آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

یوکرین کے معاملے پر اقوام متحدہ کا خصوصی اجلاس طلب

یورپی یونین نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ یورپی یونین ایسا اقدام کر رہا ہے۔ دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے روسی افوج کو سٹریٹجک جوہری فورسز کو خصوصی الرٹ پر رکھنے کا حکم دیا ہے، جس پر امریکہ نے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

لائیو کوریج

  1. مریم نواز: یوکرین میں پھنسے سینکڑوں پاکستانی طلبا کی فریاد سننے والا کوئی ہے؟

    یوکرین میں موجود پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ’یوکرین کی فضائی حدود کو بند کر دیا گیا ہے، یہاں موجود تمام پاکستانی طلبا کو ہدایت کی جاتی ہے کہ صورتحال نارمل ہونے تک وہ جہاں موجود ہیں وہاں رہیں۔‘

    اس سے قبل چند پاکستانی طلبا نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ انھیں یوکرین سے بحفاظت نکالنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

    پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے یوکرین میں پھنسے سینکڑوں پاکستانی طلبا کے حوالے سے کہا ہے کہ ’کیا یوکرین میں پھنسے سینکڑوں پاکستانی طلبا کی فریاد سننے والا کوئی ہے؟‘

  2. کیئو میں فضائی حملے سے قبل سائرن کی گونج

    روس کے یوکرین پر حملے کے دوسرے دن بھی یوکرین کے دارالحکومت کیئو کی فضا میں سائرن کی گونج سنائی دے رہی ہے۔

    یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں سائرن کی گونج آج صبح سے ہی سنائی دے رہی ہے اور یہ فوٹیج وہاں موجود ہمارے رپورٹرز نے بنائی ہے۔

    یہ سائرن پوری رات اور صبح تک سنائی دیتے رہے اور اس دوران روسی راکٹ حملوں کے ذریعے شہری اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

    ہمارے نامہ نگار نک بیک کا کہنا تھا کہ ’کیئو شہر میں ایسا نہیں ہے کہ لوگ اب اٹھ رہے ہیں کیونکہ لوگ سوئے ہی نہیں ہیں۔‘

  3. فضائی حملوں سے بچنے کے لیے زیرزمین میٹرو سٹیشنوں میں پناہ لینے والے یوکرینی شہری

    روس کی جانب سے کیے جانے والے حملوں سے بچنے کے لیے یوکرین کے باشندے زیر زمین میٹرو سٹیشنوں کا رُخ کر رہے ہیں۔ یوکرینی حکام نے ایسے علاقوں میں جہاں روس کے حملے جاری ہیں، عوام کو بنکرز میں پناہ لینے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

    اس حوالے سے سامنے آنے والی تصاویر میں شہریوں کی بڑی تعداد، بشمول بوڑھے اور شیرخوار بچے، کو میٹرو سٹیشنز میں پناہ لینے دیکھا جا سکتا ہے۔ کیئو اور خارخیو شہروں کے میٹرو سٹیشن ایسے پناہ گزینوں سے بھرے ہوئے ہیں۔

    بہت سے لوگوں کے پاس کمبل اور گرم کپڑے موجود ہیں اور ان کے گرد ان کے ذاتی سامان کے تھیلے موجود ہیں۔

    یوکرین میں گذشتہ رات کرفیو نافذ تھا تاہم میٹرو اسٹیشن فضائی حملوں سے بچنے کے لیے عارضی پناہ گاہوں کے طور پر کھلے رہے۔

    حملے کے پہلے روز ہزاروں یوکرینی شہری اپنے گھر بار چھوڑ کر پڑوسی ممالک کی سرحدوں کی جانب چلے گئے تھے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کا تخمینہ ہے کہ پہلے روز ایک لاکھ کے لگ بھگ یوکرینی شہریوں نے اپنے گھروں کو چھوڑ کر نقل مکانی کی۔

    پولینڈ، جو کہ یوکرین کے مشرق میں واقع ہے، نے یوکرین سے آنے والے پناہ گزینوں کی آمد کی تیاری کے سلسلے میں پہلے ہی اپنی سرحد کے ساتھ ساتھ استقبالیہ مراکز قائم کیے ہیں۔

