انگلینڈ نے اوپنر جوز بٹلر کے 32 گیندوں پر 71 رنز کی مدد سے آسٹریلیا کا دیا ہوا 126 رنز کا ہدف صرف 11.4 اوورز میں پورا کر لیا اور اس کے ساتھ اب وہ گروپ ون میں تینوں میچ جیت کر سرفہرست ہیں اور سیمی فائنل میں یقینی طور پر جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
لیکن مین آف دا میچ کا اعزاز فاسٹ بولر کرس جارڈن کو گیا جنھوں نے اپنے چار اوورز میں 17 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جس کی مدد سے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 125 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی۔
جوز بٹلر نے اپنی اننگز میں پانچ چوکے اور پانچ بلند و بالا چھکے لگائے۔ ان کی اننگز اور انگلینڈ کی عمدہ بولنگ کارکردی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پوری اننگز میں مجموعی طور پر پانچ چھکے اور سات چوکے لگائے تھے۔
بٹلر کے ساتھ ساتھ جیسن رائے نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 22 بنائے جبکہ جونی بیئرسٹو نے بھی آسٹریلوی بولنگ کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے 11 گیندوں پر 16 بنائے جس میں دو چھکے شامل تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک سب سے مہنگے بولر رہے جن کو بٹلر نے خصوصی طور پر اپنے اعتاب کا نشانہ بنایا اور ان کے تین اوورز میں 37 رنز لوٹے۔
ایڈم زیمپا کے بولنگ کے اعداد و شمار بھی بالکل وہی تھے لیکن انھوں نے جیسن رائے کی وکٹ لی۔
آسٹریلیا کے لیے ایشٹن ایگر سب سے اچھے بولر رہے جنھوں نے 16 گیندوں پر 15 رنز دیے اور ایک وکٹ لی۔