آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

انڈیا میں 10 ہزار سے زیادہ اموات، برازیل میں ایک دن میں تقریباً 35 ہزار نئے کیس

دنیا بھر میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 81 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ پاکستان میں میں لگاتار دوسرے روز بھی اموات کی ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہیں۔ منگل کو دنیا کے دوسری سب سے متاثرہ ملک برازیل میں وائرس کے تقریباً 35 ہزار نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ انڈیا چوتھے نمبر پر ہے اور وہاں مزید دو ہزار اموات ہوئی ہیں۔

لائیو کوریج

  1. یونان سیاحوں کو ’خوش آمدید‘ کہنے کے لیے تیار

    یونان کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ان کا ملک لاک ڈاؤن کے خیریت سے اختتام کے بعد سیاحوں کو ’خوش آمدید‘ کہنے کے لیے تیار ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور اب اسے بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ: ’سیاحوں کی آمد کا موسم شروع ہونے سے دو دن قبل یونان میں سیاحت بحال ہوگئی ہے۔‘

    پیر سے یونان میں 30 ممالک سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوسکے گا۔

    انھوں نے کہا ہے کہ سماجی فاصلے کی ہدایات واضح کر دی گئی ہیں اور ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ’حفاظت اور صحت ہماری ترجیحات ہیں۔‘

    ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ یونان کو یورپ میں سب سے محفوظ مقام بنانا چاہتے ہیں۔

    یونان میں کورونا وائرس سے اب تک 183 اموات ہوئی ہیں۔

  2. نیو یارک میں اموات کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے

    نیویارک میں کورونا وائرس کی وبا شروع ہونے کے بعد سے اب تک ہلاکتوں کی سب سے کم تعداد ریکارڈ کی گئی۔

    سنیچر کے روز ریاست کے گورنر اینڈریو کوومو کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز 32 اموات ہوئیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد مارچ کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

  3. اسلام آباد: گذشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرین کی تعداد میں سب سے بڑا اضافہ، 771 نئے مریض, متاثرین: 7934 | اموات: 75

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 771 نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ مزید چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائٹ کووڈ 19 کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں متاثرین کی مجموعی تعداد 7 ہزار 934 ہوگئی ہے۔

    گذشتہ روز ہونے والی مزید 4 اموات کے بعد، اموات کی مجموعی تعداد 75 تک پہنچ گئی ہے۔

  4. کورونا وائرس سے جڑی اصطلاحات کے معنی کیا ہیں؟

    کورونا وائرس کی عالمی وبا نے ہماری روزمرہ کی زندگی میں کئی نئے الفاظ اور اصطلاحات متعارف کرائی ہیں۔۔ چاہے بات قرنطینہ، وائرس، مدافعت یا سماجی فاصلے کی ہو۔ لیکن آخر ان سب اصطلاحات کا مطلب کیا ہے؟

  5. یوکرین: لگاتار تیسرے دن کووڈ 19 مریضوں کی ریکارڈ تعداد

    یوکرین میں لگاتار تیسرے دن کورونا وائرس متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ تعداد اس ماہ کے آغاز کے اعدادوشمار سے دوگنی زیادہ ہے۔

    روز وزارت صحت کے مطابق سنیچر کے روز 753 نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ پچھلے روز یہ تعداد 683 تھی۔

    جون کے آغاز میں یوکرین میں یومیہ 350 سے بھی کم نئے مریض رپورٹ ہو رہے تھے۔

    مجموعی طور پر یوکرین میں اب تک 30،506 تصدیق شدہ متاثرین موجود ہیں اور اموات کی تعداد 880 ہے۔

  6. آسٹریلیا کی دو بڑی ریاستوں میں کتب خانے، نائٹ کلب کھل سکیں گے

    آسٹریلیا کی دو سب سے بڑی ریاستوں میں معمولات زندگی کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے اتوار کو کہا کہ لائبریریاں، کمیونٹی سینٹرز اور نائٹ کلبز کھولے جا سکیں گے۔ لیکن ملک کے بعض حصوں میں وائرس کے نئے متاثرین بڑھ رہے ہیں۔

    آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے حکام نے کہا ہے کہ 1 جولائی سے ریستوران اور چرچ میں 50 یا اس سے کم افراد کے اکٹھے ہونے کی شرط ختم کر دی جائے گی۔ اور اب تقریبات میں ہر شخص کو دوسروں سے چار مربع میٹر کا فاصلہ رکھنا ہوگا۔

