انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 12 ستمبر تک توسیع کر دی

خاتون مجسٹریٹ زیبا چوہدری کو مبینہ طور پر دھمکانے کے مقدمے میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت میں 12 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔

لائیو کوریج

  1. پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل بغاوت کے مقدمے میں عدالت میں پیش، پولیس کی مزید سات روزہ ریمانڈ کی استدعا

    Shahbaz Gill

    ،تصویر کا ذریعہTwitter

    اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

    بدھ کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان کی عدالت میں سماعت کے دوران اسلام آباد پولیس کی طرف سے ملزم کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

    سماعت کے دوران سپیشل پراسیکوٹر رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے اور ان کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کروانا ہے۔

    انھوں نے عدالت کو بتایا کہ 48 گھنٹوں کے ریمانڈ کے دوران ملزم سے فونز اور چار یو ایس بیز برآمد کی گئی ہیں اور یہ سب کچھ پارلیمنٹ لاجز میں ملزم کے کمرے پر چھاپے کے دوران برآمد ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ابھی بھی ہمیں کچھ سوالات کے جوابات درکار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ملزم شہباز گل کے استعمال میں موجود مرکزی موبائل کی برآمدگی مقصود ہے۔

    رضوان عباسی نے عدالت سے کہا کہ تفتیش میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے اور کچھ باقی ہے۔

    سپیشل پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل کا پولوگرافک ٹیسٹ لاہور سے کروانا ہے۔

    جس پر جج نے استفسار کیا کہ پولوگرافک ٹیسٹ کروانے کی استدعا پرانے ریمانڈ میں نہیں کی گئی تھی۔

    جس پر سپیشل پراسکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ پچھلے ریمانڈ میں استدعا نہیں تھی جو ریمانڈ معطل ہوا اس میں استدعا تھی۔

    جس پر جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 22 اگست کے حکم نامے میں تو پولوگرافک ٹیسٹ اسلام آباد سے کروانے کا کہہ رہے ہیں۔

    جس پر سپیشل پراسیکوٹر کا کہنا تھا کہ وہ شاید کا لفظ ہے اگر اسلام آباد سح ٹیسٹ ہوا تو ادھر سے کروا لیں گے۔

    رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں ملزم کے 15 دن تک کے ریمانڈ کی اجازت مل سکتی ہے۔

    انھوں نے عدالت سے کہا کہ دو دنوں کا جو ریمانڈ ملا اس کی پیش رفت موجود ہے۔ ملزم پر غیر لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے کا ایک اور مقدمہ بھی درج ہوا ہے۔

    پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اسلحہ کے مقدمے میں ہم نے خود کہا جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم عدالت سے کوئی غیر قانونی درخواست نہیں کر رہے۔

  2. جولائی میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں 42 فیصد سے زائد کی کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں موجودہ مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں بیرونی سرمایہ کاری میں 43 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    موجودہ سال کے پہلے مہینے میں صرف پانچ کروڑ نوے لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی جو گزشتہ مالی سال جولائی کے ماہ میں دس کروڑ چالیس لاکھ ڈالر تھی۔

    جون 2022 کے مقابلے میں جولائی میں بیرونی سرمایہ کاری میں 78 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    جولائی کے مہینے میں سب زیادہ سرمایہ کاری متحدہ عرب امارات کی جانب سے ہوئی جو ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھی۔ سوئٹزرلینڈ کی پاکستان میں سرمایہ کاری ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہی۔

    جرمنی نے پاکستان میں 60 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ ہالینڈ نے 60 لاکھ ڈالر، چین نے 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی

    جولائی میں سب سے زیادہ تین کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے شعبے میں آئی۔ دو کروڑ 80 لاکھ ڈالر فنانشنل شعبے میں، ایک کروڑ دس لاکھ ڈالر مواصلات کے شعبے میں اور 50 لاکھ ڈالر کاسمیٹکس کے شعبے میں آئے۔

  3. ‏سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی درخواست پراعتراضات کالعدم قرار

    SC

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کی سپریم کورٹ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی درخواست پر اعتراضات کالعدم قرار دے دیے ہیں۔

    سپریم کورٹ میں سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کا حق ختم کرنے کے خلاف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور پی ٹی آئی کے اتحادی شیخ رشید کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران شیخ رشید کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بظاہر الیکشن کمیشن کے خدشات پر ووٹ کا حق ختم کیا گیا۔

    جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں جعلی ووٹ اور دھاندلی تو یہاں بھی ہوتی ہے، اور اس کے خلاف قانون بھی موجود ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’کسی حادثے کی صورت میں موٹروے بند نہیں کی جا سکتی؟ کیا دھاندلی کے خدشات پر انتخابات کرانا ہی بند کر دیے جائیں گے؟‘

    جسٹس اعجاز الاحسن نے مزید ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن دھاندلی روکنے کے لیے اپنے اختیارات استعمال کیوں نہیں کرتا؟

    ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی روکنے کے لیے کمیشن اقدامات کا عدالتی جائزہ لیا جا سکتا ہے، اس ضمن میں الیکشن کمیشن کے خدشات کو دور کیا جانا ضروری ہے۔ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا جائزہ بنیادی حقوق سے متصادم ہونے پر ہی لیں گے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ خدشات دور کرنے کے بجائے اوورسیز کے ووٹ کا ختم کرنا درست نہیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ حکومت ایک ایک ارب ڈالر کے لیے دوست ممالک اور مالیاتی اداروں کے پاس جا رہے ہیں۔ 30 ارب ڈالر دینے والوں کو کہا جاتا ہے آپ کو ووٹ کا حق نہیں ہے۔

