمراہ بریگیڈیئر حسن افضال کے گھر گئے اور ان کے انتقال پر اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

    بریگیڈیئر حسن افضال کوئٹہ میں آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈر تھے اور کوئٹہ میں کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔

  12. 'برطانیہ میں ریمیڈیسیور کی خوراکیں کافی تعداد میں موجود ہیں'

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ۔انگلینڈ کے ڈپٹی چیف میڈیکل افسر پروفیسر جوناتھن وین ٹیم نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ہسپتالوں میں داخل مریضوں کے علاج کے لیے ریمیڈیسیور کی خوراکیں کافی تعداد میں موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ ان کی جانب سے یہ بیان اس خبر کے بعد سامنے آیا ہے کہ امریکہ نے اس دوا کی دنیا بھر میں موجود دستیاب خوراکیں خرید لی ہیں۔

    ریمیڈیسیور کے بارے میں پایا گیا ہے کہ اس کی مدد سے لوگ کووڈ 19 سے جلدی صحتیاب ہوجاتے ہیں۔

    ریمیڈیسیور امریکی کمپنی جیلیڈ سائنسز کی جانب سے تیار کی جا رہی ہے اور یہ وہ پہلی دوا ہے جسے امریکہ کے حکام نے اس بیماری کے علاج کے لیے منظور کیا ہے۔

    امریکی انتظامیہ کو جولائی میں کمپنی کی پیداوار کا 100 فیصد یا پانچ لاکھ خوراکیں ملیں گی، جبکہ اگست اور ستمبر میں 90 فیصد ملیں گی۔

  13. آسٹریلیا میں تین لاکھ سے زیادہ لوگ آج سے لاک ڈاؤن میں

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    آسٹریلیا میں حکام میلبرن کے شمال میں واقع مضافاتی علاقوں کو بدھ کی رات سے ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن کر دیں گے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

    لاک ڈاؤن کے اس اقدام سے تین لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوں گے۔ آسٹریلیا کی اس دوسری سب سے زیادہ آبادی والی ریاست وکٹوریا میں کورونا وائرس کے یومیہ متاثرین کی تعداد مسلسل دو ہفتوں سے دو ہندسوں میں ہے۔

    آسٹریلیا دوسرے ممالک کی بہ نسبت اس وبا سے زیادہ بہتر انداز میں نمٹتا رہا ہے، اور یہاں 7920 متاثرین سامنے آئے ہیں، جبکہ 104 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ یہاں پر 400 سے بھی کم فعال متاثرین ہیں مگر حالیہ اضافے کی وجہ سے کووڈ 19 کی دوسری لہر کے خدشات زور پکڑنے لگے ہیں۔

    عالمی طور پر اتوار کو کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی تھی۔ اب تک اس مرض سے پانچ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    نصف شب سے آسٹریلیا کے دوسرے سب سے بڑے شہر کے 30 سے زیادہ مضافاتی علاقوں میں تیسرے درجے کی پابندیاں نافذ ہوجائیں گی، جو وبا کو روکنے کے لیے متعارف کروائے گئے سخت ترین اقدامات ہیں۔

    اس کا مطلب ہے کہ رہائشی اپنے گھروں سے باہر صرف سودا سلف خریدنے، ڈاکٹر کے پاس جانے، ملازمت یا کسی کی دیکھ بھال کے لیے، یا پھر ورزش کے لیے جا سکیں گے۔

  14. کیا کورونا کی دوسری لہر آ سکتی ہے؟

    جہاں دنیا کے متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے عائد پابندیوں میں نرمی ہو رہی ہے وہیں اس امر پر بھی توجہ مرکوز ہے کہ اس وبا کی دوسری لہر سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔

    YouTube پوسٹ نظرانداز کریں
    Google YouTube کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Google YouTube کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Google YouTube ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔ YouTube کے مواد میں اشتہارات ہو سکتے ہیں۔

    YouTube پوسٹ کا اختتام

  15. برطانیہ میں مزید 176 افراد کورونا وائرس سے ہلاک

    برطانیہ کے ہسپتالوں میں مزید 176 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد وائرس سے اموات کی تعداد 43906 ہو گئی ہے۔

    محکمہ صحت برطانیہ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 226398 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 829 مثبت آئے ہیں۔

    اب تک ملک بھر میں کورونا کے 9,662,051 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 313,483 مثبت آئے ہیں۔

  16. بلوچستان: سمارٹ لاک ڈاؤن میں 15 جولائی تک کے لیے توسیع

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی حکومت نے صوبے میں جاری سمارٹ لاک ڈاؤن میں 15 جولائی تک کی توسیع کر دی ہے۔

    ریڈیو پاکستان نے محکمہ داخلہ اور قبائلی امور بلوچستان کے حوالے سے بتایا ہے کہ تمام شاپنگ سینٹر، بازار، اور دکانیں اس دوران صبح نو بجے سے شام سات بجے تک ہفتے میں چھ دن کے لیے کھولی جائیں گی، جبکہ جمعے کو تمام چھوٹی بڑی کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

    اس کے علاوہ عوامی مقامات پر چہرے پر ماسک پہننا اور دیگر حفاظتی اقدامات کی پیروی کرنا بھی لازم ہوگا۔

    یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل سندھ حکومت کی جانب سے بھی صوبے میں مختلف کاروباری اور روز مرہ کی سرگرمیوں پر پابندی میں توسیع کا حکمنامہ جاری کیا گیا تھا۔

    سندھ حکومت کی جانب سے بھی تعلیمی اداروں، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ، ریستورانوں میں بیٹھ کر کھانے اور دیگر سرگرمیوں پر پابندی میں 15 جولائی تک کے لیے توسیع کر دی ہے۔