    حکام نے کہا ہے کہ ریاست میں اگر متاثرین کم رہے تو اگست سے نائٹ کلبز اور میوزک فیسٹول کی اجازت دے دی جائے گی۔

    یہاں سنیچر کو کئی ہفتوں بعد مقامی منتقلی کے پہلے متاثرہ شخص کی نشاندہی ہوئی تھی۔ اور جمعے سے اتوار تک نو کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    دوسری طرف وکٹوریا کے پبز میں فی الحال 20 لوگوں کے داخلے کی اجازت ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ 22 جون سے انڈور کاروبار اپنے دفاتر میں 50 افراد کو بٹھا سکیں گے۔

    بچوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ انڈور کھیلوں کے سینٹر اور تفریحی مقامات 20 افراد کو آنے کی اجازت دے سکیں گے۔

    آسٹریلیا میں سخت لاک ڈاؤن اور سرحدی بندشوں کی وجہ سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکا گیا ہے۔ کچھ حصوں میں وائرس کے نئے متاثرین آنا بند ہوگئے ہیں۔

  7. کیا ووہان میں کورونا کا مرض گذشتہ سال اگست میں ہی آ چکا تھا؟

  8. کورونا وائرس: مصر میں یومیہ متاثرین کی ریکارڈ تعداد

    مصر میں کورونا وائرس کے 1677 نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی ہے۔ مصر میں فروری کے وسط میں پہلی بار وائرس کا پتہ چلنے کے بعد 24 گھنٹوں میں متاثرین کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس نیوز ایجنسی کے مطابق، مصر کی وزارت صحت نے مزید 62 اموات کی بھی تصدیق کی ہے۔

    متاثرین کے نئے اعدادوشمار کے بعد مصر میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1484 ہو گئی ہے جبکہ تصدیق شدہ متاثرن کی تعداد 42،980 تک پہنچ گئی ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ 11529 مریضوں کو صحتیابی کے بعد قرنطینہ سے فارغ کردیا گیا ہے۔

    مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور ترکی کے بعد مصر کووڈ 19 کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا ملک ہے۔

  9. امریکہ، برازیل اور روس کے بعد انڈیا میں سب سے زیادہ متاثرین

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک دنیا بھر میں کورونا کے کل مصدقہ متاثرین کی تعداد 7,786,045 ہوگئی ہے۔

    سب سے زیادہ 2,074,526 متاثرین امریکہ میں ہیں۔ اس کے بعد برازیل، روس، انڈیا اور برطانیہ میں یہ تعداد باقی دنیا سے کئی زیادہ ہے۔ اس فہرست میں پاکستان 15ویں نمبر پر ہے۔

    سب سے زیادہ متاثرین ان ممالک میں ہیں:

    امریکہ 2,074,526

    برازیل 850,514

    روس 519,458

    انڈیا 320,922

    برطانیہ 295,828

    سپین 243,605

    اٹلی 236,651

    پیرو 220,749

    فرانس 193,746

    جرمنی 187,267

    ایران 184,955

    ترکی 176,677

    چلی 167,355

    میکسیکو 142,690

    پاکستان 139,230

  10. دنیا بھر میں اموات 430,000 سے تجاوز کر گئیں

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک کورونا سے دنیا بھر میں 430,128 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    اب تک 7,786,042 مصدقہ متاثرین میں سے صحتیاب افراد کی تعداد 3,708,328 ہے۔

    سب سے زیادہ اموات ان ممالک میں پیش آئی ہیں:

    امریکہ 115,436

    برازیل 42,720

    برطانیہ 41,747

    اٹلی 34,301

    فرانس 29,401

    سپین 27,136

    میکسیکو 16,872

    بیلجیئم 9,650

    انڈیا 9,195

    جرمنی 8,793

    ایران 8,730

  11. کورونا وائرس: جرمنی میں 247 نئے مریض، متاثرین کی تعداد 186،269 تک پہنچ گئی

    جرمنی میں کورونا وائرس کے247 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 186،269 تک پہنچ چکی ہے۔

