آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 62 لاکھ سے زائد ہے جبکہ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ افراد اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ سندھ کے صوبائی وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. مچھلیاں پکڑنے کے ٹرائلر پر 86 افراد میں کورونا کی تشخیص

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکہ کی ویسٹ کوسٹ پر ایک مچھلیاں پکڑنے والے ٹرائلر کے عملے کے 86 اراکین میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    امیریکن سی فوڈز کے جہاز امیریکن ڈائنیسٹی کے ملازمین کو اتوار کو بیلنگھم، واشنگٹن کی بندرگاہ پر ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

    امریکہ کی فوڈ پراسیسنگ فیکٹریوں کے ملازمین میں کورونا وائرس خصوصی پر زیادہ دیکھا گیا ہے۔

    مئی میں گوشت کی 20 فیکٹریوں کو اس وقت بند کرنا پڑا جب ان میں ہزاروں ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ بند جگہ پر کام کرنے کے حالات اور فوڈ مارکیٹس کو سپلائی جاری رکھنے کے دباؤ کو اس کا کسی حد تک ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔

  2. بریکنگ, بلوچستان میں کورونا کے مزید 121 کیسز، مجموعی تعداد 4514 ہو گئی

    بلوچستان میں کورونا کےمزید 121 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر کورونا کے کیسز کی تعداد 4514 ہوگئی ہے۔

    صوبے میں کورونا سے مزید دو افراد کی ہلاکت کے بعد وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی مصدقہ کی تعداد 49 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق بلوچستان میں یکم جون 2020 کو کورونا کے 783 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 121 پازیٹو آئے۔

    اب تک بلوچستان کورونا کے 24760 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے20270 منفی آئے جبکہ اب بھی مشتبہ مریضوں کی تعداد 21879 ہے۔

    بلوچستان میں کورونا وائرس سے 1507 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  3. خیبر پختونخوا، سندھ میں قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں قواعد و ضوابط کا نفاذ

    پاکستان کے صوبہ سندھ اور خیبرپختونخوا نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور گذشتہ ماہ سپریم کورٹ کی جانب سے ملک بھر میں یکساں پالیسی اپنانے کی ہدایت کی روشنی میں قواعد و ضوابط کا نفاذ کیا ہے۔

    اس حوالے سے دونوں صوبوں میں مندرجہ ذیل شعبے بند رکھے جائیں گے۔

    • تمام تعلیمی ادارے
    • شادی ہال
    • ایسے کھیل جن میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ممکن نہ ہو
    • جمز اور کھیلوں کے ٹورنامنٹ
    • ریستوران اور کیفے (ڈیلیوری سروسز بحال رہیں گی)
    • پارکس
    • بیوٹی پارلر
    • سینما گھر
    • کسی بھی نوعیت کے اجتماعات، اور مزار
    • سیاحت کا شعبہ اور دیگر ہوٹل

    دونوں صوبوں میں ضروری اشیا کی دکانوں اور فارمیسیز کے علاوہ تمام دکانیں صبح نو سے شام سات بجے تک پیر سے جمعے تک کھولی جا سکیں گی۔

  4. کورونا وائرس: کیا آپ صحت یابی کے بعد دوبارہ کووڈ-19 کا شکار ہو سکتے ہیں؟

    کیا آپ کو صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ بھی کورونا وائرس نشانہ بنا سکتا ہے؟ کچھ مریض دوسروں کے مقابلے میں زیادہ بیمار کیوں ہیں؟

    کیا یہ مرض ہر سردی میں واپس آئے گا؟ کیا ویکسین کارگر ثابت ہو گی؟ کیا امیونٹی پاسپورٹ کی مدد سے ہم میں سے کچھ لوگ کام پر واپس جا سکتے ہیں؟

    اس وائرس سے نمٹنے کے لیے کن طویل المدتی اقدامات کی ضرورت ہے؟

  5. خیبرپختونخوا: کورونا وائرس کے ’سنجیدہ اور فوری خطرے‘ کے باعث ایمرجنسی میں تین ماہ کی توسیع

    پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائی جانے والی ایمرجنسی میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔

    صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس ایک سنجیدہ اور فوری خطرہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی میں 90 دن کی توسیع کی جا رہی ہے۔

  6. بریکنگ, پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں متاثرین کی تعداد 264 ہو گئی

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق خطے میں متاثرین کی کل تعداد 264 ہو گئی ہے جبکہ اب تک چھ افراد اس وائرس سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

    تاہم صحافی ایم اے جرال کے مطابق دو خواتین، ایک ڈاکٹر اور پولیس آفسر سمیت 11 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 267 ہوگئی ہے۔

