اسلام آباد: ’حساس عمارتوں کی حفاظت کے لیے فوج طلب‘
پاکستان کی وزارت داخلہ کے اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر فوج طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم فوج کی تعیناتی صرف حساس عمارتوں کی حفاظت کے لیے کی جائے گی۔
لائیو کوریج
’عدالتی ڈیڈ لائن کی وجہ سے آپریشن ناگزیر ہو گیا تھا'
،تصویر کا ذریعہEPA
مسلم لیگ نون کے رہنما اور مظاہرین سے بات چیت کرنے والی حکومتی کمیٹی کے سربراہ راجہ ظفر الحق کا کہنا ہے کہ حکومت ہائی کورٹ کے حکم کے بعد آپریشن کرنے پر مجبور ہوئی.
نامہ نگار حمیرا کنول کے مطابق راجہ ظفر الحق نے کہا کہ 'عدالتی ڈیڈ لائن کے بعد آپریشن ناگزیر ہو گیا تھا، جمعے کی رات ساڑھے 12 بجے تک مظاہرین سے مختلف ذرائع سے رابطے کرنے کی کوشش کی گئی۔'
بریکنگ, شاہدرہ پولیس سٹیشن پر مظاہرین کا دھاوا
نامہ نگار عمر دراز کے مطابق مظاہرین نے لاہور کے علاقے شاہدرہ پولیس سٹیشن پر دھاوا بول دیا جس کے بعد پولیس نے ان پر شیلنگ کی۔ مظاہرین لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں پھیل گئے ہیں۔ مظاہرین نے ملتان روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ روڈ کو بھی بند کر دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس روڈ پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
،تصویر کا ذریعہepa
فیض آباد دھرنے کے خلاف آپریشن: اب تک کیا ہوا ہے؟
اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر فیض آباد انٹر چینج پر جماعت لبیک یا رسول اللہ اور سنی تحریک کے دھرنے کے 20ویں روز حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف آپریشن مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے شروع ہوا۔
آپریشن میں اب تک سو سے زیادہ افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
آپریشن کے آغاز کے بعد کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں چھوٹے چھوٹے احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔
پیمرا حکام کا کہنا ہے کہ پیمرا کے احکامات پر کیبل آپریٹرز نے لائیو کوریج کرنے پر زیادہ تر ٹی وی چینلز کی نشریات کو روک دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹی وی چینلز کو لائیو کوریج کرنے پر تنبیہہ کی گئی تھی۔
آپریشن کے پیشِ نظر موٹر وے پولیس کے حکام نے اسلام آباد لاہور موٹروے پر چکری، پنڈی بھٹیاں سمیت متعدد مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی دی ہیں۔
ادھر راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس سٹیشنز پر رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
جماعت لبیک یا رسول اللہ اور سنی تحریک سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کا موقف ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بل میں حلف نامے کے بارے میں جو ترمیم کی گئی تھی وہ ختم نبوت کے منافی تھی۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،ویڈیو کیپشنپشاور میں بھی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہوگیا تین مختلف مقامات
کراچی کے مختلف مقامات پر مشتعل احتجاج
نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق کراچی میں مشتعل احتجاج شہر کے کئی علاقوں میں پھیل گیا ہے ایئرپورٹ کے قریب سٹار گیٹ کے مقام پر شاہراہ فیصل پر بھی دھرنہ جاری ہے۔
بریکنگ, ’اسلام آباد لاہور موٹروے بند کر دی گئی‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
نامہ نگار شجاع ملک کے مطابق فیض آباد کے مقام پر جاری آپریشن کے پیشِ نظر موٹر وے پولیس حکام نے اسلام آباد لاہور موٹروے پر چکری، پنڈی بھٹیاں سمیت متعدد مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ موٹروے پولیس کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ موٹروے پر مختلف مقامات پر منتشر افراد آ رہے ہیں اور پولیس انھیں روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔
راولپنڈی کے رہائشی اسلام آباد میں داخل نہیں ہو سکتے
بی بی کی نامہ نگار نازیہ گلزار کے مطابق فیض آباد سے ملحقہ علاقوں سکستھ روڈ، چاندنی چوک،رحمان آباد اور کمیٹی چوک کو بند کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں اب راولپنڈی کے رہائشی اسلام آباد میں داخل نہیں ہو سکتے ہیں۔ مظاہرین نے آئی جے پی چوک پر کچھ گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے۔
