محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق گلگت بلتستان میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 33 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد علاقے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 711 ہو گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں مزید چھ مریض صحت بھی ہوئے ہیں، جس کے بعد صحت مند افراد کی تعداد 496 ہوگئی ہے جبکہ علاقے میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہے۔
کورونا پازیٹو مریضوں کی تعداد بڑھنے کے بعد گلگت کی مقامی حکومت نے دوسرے شہروں سے لوگوں کے گلگت شہر میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر) اسامہ مجید چیمہ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کیسوں کے اضافے کے باعث شہر میں بغیر این او سی داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
انھوں نے بتایا کورونا وائرس کے پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر پہلے ہی بین الاضلاعی آمدورفت پر پابندی عائد ہے اور کوئی بھی شخص ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر گلگت ضلع میں داخل نہیں ہو سکتا۔
انھوں نے کہا کہ ایمرجنسی کیسز کے علاوہ کسی بھی شہری کو میونسپل حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گئی۔
ڈسڑکٹ ہیلتھ آفسیر گلگت ڈاکٹر مبین نے صحافی محمد زبیر خان کو بتایا کہ گلگت بلستان میں اتنے مریضوں کی توقع نہیں تھی کیونکہ گلگت بلستان قدرتی طور پر دور دراز علاقہ ہے۔
’رقبہ زیادہ اور آبادی کم ہے مگر اب کیسز میں اضافہ حقیقی معنوں میں خطرے کی گھنٹی ہے۔‘