محکمہ صحت صوبہ پنجاب کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس سے نوجوان سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں 75 سال سے زائد عمر کے 314 بزرگ شہری جبکہ 61 سے 75 سال تک کی عمر کے 2209 بزرگ اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
وائرس سے متاثرہ 15 سال سے کم عمر بچوں کی تعداد 1438 جبکہ 16 سے 30 سال تک کی عمر کے 7346 نوجوان اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
31 سے 45 سال تک کی عمر کے 7102 افراد اور 46 سے 60 سال تک کے 4952 شہری کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
پنجاب بھر میں کورونا سے متاثرہ مردوں کی تعداد 17 ہزار900 سے زائد ہے جبکہ خواتین متاثرین کی تعداد 6 ہزار تک ہے۔
امریکہ اور برطانیہ سے وبائی امراض کے تربیت یافتہ ماہر ڈاکٹر رانا جواد نے ایک اور وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بزرگ لوگوں کا تناسب نوجوان لوگوں کی نسبت انتہائی کم ہے۔ جس وجہ سے ممکنہ طور پر ان کے متاثر ہونے کی تعداد بھی بظاہر زیادہ نظر آرہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے ہر عمر کے لوگ متاثر ہوتے ہیں، عموماً نوجوانوں میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں مگر بڑی اکثریت میں ظاہر بھی ہوتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کوورونا سے زیادہ متاثر بزرگ ہو رہے ہیں اور اموات کی شرح بھی ان میں زیادہ ہے۔
ایوب میڈیکل انسٹیٹوٹ ایبٹ آباد کے ایمرجنسی سروسز کے انچارج اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر جنید کا کہنا تھا کہ بزرگ زیادہ متاثر تو ہو رہے ہیں مگر نوجوانوں کو کیئریر بننے سے گریز کرنا چاہیے۔ سماجی فاصلوں اور ایس او پی پیز کا خیال رکھنا چاہیے، ورنہ صورتحال اب اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ حالات ہاتھ سے نکل سکتے ہیں۔