کورونا وائرس: دنیا میں اب تک کیا ہوا؟

دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ سے اور ہلاکتیں 45 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں۔ صرف امریکہ میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہے۔ یورپ میں 30 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر سعودی عرب نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بکنگ کروانے سے پہلے مزید انتظار کریں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں ٹینس کا ٹورنامنٹ ومبلڈن بھی کینسل ہو گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. یورپ میں غیرضروری سفر پر پابندی کا منصوبہ

    france

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جہاں دنیا بھر میں ملک اپنی سرحدوں پر آمدورفت محدود یا بند کر رہے ہیں وہیں یورپی کمیشن نے بھی یورپ کے ویزا فری ٹریول زون میں تمام غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

    یورپی کمیشن کی صدر ارسلا ون ڈی لین نے کہا ہے کہ وہ یورپی رہنماؤں سے کہیں گی کہ وہ منگل سے سفری پابندیاں لگا دیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’کم سفر ہی ہمیں وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مدد دے سکتا ہے۔‘

    اس سے قبل پیر کو فرانسیسی صدر ایمینوئل میکخواں نے کہا تھا کہ یورپ کی بیرونی سرحدوں کو مسافروں کے لیے بند کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر یورپی اور یورپی ممالک کے درمیان تمام سفر معطل کر دیا جائے گا۔

    ارسلا ون ڈی لین کے مطابق یورپ میں بین الممالک سفری پابندیوں کا اطلاق، یورپی شہریوں کے اہلخانہ، سفارتکاروں، طبی کارکنوں اور ایک ملک سے دوسرے ملک میں اشیا کی نقل و حمل کرنے والوں پر نہیں ہو گا۔

    یہ پابندی کم از کم ایک ماہ کے لیے لگائی جائے گی۔ خیال رہے کہ شینگن معاہدے کے تحت یورپی یونین کے رکن ممالک میں لوگ کسی بھی چیکنگ کے بغیر ایک ملک سے دوسرے ملک میں جا سکتے ہیں۔.

  2. کورونا وائرس آپ کے جسم کے ساتھ کرتا کیا ہے؟

  3. انڈیا میں کورونا سے تیسری ہلاکت

    انڈیا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد تین ہو گئی ہے۔

    تازہ ترین ہلاکت ریاست مہاراشٹر میں ہوئی جہاں ایک 64 سالہ مریض کی موت ہوئی ہے۔ انڈیا میں مہاراشٹر ہی وہ ریاست ہے جہاں کورونا کے سب سے زیادہ 39 مریض سامنے آئے ہیں لیکن یہ ریاست میں اس وائرس سے پہلی ہلاکت ہے۔

    انڈین حکام کے مطابق اب تک ملک میں 125 افراد میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ اس تازہ ہلاکت سے قبل ریاست کرناٹک میں ایک 76 سالہ شخص جبکہ دہلی میں ایک 68 سالہ خاتون اس وائرس سے ہلاک ہوئی تھیں۔

  4. کورونا وائرس: دنیا میں کیا ہو رہا ہے؟

    epa

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے کورونا ریسورس سنٹر کے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 182406 مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    ان میں سے 7154 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور تقریباً 80000 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    متاثرین کی تعداد

    • چین: 81050 مریض، 3230 اموات اور 68770 صحتیاب
    • اٹلی: 27980 مریض، 2158 اموات اور 2749 صحتیاب
    • ایران: 14991، 853 اموات اور 4996 صحتیاب
    • سپین: 9942 مریض، 342 اموات اور 530 صحتیاب
    • جنوبی کوریا: 8320 مریض، 75 اموات اور 1137 صحتیاب
    • جرمنی: 7272 مریض، 17 اموات اور 67 صحتیاب
    • فرانس: 6650 مریض، 6650 اموات اور 12 صحتیاب
    • امریکہ: 4661 مریض، 85 اموات اور 17 صحتیاب
    • سوٹزرلینڈ: 2330 مریض، 19 اموات اور 4 صحتیاب
    • برطانیہ: 1553 مریض، 56 اموات اور 53 صحتیاب
    market

