وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کے وہ تمام 406 متاثرہ فیڈرز اگلے 24 گھنٹوں میں بحال ہو جائیں گے جہاں سے سیلابی پانی اتر چکا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق جمعے کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور امداد و بحالی کی موجودہ صورت حال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم کو متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی، خاص طور پر بجلی، پٹرول اور مواصلات کے نظام کی بحالی پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سیکریٹری وزارت بجلی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ان کی ہدایت کے عین مطابق وزارت کے تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور سیلاب کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں آنے والے تعطل کو بحال کرنے کی کاوشوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں سات کے علاوہ بجلی کے وہ تمام 406 متاثرہ فیڈرز اگلے 24 گھنٹوں میں بحال ہو جائیں گے جہاں سے سیلابی پانی اتر چکا ہے۔
ان فیڈرز میں 04 پنجاب، 22 خیبرپختونخواہ، 90 سندھ اور 290 بلوچستان میں واقع ہیں۔ چیئرمین این ایچ اے نے وزیر اعظم کو بتایا کہ انڈس ہائی وے این۔55 کے بعض علاقے جہاں ابھی تک سیلابی پانی کھڑا ہے کے سوا تمام بڑی شاہراہیں جن میں این ۔5 جی ٹی روڈ اور این-65 سکھر تا کوئٹہ روڈ شامل ہیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔
وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ این ایچ اے کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور بارشوں اور سیلابی پانی کی وجہ سے سڑکوں پر پڑے شگاف پر کام تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ملک کی تمام 51,733 موبائل کمیونیکیشن سائٹس میں سے صرف 648 سائٹس سیلابی پانی کے کھڑا ہونے کی وجہ سے اب تک بحال نہیں ہو سکیں، جو ’اگلے 24 گھنٹوں میں بحال ہو جائیں گی۔‘