کورونا وائرس: بلوچستان میں کورونا کے 304 نئے مریض، خیبرپختونخوا میں متاثرین 15 ہزار سے زیادہ

دنیا بھر میں اب تک 72 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ دو ہزار سے زائد افراد اس مرض سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرین اور ہلاکتیں صوبہ پنجاب میں ہیں۔

لائیو کوریج

  1. برطانیہ: یونیورسٹی جانا ہے یا نہیں فیصلہ کرنے کے لیے چند دن

    uk

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    برطانیہ میں طلبا و طالبات کو اگلے ہفتے کے دوران یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ نئے تعلیمی سال کے لیے یونیورسٹی کی آفر قبول کریں گے یا نہیں۔

    یہ ایک بڑا فیصلہ ہوگا کیونکہ اس سال زیادہ تر لیکچرز آن لائن ہو گے اور تعلیمی سلسلے کے آغاز کے بعد سماجی میل جول بھی بہت مشکل ہو سکتا ہے۔

    تو کیا یونیورسٹیاں ستمبر میں کھل جائیں گی۔ بہت سی یونیورسٹیوں نے اپنے معمول شیڈیول میں تبدیلی کر دی ہے۔

    کیمبرج یونیورسٹی سال بھر کے دوران آن لائن لیکچرز کا اہتمام کرے گی۔

    • کورونا وائرس اور عمر کا تعلق

      child

      ،تصویر کا ذریعہGetty Images

      ایک ماہر کا کہنا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی ویکیسن نہیں بن پاتی تو ہماری سوسائٹی کو اس موضوع پر منطقی بحث کرنا ہو گی کہ کم ازکم کتنی عمر اس وائرس میں مبتلا ہونے کے لیے کم خطرناک ہو گی۔

      کارل ہینیگن کا تعلق یونیورسٹی آف آکسفورڈ سے ہے وہ کہتے ہیں کہ کووڈ 19 کا عمر رسیدہ افراد پر غیر متناسب انداز میں اثر کر رہا ہے ایسے ہی جیسے موسمی زکام کرتا ہے۔

      سائنس میڈیا سینٹر میں بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اس سے فرق پڑتا ہے جب آپ کو انفیکشن لگ جائے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ناقابل یقین حد تک اہم ہے۔

      وہ کہتے ہیں کہ ہمیں منطقی انداز میں بحث کرنا ہو گی۔ کیونکہ بہت سے انفیکشن جن کے بارے میں ہم جانتے ہیں کہ اگر وہ ہمیں لگ جائیں اس عمر میں جب ہم جوان ہوں تو ہم ٹھیک ہو جاتے ہیں مثال کے طور پر چیچک۔ آپ جب چھوٹے ہوتے ہیں تو یہ آپ کو ہوتا ہے اور پھر آپ کو قوت مدافعت مل جاتی ہے۔

      اس لیے اگر آپ تصور کریں کہ کوئی ویکسین نہیں ہے تو آئیے اسے ایک طرف رکھ دیں۔ اور یہ کہ یہ ایک وبائی انفیکشن ہے۔ تو پھر ہمیں یہ بات شروع کرنا ہو گی کہ اس انفیکشن کا شکار ہونے کی بہتر عمر کیا ہے۔

      اگر آپ ڈیٹا کو دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ تب جب آپ 45 سال سے کم عمر ہیں۔ جوں جوں آپ کی عمر بڑھے گی یہ آپ کے لیے بدتر ہوگا۔

    • برازیل: عدالتی حکم پر کورونا وائرس کے اعداد وشمار کی ویب سائٹ بحال

      برازیل کے حکام نے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین سے متعلق ڈیٹا کی ویب سائٹ کو دوبارہ بحال کر دیا ہے۔

      محکمہ صحت نےہفتے کے اختتام پر یہ کہتے ہوئے کورونا متاثرین کے اعدادودشمار سے متعلق صفحات کو ہٹا دیا کہ اب وہ مجموعی تعداد شائع نہیں کرے گا۔

      مگر پھر منگل کو ملک کی اعلیٰ عدلیہ نے وزارتِ صحت کو حکم دیا کہ وہ کورونا سے ہلاک ہونے والے اور متاثر ہونے والوں کے شائع شدہ اعدادوشمار کو دوبارہ بحال کرے۔

      سپریم کورٹ کے جج نے کہا کہ حکومتی اقدامات نے یہ ناممکن بنا دیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو مانیٹر کیا جائے اور اسے کنٹرول کرنے کے لیے مناسب اصول لاگو کیے جائیں۔

    • پیرو میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے بڑھ گئی

      PERU

      ،تصویر کا ذریعہAFP

      پیرو میں وزارتِ صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 203736 سے بڑھ گئی ہے۔

      ملک میں اموات کی تعداد 5738 ہو چکی ہے جبکہ وہاں پہلا کورونا کیس چھ مارچ کو سامنے آیا تھا۔

      برازیل کے بعد لاطینی امریکہ کا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک پیرو ہے۔

    • کورونا وائرس اور متاثرین کے بلڈ گروپ کا تعلق, ہیلن برگس، بی بی سی نامہ نگار ہیلتھ اور سائنس

      ایک نئی تحقیق میں کورونا وائرس کو انسان کے بلڈ گروپ سے جوڑتی ہے۔

      ابتدائی ڈیٹا میں یہ تجویز کیا گیا ہے برطانیہ میں 0 بلڈ گروپ سے تعلق رکھنے والے افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے کم امکانات ہیں۔

      یہ تحقیق جنیاتی ٹیسٹنگ کمپنی 23 اینڈ می کی جانب سے کی گئی ہے۔

      بہت سی ٹیمیں یہ تحقیق کر رہی ہیں کہ کس طرح جنیاتی عناصر اس کی وضاحت کرتے ہیں کہ کچھ لوگوں میں کورونا وائرس کے نسبتاً کم علامات ظاہر ہوتی ہیں لیکن کچھ لوگ اس سے بہت بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔

      گذشتہ ہفتے اٹلی اور سپین میں کورونا کے ایسے مریضوں پر تحقیق سامنے آئی جن کے بلڈ گروپ کی ٹائپ اے تھی۔ بتایا گیا ہے کہ انھیں آکسیجن کی زیادہ ضرورت پڑی اور انھیں وینٹی لیٹر تک بھی جانا پڑا۔

      اس سے قبل چین میں سامنے آنے والی تحقیق میں بھی یہی نتائج سامنے آئے تھے۔

      تاہم سائنس دان کہتے ہیں کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کسی انسان کا بلڈ گروپ کا اس کے کورونا کے خطرے کا شکار ہونے پر اثر ہوتا ہے یا پھر اس میں کوئی اور جنیاتی عناصر شامل ہیں۔

      خون کے کل چار گروپس ہوتے ہیں۔ اے، بی، اے بی اور او۔ آپ کا بلڈ گروپ کیا ہے یہ آپ کو اپنے والدین سے منتقل ہونے والے جیز کے ذریعے طے ہوتا ہے۔

    • انگلینڈ میں 15 جون کو چڑیا گھر دوبارہ کھلیں گے

      UK

      ،تصویر کا ذریعہPA MEDIA

      انگلینڈ میں چڑیا گھر، سفاری پارک اور ڈرائیو اِن سنیما 15 جون سے کھول دیے جائیں گے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے اس کا اعلان کیا جانا ابھی باقی ہے۔

      توقع ہے کہ وزیراعظم بدھ کی بریفنگ میں کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے نئے اقدامات کا اعلان کریں گے۔

      وہ کہیں گے کہ گھر سے باہر دلچسپی کے مقامات کو تب تک کھولا جا سکتا ہے جب تک سماجی دوری کے اصولوں پر عمل کیا جائے۔

      لندن زو اور چیسٹر زو سمیت کچھ ایسے چڑیا گھر ہیں جنھوں نے وبا کے دوران معاشی مشکلات کے بارے میں اطلاع دی تھی۔

      یہ اقدام اسی روزغیر ضروری دکانوں کے کھولے جانے کی راہ بھی ہموار کرے گا۔

    • نیوریارک کے فوڈ بینک کی ضرورت میں تیزی سے اضافہ

      us

      ،تصویر کا ذریعہGetty Images

      امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا جب سے شروع ہوئی ہے تب سے نیویارک سٹی میں فوڈ بینک نے اب تک دو کروڑ دس لاکھ خوراک کے پیکٹس تقسیم کیے ہیں۔

      فوڈ بینک کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس اسی عرصے میں ضرورت مندوں میں خوراک کی تقسیم سے 21 فیصد زیادہ ہے۔