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پیر کو ملیشیا میں 190 نئے مریض سامنے آئے جبکہ تھائی لینڈ میں تعطیل کے دوران مریضوں کی تعداد بڑھ کر 147 تک پہنچ گئی ہے۔

    انڈیا میں تاج محل جیسے عوامی مقامات کو 31 مارچ تک بند کر دیا گیا ہے۔

    دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے ذخیرہ اندوزی کا عمل شروع ہو گیا ہے اور دکانوں اور مارکیٹوں میں اشیا ضرورت کی کمی کی اطلاعات آ رہی ہیں۔

  5. کورونا سے متعلق آرڈرز میں اضافہ، ایمازون میں نئی نوکریاں

    ایمازون

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ایمازون کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کورونا کی وبا کی وجہ سے اس کے کاروبار میں اضافہ ہوا ہے اور وہ ملک میں مزید ایک لاکھ ملازم رکھے گا جو کہ گوداموں میں اور ڈیلیوری کا کام کریں گے۔

    آن لائن ریٹیلر کے مطابق وہ امریکہ کے علاوہ برطانیہ اور یورپ میں بھی اپنے عملے کی تنخواہ بڑھائے گا۔

    ایمازون کی مقبولیت کی بڑی وجہ عوام کی کوورونا کے پھیلاؤ کے ڈر سے آن لائن شاپنگ کو ترجیح دینا بتائی جا رہی ہے۔

  6. جنوب مشرقی ایشیا میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی, جوناتھن ہیڈ، بی بی سی

    جنوب مشرقی ایشیا کے کئی ممالک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے سے یہ امید دم توڑتی دکھائی دے رہی ہے کہ یہ وائرس گرم موسم میں ختم ہو سکتا ہے۔

    ملائیشیا میں پیر کو 190 نئے مریض سامنے آئے جو ایک دن میں مریضوں کی سب سے بڑی تعداد ہے اور اب وہاں کل مریضوں کی تعداد 428 ہو گئی ہے۔

    ملائیشین حکومت نے خطے میں سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے اور شہریوں کو بیرونِ ملک سفر کرنے یا غیرملکیوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے، عبادت گاہیں اور کاروباری مراکز کو دو ہفتے کے لیے بند کیا گیا ہے۔

    تھائی لینڈ میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور اب یہ 147 ہو چکی ہے۔ ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ عوامی اجتماعات کو قرار دیا جا رہا ہے۔

  7. انڈیا: اتنے بڑے ملک میں کورونا وائرس کے مریض اتنے کم کیسے؟, زبیر احمد، دلی نامہ نگار

    corona

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    دنیا کی دوسری سب سے بڑی آبادی والے ملک انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی یا تو تعداد کم بتائی جا رہی ہے یا ٹیسٹ کم کیے جا رہے ہیں۔

    اگر آپ میں بخار اور زکام جیسی علامات ہیں اور آپ دلی کے کسی سرکاری ہسپتال میں جا کر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروانا چاہتے ہیں تو آپ کو واپس بھیج دیا جائے گا۔

    دہلی حکومت کے سیکریٹری برائے صحت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ریتو کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے لیے پہلے ہیلپ لائن پر کال کرنی ہوگی۔

    ڈاکٹر ریتو کا کہنا ہے کہ 'اگر آپ کو کورونا وائرس کا شبہ ہے توپہلے ہسپتال جانے کی بجائے ہیلپ لائن پر کال کریں۔ آپ سے سوالات پوچھے جائیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو آپ کو ہسپتال جا کر ٹیسٹ کروانے کا کہا جائے گا۔‘

    انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے رہنما اصولوں کے مطابق 'یہ مرض بنیادی طور پر متاثرہ ممالک سے سفر کرنے والے افراد یا جنھیں یہ مرض ہوا ہے اس کے قریبی رابطے میں آنے سے ہوتا ہے۔ لہذا تمام افراد کی جانچ نہیں ہونی چاہیے۔'

    corona

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    دہلی کے مہارانی باغ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سواتی کچھ دن قبل بخار اور کھانسی میں مبتلا ہونے کے بعد رام منوہر لوہیا ہسپتال گئی تھیں تاکہ کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جاسکے۔

    وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور حال ہی میں بہار سے واپس آئی ہیں۔ ان کا ٹیسٹ نہیں کیا گیا۔

    ہسپتال نے انھیں یہ کہتے ہوئے واپس بھیج دیا کہ انھوں نے بیرون ملک سفر نہیں کیا تھا اور بخار اور کھانسی کی وجہ سے کورونا وائرس کی ضرورت نہیں ہے۔

    صحت کے ماہرین کورونا وائرس کی جانچ کے اس حکومتی نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ایک ارب سے زیادہ آبادی والے ملک میں ٹیسٹ بہت کم ہو رہے ہیں۔

    corona

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایشیا اور اوشیانا میں میڈیکل ایسوسی ایشن کی تنظیم (سی ایم اے اے او) کے صدر ڈاکٹر کے کے اگروال اس سرکاری طریقہ کار سے متفق نہیں ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ 'یہ طریقہ محدود کرنے والا ہے۔ جنوبی کوریا، ہانگ کانگ اور سنگاپور میں لبرل (لبرل) طریقہ اپنایا گیا ہے جہاں سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں کورونا وائرس کی علامت والے ہر مریض کا فوری طور پر ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔'

    ڈاکٹر اگروال کی تنظیم میں جنوبی کوریا بھی شامل ہے جہاں وہ ڈاکٹروں سے مستقل رابطے میں رہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ جنوبی کوریا کا ماڈل انڈیا میں بھی اپنایا جائے۔

    تو کیا یہ ممکن ہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس کی رپورٹ کم کر کے پیش کی جا رہی ہیں؟

    ڈاکٹر اگروال کہتے ہیں: 'میں یہ نہیں کہوں گا۔ کم کر کے بتانے کا مطلب یہ ہے کہ اگر تعداد 100 ہے تو آپ 60 بتا رہے ہیں۔ یہاں تو ٹیسٹ ہی کم کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے کم معاملے سامنے آ رہے ہیں۔'

  8. ووہان قرنطینہ 2.0

    wuhan

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    چین کے شہر ووہان میں جہاں سے کورونا وائرس کی وبا شروع ہوئی تھی، اب ہر اس شخص کو 14 دن کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا جو بیرونِ ملک سے واپس آیا ہو اور اس عمل کے اخراجات بھی اسی شخص کو ادا کرنے ہوں گے۔

    اس پابندی کا نفاذ منگل سے ہوا ہے۔

    جب چین میں یہ وبا اپنے عروج پر تھی تو ووہان لاک ڈاؤن کیا جانے والا پہلا شہر بنا تھا اور اس کے لاکھوں شہریوں کو ان کے گھروں میں بند کر دیا گیا تھا۔

    چین میں اب کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے اور حکام کو خطرہ ہے کہ باہر سے آنے والے افراد اپنے ساتھ دوبارہ یہ وائرس لا سکتے ہیں۔

  9. آگرہ کے تاریخی تاج محل کو بند کر دیا گیا

    taj

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا کے شہر آگرہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکام نے تاریخی تاج محل کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تاج محل سیاحوں کے لیے پُرکشش ترین مقام کے حیثیت رکھتا ہے جہاں یومیہ ہزاروں سیاح آتے ہیں۔

    انڈیا کے وزیر سیاحت پرالادھ پٹیل کا کہنا ہے کہ تمام تاریخی اور یادگاری مقامات کو 31 مارچ تک بند رکھا جائے گا۔ جس کے بعد اس بندش میں توسیع کرنے یا نہ کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔

    انڈیا میں اب تک کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے 6000 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 114 افراد میں اس وائرس کی تصدیق جبکہ دو افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

