ناروال میں پولنگ کے مناظر




پنجاب کے شہر ناروال کے قومی اسمبلے کے حلقہ این اے 78 میں پاکستان مسلم لیگ کے احسن اقبال اور پی ٹی آئی کے ابرار الحق مدِ مقابل ہیں۔ ہمارے ساتھی فرقان الٰہی نے ناروال سے پولنگ کے مناظر بھیجے ہیں۔
پاکستان کی متعدد سیاسی جماعتوں نے انتخابات کے نتائج میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق پہلی مرتبہ متعارف کروائے جانے والے نظام میں تکنیکی خرابی نتائج میں تاخیر کی وجہ بنی ہے۔ الیکشن 2018 پر بی بی سی اردو کی لائیو کوریج۔
ذیشان حیدر، حسن زیدی، رضا ہمدانی ذیشان علی، حمیرا کنول




پنجاب کے شہر ناروال کے قومی اسمبلے کے حلقہ این اے 78 میں پاکستان مسلم لیگ کے احسن اقبال اور پی ٹی آئی کے ابرار الحق مدِ مقابل ہیں۔ ہمارے ساتھی فرقان الٰہی نے ناروال سے پولنگ کے مناظر بھیجے ہیں۔

نامہ نگار عزیز اللہ خان نے پشاور کے علاقے بورڈ سے انتخابی صورتحال بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ سٹیشنز میں موبئل فون یا کیمرہ لے جانے کی اجازت نہیں ہے، جبکہ سنہ 2013 کی نسبت اس مرتبہ ووٹرز قدرے کم نظر آ رہے ہیں جس کی ایک وجہ شدید گرمی بتائی گئی ہے۔
نامہ نگار شیراز حسن نے بتایا کہ راولپنڈی میں این اے 61 میں ملی مسلم لیگ اور تحریکِ لبیک پاکستان، دونوں جماعتوں کے کیمپ اس وقت خالی ہیں۔



بی بی سی کے نامہ نگار شیراز حسن سے بات کرتے ہوئے راولپنڈی کینٹ کے رہایشی شیر اسلم کا کہنا ہے کہ ’الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئ ایس ایم ایس کی سروس سے بہت سہولت ملی ہے اور آسانی سے فہرستوں میں نام اور خاندان نمبر تلاش کیا جا سکتا ہے جس سے ووٹرز کے وقت کی بچت ہوئی ہے۔‘
بی بی سی کے بلال احمد نے پشاور سے بتایا ہے کہ صوابی کے حلقہ پی کے47 میں ڈی پی او خالد ہمدانی نے بتایا کہ نواں کلی میں عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
جس کی نتیجے میں پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق ہو گیا اور دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔






اسلام آباد سے بی بی سی کے نعمان خان نے خواتین کے لیے مخصوص پولنگ سٹیشن کی چند تصاویر بھیجی ہیں۔


نامہ نگار سحر بلوچ کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف پولنگ سٹیشنز پر خواتین بڑھ چڑھ کی انتخابی عمل میں شریک ہو رہی ہیں۔



پشاور سے نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق پشاور میں بورڈ کے علاقے میں قائم پولنگ سٹیشن میں فی الحال تو ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کم رہا ہے تاہم امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جیسے جیسے دن آگے بڑھتا جائے گا ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوتا جائے گا۔
بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نجی سکولوں میں قائم پولنگ سٹیشنوں کے بوتھ چھوٹے کلاس رومز میں قائم ہیں، جب تک ایک ووٹر ووٹنگ کا عمل مکمل کر کے نہیں نکلتا دوسرے ووٹر کی جگہ نہیں ہوتی۔
احمد اکیڈمی گلشن اقبال 13ڈی کے ایک بوتھ میں تین ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ کل تعداد 300 ہے، جب کہ خواتین کے بوتھ میں 400 ووٹ ہیں جبکہ کاسٹ 12 ہوئے ہیں۔

بی بی سی کے نامہ نگار شیراز حسن نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار سمیرا گل کا راولپنڈی کے حلقے این اے 62 میں لگایا گیا پولنگ کیمپ خالی پڑا ہوا ہے۔ انتخابات سے قبل سمیرا گل نے بی بی سی کی فرحت جاوید سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'میں نے اپنی مخالفت کو ہی اپنی طاقت بنایا اور میں سمجھتی ہوں کہ اگر میری مخالفت نہ ہوتی تو شاید میں آج یہ ٹکٹ بھی حاصل نہ کر پاتی۔'
بی بی سی کے محمد نبیل کے مطابق کراچی کے پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے۔



اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 کے پولنگ سٹیشن کے باہر سیاسی جماعتوں کے کیمپ نہ ہونے کی وجہ سے اپنے بلاک کا کوڈ اور سلسلہ نمبر جاننے میں مشکل ہوئی۔
ایسے میں کسی نے فون نکلا اور کوئی واپس گاڑی کی جانب بھاگا۔ اپنے بلاک اور کوڈ کا پتہ لگانے کے لیے کمرے میں داخل ہونے کے بعد میں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ واپسی پر دیکھا کہ ایک اہلکار سیکیورٹی والوں سے اپنی ذمہ داری کے بارے میں بحث کر رہا تھا۔ معلوم ہوا کہ وہ ایک لائبریرین ہے اور الیکشن کمیشن نے اس کی نائب قاصد کی ڈیوٹی لگا دی ہے۔



کراچی کی یثرب امام بارگاہ میں ووٹنگ جاری ہے اور نامہ نگار سحر بلوچ کا کہنا ہے کہ اس پولنگ سٹیشن پر 1019 خواتین اور 1019 مرد ووٹرز ہیں۔ کلفٹن کے اس علاقے میں ووٹنگ 8 بجے شروع ہوگئی تھی اور اب تک زیادہ تر ووٹر خواتین تھیں۔


بی بی سی کے راجہ وقاص نے راولپنڈی میں بنی کے علاقے سے تصاویر بھیجیں جہاں ووٹنگ کے لیے بڑی تعداد میں عوام جمع ہے۔




راولپنڈی میں نامہ نگار راجہ وقاص علی کے مطابق جہاں بڑی تعداد میں ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے قطاروں میں کھڑے ہیں وہیں شہر بھر میں انتخابی گہما گہمی بھی عروج پر ہے۔



بی بی سی کی حمیرا کنول نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 کے باراکہو کے علاقے سے بتایا کہ مختلف پارٹیوں نے پولنگ کیمپ کھولے ہوئے ہیں جہاں وہ ووٹرز کی سہولت کے لیے ان کی مدد کر رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں ووٹرز کے آنے کی وجہ سے کئی لوگوں کو باہر انتظار کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔

