کورونا وائرس: دنیا میں اب تک کیا ہوا؟

دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ سے اور ہلاکتیں 45 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں۔ صرف امریکہ میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہے۔ یورپ میں 30 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر سعودی عرب نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بکنگ کروانے سے پہلے مزید انتظار کریں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں ٹینس کا ٹورنامنٹ ومبلڈن بھی کینسل ہو گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, رومانیہ کی پوری حکومت قرنطینہ میں

    یورپی ملک رومانیہ کے قائم مقام وزیر اعظم لوڈوک اوربین اور ان کی کابینہ کے 17 ارکان کو قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام ایک سینیٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

    لبرل جماعت کے تمام سینیٹرز اور وہ صحافی جنہوں نے سرکاری نیوز کانفرنسز میں شرکت کی سبھی سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ٹیسٹ کروا لیں۔ رومانیہ پہلے ہی سیاسی بحران کا شکار ہے اور اس تازہ صورتحال نے اسے مزید سنگین کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم اوربین کی حکومت پر پانچ ہفتے پہلے عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا تھا اور صدر اب تک کوئی دوسرا لیڈر تلاش نہیں کر سکے جو انتخابات اور وائرس سے نمٹنے کے لیے قوم کو متحد کر سکے۔ رومانیہ کے 12 لاکھ باشندے اٹلی میں کام کرتے ہیں اور وہ حکومت کے منع کرنے کے باجود گھر لوٹنا چاہتے ہیں۔ رومانیہ میں وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 70 ہو چکی ہے۔

  2. سعودی عرب لاک ڈاؤن 72 گھنٹے کی مہلت ہے کیا؟

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے نے ایک بیان میں سعودی عرب کی جانب سے سے ملک میں داخلے اور ملک چھوڑنے سے متعلق ہدایت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 72 گھنٹے کا جو وقت دیا گیا ہے اس دوران دیگر ممالک میں مقیم سعودی شہری یا ریاست میں رہائش کے لیے مستند اقامہ رکھنے والے ملک میں واپس آ سکتے ہیں

    ان 72 گھنٹوں کے بعد صرف ان پروازوں کو اجازت ہو گی جو یا تو صرف سعودی باشندوں کو ملک میں لائیں گی یا غیر ملکیوں (پاکستان، انڈیا، فلپائن، سری لنکا، اور انڈونیشیا کے باشندوں) کو واپس ان کے ممالک میں لے کر جائیں گی۔

    یہ ہدایت نامہ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے 12 مارچ کو جاری کیا۔ بیان کے مطابق ریاض میں سعودی سفارتخانہ صورتحال پر نظر رکھنے ہوئے اور متعلقہ سعودی حکام سے رابطے میں ہے۔

  3. قیدیوں کی سزاؤں میں 60 روز کی رعایت

    سندھ کے محکمہ جیل نے کورونا وائرس کے پیش نظر قیدیوں کی سزاؤں میں 60 روز کی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ جاسوسی، ملک دشمنی، قومی احتساب ایکٹ، دہشت گردی، فارین ایکٹ اور کاروکاری کے الزام میں سزا یافتہ ملزمان اس رعایت سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔

  4. بریکنگ, کورونا کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کا شیڈول تبدیل

    پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر ملک میں جاری پی ایس ایل کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور اب پلے آف مقابلوں کی بجائے دو سیمی فائنل مقابلے ہوں گے جن کی فاتح ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔

    سیمی فائنل اور فائنل کی تاریخوں میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور اب پہلا سیمی فائنل پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن اور چوتھی پوزیشن والی ٹیموں کے مابین 17 مارچ کو دن دو بجے لاہور میں ہو گا جبکہ اسی شام دوسرا سیمی فائنل دوسری اور تیسری پوزیشن والی ٹیم کے درمیان ہو گا۔

    ان دونوں میچوں کی فاتح ٹیمیں اب 22 مارچ کی بجائے 18 مارچ کو لاہور میں ہی فائنل میچ میں مدِمقابل ہوں گی۔

    psl

    ،تصویر کا ذریعہPSL

  5. بلغاریہ: کورونا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی صورتحال کا اعلان

    بلغاریہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بلغاریہ کی قومی اسمبلی نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر ملک میں 13 اپریل تک ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا ہے۔

    یہ فیصلہ ایک حکومتی تجویز پر کیا گیا ہے جس کے تحت حکومت کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ موثر انداز میں کورونا کے خطرات سے نمٹ سکے۔ خبر رساں ادارے نووینٹ کے مطابق ہنگامی صورتحال کا نفاذ آئین کے آرٹیکل 84 کے تحت کیا گیا ہے اور یہ اس وقت تک نافذ رہے گی جب تک کورونا کا خطرہ ٹل نہیں جاتا۔

    ہنگامی صورتحال حکام کو اس قابل کرے گی کہ وہ اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک آمد و رفت پر پابندی عائد کر سکیں، سکولوں، یونیورسٹیوں، کنسرٹ ہالز اور نجی کاروباری اداروں کو بند کر سکیں

  6. بریکنگ, ایران میں 1289 نئے مریض، مزید 85 افراد ہلاک

    ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات اور جمعے کے درمیان ملک میں کووڈ-19 وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مزید 1289 افراد کا اضافہ ہوا ہے جن میں سے 303 صرف تہران میں ہیں۔

    اس اضافے کے نتیجے میں ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 11364 ہو گئی ہے۔

    ایران کی وزارتِ صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے جمعے کو بریفنگ میں بتایا کہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 85 افراد اس وائرس سے ہلاک بھی ہوئے ہیں جس سے ہلاک شدگان کی کل تعداد 514 تک پہنچ گئی ہے۔

    ایران میں اس وائرس سے بیمار ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب یہ تعداد 3529 تک پہنچ گئی ہے۔

    ،ویڈیو کیپشنکورونا وائرس کا پھیلاؤ ایران کو کیسے متاثر کر رہا ہے
  7. انڈین پریمیئر لیگ 15 اپریل تک ملتوی

    آیی پی ایل

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    کورونا وائرس دنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلوں کو متاثر کر رہا ہے۔ انڈیا میں رواں ماہ کے اختتام سے شروع ہونے والی انڈین پریمئیر لیگ کو 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ انڈیا نے جمعرات کو سفری پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک ماہ کے لیے انٹری ویزوں کے اجرا پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ اس فیصلے سے آئی پی ایل میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کی انڈیا آمد متاثر ہو گی۔

    آئی پی ایل دنیائے کرکٹ کی ایک مشہور لیگ ہے جسے لاکھوں افراد ٹی وی سکرینز پر دیکھتے ہیں جبکہ لیگ کے میچوں کے دوران سٹیڈیم مکمل طور پر شائقین سے بھرے ہوئے ہوتے ہیں۔ سنہ 2017 میں لیگ میں حصہ لینے والی ایک ٹیم، رائزنگ پونے سپرجائنٹ، نے انگلینڈ کے کھلاڑی بین سٹوکس کھیلنے کے عوض 1.7 ملین پاؤنڈ کی خطیر رقم ادا کی تھی۔

    آئی پی ایل دنیا میں بڑے بجٹ کی لیگز میں سے ایک ہے جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو مقابلے کے لیے بھاری رقوم ادا کی جاتیں ہیں۔ اس لیگ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے مالک انڈیا کے نامور صنعتکار اور بالی وڈ اداکار ہیں۔

  8. ’پنجاب میں اب تک کورونا کا ایک بھی مصدقہ کیس سامنے نہیں آیا‘

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    صوبہ پنجاب میں محکمہ صحت کے حکام نے واضح کیا ہے کہ صوبہ بھر میں کورونا کا کوئی کنفرم مریض زیرِ علاج نہیں ہے تاہم چار مشتبہ مریض مختلف ہسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز میں زیر نگرانی ہیں۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق دو مشتبہ مریض میو ہسپتال (لاہور)، ایک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ناروال جبکہ ایک ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زیر نگرانی ہے۔