    جرمنی میں متعدی بیماریوں کےادارے رابرٹ کوچ انسٹی ٹیوٹ (آر کے آئی) کے اعداد و شمار کے مطابق مزید چھ ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 8787 ہوگئی ہے۔

  12. چین میں دو ماہ بعد کورونا کے نئے متاثرین میں اچانک اضافہ

    چین میں محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کووڈ 19 کے 57 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جو کہ 13 اپریل کے بعد ملک میں ایک دن کے دوران کورونا کے نئے متاثرین کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان میں سے 38 افراد میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا جن میں سے 36 کا تعلق بیجنگ سے ہے۔

    چین کے دارالحکومت بیجنگ میں کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہاں ایک مارکیٹ اور دیگر علاقوں کو عارضی طور پر سیل کر دیا گیا ہے جہاں سے وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے۔

    شہر میں دو روز قبل صرف چھ متاثرین کی نشاندہی ہوئی تھی۔ کھانے پینے کی اشیا کی مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کے دوران کووڈ 19 کے کچھ متاثرین کی تشخیص ہوئی تھی۔

    ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق شہر میں ’جنگی حالات جیسی صورتحال‘ ہے اور سنیچر سے ہر طرح کی سیاحتی سرگرمیوں اور کھیلوں کی تقریبات پر پابندی ہے۔

    گذشتہ روز کے نئے متاثرین میں سے 19 غیر ملکی ہیں۔ مزید نو اے سمپٹومیٹک متاثرین (وہ متاثرین جن میں علامات ظاہر نہ ہوں) کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔ جبکہ مزید کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

    چین اے سمپٹومیٹک متاثرین کو مجموعی مصدقہ متاثرین میں شمار نہیں کرتا۔

  13. کورونا وائرس: 1000 برس پہلے ویکسین کا خیال کہاں سے آیا تھا؟

    کھرنڈ پیس کر مریضوں کی ناک میں چڑھانا یا زخم کی پس تندرست فرد کو لگانا سننے میں تو بہت عجیب لگتا ہے لیکن ویکسین کی تیاری کی تاریخ میں ان دونوں اعمال کا بہت اہم کردار ہے۔جانیے ویکسین کی ایک ہزار سال قدیم تاریخ بی بی سی کی اس ڈیجیٹل ویڈیو میں۔

  14. گجرات میں اموات کی شرح زیادہ کیوں

    انڈیا کے احمد آباد شہر میں 70 لاکھ سے زیادہ لوگ رہتے ہیں اور یہ مغربی ریاست گجرات کا سب سے بڑا شہر ہے۔

    یہ عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ یہاں ریاست کے 75 فیصد متاثرین موجود ہیں اور تقریباً اتنی ہی اموات ہوئی ہیں۔

    گجرات میں 21500 سے زیادہ مصدقہ متاثرین ہیں۔ یہاں انڈیا میں چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرین ہیں۔

    لیکن گجرات میں اموات کی شرح 6.2 فیصد ہے۔ یہ 2.8 فیصد کی اموات کی قومی شرح سے کافی زیادہ ہے۔

    جب گجرات کی ہائیکورٹ نے اس پر تشویش ظاہر کی تو حکومت کا کہنا تھا کہ اکثر مریض پہلے سے کسی دوسری بیماری میں مبتلا تھے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی ایک سے زائد وجوہات ہوسکتی ہیں۔ تامل ناڈو میں یہاں سے زیادہ ذیابیطس کے مریض ہیں لیکن وہاں اموات کم ہوئی ہیں۔

  15. انڈیا: 24 گھنٹوں میں تقریباً 12 ہزار نئے متاثرین، مزید 311 اموات

    انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 11929 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔

    مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے مطابق گذشتہ ایک دن میں 311 اموات ہوئی ہیں۔

    ان نئے اعداد و شمار کے ساتھ انڈیا میں کورونا وائرس کے متاثرین بڑھ کر 3،20،922 ہوچکے ہیں جن میں 19348 فعال متاثرین شامل ہیں۔

    ایک اچھی خبر یہ بھی ہے کہ انڈیا میں اب تک ایک لاکھ 62 ہزار سے زیادہ افراد اس مرض سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    کورونا وائرس کی وبا نے اب تک انڈیا میں 9195 افراد کی جان لی ہے۔

  16. بریکنگ, پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین، اموات اور صحتیاب افراد کی تفصیل

