آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

انڈیا میں 10 ہزار سے زیادہ اموات، برازیل میں ایک دن میں تقریباً 35 ہزار نئے کیس

دنیا بھر میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 81 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ پاکستان میں میں لگاتار دوسرے روز بھی اموات کی ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہیں۔ منگل کو دنیا کے دوسری سب سے متاثرہ ملک برازیل میں وائرس کے تقریباً 35 ہزار نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ انڈیا چوتھے نمبر پر ہے اور وہاں مزید دو ہزار اموات ہوئی ہیں۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

    سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی نے ان کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے حکومت اور نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے میرے والد کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔‘

  2. فلپائن: کورونا وائرس کے 607 نئے مریض، مزید 22 اموات

    فلپائن میں سنیچر کے روز کورونا وائرس سے متاثرہ 607 نئے انفیکشن اور 22 مزید اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

    فلپائن کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 25،392 اور ہلاکتوں کی تعداد 1،074 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت (ڈی او ایچ) نے بتایا کہ کووڈ 19سے 252 مزید مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور صحتیاب افراد کی کل تعداد 5706 ہوگئی ہے۔

  3. کووڈ 19 کی علامات

    کورونا وائرس کی دو اہم علامات ہیں۔ یہ بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے۔ مگر آپ کیسے جانچ سکتے ہیں کہ آپ کو کورونا وائرس کے سلسلے میں اپنے ڈاکٹر کے پاس جانا چاہیے یا آپ جو محسوس کر رہے ہو سکتے ہیں وہ شاید عام نزلہ اور زکام ہے؟

  4. بلوچستان کے ہوٹلوں میں اب گاہک اندر بیٹھ سکیں گے

    بلوچستان میں ٹرانسپورٹ کی بحالی کے بعد ریستوران اور ہوٹلوں سے متعلق ایس او پیز میں نرمی کی گئی ہے اور انھیں اجازت دے دی گئی ہے کہ گاہکوں کو دکانوں کے اندر بٹھایا جاسکتا ہے۔

    اس حوالے سے محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق ریستورانوں اور ہوٹلوں کے اندر صرف ماسک پہننے والے گاہکوں کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔

    ایک میز پر چار گاہکوں سے زیادہ لوگوں کو نہیں بیٹھ سکیں گے۔ ریستوران کے عملے کے لیے بھی ماسک اور دستانے پہننا لازمی ہوگا۔

    جبکہ ہر ریستوران اور ہوٹل میں سینیٹائزرز اور ہاتھ دھونے کے انتظامات کیے جائیں گے۔ ان میں روزانہ کھلنے سے چار گھنٹے پہلے جراثیم کش سپرے کیا جائے گا۔

    کوئٹہ شہر کے تمام بڑے ریستورانوں اورہوٹلوں کا حوالے دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان میں داخل ہونے سے پہلے سٹاف اور گاہکوں کا درجہ حرارت چیک کیا جائے۔

    نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ انجمن تاجران بلوچستان کے صدر کے علاوہ ہوٹل اینڈ ریسٹورینٹس ایسوسی ایشن کے صدر بلوچستان میں کسی بھی ہوٹل اور ریستوران میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کے ذمہ دار ہوں گے۔

    ان ایس او پیز کے علاوہ کورونا کے حوالے سے دیگر شرائط بھی لازم ہوں گی۔

  5. روس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 520,000 سے بڑھ گئی

    روس میں سنیچرکے روز کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 8706 متاثرین سامنے آئے جس کے بعد کل تعداد 520129 ہو گئی ہے۔

    حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 114 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد سرکاری سطح پر اموات کی تعداد 6829 ہو گئی ہے۔

  6. بریکنگ, شاہد آفریدی میں کورونا کی تشخیص

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت جمعرات سے ناساز ہے۔

    ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ: ’جمعرات سے میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ میرے جسم میں درد ہے۔‘

    ’میں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا اور افسوس کے ساتھ یہ مثبت آیا۔ جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کا منتظر ہوں۔‘

    گذشتہ ہفتوں کے دوران سابق کرکٹر امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے تھے اور انھوں نے ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا تھا۔

  7. بلوچستان: کورونا سے متاثر ڈاکٹر، طبی عملے کی تعداد 300 سے زیادہ ہوگئی, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان میں کورونا سے متاثر ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی تعداد 300 سے زیادہ ہوگئی ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت حکومت بلوچستان ڈاکٹر سلیم ابڑو نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے متاثر ڈاکٹروں کی تعداد 264 ہوگئی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ عملے میں پیرامیڈیکس کی تعداد 64 جبکہ اور نرسوں کی تعداد پانچ ہے۔