    ترجمان کے مطابق اب تک صوبہ پنجاب میں 85 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔ 85 میں سے 81 افراد کو کلیئر قرار دے کر ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ چار مشتبہ مریض زیر نگرانی ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ 75 مشتبہ افراد کو لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد کلیئر قرار دیا گیا تھا جبکہ چار افراد کے لیبارٹری کے نتائج آنا باقی ہیں۔

    ترجمان کے مطابق گذشتہ 15 روز میں بیرون ملک سے واپس آنے والے 4700 سے زائد افراد کی سکریننگ کی جا چکی ہے۔

  9. خیبر پختونخوا: ریسکیو اہلکار شہریوں کا جسمانی درجہ حرارت چیک کر رہے ہیں

    ریسکیو

    ،تصویر کا ذریعہRESCUE 1122

    ریسکیو

    ،تصویر کا ذریعہRESCUE 1122

    ریسکیو

    ،تصویر کا ذریعہRESCUE 1122

    ریسکیو

    ،تصویر کا ذریعہRESCUE 1122

  10. خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے 15 روز کے لیے بند

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے صوبے بھر میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 15 روز کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق آئندہ پیر سے ہو گا۔

    صوبے میں میٹرک کے سالانہ امتحانات بھی 15 روز کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کے مطابق تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

    صوبائی کابینہ نے جمعے کے روز ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ جیلوں میں قید قیدیوں کو ان کے لواحقین سے ملاقات کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ تمام سیاسی، سماجی اجتماعات پر بھی پابندی ہو گی۔

  11. سمارٹ فون کو جراثیم سے پاک کیسے رکھا جائے

    ،ویڈیو کیپشنکورونا وائرس: فون کو جراثیم سے پاک کرنے کا صحیح طریقہ
  12. بریکنگ, کورونا کا ڈر: نو غیر ملکی کھلاڑی، ایک کوچ پی ایس ایل سے دستبردار

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیشِ نظر ملک میں جاری پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں حصہ لینے والے نو غیرملکی کھلاڑیوں اور ایک کوچ نے اپنے اپنے ملک واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    نمائندہ بی بی سی عبدالرشید شکور کے مطابق ملتان سلطانز کے دو کھلاڑی رائلی روسو، جیمز ونس اور کراچی کنگز کے الیکس ہیلز اپنے اپنے وطن واپس جا رہے ہیں۔ تاہم ملتان سلطانز کے تین کرکٹرز بشمول معین علی، عمران طاہر اور روی بوپارا پاکستان میں ہی رہیں گے۔

    اس صورتحال سے سب سے بڑا دھچکہ پشاور زلمی کی ٹیم کو پہنچا ہے جس کے چار کھلاڑیوں اور کوچ نے پی ایس ایل سے دستبردار ہو کر واپس اپنے ملک جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں لوئس گریگری کارلوس، بریتھ ویٹ، ٹام بینٹن اور لئیم لونگ سٹون شامل ہیں۔ پشاور زلمی کے کوچ جیمز فاسٹر بھی اپنے ملک واپس جا رہے ہیں تاہم ڈیرن سیمی پاکستان میں ہی رہیں گے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دو کھلاڑی جیسن رائے اور تیمل ملز بھی سپر لیگ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

    دوسری جانب اسلام آباد یونائٹڈ اور لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کا کوئی کھلاڑی واپس نہیں جا رہا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ہونے والے اجلاس میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ وہ ان تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کی بحفاظت ان کے ملک واپسی کو یقینی بنائے گا جبکہ سپر لیگ کے آئندہ میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

  13. سندھ اسمبلی میں سینیٹائیزر: کورونا سے محفوظ رہنے کی دعائیں

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سندھ کی صوبائی اسمبلی میں جمعہ کو منعقد ہونے والے اجلاس کے موقع پر سینیٹائیزر نصب کیے گئے ہیں۔ یہ سینیٹائیزز اسمبلی ہال کے داخلی راستے اور اپوزیشن اراکین کی لابی میں موجود ہیں۔