  10. انڈیا: 31 مارچ تک سکول، عوامی مقامات بند

    india

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا میں پیر کی شام ہونے والی اعلی سطحی میٹنگ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 31 مارچ تک کے لیے کئی عارضی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

    • میٹنگ میں فیصلہ ہوا کہ کہ 31 مارچ تک تمام تعلیمی ادارے، میوزیم، کلچر اور سماجی مراکز، سوئمنگ پول، تھیئٹر وغیرہ بند رہیں گے۔
    • طلبہ کو گھر کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ آن لائن تعلیم کے فروغ کی بات بھی کی کئی ہے۔
    • عوام کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کے لیے کہا گیا اور بسوں اور ٹرینوں کو سینیٹائز کرنے کی بات بھی کہی گئی ہے۔
    • پرائیوٹ سیکٹر میں ملازموں کو گھر سے کام کرنے کی اجازت فراہم کرنے کی حوصلہ افزائی کی بات بھی کی گئی ہے۔
    • میٹنگز سے جہاں تک ممکن ہو اجتناب برتا جائے اور ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ کی جائے۔
    • ریستورانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے یہاں اچھی طرح سے ہاتھ دھونے کا انتظام کرے اور ٹیبل کے درمیان ایک میٹر کی دوری برقرار رکے۔
    • سفر پر مزید سختی نافذ کی جا رہی تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ اب تک انڈیا میں کورونا وائرس کے 114 مصدقہ معاملات سامنے آئے ہیں۔

    یہ میٹنگ دہلی کے نرمان بھون میں صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن کی قیادت میں منعقد ہوئی۔

  11. ’امریکی انتخابات کو ملتوی کرنا غیر ضروری ہے‘

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں انتخابات کو ملتوی کرنے کے بڑھتے ہوئے مطالبے کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنا غیر ضروری ہوگا۔

    منگل کے روز چار امریکی ریاستیں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے پرائمری انتخابات کا انعقاد کر رہی ہیں۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’انتخابات کو ملتوی کرنا ایک اچھا عمل نہیں اور ان کی رائے میں امریکی انتظامیہ ایک محفوظ انداز میں انتخابات کروا لے گی۔

    Trump

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  12. بریکنگ, غیر ملکی سیاحوں کو فلپائن چھوڑنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت

    فلپائن حکومت نے کہا ہے کہ جو غیر ملکی سیاح ملک سے روانہ ہونا چاہتے ہیں ان کے پاس 72 گھنٹے ہیں جس کے بعد ملک کے مسطی علاقے لوزون کو قرنطینہ کر دیا جائے گا۔

    Phillipines

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  13. بریکنگ, تین دہائیوں میں ڈاؤ جونز میں سب سے بڑی کمی

    امریکہ میں ڈاؤ جونز میں آج خرید و فروخت کے اختتام تک 12.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو کہ 1987 کے بیلک منڈے کریش کے بعد سے سب سے زیادہ کمی ہے۔

    ادھر دوسری جانب صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا امریکی میں اگست تک جاری رہ سکتی ہے اور ملک میں ایک مالیاتی بحران جلف آ سکتا ہے۔

  14. بریکنگ, منگل کے روز سے فرانس بھر میں لاک ڈاؤن

    فرانسیسی صدر

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ منگل سے ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔

    اس کے علاوہ فرانسیسی حکومت کے اقدامات کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:

    • شہریوں کی تمام غیر ضروری نقل و حرکت پر منگل کے روز سے مکمل پابندی ہے۔
    • جو لوگ اس قانون کی خلاف ورزی کریں گے، انھیں سزا دی جائے گی۔
    • دیگر یورپی ممالک کے ساتھ مشاورت سے ملکی سرحدیں بند کر دی جائیں گی۔
    • کسی بھی نجی کاروبار کو، چاہے وہ بڑا ہو یا چھوٹا، ناکام نہیں ہونے دیا جائے گا۔
  15. ’امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا جولائی یا اگست تک جاری رہ سکتی ہے‘, صدر ٹرمپ

