سپریم کورٹ کا سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کی جیلوں میں قرنطینہ سینٹر بنانے کا حکم, قیدیوں کو جیل بھیجنے سے قبل کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانا لازمی

،تصویر کا ذریعہget
اسلام آباد میں سپریم کورٹ نے سندھ اوربلوچستان کے علاوہ گلگت بلتستان میں واقع جیلوں میں قرنطینہ سینٹرز قائم کرنے کا حکم دینے کے علاوہ کہا ہے کہ ملک بھر میں آئندہ کسی بھی ملزم کو جیل بھجوانے سے پہلے اس کا کورو نا ٹیسٹ لازمی طور پر کیا جائے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ کسی بھی ملزم کو جیل بھیجنے سے پہلے اس کی مکمل سکریننگ کی جائے اور کسی بھی ملزم میں کورونا کی علامت ظاہر ہونے کی صورت میں اسے جیل نہ بھجوا جائے۔ عدالت نے حکومت سے ملک کی مختلف جیلوں میں قید 60 سال سے زیادہ عمر کے قیدیوں اور خواتین قیدیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں اس بات کا ذکر کیا ہے کہ صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختون خوا کے محکمہ جیل کے حکام کے مطابق ان کے صوبوں کی جیلوں میں قرنطینہ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ عدالت نے حکومت سے ملک بھر کی جیلوں میں قید سزا یافتہ اور انڈر ٹرائیل قیدیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔











