آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

مریم نواز کووڈ سے متاثر ہو گئیں

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کووڈ سے متاثر ہو گئی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خاں نے سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کو 17 جولائی کے دن پنجاب میں ضمنی انتخابات کے موقع پر دنگا فساد سے باز رہنے کی وارننگ ‏‎جاری کی ہے۔

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

    مگر پنجاب کے ضمنی انتخابات سمیت پاکستان کی سیاسی صورتحال پر بی بی سی کی کوریج جاری ہے جو آپ یہاں ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

  2. پنجاب: 20 حلقوں میں وہ ضمنی انتخابات جو ملکی سیاست کے رخ کا تعین کریں گے

  3. ضمنی انتخابات: وزارتِ داخلہ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم

    ضمنی الیکشن کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ میں ایک سیل قائم کر دیا گیا ہے۔

    سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مانیٹرنگ سیل صوبائی حکومتوں کے کنٹرول سینٹرز اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ منسلک کر دیا گیا اور یہاں سے انتخابی حلقوں میں امن و امان کے حوالے سے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

    پنجاب رینجرز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز بھی وزارت داخلہ کے اس مانیٹرنگ سیل سے رابطے میں رہیں گے۔

    حکومت کے مطابق مانیٹرنگ سیل ضمنی انتخابات کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے لیے قائم کیا گیا ہے اور یہ ضمنی انتخابات کے اختتام تک کام کرتا رہے گا۔

  4. کسی بھی سویلین کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے: الیکشن کمیشن

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی سویلین کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کارروائی بلکل نہیں ہونی چاہیے۔

    میڈیا میں ڈی جی خان کے علی محمد نامی شخص کی گرفتاری کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے انھوں نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے رابطہ کیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسی سویلین سے انتقامی کارروائی کی صورت میں الیکشن کمیشن سخت ایکشن لے گا۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

  5. `عمران خان الکیشن کمشن پر اس لیے اٹیک کر رہے ہیں کیونکہ فارن فنڈنگ کا فیصلہ محفوظ ہو چکا ہے‘

    وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور میں سینسر شپ پر آرٹیکلز لکھے جا سکتے ہیں ان کے دور میں صحافتی تنظیموں کے احتجاج ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں تھا کہ `آج وہ الیکشن کمیشن پر اس لیے اٹیک کر رہے ہیں کہ فارن فنڈنگ کا کیس محفوظ ہو چکا ہے۔ ‘

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی۔

    `عمران خان نے سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ لیا ہوگا کہ تین اپریل کو عدالتیں کیوں کھلیں۔ عمران خان نے تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لئے سائفر کا سہارا لیا لیکن وہ سپریم کورٹ میں سائفر پیش نہیں کر سکے۔ سپریم کورٹ نے بھی کہا کہ اگر 8 مارچ کو سائفر ملا تھا تو عمران خان وزیراعظم تھے، انہوں نے اس کی تحقیقات کیوں نہیں کروائی۔‘

    وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ `خیبر پختونخوا سے لوگوں کو پنجاب بھیج کر پولنگ اسٹیشنوں پر غنڈہ گردی کا پلان بنایا جا رہا ہے۔‘

    انہوں نے کہا کہ ہمارے وزرا نے الیکشن کمیشن کے احترام میں استعفے دیے تاکہ کوئی اس الیکشن پر سوال نہ اٹھا سکے۔

  6. پاکستان تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہوا ہے: عمران خان

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صاف اور شفاف الیکشن ہی واحد راستہ ہے۔

    اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کے دور میں قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی اور عدالتوں کے امور میں کبھی بھی مداخلت نہیں کی گئی تھی۔

    انھوں نے دہشت گردی کے حلاف لڑی جانے والی جنگ کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس سے بہت نقصان ہوا اور اگر کوئی کمیشن بنے تو اس کا پتہ چلے گا۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس سے سول اور ہیومن رائٹس کو نقصان پہنچا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں لوگوں کو اٹھالیا جاتا تو قومی سلامتی کمیٹی میں آتا تھا اور میں نے جب جنرل فیض ڈی جی آئی ایس آئی تھے تو آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے اس حوالے سے بات کی اور انہوں نے کئی لوگوں کو چھوڑا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ کہتے تھے کہ عدالت میں مسئلہ آتا ہے کیونکہ ایک دہشت گرد کو عدالت لے کر جاتے ہیں تو ثابت کرنا بڑا مشکل ہوجاتا ہے کہ ثبوت کہاں سے آتے ہیں، پھر امریکا اور انگلینڈ کی مثال دی جاتی تھی۔

    عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنی حکومت کے خاتمے کے پیچھے ہونے والی مبینہ سازش کا تذکرہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بند کمروں میں کرپٹ سیٹ اپ کو بیک کرنے میں اسٹیبلشمنٹ کو نظر نہیں آ رہا کہ پاکستان کو کتنا نقصان ہو رہا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا `دنیا کی تاریخِ کی اپنے وقت کی سب سے طاقت ور فوجیں ہٹلر اور نپولین کی فوجیں دونوں روس میں تباہ ہو گئیں تھیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ لیڈرز سے غلطیاں ہوتی ہیں اس لیے بہتر ہے کہ غلطی پہچان کر واپس آ جائیں۔

    انھوں نے اظہارِرائے کی آزادی پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کے دور میں جب ان پر تنقید ہوتی تھی تو اس سے فائدہ ہوتا تھا۔

    تاہم انھوں نے سوشل میڈیا کو ریگلولیٹ کرنے پر بھی بات کی۔

  7. ضمنی الیکشن سے پہلے سکیورٹی اقدامات مکمل

    سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان پنجاب ضمنی انتخابات کا جائزہ لینے لاہور سول سیکریٹریٹ گئے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کو سکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس پہلے مرحلے پر حالات کو کنڑول کرنے کے لیے مستعد ہے، دوسرے پر رینجرز اور ایف سی جبکہ تیسرے مرحلے کے لیے آرمی کو تعینات کیا گیا ہے۔

    عمر حمید خان نے انتظامیہ کو کہا کہ کسی بگڑتی ہوئی صورتحال کو سنبھالنے کے لیے ہمارا ریسپانس ٹائم کم سے کم ہونا چاہیے، تخریبی عناصر سے سختی سے نپٹیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ `کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر رہے ہیں اور کریں گے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے پنجاب پولیس کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا۔

  8. تحریک لبیک کے کارکنان گرفتار

    ضمنی الیکشن سے پہلے ملتان میں حلقہ پی پی 217 میں تحریک لبیک پاکستان کے سرگرم کارکنان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    نامہ نگار ترہب اصغر کے مطابق تحریک لبیک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اختر رضا قریشی، عابد شہزاد رحمت علی سمیت و دیگر کارکنان کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    تحریک لبیک کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے کارکنان کو رہا نا کیا گیا تو ہم اگلے عمل کا اعلان کریں گے۔

  9. بریکنگ, مریم نواز کووڈ سے متاثر ہو گئیں

    مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کووڈ سے متاثر ہو گئی ہیں۔

    اس خبر کی اطلاع انھوں نے ایک ٹویٹ کے ذریعے دی۔

    یاد رہے مریم نواز دوسری مرتبہ کووڈ سے متاثر ہوئی ہیں۔

  10. عمران اور ان کے ’ٹائیگرز‘ قانون کے دائرے میں رہیں، رانا ثنا اللہ خان کی وارننگ

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خاں نے سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کو 17 جولائی کے دن پنجاب میں ضمنی انتخابات کے موقع پر دنگا فساد سے باز رہنے کی وارننگ ‏‎جاری کی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ’عمران خان الیکشن ہار چکے ہیں اور اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔‘

    انھوں نے متنبہ کیا کہ ‏‎عمران اور ان کے ’ٹائیگرز‘ قانون کے دائرے میں رہیں، ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

    انھوں نہ دعویٰ کیا کہ ’‏‎اطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے 500 سے زائد افراد ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں ‏، حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی۔‘

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخواہ کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا پلان ہے ‏‎اور پرویز خٹک، اسد قیصر علی محمد خان اور مراد سعید فسادیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں۔

    انھوں نے متنبہ کیا کہ الیکشن کمشن کے احکامات اور قانون کو توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا اور ‏‎پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔

    ’کوئی بھی اگر قانون کو ہاتھ میں لے گا اور فساد کرنے کی کوشش کرے گا تو قانون کی گرفت میں آئے گا اور صاف شفاف اور پر امن الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔‘

  11. پنجاب ضمنی انتخابات: چھ انتہائی حساس حلقوں میں سکیورٹی کی اضافی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کے خط کی روشنی میں پنجاب کے چھ انتہائی حساس حلقوں میں سکیورٹی کی اضافی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں لاہور کے چار، بھکر اور ملتان کا ایک ایک حلقہ شامل ہیں۔

    یہ فیصلہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت پنجاب میں 17 جولائی کے ضمنی انتخابات میں امن وامان کے انتظامات کے حوالے سےخصوصی اجلاس میں لیا گیا جس کے دوران امن و امان کیلئے رینجرز کے ساتھ فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیرداخلہ پنجاب عطااللہ تارڑ، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل، آئی جی پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان، اعلیٰ فوجی حکام سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

    اس کے علاوہ ضمنی انتخابات کے تمام حلقوں میں آتشی اسلحہ کی نمائش پرمکمل پابندی اور ان احکامات کی خلاف ورزی پر فوری گرفتاری، اسلحہ ضبطگی اور لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس کی کارروائی سے متعلق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پر شرپسند عناصر کی ضمنی انتخابات کے حلقوں میں داخلے پر پابندی لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خط کی روشنی میں پنجاب کے چھ انتہائی حساس حلقوں میں سکیورٹی کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ انتہائی حساس انتخابی حلقوں میں لاہور کے چار، بھکر اور ملتان کا ایک ایک حلقہ شامل ہے۔

    وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’ضمنی انتخاب کے دوران حلقوں میں شرپسند عناصراوراسلحہ بردارافراد کی موجودگی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔‘

    انھوں نے قانون نافذکرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پرشرپسند عناصر کیخلاف پیشگی اقدامات لیں اور ضمنی انتخابات کے حلقوں میں دوسرے صوبوں سے لائے گئے شر پسند عناصر پرکڑی نظررکھیں۔ وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق ’شرپسند افراد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کیا جائے گا۔‘

  12. سلمان شہباز: وزیراعظم پاکستان کے بیٹے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں اشتہاری قرار

  13. `امریکہ کو پتہ تھا کہ عمران خان کسی صورت اپنی قوم کو کسی کی غلامی نہیں کرنے دے گا‘

    سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ کو آزاد لیڈر نہیں پسند اور اسے پتہ عمران خان کسی بھی صورت اپنی قوم کو کسی کی غلامی نہیں کرنے دے گا۔

    فیصل آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے شرکا سے کہا کہ میں آپ کا کپتان ہوں اور آپ میری ٹیم ہیں۔

    انھوں نے موجودہ حکومت پر ایک مرتبہ پھر کرپشن کے الزامات عائد کیے اور کہا کہ یہ حکومت امریکی سازش کے نتیجے میں آئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کے 1100 ارب حکمرانوں کوہضم نہیں ہونے دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 400 ڈرون حملے ہوئے اور جنگ میں 80 ہزار پاکستانی مارے گئے۔

    اپنے مختصر خطاب میں انھوں نے ووٹرز کے نام پیغام میں کہا کہ وہ 17 تاریخ کو باہر نکلیں۔

  14. روپے کی قدر میں ایک بار پھر کمی، سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان, تنویرملک، صحافی

    بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاکستان کے ساتھ گذشتہ روز ہونے والے معاہدے کا اثر ایک دن رہنے کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعے کو زائل نظر آیا جب پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    ڈالر کی قیمت میں جمعے کے روز ایک بار پھر ایک روپے پندرہ پیسے کا اضافہ ہوا جب ایک ڈالر کی قیمت 210.95 تک بڑھ گئی جو گزشتہ روز 209.80 پر بند ہوئی تھی۔

    کرنسی ڈیلروں کےمطابق گذشتہ روز ڈالر کی قیمت میں ہونے والی کمی معاہدے کی وجہ سے ہوئی تاہم جب تک پاکستان کو آئی ایم ایف سے پیسے نہیں مل جاتے اس وقت کرنسی مارکیٹ غیر مستحکم رہے گی۔

    دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز کی تیزی کے مقابلے میں جمعےکے روز مندی کا رجحان غالب نظر آیا جب اس کے انڈیکس میں ڈھائی سو پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

  15. بریکنگ, مخلوط حکومت کی نیب قوانین میں ترامیم کے خلاف عمران کی درخواست پر خصوصی بینچ تشکیل