      بتایا گیا ہے کہ لوگوں کو انفرادی سطح پر مفت خوراک اور پکا ہوا کھانا فراہم کرنے والوں میں سے 80 فیصد کا کہنا ہے کہ وہاں بچوں سمیت خوراک لینے کے لیے آنے والوں میں اضافہ ہوا ہے۔

      رپورٹ کے مطابق طلب میں اضافے کی وجہ سے اپریل میں فوڈ بینک کے پاس نصف سپلائی کم ہو گئی تھی۔

      وبا کے عروج کے وقت شہر کے 40 فیصد فوڈ بیک بند ہو گئے تھے اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ انھیں چلانے والے عمر رسیدہ افراد خود بھی وبا کی زد میں آنے کے خطرے میں تھے۔

    • کورونا وائرس: علامات کے بغیرمنتقلی ابھی بھی ایک ’کھلا سوال‘ ہے

      کورونا وائرس کی علامات

      ،تصویر کا ذریعہGetty Images

      عالمی ادارۂ صحت کے سائنسدانوں نے وضاحت کی ہے کہ ابھی تک یہ مکمل طور پر معلوم نہیں ہو سکا کہ کورونا وائرس کی کتنی ٹرانسمیشن یعنی منتقلی ان لوگوں کے ذریعے ہوتی ہے جن میں اس کی کوئی علامات نہیں ہیں۔

      ڈاکٹر ماریہ وین کرخوف نے پیر کو کہا تھا کہ یہ بہت کم ہی ہوتا ہے کہ علامات کے بغیر متاثرہ لوگ بیماری کو پھیلائیں۔

      لیکن اب انھوں نے کہا ہے کہ یہ مشاہدہ نسبتاً بہت تھوڑی تحقیق کو دیکھ کر کیا گیا تھا۔

      ثبوت تو یہ کہتے ہیں کہ جن لوگوں میں علامات ہوتی ہیں وہ ہی سب سے زیادہ انفیکشن پھیلا سکتے ہیں، لیکن یہ بیماری علامات ظاہر ہونے سے پہلے بھی پھیل سکتی ہے۔

      اگرچہ لوگوں کی ایسی تعداد موجود ہے جن کے ٹیسٹ تو مثبت آئے ہیں لیکن ان میں علامات نہیں ہیں، لیکن یہ پتہ نہیں کہ ان میں سے کتنے لوگ دوسروں کو انفیکٹ کر سکتے تھے۔

      ڈاکٹر وین کرخوف کہتی ہیں کہ وہ جس ثبوت کی بات کر رہی ہیں وہ ان ممالک سے آئے ہیں جہاں بہت زیادہ تفصیل سے کونٹیکٹ ٹریسنگ کی گئی ہے۔

      انھوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں انفیکشنز کے کلسٹرز پر تحقیق سے سامنے آیا ہے کہ جہاں بھی علامات کے بغیر متاثرہ شخص کے کیس پر تحقیق کی گئی تو بہت کم ہی یہ دیکھنے میں آیا کہ اس کے رابطوں اور میل ملاپ سے بھی کسی میں انفیکشن منتقل ہوتا ہو۔

      لیکن انھوں نے کہا کہ یہ بڑا کھلا سوال ہے کہ کیا عالمی طور بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔

    • چیئرمین این ڈی ایم اے: 'صحتیاب ہونے والے لوگ زیادہ سے زیادہ پلازمہ عطیہ کریں'

      کورونا

      ،تصویر کا ذریعہNDMA

      چیئرمین نیشنل ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ندیم افضل سے قومی ادارہ برائے امراضِ خون کراچی کے ڈاکٹر طاہر شمسی کی ملاقات ہوئی ہے جس میں پلازمہ تھراپی کے ذریعے کورونا مریضوں کے علاج کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک میں پلازمہ تھراپی کی موجودہ سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

      ملاقات میں طے پایا کہ پلازمہ تھراپی کے ذریعے علاج کی سہولیات کو وسیع کیا جائے گا اور اس سلسلے میں این ڈی ایم اے ضروری سہولیات مہیا کرے گا۔

      چیئرمین این ڈی ایم اے نے اس موقعے پر اعلان کیا کہ رضاکارانہ طور پر پلازمہ عطیہ کرنے والوں کے لیے خصوصی ہیلپ لائن شروع کر رہے ہیں اور پلازمہ عطیہ کرنے والے افراد کی تمام معلومات کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

      انھوں نے عوام پر زور دیا کہ کورونا سے صحت مند ہونے والے زیادہ سے زیادہ لوگ اپنا پلازمہ عطیہ کریں۔

