یورپ کو اس سال کے آخر تک ’کورونا ویکسین کی 40 کروڑ خوراکیں‘ مل سکتی ہیں
یورپ میں کورونا وائرس کے بچاؤ کے لیے ویکم الائنس نے ادوایات تیار کرنے والی والی کمپنی آسٹرا زینیکا کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس اتحاد میں جرمنی، فرانس، اٹلی اور نیدرلینڈ شامل ہیں۔
جرمن حکومت نے سنیچر کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ اس معاہدے کے تحت کمپنی ویکسین بنتے ہی یورپ کو 40 کروڑ خوراکیں دے گی۔ یہ ویکسین یورپی یونین کے ممبر ممالک کو دی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس ویکسین کی پیداوار بڑھانے اور کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے اور وہ یہ ویکسین بغیر منافع کے فراہم کرے گی۔
کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ ویکسین کی فراہمی اس سال کے اختتام سے پہلے ہی شروع ہوجائے گی۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو پاسکل سوریو کا کہنا ہے کہ ’اگر سب کچھ صحیح چلتا رہا تو یورپ میں رہنے والے لاکھوں افراد کو یہ ویکسین مل سکے گی۔ اور ہمیں اس بارے میں موسمِ گرما کے اختتام تک معلوم ہو جائے گا۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویکسین بنانے سے متعلق ابتدائی اعداد و شمار کی بنیاد پر وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ ویکسین کارآمد ثابت ہوگی۔