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں میرپور ڈویژن کے کمشنر محمد رقیب خان کے مطابق میرپور میں ایک ڈاکٹر اور پولیس آفسر سمیت نو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    ان کے مطابق میرپور کے ضلعی ہسپتال میں تعینات ایک ڈاکٹر، ایک اہلکار اور زیر علاج ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    ان کے مطابق دو افراد گذشتہ دنوں میرپور میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے ایک تاجر سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ وائرس سے متاثر ہونے والوں میں منگلا تھانے کے ایس ایچ او اور باقی افراد کا تعلق میاں محمد ٹاون سے ہے۔

    دوسری جانب ضلع مظفرآباد کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں دو خواتین سمیت تین افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    حکام کے مطابق مزید دو مریض صحتیاب ہوکر گھر روانہ ہو گئے ہیں جس کے بعد اس خطے میں صحتیاب مریضوں کی تعداد 170 ہو گئی ہے۔

    حکام کے مطابق اس خطے کے 6696 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لیے گے ہیں جن میں 54 کے رزلٹ آنے باقی ہیں۔

  7. پولیس نے تیانامن کی یاد میں ہانگ کانگ کی تقریب پر پابندی لگا دی

    ہانگ کانگ پولیس نے 30 سال میں پہلی مرتبہ تیانامن سکوائرمیں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں منعقد کی جانے والی وجل (مشعل بردار تقریب) پر پابندی لگا دی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے متعلق تشویش کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

    تاہم، ایسے خدشات بھی ہیں کہ شاید چین تیانامن سکوائر کریک ڈاؤن کی یادگاری تقریبات کو ختم ہی کر دے، کیونکہ چین ایک نیا قانون لا رہا ہے جس میں اس کے علاقوں میں اس کی اتھارٹی کو چیلنج کرنا ایک جرم ہو گا۔

    آج تک صرف ہانگ کانگ اور مکاؤ ہی چین کے ایسے علاقے ہیں جہاں 1989 میں بیجنگ کے تیانامن سکوائر میں ہونے والے کریک ڈاؤن میں ہلاک ہونے والے جمہوریت پسندوں کی یاد میں تقریبات منائی جاتی ہیں۔

    مین لینڈ چین میں حکام نے تو 4 جون کو ہونے والے اس واقعے کی طرف اشارے پر پابندی لگا رکھی ہے۔

  8. کورونا وائرس کی وبا آخر ختم کب ہو گی؟

    کورونا وائرس کی وجہ سے اب دنیا بھر میں اربوں لوگ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے اپنے گھروں میں بند ہیں۔

    معیشتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کروڑوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں۔

    مگر کیا یہ وبا کبھی ختم ہو گی اور اگر ہاں تو اس میں کتنا عرصہ لگ سکتا ہے، دیکھیے اس ڈیجیٹل ویڈیو میں۔

  9. برطانیہ میں نئے متاثرین میں کمی ایک اچھی خبر, نک ٹریگل، تجزیہ

    یہ حقیقت کہ لاک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد اب انفیکشنز کی تعداد سب سے کم سطح پر آ گئی ہے، ایک مثبت خبر ہے۔

    اپنے عروج پر روزانہ 6 ہزار کے قریب متاثرین نظر آتے تھے۔

    یہ اس کے باوجود ہے کہ تقریباً گذشتہ ایک مہینے سے زیادہ افراد کو ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، جن میں کیئر ہوم کے رہائشی بھی ہیں، اہم ورکرز بھی اور عام عوام بھی۔ یہ صاف نشانی ہے کہ وائرس اب کم ہو رہا ہے۔

    لیکن نمبرز ابھی بھی یورپ کے دوسرے ممالک مثلاً سپین اور اٹلی سے ذرا زیادہ ہیں۔

    کم نمبروں کا مطلب ہے کہ یہ گذشتہ ہفتے لانچ کی جانے والی کونٹیکٹ ٹریسنگ ایپ کا ایک دھیما آغاز ہے۔ یہ ایپ وبا کو روکنے میں مدد کے لیے تیار کی گئی ہے۔

    وزیرِ صحت میٹ ہینکوک کہتے ہیں کہ ضرورت سے زیادہ صلاحیت موجود ہے، اور اس پر یہ بھی کہ جو انفیکٹڈ تھے ان کے قریبی رابطے اس سے کم ہیں جتنا اندازہ لگایا جا رہا تھا۔

  10. بریکنگ, گلگت بلتستان: کووڈ 19 کے 27 نئے مریض، سکردو میں بھی ماسک پہننا لازمی قرار