    • بلوچستان میں کورونا سے 6 پولیس افسران و اہلکار ہلاک

      کورونا، بلوچستان

      ،تصویر کا ذریعہBalochistan Police

      بلوچستان میں کورونا سے اب تک 6 پولیس آفیسرز اور اہلکارہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 80 سے زائد متائثر ہوئے ہیں۔

      یہ بات انسپیکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کوئٹہ میں ایک تعزیتی ریفرینس سے خطاب کے دوران بتائی جو کہ سینٹرل پولیس آفس میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے علاوہ بعض پولیس اہلکاروں کے ہلاک ہونے والے رشتہ داروں کی یاد میں منعقد ہوا۔

      آئی جی پولیس نے کہا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس سے 06 پولیس آفیسرز و اہلکار زندگی کی بازی ہار گئے جن میں ڈی ایس پی رینک کے تین آفیسرز بھی شامل تھے۔

      انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے اب تک 84 پولیس آفیسرز و اہلکارمتاثر ہوئے جن میں سے45 صحت یا ب ہو ئے جبکہ 35 قرنطینہ میں زیر علاج ہیں۔

      آئی جی پولیس نے کہا کہ کورونا سے انتقال کر جانے والے آفیسران اور اہلکاروں کے کیسوں پر کاروائی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے اہلکاروں کے اہلخانہ کی کفالت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    • شہباز شریف: اب پی ٹی آئی کورونا وائرس سے بڑھتی ہوئی اموات کا ذمہ دار عوام کو ٹھہرائے گی

      پاکستان کی قومی اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے رہنما اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے بڑھتی ہوئی اموات کا ذمہ بھی پاکستان تحریکِ انصاف لوگوں پر ہی لگائے گی۔

      انھوں نے ٹوئٹر پر لکھے گئے ایک پیغام میں کہا کہ جس طرح کووڈ۔19 تیزی سے پھیل رہا ہے اور اموات کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، پی ٹی آئی حکومت یقیناً ہر طریقہ استعال کرے گی کہ اس کا ذمہ دار بھی عوام کو ہی ٹھہرایا جائے۔

      انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس طرح ہی کام کرتی ہے کہ اپنے اعمال کی کوئی ذمہ داری نہ لے اور ہمیشہ اپنی ناہالی اور غیر عملی کو چھپانے کے لیے کوئی قربانی کا بکرا ڈھونڈے۔

      X پوسٹ نظرانداز کریں
      X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

      اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

      تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

      X پوسٹ کا اختتام

    • سندھ حکومت کا کورونا سے نمٹنے کے لیے پانچ مزید ہسپتال قائم کرنے کا اعلان

      کورونا، عذرا پیچوہو

      ،تصویر کا ذریعہFaran Rafi

      وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کورونا صورتحال سے نپٹنے کے لیے کراچی میں پانچ مزید ہسپتال قائم کرے گی۔

      اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ کورونا صورتحال کے پیش نظر جولائی کے آخر تک 800 بیڈز پر مشتمل ہائے ڈیپینڈینسی یونٹ قائم کردیے جائیں گے، اس کے علاوہ جولائی کے آخر تک 210 وینٹیلیٹرز کا اضافہ بھی کردیا جائے گا۔

      وزیر صحت نے کہا کہ 140 بستروں پر مشتمل ہائی ڈیپینڈینسی یونٹس کی سہولت رواں ماہ کے آخر تک ایکسپو سینٹر میں بھی مہیا کر دی جائے گی۔

      انھوں نے بتایا کہ کورونا کے مریضوں کے لیے مختص ہائی ڈپینڈینسی یونٹ عام یونٹ سے کچھ مختلف ہوتے ہیں جس میں آکسیجن کی فراہمی کے علاوہ طبی عملے کو انفیکشن سے بچانے کے لیے ضروری اقدمات کیے جاتے ہیں۔

      انھوں نے بتایا کہ محکمہ صحت انتہائی نگہداشت اور مریض کو آکسیجن کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔

      ڈاکٹر عذرا کا مزید کہنا تھا کہ ایکسپورٹ پر پابندی کی وجہ سے شروع میں وینٹیلیٹرز کی خریداری میں بہت مشکلات پیش آئیں۔

      انھوں نے کہا کہ تمام اقدامات اپنی جگہ مگر اچھا حل یہی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں۔ کیونکہ کورونا کسی بھی عمر کے افراد کو متاثر کر سکتا ہے اور زندگی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

