پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں قائم جامعہ کوٹلی آزاد جموں و کشمیر نے کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے نتیجے میں امتحانات روک لیے تھے تاہم اب بقیہ امتحانات 17 جون سے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جامعہ کوٹلی کے وائس چانسلر ڈاکٹر دلنواز گردیزی نے بتایا جامعہ کوٹلی آزاد جموں و کشمیر نے امتحانات اور آن لائن کلاسز کے حوالے سے جامع پالیسی مرتب کر لی ہے، نئی پالیسی کرونا وائرس کے تدراک اور طلبہ کے قیمتی وقت کے ضیاع کو بچانے کی غرض سے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں مرتب کی گئی ہے۔
پالیسی کے مطابق لاک ڈاؤن کے باعث بقیہ رہ جانے والے امتحانات، جن کا تدریسی عمل مکمل ہو چکا ہے 17 جون 2020 سے شروع ہوں گے۔
اوپن بک طرز کا ہر پیپر دن دو بجے شروع ہوا کرے گا جبکہ ڈیٹ شیٹ متعلقہ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ جاری کریں گے۔
امتحان کے حوالے سے مکمل تفصیلات اور دیگر ہدایات جامعہ کوٹلی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پیجز پر اپ لوڈ کی جا چکی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جامعہ کوٹلی کے طلبہ رہنمائی کے لیے متعلقہ ٹیچر یا ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ جبکہ جامعہ کوٹلی سے الحاق شدہ کالجز کے طلبہ متعلقہ فوکل پرسن یا جامعہ کوٹلی کے کنٹرولر امتحانات سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
نئی پالیسی کے مطابق طلبہ کو پیپرز ایل ایم ایس، واٹس ایپ یا ای میل کے ذریعہ بھیجنے کیساتھ جامعہ کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کیے جائیں گے، طلبہ نیلی سیاہی اور ہاتھ سے حل شدہ پرچہ جات 24 گھنٹوں کے اندر متعلقہ ٹیچر کو واٹس ایپ یا ای میل کریں گے۔
جو طلبہ کسی مجبوری کے باعث آن لائن طریقہ کار سے مستفید نہیں ہو سکتے وہ اپنا سمسٹر منجمند بھی کرا سکتے ہیں۔
جامعہ کوٹلی کیساتھ الحاق شدہ کالجز کے بی ایس پروگرامز (چار سالہ) پر بھی یہی پالیسی لاگو ہو گی، اس ضمن میں جامعہ کوٹلی سے الحاق شدہ کالجز کے سربراہان اور فوکل پرسنز کو آن لائن کلاسز کے حوالے سے ٹریننگ بھی دی گئی ہے اور نئی پالیسی کے ہر پہلو کے بارے میں مکمل آگاہی بھی فراہم کی گئی ہے۔
آن لائن کلاسز کیساتھ نئے سمسٹر کا آغازجولائی سے عمل میں لایا جائے گا۔
ڈاکٹر دلنواز گردیزی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے معیشت کیساتھ تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں، مہلک وبائی مرض کے منڈلاتے سائے نے طلبہ کا تعلیمی سال خطرے میں ڈال دیا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے شروع ہی سے بغیر امتحان کے طلبہ کی اگلے سمسٹرز میں منتقلی کی تجویز کو رد کر دیا تھا۔