بریکنگ, زیادہ تر ٹی وی چینلز کی نشریات بند کر دی گئیں
پیمرا حکام کا کہنا ہے کہ پیمرا کے احکامات پر کیبل آپریٹرز نے لائیو کوریج کرنے پر زیادہ تر ٹی وی چینلز کی نشریات کو روک دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹی وی چینلز کو لائیو کوریج کرنے پر تنبیہہ کی گئی تھی۔
،ویڈیو کیپشناسلام آباد میں گرفتاریاں
’گاڑیوں کو آگ لگانے والے نقاب پوش مظاہرین کون؟‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنے میں شامل مظاہرین نے چہرے چھپا نہیں رکھے ہیں اور پولیس پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔
گاڑیوں کو آگ لگانے اور توڑ پھوڑ کرنے والوں نے اپنے چہرے مکمل طور پر ڈھانپ رکھے ہیں۔
مظاہرین نے راولپنڈی میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے گھر پر بھی پتھراؤ کیا اور بعد میں وہاں سے منتشر ہو گئے۔
’اب بھی سٹوڈنٹس کالج میں ہیں‘
راولپنڈی کے پوسٹ گریجویٹ کالج کی طالبہ فریدہ ضیا نے نامہ نگار حمیرا کنول کو بتایا 'ہمیں گیارہ بجے کے قریب کالج انتظامیہ نے کہا کہ اپنے گھر فون کر کے اطلاع کر دیں کہ آپ کو گھر لے جائیں۔ ہم نے گھر فون کیا۔ باہر نکلے تو شیلنگ ہو رہی تھی، راستے بند تھے، کالج کی بس نہیں چلائی جا سکتی۔ جن کے والدین لینے آ سکے صرف وہی گھر جا سکی ہیں۔ اب بھی سٹوڈنٹس کالج میں ہیں۔‘
راولپنڈی میں بھی حالات کشیدہ
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق راولپنڈی میں بھی حالات کشیده ہو گئے جہاں مظاہرین نے پولیس کی چار گاڑیوں اور ایک بس کو آگ لگا دی ہے۔
پتھراؤ سے ایف سی کے دو اہلکار زخمی
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق فیض آباد دھرنے کو منتشر کرنے کے لیے ایف سی کے اہلکار فیض آباد کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں جبکہ مظاہرین کی جانب سے ان پرپتھراؤ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مظاہرین کے پتھراؤ سے دو ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
فیض آباد آپریشن، تصویری جھلکیاں
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد انٹر چینج پر دو مذہبی جماعتوں کی جانب سے 20 روز سے جاری دھرنے کو ختم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپریشن جاری ہے جس میں ایک سو سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ جاری آپریشن کی تصاویر کے لیے یہاں کلک کریں۔
،تصویر کا کیپشناسلام آباد کے مضافاتی علاقے بھارہ کہو میں مظاہرین احتجاج کر رہے ہیں۔
میٹرو بس سٹیشنز پر رینجرز تعینات
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس سٹیشنز پر رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
ٹی وی چینلز لائیو کوریج نہ کریں
پاکستان میں الیکٹرونک میڈیا کی ریگولیٹری اتھارٹی پیمرا نے ٹی وی چینلز
کو حکم جاری کیا ہے کہ دھرنے کو ختم کرنے کے لیے جاری آپریشن کی لائیو
کوریج نہ کریں۔
اس کے علاوہ پیمرا نے میڈیا ہاؤسز سے استدعا کی ہے کہ
وہ اپنے عملے کی حفاظت کا خیال کریں۔ کیمرہ مین اور رپورٹرز کی حفاظت کے
تحت آپریشن کے انچارج کی جانب سے بتائی گئی جگہ سے آگے نہ جائیں۔
بھارہ کہو سے ریڈ زون کی جانب مارچ
،تصویر کا ذریعہAFP
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق مظاہرین بھارہ کہو سے اسلام آباد کے ریڈ زون کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔ حکام نے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد کے سرینہ ہوٹل میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔
’زخمیوں کی تعداد 110 سے تجاوز‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسلام آباد میں مظاہرین کے خلاف جاری آپریشن کے نتیجے میں اب تک حکام کے مطابق 111 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد کے سب سے بڑے ہسپتال میں 95 زخمیوں، اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال میں چار اور راولپنڈی کے بینظیر بھٹو ہسپتال میں 12 زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں زیادہ تعداد سکیورٹی اہلکاروں کی ہے۔
ایمبیسی لاج ہوٹل کو آگ لگانے کی کوشش
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق مظاہرین اسلام آباد میں واقع ایمبیسی لاج ہوٹل کو آگ لگانے کی کوشش میں ہوٹل کے قریب پہنچ گئے ہیں تاہم پولیس نے انھیں گھیرے میں لے لیا ہے۔