نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوارڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 26 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔
اس کے دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 14 جون سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1290 ہو گئی ہے جس میں 570 مرد، 259 خواتین اور 453 بچے شامل ہیں۔ جبکہ مختلف حادثات میں 12588 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
’24 جون سے اب تک بلوچستان میں ایم 8 موٹروے پر وانگو ہلز کے 24 کلومیٹر سیکشن پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ خیبر پختونخوا میں قومی شاہراہ این 50 ساگو پل کے سوا ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔ ساگو پل کو ملانے کے لیے دونوں جانب سے کام جاری ہے۔‘
این ایف آر سی سی کے مطابق قومی شاہراہ مدین این 95 بحرین اور لائیکوٹ کے درمیان بلاک ہے جبکہ سندھ میں قومی شاہراہ این 55 میہر جوہی نہر سے خیرپور ناتھن شاہ تک ڈوبی ہونے کے باعث بند ہے۔
سیلاب اور بارشوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ریلوے نیٹ ورک بھی متاثر ہوا ہے۔ ’بلوچستان میں کوئٹہ تافتان اور کوئٹہ سبی اور سبی سے حبیب کوٹ تک ریلوے ٹریک بند ہے۔ پنجاب اور سندھ کے درمیان حیدرآباد سے روہڑی اور ملتان تک ریلوے ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔ سندھ میں کوٹری سے لکھی شاہ اور دادو تک ریلوے لائن متاثر ہے۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے سروے کے لیے 29 ٹیمز مصروف عمل ہیں۔ ’کوئٹہ، پشین، لورالائی، دکی، سوراب، جعفر آباد، صحبت پور، آواران اور لسبیلہ میں ٹیمز سروے کر رہی ہیں۔ لسبیلہ، گوادر، قلعہ سیف اللہ، واشک، کوہلو، موسی خیل، زیارت، قلعہ عبداللہ، خضدار اور نصیر آباد میں سروے جاری ہے۔
’کچھی، سبی، ڈیرہ بگٹی، شیرانی، ژوب، خاران، قلات، مستونگ اور چمن میں بھی سروے ہو رہا ہے۔‘
این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں کوئی ضلع قدرتی آفت سے متاثر نہیں ہوا مگر بلوچستان میں 31، گلگت بلتستان میں چھ، خیبر پختونخوا میں 17 اضلاع، پنجاب میں تین اور سندھ میں 23 اضلاع قدرتی آفت سے متاثرہ قرار دیے گئے ہیں۔
’ملک بھر میں 80 اضلاع بارشوں اور سیلاب کی شکل میں قدرتی آفت سے متاثر ہوئے۔ کشمیر میں 53 ہزار 700، بلوچستان میں 91 لاکھ 82 ہزار 616 شہری متاثر ہوئے جبکہ خیبرپختونخوا میں 43 لاکھ سے زیادہ اور گلگت بلتستان میں 51 ہزار 500 شہری متاثر ہوئے ہیں۔
اس کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 48 لاکھ 44 ہزار 253 اور سندھ میں 1 کروڑ 45 لاکھ 63 ہزار 770 شہری متاثر ہوئے۔ ’ملک بھر میں 3 کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار 329 شہری بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔‘