صدر بائیڈن نے اس معاہدے کو توڑا جو امریکی انتظامیہ نے طالبان کے ساتھ کیا تھا: مائیک پینس

افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد طالبان نے اپنی پہلی نیوز کانفرنس میں حکومت بنانے، خواتین کے معاشرے میں کردار، میڈیا کی آزادی سمیت متعدد موضوعات پر بیانات دیے ہیں۔ جبکہ سابق امریکی نائب صدر نے بائیڈن انتظامیہ پر 'طالبان سے معاہدہ' توڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے تنقید کی ہے۔

لائیو کوریج

  1. 'افغانستان خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے‘

    افغانستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    برطانیہ کے سیکرٹری دفاع بین والیس کا کہنا ہے کہ 'افغانستان خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔'

    انھوں نے بی بی سی کے پروگرام بی بی سی بریکفاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی اور غربت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ 'میرے خیال میں ہم (افغانستان میں) خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہے ہیں، صوبے ناکام ہو رہے ہیں اور ملک میں غربت اور دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔‘

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان کی سرزمین سے برطانیہ کے خلاف کوئی دہشت گردی کا منصوبہ بنایا گیا تو برطانیہ وہاں مداخلت کرنے کا حق رکھتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 'اگر افغانستان نے دوبارہ دہشت گردوں کو پناہ دینی شروع کی جو ایک بین الاقوامی خطرہ ہے، جیسا کہ انھوں نے ماضی میں اسامہ بن لادن اور ان کی تنظیم القاعدہ کو محفوظ پناہ گاہیں دے کر کیا تھا تو برطانوی فورسز اپنے شہریوں کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔'

    انھوں نے مزید کہا کہ اگر دیگر اقوام نے ان کے خلاف کوئی اقدام نہ اٹھایا تو بین الاقوامی قوانین کے تحت ہمارے (برطانیہ) پاس یہ حق ہے کہ ہم ممکنہ خطرے کے پیش نظر اپنا دفاع کریں۔'

  2. بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کی اس لائیو کوریج میں ہم آپ کو افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور طالبان کی پیش قدمی سے متعلق آگاہ کریں گے۔