    ڈاکٹر سلیم ابڑو نے بتایا کہ بلوچستان میں پانچ ڈاکٹر کورونا سے زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ پانچ ڈاکٹر ہسپتال میں علاج کے لیے داخل ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ فرنٹ لائن پر ہیں جو کہ اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی جانیں بچا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس کے باوجود لوگ ڈاکٹروں کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔

  8. ڈاکٹر فاؤچی کو ایسا کیوں لگتا ہے کہ امریکہ میں صورتحال بے قابو ہوسکتی ہے؟

    امریکہ میں وبائی امراض کے ادارے کے سربراہ اور طبی عہدیدار ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی نے ملک میں کورونا کے بڑھتے متاثرین پر تشویش ظاہر کی ہے۔

    نیوز چینل سی این این کو دیے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر کونٹیکٹ ٹریسنگ یا رابطے کا سراغ لگانے کا نظام موثر نہ بنایا گیا تو صورت حال بے قابو ہوسکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ: ’اگر ہسپتالوں میں لوگوں کی تعداد بڑھ رہی ہوتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ایک ایسی صورتحال سے دوچار ہیں جس میں آپ غلط راستے پر چل رہے ہیں۔‘

    ان کا اشارہ امریکہ میں لاک ڈاؤن میں حالیہ نرمی کی جانب تھا۔

    فاؤچی نے کہا کہ انھوں نے تاحال صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رواں ماہ ان کی ریلی کے حوالے سے بات چیت نہیں کی ہے تاہم انھوں نے شرکا کو ماسک پہننے کی تجویز دی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شاید ہمیں کاروبار اور معلومات زندگی بحال کرنے کے مرحلے کی رفتار کم کر دینی چاہیے۔

    اس وقت امریکہ میں کورونا کے 20 لاکھ سے زیادہ متاثرین موجود ہیں۔

  9. خود کو آئسولیٹ کیسے کیا جائے؟

    خود ساختہ تنہائی کا مطلب کیا ہے اور اس کا درست طریقہ کیا ہے؟

    خود ساختہ تنہائی کے بارے میں یاد رکھنے والی پانچ اہم باتیں جانیے ہماری ساتھی ثمرہ فاطمہ کی اس ڈیجیٹل ویٹیو میں۔۔۔

  10. پنجاب میں حالات کتنے سنگین ہیں؟

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں اس وقت باقی ملک کے مقابلے کورونا کے سب سے زیادہ متاثرین ہے۔ یہ پہلا صوبہ ہے جہاں متاثرین کی تعداد 50 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں میں یہاں 2705 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جو کہ صوبہ میں ایک دن میں نئے متاثرین کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

    لیکن حکام کے مطابق یہاں کئی متاثرین روز صحتیاب بھی ہورہے ہیں۔ گذشتہ روز پنجاب میں 8014 افراد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔

    گذشتہ ماہ کے مقابلے صحتیاب ہونے والے ان افراد کی تعداد کافی زیادہ ہے۔

    سب سے زیادہ 25,098 متاثرین لاہور سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ اب تک 878 ہیلتھ کیئر ورکرز میں کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

  11. دنیا بھر میں متاثرین 7,650,000 سے زیادہ ہوگئے

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 7,651,175 ہوچکی ہے۔

    اب تک دنیا میں کووڈ 19 سے 425,888 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 3,630,280 افراد اس عالمی وبا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

    سب سے زیادہ 2,048,986 متاثرین امریکہ میں موجود ہیں۔ اس کے بعد برازیل میں 828,810، روس میں 510,761، انڈیا میں 308,916 اور برطانیہ میں 294,402 متاثرین ہیں۔

  12. پاکستان میں نئے متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گذشتہ چار روز کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید 24,088‬ مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔

    اس تعداد میں اضافہ کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ملک میں ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھ چکی ہے۔ اب روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً 25 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

  13. فرانس یکم جولائی سے شینجن زون کے علاوہ دوسرے بارڈر بھی کھول رہا ہے

    فرانس یکم جولائی سے آہستہ آہستہ شینجن زون سے باہر کے ممالک کے لیے بھی اپنی سرحدیں دوبارہ کھول دے گا۔

    کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مارچ کے وسط میں ان سرحدوں کو بند کردیا گیا تھا۔

    فرانس کے وزیر خارجہ ژاں یویس لی ڈریان اور وزیر داخلہ کرسٹوف کاسٹنر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سرحدیں کھولنے کے معاملے میں فرانس یورپی یونین کے باقی ممالک کے ساتھ چلے گا۔

    وزرا کا کہنا تھا کہ ’یہ سرحدیں آہستے آہستہ کھولی جائیں گی اور اس حوالے سے تیسرے ممالک میں سے ہر ایک میں صحت کی صورتحال کے مطابق مختلف فیصلہ کیا جائے گا۔‘

    یورپ اس وائرس سے بری طرح متاثرہ ہوا ہے اور دنیا کی نصف اموات یورپی ممالک میں ہوئی ہیں۔