    چیف جسٹس پاکستان نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی نیب ترامیم کو ختم کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کے لیے خصوصی بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

    چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں قائم تین رکنی خصوصی بینچ 19 جولائی کو عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

    جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ بھی بینچ میں شامل عمران خان نے حکومت کی جانب سے نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

  16. پاکستانی سیاست، بریانی کے ڈبوں سے لے کر موٹرسائیکلوں تک

  17. بریکنگ, سابق چیئرمین نیب کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کی منظوری

    پاکستان کی وفاقی کابینہ نے سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے خلاف ایک خاتون کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات کی باضابطہ اور شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن آف انکوائری کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق اس سلسلے میں وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو کمیشن کے ٹرم آف ریفرنسز اور اس کی سربراہی کے لیے تین افراد پر مشتمل پینل تجویز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ جنسی ہراس کا شکار خاتون طیبہ گل نے جب اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کروائی تو اس پر ایکشن کی بجائے انھیں 18 دن اغوا کر کے رکھا گیا اور پی ایم آفس کی جانب سے طیبہ گل سے ثبوت لے کر چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کے لیے استعمال کیے گئے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے سیاسی مقاصد پورا کرنے کا مکروہ دھندہ کیا گیا۔

  18. ایندھن کی قیمتوں میں کمی شہباز شریف کے وعدے کا تسلسل ہے: مریم اورنگزیب

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی اسی وعدے کا تسلسل ہے جو وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام سے کیا ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے لیے مکمل مانیٹرنگ کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ اس کمی کا پورا فائدہ عوام مل سکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’جس طرح ہم نے مشکل فیصلے کئے، اب عالمی منڈی میں کمی آئی ہے تو اس کا فائدہ عوام کو منتقل ہونا چاہیے۔ ایندھن کی قیمتوں میں کمی اسی وعدے کا تسلسل ہے جو وزیراعظم شہباز شریف نے عوام سے کیا۔‘

    وفاقی وزیر اطلاعات نے سابق حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کمزور بنیادوں اور سخت شرائط پر معاہدہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے معاشی اور بارودی سرنگیں بچھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سابق حکومت کو معلوم ہوا کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے جا رہی ہے تو انھوں نے اس معاہدے کی کی خلاف ورزیاں کیں۔

    ہم نے اس معاہدے کو بحال کیا، اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے ایسا بجٹ پیش کیا جس میں عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے، اور موجودہ بجٹ ایسا بجٹ ہے جو ملک کو خودمختاری کی طرف لے جا رہا ہے۔

  19. بریکنگ, آرٹیکل چھ کی کارروائی کے بارے میں تجاویز کی تیاری کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں اٹھائے گئے نکات پر عملدرآمد، آرٹیکل چھ کی کارروائی سمیت مستقبل کے اقدامات کے بارے میں تجاویز کی تیاری کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالتِ عظمیٰ کا تفصیلی فیصلہ اس ضمن میں سنگ میل ہے لہٰذا متفقہ طور پر کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جو عدالت کے تفصیلی فیصلے کی روشنی میں اقدامات تجویز کرے گی

    انھوں نے بتایا کہ وزیرِ قانون بیرسٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں قائم اس کمیٹی میں داخلہ و اطلاعات کے وفاقی وزرا کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ خصوصی کمیٹی اپنی تجاویز مرتب کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔

    وزیرِ اطلاعات کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں اس سلسلے میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کی سربلندی پر مبنی عدالت عظمیٰ کا تفصیلی فیصلہ قابل تحسین ہے جس نے نظریہ ضرورت کو دفن کردیا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ سابق حکومت اور اس کے عہدیداروں کے خلاف فرد جرم ہے اور یہ ثابت ہو گیا ہے کہ سابق حکومت نے آئین شکنی کی۔

  20. پنجاب میں ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہو گا: الیکشن کمیشن

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں انتہائی اہمیت اختیار کر جانے والے ضمنی انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ 17 جولائی 2022 کو پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں جن کا اثر پنجاب میں صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ ملکی سیاست پر بھی مرتب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ’رات 12 بجے کے بعد کوئی امیدوار اپنے حلقے میں انتخابی مہم نہیں چلا سکتا، بصورت دیگر قانون کی خلاف ورزی پر الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 182 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