  4. یوکرین پر روس کے حملے کا دوسرا روز: اب تک کیا ہو چکا ہے؟

    روس کے یوکرین پر کیے گئے حملے کو آج دوسرا روز ہے۔ اس جنگ کو یورپ میں گذشتہ کئی دہائیوں کے دوران ہونے والی پہلی ’باقاعدہ جنگ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ اگر آپ پہلی مرتبہ بی بی سی صفحات پر آئے ہیں تو تازہ ترین تفصیلات کچھ یوں ہیں:

    • یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے اب سے کچھ دیر قبل سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ جمعہ کے روز بھی روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت کیئو اور ملک کے دوسرے حصوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔
    • بی بی سی کو بہت سے ایسی ویڈیوز موصول ہوئی ہیں جن میں کیئو میں دھماکوں اور تباہ شدہ عمارتوں کو دکھایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ یوکرینی دارالحکومت کی آبادی لگ بھگ 28 لاکھ ہے۔ روسی طیاروں کی گھن گرج سُن کر جمعہ کی صبح بیدار ہونے والے شہریوں کو بنکرز میں پناہ لینے کی تاکید کی گئی ہے۔
    • یوکرین کے مشرق، شمال اور جنوب میں واقع شہروں میں روس کے زمینی دستوں کی پیش قدمی کے بعد روس اب یوکرین کے دارالحکومت کیئو پر اپنے حملوں کی شدت میں اضافہ کر رہا ہے۔ بی بی سی نے پورے ملک میں جھڑپیں ہوتی دیکھی ہیں مگر وہ دو ریاستیں جنھیں روس نے حال ہی میں آزاد ریاستیں قرار دیا تھا وہاں جنگ کی شدت کافی زیادہ ہے۔
    • یوکرین کے مطابق پہلے روز (یعنی جمعرات) ہونے والی جھڑپوں میں ان کے 137 شہری اور فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
    • یوکرین کے مطابق بحیرہ اسود میں ’سنیک آئی لینڈ‘ کا دفاع کرتے ہوئے 13 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والی فوجیوں کی آخری آڈیو، جس میں وہ روس کے جنگی جہازوں کو للکار رہے ہیں، کافی وائرل ہوئی ہے۔
    • چرنوبل جوہری سائیٹ پر شدید جھڑپیں دیکھی گئیں تاہم اب یہ علاقہ روس کے قبضے میں ہے اور امریکہ کا کہنا ہے کہ یہاں بہت سے یوکرینی فوجیوں کو یرغمال بنا کر رکھا گیا ہے۔
    • یورپی یونین، آسٹریلیا اور جاپان نے روس پر عائد پابندیوں کو مزید سخت کر دیا ہے۔ ان پابندیوں کے تحت روسی بینکوں، کمپنیوں اور اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ مغربی ممالک نے یوکرین کے لیے امداد بشمول فوجی امداد کے وعدے بھی کیے ہیں۔
    • فرانسیسی صدر میخواں نے کہا ہے کہ ان کی فون پر روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے بات چیت ہوئی ہے جس میں انھوں نے پوتن پر زور دیا کہ وہ یوکرین پر حملے بند کر دیں۔
    • یوکرین کے صدر مغربی ممالک کے ان اقدامات کی افادیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کل کی طرح آج بھی تن تنہا اپنا دفاع کر رہا ہے۔
  5. یوکرینی دارالحکومت کیئو میں رہائشی عمارت پر روسی راکٹ حملہ

    یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں ایک رہائشی عمارت میں اس وقت آگ لگ گئی جب وہ روس کی جانب سے داغے جانے والے ایک راکٹ کا نشانہ بنی۔

    اس سے قبل ہم رپورٹ کر چکے ہیں کہ جمعے کی صبح یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں ایک اپارٹمنٹ کو روسی راکٹ حملے سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

    تاہم اب اس بارے میں ہمارے پاس ایک مصدقہ ویڈیو بھی موجود ہے۔

    کیئو کے میئر نے کہا تھا کہ اس حملے میں کم سے کم تین افراد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد یوکرینی صدر نے بھی تصدیق کی تھی کہ روس نے یوکرین کی فوجی تنصیبات اور شہری آبادی پر متعدد میزائل حملے کیے تھے۔

  6. یوکرین پر روس کا حملہ: یوکرین کے لیے اپنا دفاع کرنا کتنا مشکل ہے؟

    اب جب روس نے تین اطراف سے یوکرین پر حملہ کیا ہوا ہے، یوکرین کے لیے اپنا دفاع کرنا کتنا مشکل ہو گا؟