    • شہریار آفریدی کا دوسرا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا

      کورونا

      ،تصویر کا ذریعہGetty Images

      چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کا دوسرا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا ہے اور اب دو روز بعد ان کا ایک اور ٹیسٹ کیا جائے گا جس کے بعد وہ قرنطینے سے باہر نکل سکیں گے۔

      شہریار آفریدی کے ترجمان نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تیسرے ٹیسٹ کا نتیجہ آنے تک شہریار آفریدی بدستور قرنطینہ میں رہیں گے۔

      واضح رہے کہ شہریار آفریدی میں 29 مئی کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    • بلوچستان میں کورونا کے مزید 243 نئے متاثرین، مجموعی تعداد 7031 ہوگئی

      کورونا

      بلوچستان میں کورونا کے 243 نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 7031 ہوگئی ہے جبکہ کورونا سے مزید چار افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد 62 ہے۔

      محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق نو جون 2020 کو کورونا کے 806 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 243 مثبت آئے۔

      محکمے کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 33 ہزار 128 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے26 ہزار 97 کے نتائج منفی آئے۔

      اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہاں مشتبہ مریضوں کی تعداد 31 ہزار 688 ہے۔

      بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2462 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

    • نیپال: کورونا احتجاج کو منتشر کرنے کے لیے پانی کی توپ کا استعمال

      نیپال

      ،تصویر کا ذریعہGetty Images

      نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں پولیس نے کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت کی حکمتِ عملی کے خلاف احتجاج کرنے والے سینکڑوں افراد کو منتشر کرنے کے لیے پانی کی توپ کا استعمال کیا ہے۔

      مظاہرین واپس آنے والے ورکرز کے لیے بہتر ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی سہولیات اور خرچ میں شفافیت کا مطالبہ کر رہے تھے۔

      پولیس کے مطابق وزیرِ اعظم کے گھر کے قریب اکٹھے ہونے والے دس مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

      انڈیا اور مشرقِ وسطیٰ میں نوکریوں سے فارغ کیے جانے والے دسیوں ہزار ورکرز نیپال واپس آ رہے ہیں۔

      مارچ کے آخری دنوں میں پورے ملک میں لگایا جانے والا لاک ڈاؤن اگلے ہفتے ختم ہونے والا ہے۔ ابھی تک 4000 لوگوں میں کورونا وائرس کی تشخیص اور 14 اموات ہوئی ہیں۔

    • پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 32 نئے متاثرین، مجموعی تعداد 444, ایم اے جرال، صحافی

      کورونا

      پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق مزید 32 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 444 ہوگئی ہے۔

      ضلع مظفرآباد کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید کے مطابق مظفرآباد میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 14 افراد کا تعلق مظفرآباد سے ہے جس کے بعد مظفرآباد میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 190 پر پہنچ گئی ہے۔

      متاثر ہونے والے پانچ افراد کا تعلق میرپور، بھمبر اور کوٹلی، آٹھ افراد کا تعلق باغ، تین افراد کا تعلق پلندری اور دو افراد کا تعلق راولاکوٹ سے ہے۔

      حکام کے مطابق مزید آٹھ افراد صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 217 ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک اس خطے میں 9202 مشتبہ افراد کا ٹیسٹ لیا گیا ہے جن میں 53 کے نتائج آنا باقی ہیں۔

      کورونا

      ،تصویر کا ذریعہM A Jarral

    • چین نے اپنے شہریوں کو آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے سے خبردار کر دیا

      کورونا

      ،تصویر کا ذریعہGetty Images

      چین نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ نسل پرست حملوں کے خدشات کے پیشِ نظر آسٹریلیا میں پڑھنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے 'احتیاط سے کام لیں۔'

      چین کی وزارتِ تعلیم کے ایک بیان کے مطابق: 'وبا کے دوران آسٹریلیا میں ایشیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے خلاف تفریق کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔ کووڈ 19 کی عالمی وبا پر ابھی تک مکمل طور پر قابو پایا نہیں جا سکا ہے، اور سفر اور کھلے کیمپسوں میں خطرات موجود ہیں۔'

      یاد رہے کہ آسٹریلیا نے وبا کے بارے میں آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جو سب سے پہلے چین میں سامنے آیا تھا اور اس کے بعد دوسرے ممالک میں پھیلا تھا۔

