کورونا وائرس کے دوران پابندیوں میں رہنے والی ’لاک ڈاؤن جینریشن‘ کئی دہائیوں تک متاثر رہ سکتی ہے

دنیا میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 56 لاکھ 18 ہزار سے زیادہ جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے۔ کراچی کے این آئی بی ڈی میں جمعرات سے کورونا اینٹی باڈی ٹیسٹنگ کا آغاز متوقع ہے جبکہ پنجاب میں عید کے بعد کاروبار صرف پیر تا جمعرات کھلیں گے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, برازیل میں اموات 20 ہزار سے زیادہ

    کورونا وائرس سے 20047 اموات کے بعد برازیل دنیا کو وہ چھٹا ملک بن گیا ہے جہاں اس وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اموات کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

    امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعدادوشمار کے مطابق برازیل میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 310087 ہے۔

  2. بریکنگ, صدر ٹرمپ کا عبادت گاہوں کو فوراً کھولنے کا حکم

    ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک بریفنگ کے دوران عبادت گاہوں کے بارے میں کہا کہ یہ ’فوراً کھول دی جائیں‘۔ انھوں نے کہا یہ بہت ضروری ہے کیونکہ امریکہ میں ’زیادہ دعاؤں کی ضرورت ہے نہ کہ کم۔‘

    انھوں نے یہ بات ان ریاستوں کے ان گورنروں پر تنقید کرتے ہوئے کہی جہاں شراب کی دکانیں اور اسقاط حمل کے کلنک کھلے ہوئے ہیں۔

    دریں اثنا بیماریوں کے کنٹرول اور بچاؤ کے ادارے نے گرجا گھروں کو کھولنے کے بارے میں ہدایات جاری کی ہیں۔

    اس مہینے کے آغاز میں اس ادارے نے دوسرے اداروں کے کھلنے کے بارے میں ہدایات جاری کی تھیں لیکن ان میں عبادت گاہوں کا ذکر نھیں تھا۔

    واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ان ہدایات کے جاری نہ کیے جانے کی وجہ ان مذہبی تنظیموں کی طرف سے اعتراض تھا جن کے خیال میں حکومت مذہبی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

  3. برطانیہ: آج کی بریفنگ میں کیا کچھ سامنے آیا

    پریتی پٹیل

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    برطانیہ کی وزیرِ داخلہ پریتی پٹیل نے جمعہ کو کورونا وائرس کی کی بریفنگ دی۔ ان کے ہمراہ چیف میڈیکل آفیسر پیٹرک ویلنس اور بارڈر فورس کے سربراہ پال لنکن تھے۔

    بریفنگ میں دی جانے والی چند اہم معلومات:

    • 8 جون سے جو بھی برطانیہ میں داخل ہو گا اسے 14 دن کے قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔ اس اقدام کا ہر تین ہفتے بعد ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔
    • مسافروں کو برطانیہ میں اپنا پتہ بتانا پڑے گا تاکہ بارڈر فورس کا عملہ انھیں سپاٹ چیک کر سکے۔
    • قوانین توڑنے کی سزا 1000 پاؤنڈ تک ہو گی اور بار بار ایسا کرنے والوں کو برطانیہ بدر بھی کیا جا سکتا ہے۔ اور اگر کسی نے غلط معلومات فراہم کیں تو برطانیہ میں ان کے داخلے پر پابندی لگ سکتی ہے۔
    • سامان لانے والے ڈرائیور، کچھ میڈیکل پروفیشنلز اور غیر ملکی اہلکاروں کو قرنطینہ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح جو ریپبلک آف آئرلینڈ، دی چینل آئی لینڈز اور دی آئل آف مین سے آ رہے ہوں گے وہ بھی قرنطینہ سے مستثنیٰ ہوں گے۔
    • بارڈر فورس نے ہزاروں جعلی کورونا وائرس کٹس، اور ماسک پکڑے ہیں۔ کورونا وائرس کی سپلائی کی آڑ میں ممنوع اشیا بھی پکڑی گئی ہیں جن میں اے کے 47 رائفل بھی شامل ہے۔
    • سروے کے ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ وبا کا حجم متوازن ہے یا پھر کمی کی طرف جا رہا ہے۔
  4. برطانیہ آنے والوں کے لیے 14 دن کا قرنطینہ

