یوکرین کے دارالحکومت کیئو سے دھماکوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ میدان سکوائر کے قریب ایک بڑے دھماکے کی آواز سنائی دی ہے اور ٹروئیشچینا سے دھماکوں کی اطلاعات آ رہی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق کیئو شہر کے مرکز میں توپوں کے حملے واضح طور پر میلوں دور سے سنائی دیے ہیں۔ کیئو انڈیپنڈنٹ کے مطابق شہر کے چڑیا گھر اور شلیاوکا کے علاقے میں 50 سے زیادہ دھماکوں اور گولہ باری کی اطلاعات ملی ہیں۔
فاکس نیوز کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یوکرینی دارالحکومت پر ’کئی سمتوں سے حملہ کیا گیا ہے۔‘
یوکرین میں سٹیٹ سپیشل سروس کے مطابق شہر کے ٹروئیشچینا علاقے میں سی ایچ پی 6 پاور سٹیشن کے قریب فائرنگ کی آوازیں جاری ہیں۔ اس حملے کا مقصد شہر میں بجلی کی ترسیل کو متاثر کرنا ہوسکتا ہے۔
کیئو کی ایک شاہراہ پر تباہ شدہ گاڑیوں اور آتشزدگی کو دیکھا گیا ہے۔ ایک ایئر فیلڈ کے قریب فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات ہیں۔ خیال ہے کہ یہاں اتر کر روسی چھاتہ بردار دستے کیئو کے مرکزی علاقوں کا رُخ کریں گے۔
یوکرینی افواج کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے ميكولائف میں روسیوں کو آگے بڑھنے سے روک لیا ہے۔