    سیکریٹری سندھ اسمبلی عمر فاروق کے مطابق اراکین اسمبلی کی صحت کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر یہ سینیٹائیزر نصب کیے گئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ اسمبلی ملازمین کے تحفظ کے لیے بھی ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بھی محفوظ رہ سکیں۔ یاد رہے کہ اپوزیشن کی درخواست پر سندھ اسمبلی کا موجودہ اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

    اجلاس کے آغاز پر کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے ایوان میں دعا بھی مانگی گئی۔

    دریں اثنا نمائندہ بی بی سی ریاض سہیل کے مطابق کراچی میں مجوزہ دو روزہ سندھ لٹریچر فیسٹیول ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پروگرام کے مطابق یہ ادبی میلہ سنیچر اور اتوار کو منعقد ہونا تھا جس میں سندھ کے محتلف شہروں سمیت بلوچستان اور پنجاب سے بھی مقررین مدعو کیے گئے تھے۔ میلے کے منتظم نصیر گوپانگ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد کی صورتحال کے پیش نظر یہ میلہ ملتوی کیا گیا ہے، جیسے ہی صورتحال معمول پر آئے گی تو یہ تقریب منعقد کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سندھ کابینہ کے فیصلے کے مطابق عوامی اجتماعات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جبکہ شادی کی تقریبات کو بھی موخر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

  14. کراچی ایئرپورٹ پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ایئر پورٹ پر مسافروں کے ساتھ آنے والے افراد کا ہوائی اڈے میں داخلہ ممنوع کر دیا گیا ہے۔ صرف ان افراد کو ایئر پورٹ میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی جن کے پاس ٹکٹ ہیں۔

    جبکہ ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے والے طیاروں میں آنے والے مسافروں کو لینے کے لیے صرف ایک شخص کو ایئرپورٹ کے آنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

  15. ’سیاحت اور سفر کے شعبے سے متعلقہ لاکھوں نوکریاں خطرے میں‘

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایک معروف صنعتی گروپ کا دعویٰ ہے کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سیاحت اور سفر کی صنعت سے وابستہ لاکھوں افراد کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

    ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کا کہنا ہے کہ اس وبا کے باعث پانچ لاکھ افراد اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔ کونسل کی چیف ایگزیکٹیو گلوریا گووارا کا کہنا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ سے ’سیاحت اور سفر کی صنعت کو خطرات کا سامنا ہے۔‘

    یاد رہے کہ ہوا بازی کا شعبہ اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ دنیا بھر میں متعدد ایئرلائنز نے اپنی ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی ہیں جبکہ چند بیمہ کمپنیوں نے نئے صارفین کے لیے سفری انشورنس منسوخ کر دی ہے۔ ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کے اندازوں کے مطابق سنہ 2020 میں سفری شعبہ 25 فیصد تک سکڑ سکتا ہے۔

    برٹش ایئر ویز، ایزی جیٹ اور ناویجین ایئر نے کورونا وائرس کے بعد اپنی فلائٹس میں کمی کر دی ہے۔ کورین ایئر نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ وبا کا پھیلاؤ ان کی کمپنی کے وجود کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ گذشتہ ماہ چین میں فضائی سفر کرنے والوں کی تعداد 84.5 فیصد تک گھٹی ہے۔ چین کے فضائی شعبے کے نگراں ادارے کا کہنا ہے کہ مسافروں کی تعداد میں کمی کے باعث ایئر لائن انڈسٹری کی آمدن میں 2.35 بلین پاؤنڈ کا خسارہ ہوا ہے۔

    ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل نے حکومتوں سے سفر اور سیاحت کے شعبے کو محفوظ رکھنے کے لیے درج ذیل اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے:

    • جہاں ممکن ہو وہاں ویزے کا حصول آسان بنایا جائے اور اس کی قیمت کم کی جائے
    • بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر ’غیر ضروری رکاوٹیں‘ دور کی جائیں
    • سفر کرنے والوں پر عائد ٹیکس کو کم کیا جائے
    • سیاحتی مقامات کے فروغ کے لیے بجٹ بڑھایا جائے
  16. انڈیا میں کورونا سے پہلی ہلاکت کی تصدیق

