آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 62 لاکھ سے زائد ہے جبکہ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ افراد اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ سندھ کے صوبائی وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. ایران میں متاثرین کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی

    ایران میں حکام نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2516 نئے متاثرین کی اطلاع دی ہے جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار 466 ہوگئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 63 متاثرین ہلاک ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اموات کی کُل تعداد سات ہزار 797 ہوگئی ہے۔

    سرکاری نیوز چینل پر نشر کی گئی ایک نیوز کانفرنس میں وزارتِ صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے کہا کہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 848 ہے مگر ابھی بھی ملک بھر میں 2527 افراد تشویشناک حالت میں ہیں۔

    گذشتہ ہفتے ایران نے شیعہ مسلمانوں کے لیے مقدس مزارات کو سماجی دوری کے ضوابط کے ساتھ کھولنے کی اجازت دے دی تھی۔

  2. انگلینڈ: خطرے کی زد میں موجود لوگ گھر سے باہر جا سکیں گے

    انگلینڈ کی حکومت نے ان لوگوں کو پیر کے روز سے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت دے دی ہے جو کورونا کے خطرے کی زد میں ہونے کی وجہ سے اپنے گھروں تک محدود ہیں۔

    خاندان رکھنے والے افراد کو دن میں ایک مرتبہ اپنے گھر کے افراد کے ساتھ باہر جانے کی اجازت ہوگی جبکہ اکیلے رہنے والے لوگ کسی ایک اور فرد کے ساتھ سماجی دوری کے ضوابط کا خیال رکھتے ہوئے مل سکیں گے۔

    حکومت کی جانب سے آج اس بارے میں باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

    ویلز کی حکومت نے بھی اعلان کیا ہے کہ ایسے لوگ اگر سماجی دوری کے ضوابط کی پاسداری کریں تو وہ دوسرے لوگوں سے مل سکتے ہیں اور باہر لامحدود ورزش کر سکتے ہیں۔

    دس ہفتوں سے اس ‘شیلڈڈ’ یعنی محفوظ رکھے گئے لوگوں کے زمرے میں شامل افراد سے گھروں پر رہنے کے لیے اور کسی بھی وجہ سے باہر نہ نککلنے کے لیے کہا گیا ہے۔

    انھیں کسی شخص سے دوبدو رابطے سے بھی منع کیا گیا ہے۔

    حکومت کا کہنا ہے کہ خطرے کی زد میں موجود لوگوں کو ہنگامی امداد مثلاً اشیائے ضروریہ کی فراہمی وغیرہ جاری رہے گی۔

  3. افغانستان کی وزارتِ صحت نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے خبردار کر دیا

    افغانستان کی وزارتِ عوامی صحت نے ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرنے پر ممکنہ ہنگامی صورتحال سے خبردار کیا ہے۔

    وزارتِ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے کووِڈ 19 کے نصف سے زائد ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

    ان میں سے بھی نصف دارالحکومت کابل میں ہیں جو ملک کا سب سے زیادہ متاثر علاقہ ہے۔

    نائب وزیرِ صحت واحد مجروح نے سخت لاک ڈاؤن واپس نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    افغانستان نے سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا تاہم ایک ہفتہ قبل عید کے موقع پر ان ضوابط میں نرمی کر دی گئی تھی۔

    نائب وزیر کا کہنا ہے کہ وائرس اس لیے تیزی سے پھیل رہا ہے کیونکہ لوگ سماجی دوری کے قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

  4. کیا پاکستان میں وبا پر قابو پانے کے لیے اجتماعی مدافعت کی تکنیک کارگر ثابت ہو سکتی ہے؟

    ہرڈ امیونٹی (اجتماعی مدافعت) سے مراد آبادی کے ایک بڑے حصے کو متعدی بیماری کی ویکسین یا اسی بیماری میں مبتلا کر کے ان کے جسم میں اس بیماری کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنا ہے تاکہ وبا کے پهیلاؤ کا سلسلہ روکا جا سکے۔

    پاکستان میں گذشتہ چند دنوں سے اجتماعی مدافعت کا ذکر سننے کو مل رہا ہے اور اس کا تعلق لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار خاتمے کے فیصلے سے بهی جوڑا جا رہا ہے۔

  5. جرمنی سے چین جانے والے مسافروں میں سے ایک میں کورونا کی تشخیص

    ہم نے کل رپورٹ کیا تھا کہ دو چارٹر طیارے 400 جرمن شہریوں اور ان کے خاندانوں کو چین لے کر جائیں گے۔ پہلی پرواز نے جمعے کو فرینکفرٹ سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور کل تیانجن میں لینڈ کیا۔

