آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کالعدم، سپریم کورٹ کا پرویز الٰہی سے آج رات ہی حلف لینے کا حکم

پاکستان کی سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حمزہ شہباز کے وزارت اعلیٰ کے نوٹیفیکیشن کو غیرقانونی قرار دے دیا ہے اور گورنر پنجاب کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ رات ساڑھے گیارہ بجے تک پرویز الٰہی سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیں۔

لائیو کوریج

  1. مسلم لیگ (ن) کے رکنِ پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری مستعفی

    پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے جلیل احمد شرقپوری نے رات گئے اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    اُنھوں نے چوہدری پرویز الہٰی کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔

  2. ضمنی الیکشن سے پہلے سکیورٹی اقدامات مکمل

    سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان پنجاب ضمنی انتخابات کا جائزہ لینے سنیچر کو لاہور سول سیکریٹریٹ گئے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کو سکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس پہلے مرحلے پر حالات کو کنڑول کرنے کے لیے مستعد ہے، دوسرے پر رینجرز اور ایف سی جبکہ تیسرے مرحلے کے لیے آرمی کو تعینات کیا گیا ہے۔

    عمر حمید خان نے انتظامیہ کو کہا کہ کسی بگڑتی ہوئی صورتحال کو سنبھالنے کے لیے ہمارا ریسپانس ٹائم کم سے کم ہونا چاہیے، تخریبی عناصر سے سختی سے نپٹیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ `کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر رہے ہیں اور کریں گے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے پنجاب پولیس کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا۔

  3. پنجاب کے 20 حلقوں میں آج ضمنی انتخابات ہوں گے

    ان حلقوں میں لاہور کے چار حلقوں کے علاوہ راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، شیخو پورہ، ساہیوال، لودھراں، ملتان، بہاولنگر، مظفر گڑھ، لیّہ اور ڈیرہ غازی خان کے حلقے شامل ہیں۔

    یہ وہ نشستیں ہیں جو الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے پنجاب اسمبلی کے منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

    پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی اور الیکشن کمیشن نے اس پورے مرحلے کے لیے تین ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز قائم کیے ہیں۔

  4. کسی بھی سویلین کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے: الیکشن کمیشن

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی سویلین کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کارروائی بلکل نہیں ہونی چاہیے۔

    میڈیا میں ڈی جی خان کے علی محمد نامی شخص کی گرفتاری کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے انھوں نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے رابطہ کیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسی سویلین سے انتقامی کارروائی کی صورت میں الیکشن کمیشن سخت ایکشن لے گا۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

  5. ضمنی انتخابات: وزارتِ داخلہ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم

    ضمنی الیکشن کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ میں ایک سیل قائم کر دیا گیا ہے۔

    سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مانیٹرنگ سیل صوبائی حکومتوں کے کنٹرول سینٹرز اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ منسلک کر دیا گیا اور یہاں سے انتخابی حلقوں میں امن و امان کے حوالے سے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

    پنجاب رینجرز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز بھی وزارت داخلہ کے اس مانیٹرنگ سیل سے رابطے میں رہیں گے۔

    حکومت کے مطابق مانیٹرنگ سیل ضمنی انتخابات کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے لیے قائم کیا گیا ہے اور یہ ضمنی انتخابات کے اختتام تک کام کرتا رہے گا۔

  6. بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں خوش آمدید

    ہم اس صفحے پر آپ کو ضمنی انتخابات کی تازہ ترین خبروں سمیت سیاسی صورتحال سے باخبر رکھیں گے۔ گذشتہ روز کی خبریں آپ اس صفحے پر ملاحظہ کر سکتے ہیں۔