    پریتی پٹیل

    برطانیہ کی وزیرِ داخلہ پریتی پٹیل نے کہا ہے کہ برطانیہ کی سرحد پر نئے اقدامات لیے جا رہے ہیں تاکہ انفیکشن کی دوسری لہر کو روکا جا سکے۔

    انھوں نے کہا کہ 8 جون کے بعد جو بھی برطانیہ میں داخل ہو گا اسے 14 دن کے لیے سیلف آئسولیٹ ہونا ہو گا۔

    وزیرِ داخلہ نے کہا کہ خطرہ ہے کہ گرمیوں میں برطانیہ آنے والے اور بیرون ملک چھٹیاں گزار کر واپس آنے والے اپنے ساتھ وائرس کو بھی لے آئیں۔

    انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں انفیکشن ریٹ کم ہو رہا ہے اور یہ ’امپورٹڈ‘ کیسز ایک ’بڑا خطرہ‘ بن سکتے ہیں، اور اس طرح ٹرانسمیشن کو روکنے کے لیے کارروائی کی ضرورت ہے۔

    جیسا کہ پہلے ہی کہا جا رہا تھا، ریپبلک آف آئرلینڈ، چینل آئی لینڈ اور آئل آف مین سے آنے والے اس قرنطینہ سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    اس کے علاوہ وائرس کا علاج کرنے والے میڈیکل پروفیشنلز اور سیزنل ایگریکلچرل ورکرز بھی مستثنٰی ہیں جو اسی فارم پر رہیں گے جہاں وہ کام کرتے ہیں۔

  5. جرمنی کے قلعے میں پھنسا ہوا بولیوین آرکیسٹرا

    جرمنی کے قلعے میں پھنسے بولیویا کے موسیقار

    ،تصویر کا ذریعہAriel Laura

    ،تصویر کا کیپشنجرمنی کے قلعے میں پھنسے بولیویا کے موسیقار

    پینپائپس، بانسریوں اور چھوٹے ڈھولوں کی آوازیں آرکیسٹا ایکسپیریمنٹل ڈی انسٹرومینٹوز نیٹیووس کی عمارت میں گھونج رہی ہیں۔

    سائکو بانسری بجانے والے میگوئل کوردوبا کہتے ہیں کہ موسیقی کے ان آلات کو کچھ گھنٹے بجانے کے لیے سانس لینے کی جو تکنیک چاہیئے وہ آپ پر ایک طرح کا جادو کر دیتی ہے۔

    لیکن جیسے ہی ریہرسل ختم ہوئی ان سب کو پتا تھا کہ اب ان کی زندگی کتنی بدل چکی ہے۔ کیونکہ وہ بولیویا کے شہر لا پاز میں ریہرسل نہیں کر رہے تھے بلکہ وہ موسیقی کے یہ آلات جرمنی کے ایک قلعے میں بجا رہے تھے جہاں وہ گذشتہ 73 دنوں سے پھنسے ہوئے ہیں۔

    ان موسیقاروں میں سے اکثر کبھی بولیویا سے باہر ہی نہیں نکلے ہیں اور ان کا یہاں قیام صرف پندرہ دنوں کا تھا جس دوران انھوں نے جرمنی کے کنسرٹ ہالز کا دورہ کرنا تھا۔

    لیکن وہ اب برلن کے شمال مغرب میں واقع ریہنزبرگ پیلس میں رہ رہے ہیں جو کئی نسلوں سے جرمنی کے شاہی خاندان اور امرا کی رہائشگاہ رہی ہے۔

    جرمنی کا محل

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  6. امریکی فوج کو پی پی ای کے ’تحفے‘ پر پاکستان میں ناراضگی

  7. ڈنمارک میں سنیما، تھیئٹر اور میوزیم کھل گئے

    ڈنمارک

    ،تصویر کا ذریعہAF

    بہت سے پڑھنے والوں کے دلوں میں یہ پڑھتے ہوئے جلن کا ہلکا سے احساس تو ضرور جاگے گا کہ ڈنمارک میں سماجی دوری آہستہ آہستہ کم کی جاری ہے۔

    میوزیمز، آرٹ گیلیریز، چڑیا گھروں، سنیماؤں اور تھیئٹروں کو اپنے دروازے کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ڈنمارک کے ٹی وی2 کے مطابق جمعہ کو ایکس فیکٹر ٹیلنٹ شو کے فینالے میں ان کے خاندان والے اور دوست بھی شرکت کر رہے ہوں گے۔

