سرحدی پابندیوں کی وجہ سے آسٹرین وادی دنیا سے ’کٹ کر رہ گئی‘, بیتھنی بیل، بی بی سی نیوز، ویانا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آسٹریا میں دور دراز واقع ایک الپائن وادی میں جس کی سرحد جرمنی کے ساتھ ملتی ہے تقریباً 2 ہزار افراد اپیل کر رہے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان لگی سرحدی پابندیوں کو ختم کیا جائے۔
مغربی آسٹریئن ایلپس میں واقع کلین والسرٹل نامی علاقے میں صرف جرمنی سے سڑک کے ذریعے ہی جایا جا سکتا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جب سے کورونا وائرس کی وجہ سے سرحدی پابندیاں لگائی گئی ہیں یہ علاقہ باقی سارے آسٹریا سے کٹ گیا ہے۔
آسٹریا اور جرمنی کے وزرائے داخلہ کو بھیجی گئی ایک آن لائن پیٹیشن میں کہا گیا ہے کہ کلین والسرٹل کے کسی بھی رہائشی کا کووڈ۔19 کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا ہے۔ کلین والسرٹل کی ویب سائٹ کے مطابق صرف اہم ورکرز اور مسافروں کو یا انتہائی طبی یا تجارتی وجہ سے ہی آمد و رفت کی اجازت ہے۔
