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا میں حکام نے ملک میں کورونا سے پہلے مریض کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ ہلاک ہونے والے 76 سالہ شخص کا تعلق ریاست کرناٹک سے تھا اور وہ 29 فروری کو سعودی عرب کے ایک ماہ کے دورے کے بعد واپس انڈیا آئے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ انڈیا آمد کے موقع پر ہوائی اڈے پر اس کی سکریننگ کی گئی تھی تاہم اس وقت اس میں کورونا کی کوئی علامت موجود نہیں تھی۔

    یہ شخص منگل کو ہی فوت ہو گیا تھا تاہم اس میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق جمعرات کو اس وقت ہوئی جب اس کے ٹیسٹ کے نتائج سامنے آئے۔

    انڈین وزارتِ صحت نے اب تک ملک میں 73 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔

    انڈیا میں جمعے سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے نئے اقدامات کا نفاذ کیا جا رہا ہے اور انڈیا آمد کے لیے جاری کردہ عام ویزے ایک ماہ کے لیے معطل کر دیے گئے ہیں۔ اب صرف سفارت کاروں، عالمی اداروں اور کچھ مخصوص قسم کے ویزوں کے حامل افراد کو انڈیا آنے کی اجازت ہے تاہم انھیں بھی 14 دن کے قرنطینہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    اس کے علاوہ دارالحکومت دہلی میں تمام سکول، کالج اور سنیما 31 مارچ تک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

  17. بریکنگ, کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار سے زیادہ

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • چین تاحال اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک 80932 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 3150 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاہم چین میں حکام کا کہنا ہے کہ وہاں وبا کا عروج ختم ہو چکا ہے۔ جمعرات کو ملک بھر سے صرف 15 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ہوبائی جو اس وبا کا مرکز ہے وہاں بھی صرف آٹھ مریض سامنے آئے۔
    • دوسرا نمبر اٹلی کا ہے جہاں 12462 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اس کے نتیجے میں 827 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
    • ایران میں 10075 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 429 ہے۔
    • جنوبی کوریا اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے جہاں جمعرات کو مزید 110 افراد میں وائرس کی تشخیص کے بعد متاثرین کی تعداد 7979 ہو گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 66 ہیں۔
    • پانچواں سب سے متاثرہ ملک فرانس ہے جہاں اب تک 2284 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اس سے 48 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
    • سپین میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور یہاں جمعرات تک 2277 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں جبکہ اس سے 55 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
    • اس کے علاوہ جرمنی میں دو ہزار اور امریکہ میں ایک ہزار سے زیادہ افراد کووڈ-19 کا شکار ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں اس وائرس سے 40 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں جن میں سے اکثریت ریاست واشنگٹن سے تعلق رکھتی ہے۔
    • براعظم افریقہ میں جنوبی افریقہ سب سے متاثرہ ملک ہے جہاں 17 مریض سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ گھانا،گیبون، کیمرون، کونگو، نائجیریا، ٹوگو، برکینا فاسو، آئیوری کوسٹ اور سینیگال میں بھی کورونا کے مریض موجود ہیں۔
  18. کورونا: ایشیا اور یورپ کی مالیاتی منڈیوں میں شدید مندی کا رجحان

    سٹاک مارکیٹ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کے خطرات کے پیشِ نظر دنیا کی بیشتر مالیاتی منڈیاں شدید مندی کا شکار ہیں۔ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ بھی عالمی سطح پر مندی کی اس رجحان کی عکاسی کر رہی ہے۔

    جمعہ کی صبح 10:30 بجے تک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 429 پوائنٹس (1.19 فیصد) کی کمی دیکھی گئی۔ جمعہ کی صج ٹریڈنگ کے آغاز کے ساتھ ہی مندی کا رجحان دیکھا گیا۔ ٹریڈنگ کو اس وقت روکنا پڑا جب 100 انڈیکس 5.69 فیصد کی کمی کے بعد 15039.17 پوائنٹس پر آ کر رک گیا۔ تاہم 45 منٹ کی بریک اور ٹریڈنگ کے دوبارہ آغاز کے بعد صورتحال میں کچھ بہتری دیکھی گئی۔ یاد رہے کہ رواں ہفتے میں تیسری مرتبہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ روکی گئی ہے۔