    اب تیانجن کے حکام کا کہنا ہے کہ پرواز پر موجود ایک شخص کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    34 سالہ انجینیئر کا درجہ حرارت نارمل تھا اور ان میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہو رہی تھی۔ اب انھیں مزید معائنے کے لیے ایک مقامی ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

    تمام مسافروں کے لیے لازم ہے کہ وہ خود کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینے میں رکھیں اور کورونا ٹیسٹ کروائیں۔

    دوسرا چارٹر طیارہ بدھ کو فرینکفرٹ سے شنگھائی کے لیے اڑان بھرے گا۔

  6. ہانگ کانگ: 17 دن بعد مقامی طور پر وائرس کی منتقلی کا پہلا کیس رپورٹ

    ہانگ کانگ میں 14 مئی (17 دن بعد) کے بعد مقامی طور پر وائرس کی منتقلی کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

    ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق شا ٹن کے پرنس آف ویلز ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ایک 34 سالہ خاتون کو وینٹیلیٹر پر رکھا گیا ہے۔

    اخبار کا کہنا ہے کہ حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا جس کھانے کے گودام میں وہ کام کرتی ہیں وہاں کسی درآمد شدہ مال سے وہ وائرس سے متاثر ہوئیں یا نہیں۔

    مبینہ طور پر خاتون کے 56 سالہ شوہر کو سنیچر کے روز بخار ہوگیا تھا اور انھیں ہسپتال بھیج دیا گیا جہاں ان میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی۔

    ہانگ کانگ میں 14 مئی سے متعدد ایسے انفیکشن رپورٹ ہوئے ہیں جن کا تعلق بیرونِ ملک سے آنے والوں سے ہے۔

    ان میں زیادہ تر باشندے پاکستان سے ہانگ کانگ پہنچے ہیں۔ لیکن اس جوڑے نے حال ہی میں کہیں کا سفر نہیں کیا۔

    جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق ہانگ کانگ میں اب تک مجموعی طور پر 1082 متاثرین اور چار اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔

  7. بریکنگ, سندھ: کورونا وائرس کے 885 نئے مریض، مزید 16 اموات

    پاکستان کے صوبہ سندھ میں مزید 885 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 28245 ہو گئی ہے جبکہ 16 مزید اموات کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 481 ہوگئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کوورنا وائرس کے 1073 مریض صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور 334 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    سندھ میں مزید 553 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 13810 ہو گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے صحتیابی کی شرح 49 فیصد ہے۔

    سندھ میں اس وقت 13954 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 12773 مریض گھروں میں آئسولیشن میں ہیں جبکہ 108 مریض آئسولیشن سینٹرز میں ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے کے 885 متاثرین میں 617 کراچی سے سامنے آئے ہیں۔

  8. کیا آپ صحت یابی کے بعد دوبارہ کووڈ-19 کا شکار ہو سکتے ہیں؟

    کیا آپ کو صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ بھی کورونا وائرس نشانہ بنا سکتا ہے؟ کچھ مریض دوسروں کے مقابلے میں زیادہ بیمار کیوں ہیں؟ کیا یہ مرض ہر سردی میں واپس آئے گا؟ کیا ویکسین کارگر ثابت ہو گی؟ کیا امیونٹی پاسپورٹ کی مدد سے ہم میں سے کچھ لوگ کام پر واپس جا سکتے ہیں؟ اس وائرس سے نمٹنے کے لیے کن طویل المدتی اقدامات کی ضرورت ہے؟

    دنیا میں کووڈ-19 کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد جہاں روز بروز بڑھ رہی ہے وہیں یہ سوالات بھی تواتر سے پوچھے جانے لگے ہیں۔

    ان تمام سوالات میں جو ایک چیز مشترک ہے وہ ہے امیون سسٹم یا مدافعتی نظام اور ہم اس بارے میں بہت کم جانتے ہیں۔

  9. بریکنگ, روانڈا میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت

    روانڈا میں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک 65 سالہ ڈرائیور ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ ملک میں وائرس سے ہونے والی پہلی سرکاری ہلاکت ہے۔

    روانڈا کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ ڈرائیور شدید بیمار ہونے کے بعد ہمسایہ ملک سے روانڈا واپس آئے تھے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا مریضوں کے لیے بنائی گئی خصوصی سہولت میں ان کا علاج جاری تھا جہاں سانس لینے میں دشواری کے باعث وہ فوت ہوگئے۔