  4. جولائی 2022 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1.2 ارب ڈالر رہا, تنویر ملک، صحافی

    Money

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    موجودہ مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1.2 ارب ڈالر رہا جس میں جون کے مقابلے میں ایک ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    جون کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2.2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔ جولائی 2022 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ گذشتہ سال جولائی کے مہینے کے مقابلے میں تاہم زیادہ رہا جب ملک کا خسارہ 85 کروڑ ڈالر تھا۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کی وجہ انرجی امپورٹس کی درآمدات میں نمایاں کمی اور دوسری درآمدات میں ہونے والی کمی ہے۔

    سٹیٹ بینک نے کہا خسارے میں کمی کی وجہ حال ہی میں اٹھائے جانے والے کچھ اقدامات کی وجہ سے ہے جن میں مانیٹری پالیسی میں مزید سختی، مالی نظم و ضبط اور دوسرے انتظامی اقدامات شامل ہیں۔

  5. بریکنگ, توشہ خانہ کیس: عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر حکومتی ارکان اسمبلی کی درخواست خارج

    ECP

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے لیے چھ ارکان قومی اسمبلی کی دائر درخواست کو خارج کر دیا۔

    الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے حکومتی ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

    توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

    عمران خان کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کا ریفرنس اور ان حکومتی ارکان قومی اسمبلی کی درخواست ایک ہی ہے اس لیے اسے خارج کر دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی درخواست پہلے ہی زیر سماعت ہے اوراس متعلق حکومتی ارکان کی توشہ خانہ کیس پر درخواست بے اثر ہوچکی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل کے دلائل پر چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے لیےدائر ارکان قومی اسمبلی کی درخواست کو خارج کر دیا۔

    جبکہ توشہ خانہ کیس میں سپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنس پر سماعت 29 اگست کو ہو گی۔

  6. بریکنگ, این اے 108 فیصل آباد سے عمران خان کو ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت

    Imran Khan

    ،تصویر کا ذریعہPTI Official

    الیکشن ٹربیونل نے فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 108 سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔

    الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس شاہد وحید نے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے عمران خان کی اپیل منظور کی۔

    اس سے قبل ریٹرنگ افسر نے اعتراض لگاتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے۔

    عمران خان نے قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی نو نشستوں سے ضمنی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

  7. الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت آج ہو گی

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا چار رکنی بینچ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف کو اپنے اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے سے متعلق ریفرنس کی سماعت آج کرے گا۔

    اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کی واضح ہدایات کے باوجود عمران خان نے بطور وزیر اعظم خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوران جو جلسے کیے تھے اس کے بارے میں عمران خان اور اسد عمر کو جو نوٹس جاری کیے گئے اس کی سماعت بھی الیکشن کمیشن میں ہو گی۔

  8. پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو آج پھر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا

    Shahbaz Gill

    اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کو آج دوبارہ اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کو دو روزہ ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان کی عدالت میں آج دوپہر ایک بجے سے قبل پیش کیا جائے گا۔

    بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق تفتیشی ٹیم میں شامل ایک پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ ابھی تک انھوں نے ملزم کا موبائل فون برآمد نہیں کیا اور تفتیش بھی مکمل نہیں ہوئی اس لیے مقامی عدالت سے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    پولیس کے مطابق ملزم کو غیر لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے کے الزام میں درج ایک اور مقدمے میں متعلقہ عدالت میں پیش کرکے وہاں سے بھی جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہباز گل کو مقامی عدالت میں پیش کرنے سے پہلے انھیں پمز ہسپتال لیکر جایا جائے گا جہاں پر ملزم کا طبی معائنہ کروایا جائے گا۔

  9. چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور شہباز گل کے خلاف مزید دو مقدمات درج

    ImranKhan/ShahbazGill

    ،تصویر کا ذریعہReuters/PTI

    چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کے خلاف مزید دو مقدمات تھانہ آبپارہ میں درج کیے گئے ہیں۔

    یہ مقدمہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا ہے اور اس مقدمے میں تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمے میں مراد سعید، فواد چوہدری، فیصل جاوید، شیخ رشید، اسد عمر، راجہ خرم نواز، علی نواز اعوان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    شہباز گل کے خلاف ایک اور مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

    یہ مقدمہ پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے سے برآمد ہونے والے پستول پر درج کیا گیا ہے۔

    شہباز گل کا کہنا ہے کہ پستول میرا نہیں بلکہ ملازم کا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گل اور ان کے ملازم پستول کا لائسنس پیش نہیں کر سکے۔

  10. سیلاب کے باعث حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ملتوی

    سیلاب

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر حیدر آباد کے 9 اضلاع میں 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو حالات بہتر ہونے تک ملتوی کر دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

    کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کا 24 اگست 2022 کو دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے جس میں سندھ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف نکات ، مشکلات اور موسمیات کی رپورٹ کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

  11. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    Pakistan

    پاکستان کی حالیہ سیاسی صورتحال پر بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید، یہاں آپ ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ معلومات جان سکیں گے۔

    23 اگست تک کی صورتحال جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