    ایشیا کی بڑی مارکیٹس میں بھی مندی کا رجحان جاری ہے۔ جمعہ کی صبح تک جاپان کا بازار حصص 8.5 فیصد گِر چکا تھا جبکہ ہانگ کانگ کی مارکیٹ 5.8 فیصد ڈاؤن ہے۔ چین کی شنگھائی کمپوزیٹ مارکیٹ 3.3 فیصد نیچے آ چکی ہے۔

    انڈیا میں بھی صورتحال کچھ ایسی ہی ہے۔ انڈیا کے نیفٹی 50 سٹاک انڈیکس میں جمعہ کی صبح ٹریڈنگ اس وقت روکنی پڑی جب مارکیٹ 10 فیصد تک گِرنے کے بعد نفسیاتی حد بھی عبور کر گئی۔ ٹریڈنگ میں 45 منٹ کے وقفے کے بعد انڈیا کی سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا دوبارہ آغاز ہو چکا ہے۔

    یورپ اور امریکہ میں صورتحال اس سے بھی خراب ہے۔ وال سٹریٹ سٹاکس 10 فیصد تک گِر چکی ہے۔ وال سٹریٹ میں اتنی مندی سنہ 1987 کے بعد پہلی مرتبہ دیکھی گئی ہے۔

  19. بریکنگ, صوبہ سندھ میں 52 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق, پاکستان میں مریضوں کی تعداد 19 ہو گئی

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے صوبہ سندھ میں ایک 52 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔

    نمائندہ بی بی سی ریاض سہیل کے مطابق متاثرہ شخص دو روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سندھ آئے تھے۔ سندھ میں اب کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق ان تمام افراد کو ٹریس کرنے کا سلسلہ جاری ہے جو متاثرہ شخص سے رابطے میں تھے۔

    جمعرات کو سندھ میں 251 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں سے 15 ٹیسٹ پازیٹو اور 236 نیگیٹو آئے ہیں۔ حکام کے مطابق سندھ میں وائرس سے متاثرہ 15 افراد میں دو مکمل صحتیاب ہو کر ہسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں جبکہ باقی کے 13 مریضوں کی حالت بھی مستحکم ہے۔

  20. بریکنگ, نماز جمعہ: صدر عارف علوی کی پاکستانی عوام سے احتیاط کی اپیل

    عارف علوی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات کے پیشِ نظر آج ہونے والے نماز جمعہ کے اجتماعات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی سلسلہ وار ٹویٹس میں صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پیغمبرِ اسلام کا فرمان ہے کہ بیمار اور تندرست لوگوں کو قریبی میل جول سے اجتناب کرنا چاہیے۔

    ’اگر آپ کو کھانسی، بخار یا زکام ہے یا اگر آپ بزرگ، کم عمر یا دمے کے مریض ہیں تو (مسجد جانے کی بجائے) گھر پر نماز پڑھیں۔‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نماز جمعہ کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل کریں لیکن فی الوقت ان باتوں کا خیال رکھیں:

    • وضو گھر پر کریں اور 20 سیکنڈ تک صابن سے ہاتھ دھوئیں
    • جائے نماز یا کوئی کپڑا ساتھ لے کر جائیں اور سجدے کے دوران سانس روک لیں
    • ہاتھ ملانے، بغلگیر ہونے اور قریبی میل جول سے گریز کریں
    • کھانسی اور چھینک کے دوران ٹشو کا استعمال کریں
    • مسجد سے فرض نماز کے بعد جلد روانہ ہو جائیں، سنت اور نوافل گھر جا کر ادا کریں

    صدر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ یاد رکھیں کیونکہ آپ اپنا اور دوسروں کا خیال کر رہے ہیں، اس میں بھی انشا اللہ ثواب ملے گا اور اللہ تعالی معاف فرمائے گا۔ میری دعا ہے کہ اللہ ہماری مشکلیں آسان کرے۔ آمین۔‘