    گلگت بلستان محکمہ صحت کے مطابق گلگت بلستان میں 27 نئے کیسز کے ساتھ مجموعی تعداد 738 ہو گئی ہے۔

    صحافی محمد زبیر خان کے مطابق نئے کیسز میں ضلع استور میں نو ضلع دیامر آٹھ، ضلع غذر دو، ضلع گلگت دو، گنگچھے سے پانچ اور ضلع کھرمنگ سے ایک کیس شامل ہے۔

    31 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب مریضوں کی تعداد 527 ہوچکی ہے۔

    اس وقت گللگت بلستان میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 200 ہے جبکہ گیارہ ہلاک ہوئے ہیں۔ جس میں گلگت سے 87 سب سے زیادہ، اسکردو سے 23، ہنزہ سے 18 اور استور سے 17 شامل ہیں۔

    گلگت بلستان حکومت کے ترجمان کے مطابق گلگت کے بعد سکردو میں بھی عوامی مقامات پر ماسک کی پابندی کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

  11. کورونا وائرس کے علاج سے متعلق افواہوں کی حقیقت کیا ہے؟

    کیا لیموں کے رس سے کورونا کا علاج ہو سکتا ہے؟ ایسے سوال اور ان سے جُڑی کئی افواہیں انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہیں۔

    انٹرنیٹ پر پھیلنے والی افواہوں میں کتنی حقیقت ہے، جانیے بی بی سی کی عالیہ نازکی سے۔

  12. اٹلی کے اہم سیاحتی مراکز دوبارہ کھول دیے گئے

    اٹلی کے کچھ مشہور ثقافتی مقامات کو تقریباً تین ماہ بند رکھنے کے بعد پیر سے کھول دیا گیا ہے۔

    سیاح روم کے کولوسیئم میں دوبارہ گھوم سکیں گے لیکن اس مرتبہ انھیں کورونا وائرس انفیکشن سے پچنے کے لیے سخت ترین ہدایات پر عمل کرنا پڑے گا۔

    منہ پر ماسک پہننا لازمی ہے اور سیاحوں کی تعداد بھی محدود رکھی جائے گی۔

    ویٹیکن کے میوزیم بھی دوبارہ کھول دیے گئے ہیں، جس سے لوگوں کو ایک مرتبہ پھر سسٹین چیپل کی خوبصورتی دیکھنے کا موقع ملے گا، لیکن سماجی دوری کے اصولوں پر عمل لازمی ہے۔

  13. ملک بھر میں وینٹیلیٹرز کی تازہ ترین صورتحال

    وزارت صحت اسلام آباد کے مطابق اس وقت پورے ملک میں کورونا کے 215 مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں جبکہ 516 مریضوں کو آکسیجن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    صحافی محمد زبیر خان کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ملک بھر میں اس وقت 2378 وینٹیلیٹرز دسیتاب ہیں جن میں سے 744 کورونا مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

    اس وقت تک کورونا مریضوں کے لیے مختص کردہ وینٹیلٹرز میں سے 29 فیصد استعمال ہوئے ہیں۔

    ملک بھر میں 727 ہسپتالوں اور دیگر مقامات کو کوروونا کے مریضوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ جس میں 22,589 بستروں کی سہولت موجود ہے۔

  14. لاطینی امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد

    اگرچہ زیادہ تر یورپ کورونا وائرس کی وجہ سے لگائی کی پابندیوں کو نرم کر رہا ہے، لاطینی امریکہ میں متاثرین کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

    • کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا کے ایک حصے میں انفیکشنزکی تعداد میں اضافے کے بعد وہاں سخت ترین لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ محنت کشوں کے علاقے کینیڈی میں کسی کو بھی، طبی وجوہات اور خوراک خریدنے کے علاوہ، اپنے گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔ ان اقدامات کی زد میں 15 لاکھ افراد آئے ہیں۔
    • پیر سے بولیویا میں پابندیاں نرم کی جا رہی ہیں، لیکن ملک کے نو علاقے کہہ رہے ہیں کہ وہ اس وقت تک لاک ڈاؤن نہیں ختم کریں گے جب تک انفیکشنز کافی حد تک کم نہیں ہو جاتیں۔
    • چلی میں بولیویا کی نسبت متاثرین کی تعداد 10 گنا زیادہ ہے۔ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہونے کے بعد وزیرِ صحت پاؤلا دازا نے کہا ہے کہ چلی ’اپنے مشکل ترین ہفتوں‘ سے گذر رہا ہے۔
    • کورونا کے مثبت کیسز کے علاوہ حقیقت میں ایک مثبت خبر یہ ہے کہ بولیویا کا وہ آکیسٹرا جو کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لگائی جانے والی سفری پابندیوں کے باعث جرمنی کے ایک قلعے میں پھنسا ہوا تھا، اب واپس بولیویا کی طرف سفر کر رہا ہے۔
  15. بریکنگ, کورونا وائرس: پاکستان میں متاثرین کی تعداد 74 ہزار سے تجاوز کر گئی

