امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے درمیان فون پر رابطہ ہوا ہے جس کے دوران کورونا وائرس کی صورتحال اور عالمی سطح پر اس کے خلاف ردعمل زیر غور آیا۔
10 ڈاؤننگ سٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس وائرس کے خلاف مؤثر ویکسین کی تیاری کے لیے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی کوششوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ویکسین کی تیاری کے لیے برطانیہ اور امریکہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں ٹرائلز کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔
برطانیہ میں حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان جی 7 سمٹ کے آئندہ اجلاس کے بارے میں بات چیت بھی ہوئی۔ یہ اجلاس آئندہ ماہ واشنگٹن میں منعقد ہو گا۔
اس بات کی اہمیت پر زور دیا گیا کہ جی 7 ممالک کے رہنما ذاتی حیثیت میں اس اجلاس میں شریک ہوں۔
گذشتہ ہفتے امریکہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ جی 7 ممالک کا اجلاس طے شدہ وقت پر ہو گا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم جانسن کے درمیان لاک ڈاؤن کو بتدریج ختم کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