    لیکن سپین ، اٹلی اور فرانس سمیت سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں وائرس پھیلنے کی شرح کم ہوئی ہے جس کی وجہ سے سخت پابندیوں کو ختم کیا گیا ہے۔

    کاسٹنر اور لی ڈریان نے تصدیق کی کہ فرانس 15 جون دوسرے شینجن ممالک کے ساتھ تمام سرحدیں کھول دے گا۔

    یاد رہے سپین میں ابھی تک سخت پابندیاں نافذ ہیں اور میڈرڈ میں باہر سے آنے والوں کے لیے قرنطینہ لازمی ہے۔

  14. کورونا کا اینٹی باڈی ٹیسٹ کیسے ہوتا ہے؟

    پاکستان میں کئی لیبارٹریاں کورونا وائرس کے لیے اینٹی باڈی ٹیسٹ کر رہی ہیں۔ برطانوی ادارے پبلک ہیلتھ انگلینڈ نے بھی کورونا وائرس کے لیے ایک نیا اینٹی باڈی ٹیسٹ منظور کرلیا ہے۔

    آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ اینٹی باڈی ٹیسٹ کیا ہوتا ہے اور اس کی اہمیت کیوں زیادہ ہے۔

  15. سعودی عرب میں متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے

    سعودی عرب میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 3921 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔

    اس کے ساتھ ہی سعودی عرب میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 119،942 ہو گئی ہے۔

    سعودی عرب میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 893 ہوگئی ہے۔

    کورونا کے زیادہ تر متاثرین ریاض میں ہیں۔ اس کے بعد جدہ اور مکہ میں متاثرین کی تعداد زیادہ ہے۔

    سعودی محکمہ صحت کے عہدیدار کے مطابق سعودی عرب میں انفیکشن بڑھ رہے ہیں کیونکہ لوگ معاشرتی دوری کے قواعد پر سختی سے عمل نہیں کررہے ہیں۔

    سعودی عرب نے پچھلے چند ہفتوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے۔ یومیہ اور جمعے کی نماز کے لیے مساجد کھولی جارہی ہیں۔

  16. چین کی پاکستان کو ’مکمل معاونت‘ کی یقین دہانی

    چین نے کورونا وائرس اور ٹڈی دل کے حملے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ’مکمل معاونت‘ کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے اسلام آباد میں ہنگامی امداد کے ادارے (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات کی ہے۔

    انھوں نے کورونا اورٹڈی دل کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

    چینی سفیرنے کہا کہ ان کا ملک ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے مزید سپرے کرنے والے آلات اور کیمیائی ادویات فراہم کرے گا۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے چین کے سفیر کو پاکستان میں پلازما مشینوں کی ضرورت سے آگاہ کیا۔

    انھوں نے آزمائش کی اس گھڑی میں بھرپورتعاون کرنے پرچین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

  17. انڈیا: گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 11 ہزار نئے متاثرین، مزید 386 اموات

    • انڈیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11،458 نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
    • ہفتہ کی صبح وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، انڈیا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ سے زیادہ (308,993) ہوگئی ہے۔
    • اموات کے حوالے سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کووڈ 19 سے متاثرہ 386 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
    • ملک میں اب تک ہونے والی اموات کی کل تعداد 8884 ہے۔
    • سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت انڈیا میں انفیکشن کے 145779 فعال کیسز موجود ہیں۔ جبکہ 154330 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
  18. آسٹریلیا: کئی ہفتوں بعد پہلے شخص میں وائرس مقامی طور پر منتقل

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا کی سب سے بڑی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں مئی کے بعد پہلی مرتبہ کووڈ 19 کے ایک ایسے متاثرہ شخص کی نشاندہی ہوئی ہے جن میں وائرس کی مقامی منتقلی ہوئی۔

    ملک میں سماجی فاصلے کے احکامات میں نرمی کی گئی ہے اور اب مزید متاثرین کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    ریاست میں گذشتہ رات کورونا کے چار نئے متاثرین کی تشخیص ہوئی ہے۔ اب آسٹریلیا میں تقریباً 7300 متاثرین ہوچکے ہیں۔

    حکام کے مطابق وائرس مقامی طور پر ایک 20 سالہ شخص میں منتقل ہوا ہے جس نے سڈنی میں مظاہروں میں شرکت نہیں کی تھی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ: ’وائرس اب بھی لوگوں میں موجود ہے۔ جن لوگوں میں کم علامات یا کوئی علامات نہیں وہ دوسروں میں اسے پھیلا سکتے ہیں۔‘

    چار نئے متاثرین میں سے دو غیر ملکی شہری تھے جنھیں ہوٹل میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔

  19. پاکستان: ہسپتالوں میں آکسیجن سپلائی کی قلت، سلینڈر کی قیمتوں میں اضافہ, محمد زبیر خان، صحافی

    کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کی وجہ سے پاکستان بھر کے ہسپتالوں کو آکسیجن سپلائی میں مسائل درپیش ہونا شروع ہوچکے ہیں۔

    بعض ڈاکٹروں سے بات کرنے پر یہ معلوم ہوا ہے کہ آکسیجن سلینڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے۔

    حیات آباد میڈیکل کمپلکیس پشاور میں اس وقت صوبہ خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے مریض زیر علاج ہیں۔

    حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد اکبر نے بی بی سی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارے ہسپتال میں 146 ہزار فی لیٹر گھنٹہ آکسیجن استعمال ہورہی ہے جبکہ وبائی صورتحال سے قبل صرف 80 ہزار فی لیٹر فی گھنٹہ کی ضرورت ہوتی تھی۔

    انھوں نے بتایا کہ کورونا کے ہر ایک مریض کو دیگر شدید حالت میں موجود مریضوں سے دگنی سے بھی زائد آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہے۔

    ’ہمارا مسئلہ اس وقت یہ ہے کہ ہمارے پاس آئی سی یو، نیورو اور دیگر وارڈز میں مریض اسی طرح موجود ہیں جبکہ کورونا مریضوں کا اضافہ ہوچکا ہے۔‘

    اسی طرح ایوب میڈیکل کالج کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ عام دونوں میں ہمارے آٹھ، دس وینٹیلرز چل رہے ہوتے تھے مگر اب وبائی صورتحال کے بعد ہمارے پاس 20 تک وینٹیلرزچل رہے ہیں۔

    ’ہمارا استعمال دگنا سے بھی زیادہ ہوچکا ہے جبکہ ہمارے پاس آکسیجن کی سپلائی زیادہ نہیں ہوسکی ہے جس کو زیادہ کرنے کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ ‘

    ڈاکٹر عمران لاہور میں کام کرتے ہیں۔ ان کے والد کوورنا کے مریض ہیں۔ ان کا علاج وہ گھر ہی میں قرنطینہ میں کر کررہے ہیں۔

    انھوں ں نے بی بی سی کو بتایا کہ والد کے لیے ایک سلینڈر 27 ہزار میں خریدنا پڑا تھا۔ یہ ہی سلینڈر دو سال پہلے تک سات ہزار کا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’مجھ سے کئی لوگ آکسیجن سلینڈرز کے حوالے سے پوچھ رہے ہیں اور بعض نے یہ تیس، تیس ہزار میں خریدے ہیں۔‘

    الخدمت ہیلتھ فاونڈیشن کے سربرار سفیاں احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر آکسیجن سلینڈرز کی ضرورت پڑ رہی ہے۔

    ’الخدمت نے بڑی تعداد میں یہ سلینڈرز خریدنا شروع کیا ہے۔ مگر ہمیں اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہمیں چھوٹا سلینڈر پندرہ سو اور بڑا سلیندر تین ہزار روپیہ مہنگا خریدنا پڑا تھا۔‘

    ڈاکٹر عمران کا کہنا تھا کہ آکسیجن سلینڈر قدرتی وسائل سے تیار کیے جاتے ہیں۔ ان کی قلت ہونے کی کوئی ٹھوس وجہ نظر نہیں آتی۔

  20. چین: کورونا کے نئے متاثرین کی نشاندہی، بیجنگ کی مارکیٹ سیل

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ میں حکام نے ایک بڑی زرعی ہوسل سیل مارکیٹ کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔ گذشتہ دو روز سے چین میں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں پھر اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    جنفدی مارکیٹ سنیچر کو بند کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز یہاں دو افراد میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وائرس ان میں منتقل کیسے ہوا۔

    کئی ملکوں میں وائرس کی دوسری لہر سے متعلق خدشات موجود ہیں۔ کووڈ 19 کے ابتدائی مریضوں کی نشاندہی ووہان شہر کی مارکیٹ میں ہوئی تھی۔

    چین میں حکام کے مطابق جمعے کو کووڈ 19 کے 11 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ مزید سات متاثرین میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

    حکام کے مطابق ان میں سے بیجنگ میں چھ افراد میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا۔

    اس موقع پر بیجنگ کے ایک ضلعی آفیسر نے روئٹرز کو بتایا کہ شہر اس وقت ’جنگ جیسی ایمرجنسی کی حالت‘ میں ہے۔

    مارکیٹ میں کئی افراد کے سواب ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ بیجنگ میں کورونا کے تمام نئے چھ متاثرین اس مارکیٹ میں جا چکے تھے۔

    ضلعی انتظامیہ کے ایک ترجمان کے مطابق بیجنگ تمام کھیلوں کی تقریبات اور بین الاصوبائی سیاحت پر پابندی عائد رکھے گا۔