    یہ خبر اس وقت آئی ہے جب حکومت کے کسی ریسکیو پیکج پر رضامندی کے بغیر برطانیہ کی تھیئٹر کی صنعت کے متعلق بہت خراب پیشن گوئیاں کی جا رہی ہیں۔ ویسٹ اینڈ کی اعلیٰ پروڈیوسر سونیا فریئڈمین نے کہا ہے کہ برطانوی تھیئٹر کی صنعت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔

    ڈنمارک کی صنعت کے متعلق ہدایات جمعرات کودی گئیں۔ پیش ہے ان کا ایک خلاصہ:

    • ایک ہال میں سامعین کی زیادہ سے زیادہ تعداد 500
    • ہر سیٹ کے بعد دوسری سیٹ خالی ہو گی یا ایک شخص اور دوسرے شخص کے درمیان فاصلہ ایک میٹر ہو گا۔ اگر ان دو افراد کے درمیان روزانہ کا رابطہ ہے تو یہ اور بات ہے۔
    • پرفارمر اور سامعین کے درمیان کم از کم 2 میٹر کا فاصلہ ہونا چاہیئے
    • داخلے کی جگہ یا لابی میں بھی سماجی فاصلہ ضروری ہے

    ڈنمارک کے ایس ایس ہیلتھ انسٹیٹیوٹ کے مطابق جمعہ کو ملک میں لگاتار دوسرے ہفتے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

  8. کورونا وائرس کا اگلا مرکز؟ لاطینی امریکہ سے تازہ ترین

    برازیل

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    لاطینی امریکہ کے بارے میں خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ یہ کورونا وائرس کا اگلا مرکز ہو سکتا ہے۔

    خطے کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق برازیل دنیا کا چھٹا ملک بن گیا ہے جہاں کورونا وائرس سے 20 ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ حقیقی نمبر اس سے زیادہ ہو سکتا ہے۔

    ہلاکتوں کی تعداد ہر دو ہفتے میں دوگنی ہو رہی ہے۔

    گوئٹے مالا کے صدر نے امریکہ کی پالسی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس کے تحت کووڈ 19 کا شکار افراد کو ملک بدر کر کے واپس بھیجا جا رہا ہے۔

    کولمبیا میں حکام نے ان میئرز کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے ہیں جن پر کورونا فنڈ کے لاکھوں ڈالر خرد برد کرنے کا الزام ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کے لیے آلات، خوراک کی فرہمی اور دیگر ٹھیکوں پر لاکھوں ڈالر ضرورت سے زیادہ خرچ کیے گئے۔

    یوروگوئے میں یکم جون سے مرحلہ وار سکول کھلنا شروع ہو جائیں گے۔

  9. بریکنگ, برطانیہ میں مزید 351 ہلاکتیں

    برطانیہ میں مزید 351 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس طرح اس وبا سے برطانیہ میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 36 ہزار 393 ہو گئی ہے۔

    وزارتِ صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو صبح 9 بجے تک 1 لاکھ 40 ہزار 497 ٹیسٹ کیے جا چکے تھے۔

  10. یوم القدس کے موقع پر آیت اللہ خامنئی کا فلسطین کے حق میں پیغام

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    ایران کے رہبر اعلیٰ نے اسرائیل کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بیچ میں جمعہ کو اپنے خطاب میں پہلی بار اشارہ دیا ہے کہ ایران نے فلسطینیوں کو مسلح کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔

    آیت اللہ علی خامنئی نے کہا کہ ’فلسطین کی آزادی‘ کے لیے لڑنا ’اسلامی فریضہ‘ ہے۔ انھوں نے مغربی ممالک اور ان کے ’عرب پٹھوؤں‘ کو یہودی ریاست کی مدد کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

    ایران 1979 میں اسلامی انقلاب کے بعد سے ہر جمعتہ الوداع کے موقع پر فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے یوم القدس مناتا ہے۔

    ایران میں اس برس کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے یوم القدس کے اجتماعات منسوخ کر دیے گئے تھے۔

    ایرن میں ٹی وی پر بارہ راست نشر ہونے والے اس خطاب میں آیت اللہ خامنئی نے کہا کہ ان کی جدوجہد کا مقصد پورے فلسطین کی آزادی اور تمام فلسطینیوں کی اپنے ملک واپسی ہے۔