    مشرقی افریقہ کے اس ملک میں کورونا وائرس کے 359 تصدیق شدہ مریض موجود ہیں۔

  10. لاہور کا فیشن فوٹو گرافر جو لاک ڈاؤن کے دنوں میں بالکونی سے تصاویر لے رہا ہے

    کورونا وائرس اور لاک ڈاون کی وجہ سے پوری دنیا میں جہاں لوگوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں وہی بہت سارے لوگ ان حالات کا منفرد طریقے سے استعمال کرنا سیکھ رہے ہیں۔

    عریش زبیر عام دنوں میں فیشن اور کارپوریٹ فوٹوگرافی کرتے ہیں مگر ان دنوں وہ 'دور سے پورٹریٹ' لے رہے ہیں جہاں وہ لوگوں سے دور سے ہی ملتے ہیں اور سڑک سے ہی ان کی تصویریں لیتے ہیں۔

    دیکھیے ہمارے ساتھی موسیٰ یاوری کی اس ویڈیو میں کہ وہ یہ سب کس طرح کر رہے ہیں۔۔۔

  11. سنگاپور: کورونا وائرس کے 518 نئے مریض، اکثریت تارکین وطن مزدور

    سنگاپور کی وزارت صحت نے کورونا وائرس کے 518 نئے مریضوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد کل تعداد 34،884 ہوگئی ہے۔

    گذشتہ ہفتے (یومیہ 548 مریضوں) کے مقابلے میں یہ تعداد معمولی سی کم ہے۔

    وزارت کے مطابق ان نئے متاثرین کی اکثریت ہاسٹلوں میں رہنے والے تارکین وطن مزدور ہیں۔

    گذشتہ مہینے وزیر افرادی قوت جوزفین تیو نے کہا تھا کہ صرف 43 بلاکس میں تقریباً دو لاکھ تارکین وطن مزدور رہ رہے ہیں۔ ہاسٹل کے ایک کمرے میں 10 سے 20 تک افراد رہتے ہیں۔

    سنگاپور کچھ لاک ڈاؤن پابندیوں کو نرم کرنے کے لیے تیاری کر رہا ہے۔

    اس ہفتے سے کچھ ملازمین اپنے دفتروں میں واپس جا سکیں گے اور والدین اور دادا دادی سے ملاقات کی اجازت ہو گی۔

    لیکن بیرون ملک سے آنے والوں پر پابندی ابھی بھی برقرار ہے۔

  12. ارجنٹائن میں لاک ڈاؤن کے خلاف سینکڑوں افراد کا احتجاج

    ارجنٹائن میں سینکڑوں افراد نے ملک میں لگائے گئے سخت لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔

    مظاہرین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان پابندیوں کو ختم کریں جن کا نفاذ دو ماہ سے زیادہ عرصہ پہلے کیا گیا تھا۔

    بیونس آئرس اور متعدد دیگر شہروں میں مظاہرین نے صدر البرٹو فرنانڈیز پر آمر کی طرح برتاؤ کا الزام عائد کیا اور کاروباری اداروں کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔

    چند مظاہرین نے کچھ ایسے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ویکسین اور فائیو جی نیٹ ورکس سے متعلق افواہیں اور سازشی نظریات درج تھے۔

    ارجنٹائن میں کورونا وائرس سے تقریباً 500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تصدیق شدہ متاثرین کی تعداد 16000 ہے۔

  13. لاس اینجلس: احتجاج کے باعث کووڈ 19 ٹیسٹنگ مراکز بند کردیے گئے

    امریکہ میں ایک نہتے سیاہ فام شخص کی پولیس افسر کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد مختلف شہروں میں مظاہرے جاری ہیں۔

    لاس اینجلس کے حکام نے شہر میں کووڈ 19 ٹیسٹ کے مراکز بند کردیے ہیں۔ لاس اینجلس کے میئر ایرک گارسٹی نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ حفاظتی اقدام ہے۔ انھوں نے مزید کہا ’اب گھر جانے کا وقت آگیا ہے۔ گھر واپس آئیں، جب امن ہو اس وقت پُر امن طور پر احتجاج کریں۔‘

    مظاہروں پر قابو پانے کی کوشش میں امریکہ کے کئی شہروں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور منیسوٹا کے گورنر ٹم والز نے مظاہرین سے حفاظتی ماسک پہننے اور معاشرتی طور پر فاصلہ رکھنے کو کہا ہے۔