      آسٹریلیا کے وزیر تعلیم ڈین تیہان نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ان کا ملک تعلیم کے لیے غیر محفوظ ہے۔ انھوں نے کہا کہ 'آسٹریلیا غیر ملکی طلبا کے لیے ایک مقبول ملک ہے کیونکہ ہم ایک کامیاب اور کثیر الثقافتی معاشرہ ہیں اور عالمی معیار کا نظامِ تعلیم رکھتے ہیں۔'

      انھوں نے مزید کہا کہ 'کورونا وائرس کے مرض پر قابو پانے میں ہماری کامیابی کا مطلب ہے کہ ہم غیر ملکی طلبا کے لیے دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں سے ہیں۔'

    • بریکنگ, خیبر پختونخوا: 23 مزید افراد کورونا سے ہلاک، 521 نئے متاثرین

      کورونا

      صوبہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 521 نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد یہاں متاثرین کی کُل تعداد 14 ہزار 527 ہوگئی ہے۔

      اس کے علاوہ یہاں گذشتہ روز 23 مزید افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد یہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 610 ہوگئی ہے۔

      صوبائی حکام کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک صوبے میں کورونا سے 3631 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

    • بریکنگ, وزیرِ اعظم عمران خان: عوام کے ایک طبقے میں ابھی بھی کورونا کے متعلق غلط فہمیاں ہیں

      کورونا، عمران خان

      ،تصویر کا ذریعہPrime Minister's Office

      وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں قیادت کا کردار اہم ہے کیونکہ ہماری عوام کے ایک طبقے میں کورونا کے بارے میں ابھی بھی غلط فہمیاں موجود ہیں جنھیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

      وہ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

      وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں وفاقی کابینہ کو ملک میں کوویڈ- 19 کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

      اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی ضروریات پوری کرنے اور ملک میں صحت کی سہولیات کو مستحکم کر نے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے چاروں صوبوں میں آکسیجن کی سہولت سے آراستہ ایک ہزار مزید بیڈز اسی ماہ قائم کیے جائیں گے۔

      کابینہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ کورونا کے بارے میں معلومات اور سہولیات کی آگاہی کی فراہمی کے لیے ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن (آر ایم ایس) سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔

      اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن ممکن نہیں کیونکہ جہاں ہمیں ایک طرف کورونا سے خطرہ ہے، وہاں دوسری طرف غربت بھی ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہے

      وزیرِ اعظم نے کہا کہ معاشرے میں اضطراب کے بجائے اس صورتحال کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہو کر کورونا کے پھیلاؤ کو محدود کیا جا سکتا ہے۔

      وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ترغیب دی جائے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔

      اجلاس کو وفاقی دارالحکومت میں واقع ہسپتالوں میں کورونا کی سہولیات کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ مختلف ہسپتالوں میں مزید 200 بیڈز کا اضافہ کر دیا جائے گا۔

    • کورونا کے اثرات: مشکل کا شکار دلہوں کے لیے چیچن رہنما کا ’تحفہ‘, گروزنی ٹی وی

      چیچن رہنما

      ،تصویر کا ذریعہGrozny TV

      روسی علاقے چیچنیا کے طاقتور حکمران نے ان دلہوں کو مدد کی پیش کش کی ہے جن کو کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے روایت کے طور پر شادی سے پہلے ادا کی جانے والی رقم (برائیڈ منی) اکٹھا کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

      مسلم اکثریت والے جمہوریہ چیچنیا میں ایک قدیم روایت کے مطابق دلہے کو یا تو دلہن کو رقم ادا کرنا پڑتی ہے یا پھر اس کے رشتہ داروں کو۔

      مقامی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے بحران سے پیدا ہونے والے اثرات کی وجہ سے بہت سے چیچن مرد یہ رقم اکٹھی نہیں کر پا رہے۔ اس رقم کو مقامی زبان میں ’اردو‘ کہا جاتا ہے۔

      سرکاری روسی نیوز ایجنسی آر آئی اے نووستی کے مطابق اس چیز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے چیچن رہنما رمضان قادروف نے ان 207 دلہوں کے لیے دلہن کو دی جانے والی رقم کا بندوبست کیا ہے جو قرنطینہ میں رہنے کی وجہ سے یہ رقم اکٹھی نہیں کر سکے ہیں۔

      ہر دلہے کو 50,000 ربلز (570 پاؤنڈ) ملیں گے۔