  11. غزہ کے ساحل پر لڑکیوں کی لاک ڈاؤن میں باکسنگ

    Gaza

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    غزہ میں کووڈ۔19 کی وجہ سے ایک باکسنگ کلب کے بند ہو جانے کے بعد اس میں باکسنگ سیکھنے والی لڑکیاں اب غزہ کے ساحل پر پریکٹس کر رہی ہیں۔ ان میں چار سال تک کی لڑکیاں بھی شامل ہیں۔

    بحیرہ روم کے اس محصور ساحل پر درجن سے زیادہ لڑکیوں کا ماسک پہنے ہوئے باکسنگ کی پریکٹس کرنا راہگیروں کی توجہ کا مرکز بن گیا، کیونکہ یہ کھیل تو وہاں زیادہ تر مردوں میں ہی مقبول ہے۔

    لڑکیوں کے کوچ اسامہ ایوب کہتے ہیں کہ پبلک ٹریننگ سیشنز اس کھیل میں زیادہ لڑکیوں کے شامل ہونے میں مدد دے سکتے ہیں۔

    غزہ کی پٹی کی 20 لاکھ کی آبادی میں سے آدھی آبادی خواتین کی ہے۔ 34 سالہ ایوب نے کہا کہ ’ہمارے پاس سے گزرنے والے چند خاندانوں کو یہ خیال پسند آیا اور انھوں نے پوچھا کہ کیا وہ اپنی بچیوں کو تربیت کے لیے بھیج سکتے ہیں۔‘

    ایک 15 سالہ باکسر ملح مصلح نے کہا کہ وہ سیشنز چھوڑنے کی بجائے عوامی جگہوں پر ٹریننگ کرنے کو ترجیح دیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ ’ہم نے کلب چھوڑنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ ایک بند جگہ تھی اور اگر وہاں وائرس ہوتا تو آسانی سے پھیل سکتا تھا۔‘

    غزہ میں کووڈ۔19 کے اب تک 55 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں اور سبھی قرنطینہ میں ہیں۔ یہاں ابھی تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔

  12. وائرس کا ’جعلی سرٹیفیکیٹ‘ مہنگا پڑ گیا

    FBI

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    امریکہ میں وفاقی پراسیکیوٹرز نے ایک شخص کے خلاف کورونا وائرس کی جھوٹی علامات بتا کر کام سے چھٹی لینے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    سینٹون اینتونیو ڈیوس پر الزام ہے کہ انھوں نے امریکی شہر اینٹلانٹا میں اپنے مالک کو ڈاکٹر کا جعلی سرٹیفیکیٹ بھیجا تھا۔

    اس کے نتیجے میں کمپنی نے اپنا کام بند کیا، کام کرنے کی ساری جگہ کو سینیٹائزڈ کیا اور کچھ ملازمین کو قرنطینہ میں بھی بھیجا۔ اس دوران کمپنی نے اپنے سٹاف کوایک لاکھ ڈالر تنخواہیں بھی دیں۔

    بیان کے مطابق ایف بی آئی اس کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔

    یہ وبا کے حوالے سے ہونے والی مجرمانہ بدعنوانیوں کا تازہ ترین کیس ہے جسے حکومت کی ٹاسک فورس سامنے لائی ہے۔

    ایف بی آئی کے سپیشل ایجنٹ کرس ہیکر کہتے ہیں کہ ’یہ کیس اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہمیں بحران کے حوالے سے کسی بھی غلط کام کا سراغ لگانے، تحقیقات کرنے اور قانونی چارہ جوئی کرنے کے لیے ہوشیار رہنا ہے۔

  13. جنوبی سوڈان کے دس وزراء میں کورونا وائرس کی تشخیص

    جنوبی سوڈان کے وزیر آطلاعات مائیکل مکوئی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جنوبی سوڈان میں کابینہ کے دس ارکان کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    ملک کے وزیر اطلاعات مائیکل مکوئی نے بتایا کہ وزیر صحت کے علاوہ اعلیٰ سطحی کورنا وائرس ٹاسک فورس کے تمام ارکان میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔

    انھوں نے تردید کی ملک کے صدر سلوا کیر، جو خود بھی اس ٹاسک فورس کا حصہ ہیں، کورونا وائرس سے بیمار ہیں۔

    ایک روز پہلے ہی ملک کے نائب صدر نے اپنے اور اپنی اہلیہ اینجلینا تینی میں جو وزیر دفاع ہیں، کووڈ 19 کی تشخیص کا اعلان کیا تھا۔

    حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کورنا وائرس سے متاثر ہونے والے تمام وزراء اب تنہائی میں وقت گزار رہے ہیں اور ان کی صحت اچھی ہے۔

    جنوبی سوڈان میں گزشتہ چھ دنوں میں 300 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

  14. مصر ملازمین کی تنخواہوں سے ایک فیصد کٹوتی کرے گا

    مصر

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    مصر کی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقتصادی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

    ایک نئے مجوزہ قانون کے تحت مصر میں ہر کام کرنے والے شخص کی تنخواہ سے ایک فیصد کاٹ لیا جائے گا جبکہ بوڑھے افراد کی پینشن سے آدھ فیصد کی کٹوتی ہو گی۔

    یہ اقدامات پر عمل جولائی سے شروع ہو گا۔ جو لوگ ماہانہ 125 ڈالر سے کم کماتے ہیں وہ اس کٹوتی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    خیال ہے کہ جو لوگ شعبہ سیاحت سے منسلک ہیں ان کو بھی اس میں شامل نہیں کیا جائے گا، کیونکہ وہ پہلے ہی کافی زیادہ متاثر ہو چکے ہیں۔

  15. انڈونیشیا میں عید پر صدارتی رہائش گاہ عام لوگوں کے لیے نہیں کھلے گی, ریستی وورو یونیئر، بی بی سی نیوز، جکارتہ

    Joko Widodo

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    عید پر انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کی رہائش گاہ سماجی فاصلے کی ہدایات کی وجہ سے عام عوام کے لیے نہیں کھولی جائے گی۔ ملک میں عید رواں ہفتے اتوار کو منائی جا رہی ہے۔

    انڈونیشیا میں کئی برسوں سے یہ روایت منائی جا رہی ہے جس میں عید کے موقع پر صدر مختصر وقت کے لیے لوگوں سے ملتے ہیں۔ لوگ صدر اور خاتون اول سے ہاتھ ملا سکتے ہیں اور ان کے ساتھ کھانا کھا سکتے ہیں۔

    گذشتہ سال ہزاروں لوگ صدر سے ملنے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے تھے۔ مہمانوں کو اے سی والے ٹینٹ کے علاوہ کھانا کھلایا گیا تھا۔ لیکن اس بار کورونا کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوسکے گا۔

    ملک میں رواں سال مسلمانوں سے عید کی نماز مساجد یا کھلے میدانوں میں ادا نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ عید کے موقع پر اپنے شہروں اور گاؤں روانہ نہ ہوں کیونکہ اس سے کورونا پھیل سکتا ہے۔

    اب تک یہاں کل 20,162 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔

  16. ویکسین کی آزمائش میں بچے اور عمر رسیدہ افراد بھی شامل

    ویکسین

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    برطانیہ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی آزمائش کے دوسرے مرحلے میں بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

    یونیوسٹی آف آکسفورڈ کی یہ آزمائش اپریل میں شروع ہوئی تھی اور اس میں 55 سال یا اس سے کم عمر کے بالغ افراد پر آزمائش کی جا رہی تھی۔

    اب اس تحقیق میں 10 ہزار سے زیادہ افراد کو شامل کر لیا گیا ہے۔ ان میں ایسے افراد بھی ہیں جن کی عمر 70 سال سے زیادہ یا پانچ سے 12 سال کے درمیان ہے۔ آزمائش میں دیکھا جائے گا کہ آیا یہ ویکسین ان کی قوت مدافعت کو وائرس سے بچاؤ کے لیے مضبوط کرتی ہے۔

    برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ اگر یہ آزمائش کامیاب رہی تو ستمبر تک تین کروڑ ویکسین تیار کر لی جائیں گی۔

    حکومت نے اس کے لیے 15 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور ایک دوا ساز کمپنی سے اشتراک کیا ہے جو عالمی سطح پر اس کا لائسنس رکھے گی۔

    تاہم حکومت نے متعدد بار کہا ہے کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ یہ ویکسین کامیاب ہوگی۔

    بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دریافت اور پیداوار میں 12 سے 18 ماہ لگ سکتے ہیں۔

  17. ’عالمی وبا کے دوران پانچ لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے‘