    یوکرینی فوج اسلحے اور تعداد کے لحاظ سے روس سے بہت پیچھے ہے۔ صدر پوتن کے دور میں فوج کو جدید بنانے کے لیے جتنی سرمایہ کاری کی گئی ہے اس کے بعد یوکرین اور روس کی فوجی طاقت کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔

    رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹیٹوٹ کے ڈاکٹر جیک واٹلنگ کا کہنا ہے: ’میرے خیال میں یوکرین بہت مشکل صورتحال میں ہے اور اس کے فوجی سربراہوں کو بہت مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔‘

    مغربی سکیورٹی حکام کے اندازوں کے مطابق روس نے ایک لاکھ 90 ہزار فوج کو یوکرین کی سرحد پر اکٹھا کر رکھا ہے جبکہ یوکرین کی پوری فوج ایک لاکھ 25 ہزار فوجیوں پر مشتمل ہے۔

    روسی افواج کئی سمتوں سے یوکرین میں داخل ہو رہی ہیں۔

  7. روس کا فوجی طیارہ سرحدی علاقے میں گِر کر تباہ، طیارے پر سوار عملے کے ارکان ہلاک

    ویسٹرن ملٹری ڈسٹرکٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کا ایک فوجی طیارہ یوکرین کی سرحد کے قریب گِر کر تباہ ہو گیا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ طیارہ تیکنیکی نقص کے باعث تباہ ہوا ہے۔

    روس کے سرکاری خبررساں ادارے ’تاس‘ کے مطابق ’فوجی سازوسامان اور آلات کی ترسیل کرنے والا رشیئن ایروسپیس فورسز کا ایک طیارہ 24 فروری کو روس اور یوکرین کے سرحدی علاقے ورونیز میں گِر کر تباہ ہو گیا ہے۔ اس پر سوار عملے کے تمام اراکین ہلاک ہو گئے ہیں تاہم طیارہ کا ملبہ زمین پر گرنے سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ اس حادثے کی وجہ ایک تیکنیکی نقص تھا۔‘

    تاس کے مطابق اس حادثے کے بعد رشیئن ایروسپیس کا ایک تیکنیکی کمیشن حادثے کی جگہ پر بھیج دیا گیا ہے تاہم حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

  8. بریکنگ, ہم اکیلے ہی اپنے ملک کا دفاع کر رہے ہیں: یوکرینی صدر

    ولادیمیر زیلینسکی نے مغربی اتحادیوں سے ایک مرتبہ پھر یوکرین کی مدد کرنے کی درخواست کی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ’اس صبح تک ہم اپنی ریاست کا اکیلے ہی دفاع کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز کی طرح آج بھی دنیا کے سب سے طاقتور ممالک دور سے بیٹھے دیکھ رہے ہیں۔‘

    ’کیا روس کل کی پابندیوں سے متاثر ہوا ہے؟ ہم اپنے آسمانوں میں سن رہے ہیں اور اپنی زمین پر دیکھ رہے ہیں کہ یہ کافی نہیں ہے۔‘

  9. یوکرین میں داخل ہوتی روسی افواج

    یہ ہیں اس وقت کے مناظر جب روسی افواج یوکرین کی سرحد میں داخل ہو رہی تھیں۔

  10. بریکنگ, روس کو جنگ ختم کرنے کے لیے ہم سے مزاکرات کرنے ہوں گے: یوکرینی صدر

    کیئو میں صبح کے وقت صدر زیلینسکی ایک مرتبہ پھر قوم سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے ہیں۔ وہ یوکرینی اور روسی زبان میں روس سے سیزفائر کی اپیل کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’روس کو ہم سے جلد یا بدیر مذاکرات کرنے ہوں گے۔ یہ بات چیت جتنی جلد شروع ہو گی اتنا کم روس کا نقصان ہو گا۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب تک حملے رکتے نہیں ہیں، ہم اپنے ملک کا دفاع کرتے رہیں گے۔‘

    گذشتہ رات ہی یوکرینی صدر نے دارالحکومت پر حملے کی شدت میں اضافے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال یوکرین کا دارالحکومت چھوڑ کر نہیں جائیں اور انھیں معلوم ہے کہ وہ روس کا پہلا ہدف ہیں۔

  11. بریکنگ, یوکرینی صدر کی جمعے کی صبح یوکرین پر روسی میزائل حملوں کی تصدیق

    یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے تصدیق کی ہے کہ روس کی جانب علی الصبح متعدد میزائل حملے کیے گئے۔