    Trump

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی صدر ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا جولائی یا اگست تک جاری رہ سکتی ہے۔ امریکی حکومت نے لوگوں کو عوامی مقامات اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک گیر قرنطینہ کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

  16. اداکار ادریس ایلبا میں کورونا وائرس کی تشخیص

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  17. برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 55 ہو گئی

    محکمہ صحت برطانیہ کے تازہ اعداوشمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔

    اعدادوشمار کے مطابق اب تک 44105 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 1543 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    اس سے قبل آج شام برطانوی پارلیمان میں کورونا وائرس سے متعلق تفصیلات دیتے ہوئے سیکرٹری صحت میٹ ہین کوک نے بتایا تھا کہ اب تک کورونا وائرس سے انگلینڈ میں 53 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    انھوں نے ارکان پارلیمنٹ کو یہ بھی بتایا کہ ضروری خدمات کو یقینی بنانے کے لیے وہ کورونا وائرس ایمرجنسی بل بھی پیش کریں گے۔

  18. کینیڈا نے غیر ملکیوں کے لیے اپنی سرحدیں بند کر دیں

    جسٹن ٹروڈو

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    دیگر کئی ممالک کی طرح کینیڈا نے بھی غیر ملکیوں کے لیے اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم اس پابندی کا اطلاق کینیڈا کے اپنے شہریوں اور مستقل رہائشیوں پر نہیں ہو گا۔

    پیر کے روز سفری پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ’وقت آ گیا ہے کہ لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر احتیاط برتی جائے۔‘

    انھوں نے کینیڈین شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’مجھے واضح کرنے دیں کہ اگر آپ بیرون ملک ہیں تو اب گھر آنے کا وقت آ گیا ہے۔‘

    کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ امریکی شہریوں، ہوائی جہاز کے عملے اور سفارت کاروں کو کچھ استثنیٰ دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ وزیراعظم ٹروڈو میں اس کی کوئی علامات نہیں ملیں تاہم وہ 14 روز کے لیے خود ساختہ تنہائی میں رہیں گے۔

    اس وقت کینیڈا میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی کل تعداد 300 ہے۔

  19. کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پہلی بار انسانوں پر ویکسین کا تجربہ

    ویکسین

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اطلاعات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیر کو پہلی بار انسانوں پر ایک ویکسین کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔

    45 صحتمند رضاکاروں کے ایک گروپ کو امریکی شہر سیئٹل کے ایک تحقیقاتی مرکز میں ٹیکے لگائے جائیں گے۔

    ماہرین کے مطابق یہ پتا لگنے میں کہ یہ یا کوئی اور ویکسین کورونا وائرس سے بچا سکتی ہے یا نہیں، کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔

    ہر رضاکار کو بازو میں 28 دن کے فرق سے دو دو ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ تجربہ کامیاب بھی رہا تو اس کے ثمرات لوگوں تک پہنچنے میں 18 ماہ لگ سکتے ہیں۔

    دنیا بھر میں سائنسدان اس بیماری کا توڑ ڈھونڈنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تحقیق کر رہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق عام طور پر وائرس مثلاً خسرہ، کے لیے ویکسین اس کے کمزور یا مرے ہوئے وائرس سے بنائی جاتی ہے۔ لیکن کووڈ 19 کے لیے ویکسین اس وائرس سے نہیں بنائی گئی جو اسے پھیلاتا ہے بلکہ یہ اس وائرس کے جینیاتی کوڈ کے ایک حصے پر مبنی ہے جو لیبارٹری میں تیار کیا گیا تھا۔

  20. بریکنگ, کورونا وائرس: اٹلی میں مزید 349 افراد ہلاک

    اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں مزید 349 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اٹلی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اس وائرس سے اٹلی میں ہونے والی کل اموات کی تعداد 2100 سے بڑھ گئی ہے۔

    اٹلی میں اس وقت کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 28 ہزار کے قریب ہے۔