    انڈونیشیا

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    ایک بین الاقوامی خیراتی ادارے نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے وبا کے دوران عالمی جنگ بندی کے مطالبے کے باوجود مارچ سے لے کر اب تک دنیا بھر میں کشیدگی سے متاثرہ علاقوں میں 660,000 افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

    ناروے کی تارکین وطن کی کونسل (این آر سی) نے کہا ہے کہ اس کے اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ دنیا بھر میں بعض علاقوں میں جنگی صورتحال کورونا اور لاک ڈاؤن کے باوجود جاری ہے۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ 19 ممالک میں 661,000 افراد بے گھر ہوئے ہیں اور بے گھر ہونے والوں کی سب سے بڑی تعداد کانگو میں موجود ہے۔

    دریں اثنا سعودی حکام کی جانب سے جنگ بندی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے وعدے کے باوجود یمن میں جھڑپیں جاری ہیں۔ مارچ 23 سے یہاں 24 ہزار افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

    افریقہ میں چاڈ جھیل کے خطے میں بھی لوگ بے گھر ہو رہے ہیں۔

    افغانستان، شام، سینٹرل افریقن ریپبلک، سومالیہ اور میانمار میں اسی دوران 10 ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔

  18. سماجی فاصلے کے لیے ایک دوسرے سے کتنا دور رہنا چاہیے؟

    YouTube پوسٹ نظرانداز کریں
    Google YouTube کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Google YouTube کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Google YouTube ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔ YouTube کے مواد میں اشتہارات ہو سکتے ہیں۔

    YouTube پوسٹ کا اختتام

    تین آسٹریلوی کوالا ہوں یا ایک مائیکل جورڈن یا پھر نصف واکس ویگن بیٹل، یہ وہ فاصلہ ہے جتنا آپ کو کسی بھی فرد سے کورونا کی وبا کے دوران سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے رہنا چاہیے اور اگر بات سمجھ نہیں آئی تو یہ ویڈیو دیکھ کر سمجھ لیں۔

  19. کراچی طیارہ حادثہ: شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ, کورونا سے متاثرہ شہر میں مزید امدادی کارروائیوں کی ضرورت

    کراچی طیارہ حادثہ

    ،تصویر کا ذریعہTWITTER/@YUSRASASKARI

    پاکستان میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں لاہور سے آنے والا قومی ایئر لائن پی آئی اے کا ایک طیارہ گِر کر تباہ ہوگیا ہے جس پر مسافروں اور عملے کے 107 افراد سوار تھے۔

    اس کے ردِ عمل میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    جاری کردہ ہدایات کے مطابق: ’ہسپتالوں میں فوری طور پر بلڈ کا بندوبست کیا جائے۔ ہسپتالوں میں فوری سینیئر ڈاکٹرز کو ڈیوٹی پر پہنچیں۔‘

    کراچی پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں سے ایک ہے۔ یہاں اب تک 16,292 متاثرین کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    جبکہ مجموعی طور پر صوبے میں کووڈ 19 سے 20,883 متاثرین ہیں اور 340 اموات پیش آئی ہیں۔ اس طرح کورونا سے متاثرہ شہر میں مزید امدادی کارروائیوں کی ضرورت پڑ گئی ہے۔

    یہ طیارہ جناح ایئر پورٹ کے قریب ماڈل کالونی میں گِر کر تباہ ہوا ہے۔

  20. چین: صحت کے نظام میں خامیاں پُر کرنے کے لیے اقدامات کا اعلان

    China

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    چین کی قومی منصوبہ بندی اور اصلاحاتی کمیشن نے جمعے کو کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث صحت کے نظام میں ظاہر ہونے والی خامیوں کو پُر کرنے کے لیے صحت کے شعبے کو وسائل کی ترسیل اور ملک میں قائم انسدادِ بیماری سنٹرز کو بہتر بنایا جائے گا۔

    چین کی نیشنل ڈیویلوپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن نے کہا کہ جہاں کورونا وائرس کے خلاف ’عوامی جنگ‘ میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، وہیں وبا نے مشحت کے نظام اور وباؤں سے نمٹنے کے لیے تیاریوں میں خامیوں سے پردہ اٹھایا ہے۔

    کمیشن کے مطابق قومی اور صوبائی سطح پر قائم انسدادِ بیماری سنٹرز وباؤں کی تشخیص اور ان سے نمٹنے کے انتظامات پر توجہ دیں گے جبکہ ان کے تحت کام کرنے والی لیبارٹریز کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