  14. معیشت کے مزید شعبوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے صوبوں سے سفارشات طلب

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث بند کیے گئے معیشت کے مزید شعبوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے صوبوں سے سفارشات طلب کی ہیں۔

    منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسد عمر کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام سے متعلق طویل اور قلیل مدتی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تجویز دی کہ تعلیمی ادارے اگست تک بند رکھے جائیں اور شادی ہالوں کو مہمانوں کی محدود تعداد ون ڈش اور مقررہ ضابطہ کار پر سختی سے عملدرآمد کی صورت میں دوبارہ کھولنے کی مشروط اجازت دی جائے۔

    اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے لیے معلوماتی اور آگاہی مہم کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر بھی زوردیا گیا۔

  15. برطانیہ میں شادی سے متعلق اب نئے اصول کیا ہیں؟

    اگر آپ کی شادی کی تقریب نہیں ہو سکتی یا آپ کو لگتا ہے کہ وہ اس سے بہت مختلف ہو گی جیسا آپ نے سوچا تھا تو بہتر یہ ہے کہ آپ اسے منسوخ کرنے کے بجائے ملتوی کر دیں۔

    تفصیلات ہماری ساتھی آلینور لاری کی اس تحریر میں پڑھیے۔

  16. مسجدِ نبوی اور مسجد اقصیٰ نمازیوں کے لیے کھول دی گئیں

    سعودی عرب میں اتوار سے عوام کے لیے مسجد نبوی کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

    سعودی شہریوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے اتوار کی صبح مسجد نبوی میں نماز ادا کی۔

    احتیاطی اقدامات کے تحت مسجد نبوی میں ایک وقت میں لوگوں کی تعداد کو مسجد کی گنجائش کے مقابلے میں چالیس فیصد تک محدود رکھا گیا ہے۔

    سعودی عرب کے دیگر شہروں میں بھی تمام مساجد نماز کی ادائیگی کے لیے کھول دی گئی ہیں۔

    دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس میں تقریباً دو ماہ بعد مسجد اقصیٰ بھی دوبارہ کھول دی گئی ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق فجر کی نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والے نمازیوں کو احاطے میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

    کوورنا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے لیے مارچ میں مسجد اقصیٰ کو بند کر دیا گیا تھا۔

  17. ماسک پہنتے ہوئے کن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے؟

    جیسے جیسے لاک ڈاؤن میں نرمی ہو رہی ہے، دنیا بھر میں پہلے سے زیادہ لوگ اپنی حکومت کے مشوروں کے تحت ماسک پہن رہے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ ماسک صرف اس صورت میں موثر ثابت ہوتے ہیں جب مناسب طریقے سے پہننے کے ساتھ بار بار ہاتھوں کی صفائی اور سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے۔

    ماسک پہنتے ہوئے کن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیئے؟ یہ جاننے کے لیے دیکھیں یہ ویڈیو

  18. اسلام آباد: ماسک نہ پہننے کی صورت میں تین ہزار تک جرمانہ، جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام عوامی جگہوں پر ماسک پہننا یا منہ ڈھانپنا اب لازم قرار دیدیا گیا ہے۔

    اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کے مطابق مارکیٹوں، عوامی مقامات، مساجد، پبلک ٹرانسپورٹ، لاری اڈوں، گلیوں، سڑکوں، دفاتر میں چیکنگ ہو گی اور خلاف ورزی کی صورت میں تین ہزار تک جرمانے اور دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے۔

  19. گلگت بلتستان: کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 678 ہوگئی

    گلگت بلتستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 18مریضوں اور دو اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔

    پاکستان میں کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اعداد و شمار کی ویب سائٹ کووڈ 19 کے مطابق گلگت بلتستان میں متاثرین کی کل تعداد 678 ہوگئی ہے۔

    گذشتہ روز ہونے والی دو اموات کے بعد کورونا سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 11 ہوگئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 490 ہے۔

  20. بریکنگ, این ڈی ایم اے ملک میں 100 نئے وینٹیلیٹر تقسیم کرے گا

    قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیشِ نظر صوبوں میں 100 وینٹیلیٹرز تقیسم کیے جا رہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ چاروں صوبوں کو دس دس بائی پیپ پورٹ ایبل وینٹیلیٹرز بھی دیے جا رہے ہیں۔

    این ڈی ایم اے نے وینٹیلیٹرز کے استمعال کے لیے طبی عملے کی تربیت کا بھی بندوبست کیا ہے۔