ایران میں سرکاری ملازمین سنیچر سے اپنے کام پر واپس لوٹ گئے ہیں اور صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ اگرچہ کچھ علاقوں میں کووڈ 19 انفیکشن میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے لیکن پورے ملک میں مساجد کو روزانہ کی نمازوں کے لیے دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔
سرکاری ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں حسن روحانی کا کہنا تھا کہ شاپنگ مالز جنھیں پہلے صرف شام 6 بجے تک ہی کھولنے کی اجازت دی گئی تھی ، اب ان کے اوقات میں توسیع کی جائے گی۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا ’ملک بھر کی مساجد کے دروازے عوام کے لیے روزانہ کی نمازوں کے اوقات میں کھلیں گے جس کے دوران سماجی دوری اور دوسرے حفاظتی اقدامات کا خیال رکھنا ہوگا۔
تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ مساجد دوبارہ کب کھولی جا رہی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حکام صحت کے ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کررہے ہیں جن میں بسوں اور میٹرو ٹرینوں میں ماسک کے بغیر سفر ہر پابندی بھی شامل ہے۔
تہران میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کے سربراہ علی رضا زلی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ دارالحکومت میں صورتحال ابھی تک ٹھیک نہیں ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پابندیوں میں نرمی کے ساتھ قواعد و ضوابط کی ’زیادہ سنجیدہ طریقے سے پابندی‘ ہونی چاہیے۔
ایران میں اب تک کورونا وائرس سے 7677 اموات ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 146،668 ہے۔