    پاکستان میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے اب تک 74 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 1574 افراد اس وبا کے نتیجے میں ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

    پاکستان میں اموات کی شرح کی شرح دو اعشاریہ ایک فیصد ہے جبکہ انفیکشن ریٹ 13 فیصد سے زیادہ ہے۔

    اب تک ملک میں 26 ہزار سے زائد افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

  16. بریکنگ, خیبرپختونخوا میں 458 نئے مریض، انفیکشن ریٹ 16 فیصد سے زیادہ, خیبرپختونخوا میں متاثرین: 10485 | اموات: 482 | صحتیاب: 2973

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 458 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ مزید نو اموات بھی ہوئی ہیں۔

    اب تک صوبے میں اس وائرس نے 10485 افراد کو متاثر کیا ہے جبکہ اس کے نتیجے میں 482 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

    اب تک صوبے میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 2973 ہو چکی ہے۔

    خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 63600 کورونا وائرس ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 10485 مثبت آئے ہیں۔

    اس طرح صوبے میں انفیکشن ریٹ 16 اعشاریہ چار فیصد ہے جو پاکستان کے مجموعی 13 فیصد انفیکشن ریٹ سے زیادہ ہے۔

    صوبے میں اموات کی شرح چار اعشاریہ پانچ فیصد ہے جو دیگر تمام صوبوں اور انتظامی یونٹس سے زیادہ ہے۔

  17. انگلینڈ اور ویلز میں ہلاکتوں کے تازہ اعداد و شمار

    این ایچ ایس انگلینڈ کے ایک اعلان کے مطابق کووڈ۔19 کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مزید 108 افراد کی موت واقع ہو گئی ہے، اس طرح انگلینڈ میں اب تک کورونا وائرس سے تصدیق شدہ ہلاکتوں کی تعداد 26 ہزار 722 ہو گئی ہے۔

    ویلز میں بھی مزید پانچ افراد کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہلاک ہو گئے۔ ویلز میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ہزار 347 ہو چکی ہے۔

    پبلک ہیلتھ ویلز نے کہا ہے کہ 59 مزید افراد میں کووڈ۔19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور اس طرح متاثرہ افراد کا نمبر 14 ہزار 54 تک پہنچ گیا ہے۔

    اس سے قبل سکاٹ لینڈ نے صرف ایک ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

  18. بریکنگ, بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پروازیں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے: عمران خان

    عمران خان نے کہا کہ ہم نے آج فیصلہ کیا ہے کہ اب بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں خاص طور پر مزدوروں کو واپس لایا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ وطن واپسی پر ان کا ایک ٹیسٹ کیا جائے گا جو مثبت آنے کی صورت میں انھیں ان کے گھروں میں ہی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ اس فیصلے کے ساتھ ہم زیادہ سے زیادہ افراد کو وطن واپس لا سکیں گے۔

  19. بریکنگ, اگر لوگوں کو غربت سے بچانا ہے، وبا کے پھیلاؤ کی رفتار کم کرنی ہے تو ذمہ دار قوم بننا پڑے گا: عمران خان

    وزیرِ اعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ ایک طرف لوگوں کو غربت سے بچایا جا سکے اور دوسری طرف وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار کم کی جا سکے۔

    انھوں نے کہا کہ ہمیں ایک ذمہ دار قوم بن کر دکھانا پڑے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ پیسے والے لوگ تو قواعد و ضوابط پر عمل کر رہے ہیں لیکن عام لوگ اس پر عمل نہیں کر رہے۔

  20. بریکنگ, سیاحت کے شعبے کو کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے: عمران خان

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے حوالے سے ابھی غور کر رہے ہیں کیونکہ ہمارے نزدیک وہ علاقے جہاں سیاحتی مقامات ہیں ان کے پاس گرمیوں کے یہی تین چار ماہ ہوتے ہیں آمدنی کے۔

    انھوں نے کہا کہ ’اگر یہ دو چار مہینے بھی چلے گئے تو پھر ان علاقوں میں غربت ہو جائے گی۔‘

    انھوں نے کہا جن شعبوں کو بند رکھا جائے گا اس حوالے سے فہرست شام تک جاری کر دی جائے گی۔