  17. ایران میں دوسری لہر کا خدشہ، ’دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا جا سکتا ہے‘ روحانی

    ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ اگر کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اسی طرح اضافہ ہوتا رہا، اور قواعد و ضوابط پر عمل نہ کیا گیا تو ملک میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ کیا جاسکتا ہے۔

    اپریل کے تیسرے ہفتے سے ہی ایران نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنا شروع کر دی تھی جس کے بعد کورونا انفیکشن کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

    سنیچرکے روز کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 2،400 سے زیادہ مریض رجسٹر ہوئے ہیں۔ ایران میں متاثرین کی کل تعداد 184،955 ہوگئی ہے جبکہ وائرس کی وجہ سے 8،730 اموات ہوچکی ہیں۔

    متاثرین میں اضافے کے ساتھ ایرانی حکام کو دوسری لہر کا خدشہ ہے۔

    حکام کو خدشہ ہے کہ انفیکشن میں اضافے کے نتیجے میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آسکتی ہے۔ ایران مشرق وسطی کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

  18. ’خاموشی‘ سے بیماری پھیلانے والے اس وبا کو کیسے پیچیدہ بنا رہے ہیں؟

    کورونا وائرس کا بحران جیسے جیسے بڑھا، سائنسدانوں نے کورونا وائرس کے ایک عجیب اور پریشان کن پہلو کے بارے میں مزید شواہد ڈھونڈ لیے ہیں۔

    جہاں اس سے متاثرہ بہت سے افراد میں کھانسی اور بخار کے ساتھ ساتھ کھانے اور سونگھنے کی حس متاثر ہوتی ہے، وہیں کئی لوگ ایسے بھی ہیں جن میں اس بیماری کی کوئی علامات نہیں پائی جاتیں اور انھیں اس بات کا ہرگز علم نہیں ہوتا کہ انھیں کووڈ 19 ہے۔

    محققین کا کہنا ہے کہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ایسے کتنے لوگ ہیں اور کیا یہ سائلنٹ سپریڈر یعنی خاموش سے اس بیماری کو پھیلا کر اس وبا کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔

    جب سنگاپور میں 19 جنوری کو لوگ ایک چرچ میں اکھٹے ہوئے تو کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ اجتماع کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں بین الاقوامی اہمیت کا حامل ہو گا۔ اس اجتماع میں 56 برس کا ایک جوڑا تھا جو اسی صبح چین سے آیا تھا۔

    دونوں بظاہر صحت مند نظر آ رہے تھے مگر 22 جنوری کو بیوی کی حالت بگڑنا شروع ہو گئی اور دو روز بعد ان کے شوہر بھی بیمار ہو گئے۔ دونوں ووہان سے آئے تھے۔ ایک ہفتے بعد تین مقامی افراد بھی وبا کا شکار ہو گئے۔

  19. پیرو: بلیچ نما مادہ پینے کا مشورہ دینے والا ڈاکٹر برطرف

    پیرو میں ایک ڈاکٹر کورونا وائرس سے بچنے کے لیے کلورین ڈائی آکسائیڈ (بلیچ کی طرح کا مادہ) پینے کا مشورہ دینے پر اپنے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر امیلکر ونکاوری جنوبی کوریا کے ایک علاقے میں کورونا رسپانس ٹیم کے سربراہ تھے۔

    کلورین ڈائی آکسائیڈ بلیچ کی طرح ایک جراثیم کش دوا ہے جو صنعتوں میں استعمال ہوتی ہے۔ یہ کیمیکل انسانوں کے لیے مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔

    ڈاکٹر ونکاوری نے کہا تھا کہ جن لوگوں میں کورونا وائرس کی علامات ہیں ان سب میں یہ کیمیکل تقسیم کیا جائے گا۔

    ایک پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے بتایا کہ کلورین ڈائی آکسائیڈ جن مریضوں کی دی گئی ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔

    مقامی گورنر کارلوس روا نے اس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ونکاوری کا تبصرہ ان کی ذاتی رائے ہے کیونکہ انھوں نے کلورین ڈائی آکسائیڈ کے استعمال کے بارے میں حکومت کے کسی ماہر سے بات نہیں کی۔

    کچھ گھنٹوں بعد گورنر نے اعلان کیا کہ ڈاکٹر کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

  20. ٹوٹکے بھیجنے والے!