  17. کولمبیا: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، میئر نے اپنے بیٹے کو پولیس کے حوالے کر دیا

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہTWITTER/@CARLOSHIGGINSV1

    ،تصویر کا کیپشنمیئر ہگنز (سرخ شرٹ میں) نے کہا کہ ان کے خاندان کو سب سے پہلے قوانین کی پاسداری کرنی چاہیے

    کولمبیا میں ایک شہر کے میئر کی تعریف کی جا رہی ہے کیونکہ انھوں نے اپنے بیٹے کو کورونا وائرس روکنے کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    میئر کارلوس ہگنز نے کہا کہ انھیں مثال قائم کرنی تھی۔

    انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ‘میرے خاندان کو سب سے پہلے قوانین کی پاسداری کرنی ہوگی۔’

    اب تک کولمبیا میں کورونا وائرس کے 95 ہزار سے زائد مصدقہ متاثرین سامنے آ چکے ہیں جبکہ یہاں 3300 سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

  18. راولپنڈی پولیس کی جانب سے تھیلیسیما متاثرین کے لیے خون کا عطیہ

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہRawalpindi Police

    راولپنڈی پولیس کی جانب سے آج تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے خون کا عطیہ کیا گیا۔

    راولپنڈی پولیس کے ایک اعلامیے کے مطابق ادارے کے افسران اور اہلکار تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو خون عطیہ کرنے پاکستان تھیلیسیمیا سینٹراسلام آباد پہنچے، جہاں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اظہر شاہ کی سربراہی میں راولپنڈی پولیس، ڈولفن اور ایلیٹ سکواڈ کے 40 افسران و اہلکاروں نے بچوں کے لیے خون کے عطیات دیے۔

    اس موقع پر راولپنڈی پولیس کے افسران نے تھیلسیمیا کے شکار بچوں کے ساتھ وقت بھی گزارا۔

    اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے خون کے عطیات میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث متعلقہ حکام نے سی پی او راولپنڈی محمد یونس سے رابطہ کیا تھا اور ان سے خون کے عطیات دینے کے لیے اپیل کی تھی۔

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہRawalpindi Police

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہRawalpindi Police

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہRawalpindi Police

  19. انڈین ریاست کرناٹکا کے ایک گاوٴں میں 47 بکریوں کو قرنطینہ کر دیا گیا

    انڈیا

    ،تصویر کا ذریعہScreen Grab

    انڈین ریاست کرناٹکا کے ایک گاوٴں میں کورونا وائرس کے حدشے کے پیش نظر 47 بکریوں کو قرنطینہ کیا گیا ہے۔

    کرناٹکا کے توماکورو ضلع کے گوڈے کیرے گاوٴں میں ایک چرواہے کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس کی چار بکریوں کی موت ہو گئی تھی۔

    یہ دیکھ کر گاوٴں والوں کو فکر ہوئی اور انھیں اس بات کا خدشہ ہوا کہ بکریوں کی ہلاکت کی وجہ کووڈ 19 ہے۔ اس بارے میں مقامی انتظامیہ سے تفتیش کی درخواست کی گئی ہے۔

    بنگلور سے تقریباً ایک سو پچیس کلومیٹر دور واقع اس گاوٴں کے رہائشیوں کی شکایت پر ضلع انتظامیہ نے چند اہلکاروں کو بکریوں کے سیمپل لینے بھیجا اور بکریوں کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

    گاوٴں کے چند افراد کا مطالبہ ہے کہ بکریوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے تاکہ ان کی موت کی اصل وجہ واضح ہو سکے۔

    کرناٹکا میں جانوروں کے علاج کے محکمے کے سیکرٹری پی منیوننن نے بی بی سی کو بتایا ’ہم نے بکریوں کو قرنطینہ میں اس لیے رکھا ہے تاکہ گاوٴں والوں کے دل میں کسی طرح کا خوف نہ رہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم کسی بھی بات کو نظر انداز نہیں کر رہے ہیں، حالانکہ ماہرین یہ بات کہہ چکے ہیں کہ کورونا جانوروں کو متاثر نہیں کرتا ہے۔ تفتیشی رپورٹ آنے تک بکریوں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔‘

    وائرالوجی کے ماہر پروفیسر چھدانند نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اب تک ایسا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے جس میں کسی انسان سے جانوروں میں یا جانوروں سے انسان میں کورونا وائرس پہنچا ہو۔ گاوٴں والوں کے پاس وائرس کے پھیلاوٴ کا زیادہ علم نہیں ہے۔ اس لیے ہمیں انھیں سمجھانا چاہیے تاکہ وہ خوفزدہ نہ ہوں۔ بکریوں کو قرنطینہ میں رکھ کر گاوٴں والوں کو محض تسلی دی جا رہی ہے۔‘

    تاہم پی منیوننن نے جنوبی انڈیا کے بندروں کو ہونے والے مرض کائناسور فاریسٹ ڈزیز (کے ایف ڈی) کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ بیماری بھی تو بندروں کے ساتھ انسانوں کو بھی ہو جاتی ہے اس لیے امکانات بھلے 0.1 فیصد ہوں لیکن ہم اپنی طرف سے لاپرواہی نہیں کر سکتے ہیں۔‘

  20. بریکنگ, کورونا: دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی

    دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں متاثرین کی تعداد 26 لاکھ جبکہ اموات کی تعداد 127000 سے زیادہ ہے۔

    امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثرین برازیل میں ہیں جہاں یہ تعداد چودہ لاکھ کے لگ بھگ جبکہ وائرس سے اموات کی تعداد تقریباً 60 ہزار ہے۔

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters