لاک ڈاؤن کی مبینہ خلاف ورزی، برطانوی وزیرِ اعظم کے مشیرِ اعلیٰ تنقید کی زد میں

،تصویر کا ذریعہPA Media
برطانوی اپوزیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وزیرِ اعظم کے مشیرِ اعلیٰ ڈومینیک کمنگز پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی ثابت ہوجائے تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔
ڈومینیک کمنگز نے کووِڈ 19 کی علامات کا حامل ہونے کے باوجود لندن سے ڈرہم تک 250 میل کا سفر کیا تھا۔ وہ اور ان کی بیمار بیوی خود ساختہ تنہائی اختیار کرتے ہوئے ڈومینیک کے والدین کے گھر پر ٹھہرے تھے۔
لیبر پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم ہاؤس ڈومینیک کمنگز کے اقدام کی ‘فوری توجیہ’ پیش کرے۔
ڈومینیک کے ایک قریبی ذریعے نے کورونا ضوابط کی خلاف ورزی کی تردید کی ہے اور کہا کہ جوڑے کو بچوں کی دیکھ بھال کے لیے مدد کی ضرورت تھی اور وہ اس مقام پر الگ عمارت میں ٹھہرے تھے۔
وزیرِ اعظم ہاؤس نے جمعے کی رات کو اس خبر پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
سینیئر سرکاری حکام کی نمائندہ تنظیم ایف ڈی اے کے سربراہ ڈیو پین مین نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈومینیک کمنگز جب بھی کچھ کرتے ہیں تو وہ وزیرِ اعظم کے نام پر یہ کرتے ہیں، اس لیے برطانیہ کے وزیرِ اعظم کو ان اطلاعات کی توجیہ پیش کرنی چاہیے۔



