    زیلینسکی کا کہنا تھا کہ یہ حملے جمعے کی صبح مقامی وقت کے مطابق چار بجے کیے گئے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ روس نے ان حملوں سے فوجی تنصیبات اور شہریوں کو نشانہ بنایا۔ روس کی جانب سے اس سے قبل یہ کہا گیا تھا کہ وہ شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنائے گا۔

    تاہم جیسے ہم نے اس سے قبل رپورٹ کیا تھا کہ دارالحکومت کیئو میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں جن میں سے بظاہر ایک حملہ ایک رہائشی عمارت پر بھی کیا گیا۔

  12. یقین ہے کہ پوتن یوکرینی حکومت کو ہٹانے کی کوشش کریں گے: امریکی وزیرِ خارجہ

    امریکی وزیرِ خارجہ اینٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ انھیں یقین ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن یوکرین کی حکومت کو گرانے کی کوشش کریں گے۔

    امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بلنکن نے کہا کہ یہ ’روس کے منصوبے کا حصہ ہے‘ کہ وہ دارالحکومت کیئو پر چڑھائی کریں اور دوسرے بڑے شہروں پر بھی حملے کریں جبکہ ملک بھر میں شمالی، مشرقی اور جنوبی سرحدوں سے حملے کریں۔

    بلنکن کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے علاوہ بھی حملے کرنا خارج الامکان نہیں لیکن ’امریکہ کا اپنے نیٹو اتحادیوں کا دفاع کرنے کا عظم برقرار ہے‘۔

    انھوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نیٹو اتحادی پر حملہ کیا گیا تو اسے تمام نیٹو ممبران پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’صدر کا بیانیہ بہت واضح ہے کہ ہم نیٹو میں شامل ممالک کے ہر انچ کا دفاع کریں گے۔ میرے خیال میں یہ صدر پوتن کو یوکرین سے آگے بڑھنے سے روکے گا۔‘

  13. پاکستانی طالبعلم نے یوکرین میں کیا دیکھا؟

    ’ہر کوئی چاہ رہا ہے کہ وہ شہر چھوڑ دے۔۔۔‘

    یوکرین کے شہر خارکیو میں موجود پاکستانی طالبعلم نے کیا دیکھا، جانیے ہمارے ساتھی محمد ابراہیم کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو میں۔

  14. یوکرینی فوج کی جانب سے سومی شہر میں شدید جھڑپوں کی ویڈیو جاری

    یوکرین کی فوج کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں روسی حملہ آور اور یوکرینی محافظوں کے درمیان شمال مشرقی شہر سومی میں جھڑپ جاری ہے۔

    سومی کی آبادی دو لاکھ 60 ہزار افراد پر مشتمل ہے اور یہ روسی سرحد سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

    مقامی انتظامیہ کے سربراہ دمیترو زہوتسکی کا کہنا ہے کہ روسی فوج کا بڑا کانوائے سومی سے گزرتے ہوئے دارالحکومت کیئو کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کونوٹاپ کے قصبے کا گھیراؤ بھی کیا گیا ہے۔

  15. روسی حملے کا دوسرے روز: اب تک کی تازہ ترین صورتحال

    اس وقت کیئو میں صبح کے 7:45 ہوئے ہیں اور یوکرین پر روسی حملہ دوسرے روز میں داخل ہو چکا ہے۔ یہ یورپ میں کئی دہائیوں کے بعد پہلی زمینی جنگ ہے۔

    اگر آپ ہمارے لائیو پیج پر ابھی آ رہے ہیں تو اب تک کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں جانیے۔

    • کیئو میں جمعے کو علی الصبح متعدد دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے دارالحکومت میں ایک طیارہ مار گرایا ہے۔
    • یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ ’تخریب کار‘ دارالحکومت میں داخل ہو چکے ہیں۔
    • اس کے علاوہ ملک بھر میں مختلف جگہوں پر جھڑپیں جاری ہیں جس میں سے ملک کے مشرق میں خارخیو میں شدید لڑائی کی اطلاعات ہیں۔ ملک کے شمال اور بحیرہ اسود کے جنوب میں اوڈیسا میں شہروں میں لڑائی کی اطلاعات ہیں۔
    • اس دوران ایک لڑائی چرنوبل کی جوہری تنصیبات کے قریب بھی ہوئی جہاں روسی فورسز کو کامیابی ہوئی اور امریکہ کا کہنا ہے کہ یہاں کچھ یوکرینی فوجیوں کو روس کی جانب سے یرغمال بھی بنایا گیا ہے۔
    • ہزاروں یوکرینیوں نے جنگ زدہ علاقوں میں شہروں کو چھوڑنا شروع کر دیا ہے اور اب وہ ملک کے مغرب میں موجود علاقوں کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں اور کچھ تو پولینڈ اور رومینیا کی سرحدوں کی جانب بھی گامزن ہیں۔
    • تاہم زیادہ تر یوکرینی شہریوں نے یہیں رکنا بہتر سمجھا ہے اور انھوں نے بنکرز اور زیر زمین میٹرو سٹیشنز میں پناہ لی ہے۔ اس حوالے سے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں ان تمام شہریوں سے کہا گیا ہے جو اسلحہ چلانا جانتے ہیں کہ وہ اپنے ملک کے دفاع کے لیے سامنے آئیں۔
    • یورپی یونین، آسٹریلیا اور جاپان نے جمعے کو روس پر تازہ پابندیاں عائد کی ہیں جن میں روسی بینکوں، کمپنیوں اور روسی حکومت سے منسلک اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ مغربی ممالک نے یوکرینی فوجیوں کو امداد اور فوجی سازوسامان دینے کا وعدہ کیا ہے۔
    • فرانس کے صدر میخواں کا کہنا ہے کہ انھوں نے فون پر ولادیمیر پوتن سے بات کی ہے اور ان سے ’حملہ روکنے کا کہا ہے۔‘
    • روسی شہروں میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر جنگ شروع کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا ہے اور اس دوران سینکڑوں مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
  16. یوکرین پر روسی حملے کے لوگ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور

    یوکرین پر روسی حملے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھر چھوڑ کر جا رہے ہیں اور جو لوگ شہرنہیں چھوڑ سکے وہ بم شیلٹر میں پناہ لے رہے ہیں۔

    مزید دیکھیں فرقان الٰہی کی جانب سے ایڈیٹ کی گئی اس ویڈیو میں۔

  17. کیئو میں روسی طیارہ اپارٹمنٹ بلاک میں گر کر تباہ ہونے کی اطلاعات

    ہمیں جمعے کی صبح یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    اس حوالے سے مزید غیر مصدقہ خبریں بھی رپورٹ کی جا رہی ہیں کہ شہر کا ایئر ڈیفنس ایک فضائی حملہ روکنے میں کامیاب ہوا ہے جس میں متعدد میزائلوں کو تباہ کیا گیا ہے اور ایک روسی طیارہ مار گرایا گیا ہے۔

    یوکرین کی وزارتِ داخلہ کے اہلکار نے بتایا ہے کہ طیارہ کیئو کے دارنتسکی ضلع میں مار گرایا گیا ہے۔

    دریں اثنا مقامی اطلاعات کے مطابق ایک نو منزلہ عمارت میں بھی آگ لگی ہوئی ہے۔

    کیئو کے میئر وٹالی کلٹشکو نے ٹویٹ کیا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم از کم تین افراد راکٹ کے ٹکڑے لگنے کے باعث زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت عمارت میں آگ لگی ہوئی ہے اور اس کا ’زمین بوس ہونے کا خطرہ ہے۔‘

  18. ’کیئو میں ایک یا اس سے زیادہ دھماکوں کی آوازوں کے بعد ہم سب تہہ خانے میں ہیں‘

    بی بی سی کے پال ایڈمز اس وقت یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں ہیں اور انھوں نے وہاں سے تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ٹویٹ کیا ہے۔

  19. بریکنگ, یوکرینی حکام کا کیئو میں روسی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

    یوکرین کی وزارتِ داخلہ میں ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ ایک روسی طیارہ دارالحکومت کیئو کے دارنتسکی ضلع پر مار گرایا گیا ہے۔

    اینٹون ہیرا شینکو کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ ایک گھر کے نزدیک 7 اے کوشتیا سٹریٹ میں گرا۔

    یہ غیر تصدیق شدہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرین کے دارالحکومت میں دو دھماکے رپورٹ کیے گئے تھے۔

    ایسے ہی دھماکے اس سے قبل جمعرات کے روز بھی رپورٹ ہوئے تھے جب یوکرینی حکام نے بتایا تھا کہ کیئو کے قریب بروویری نامی ٹاؤن میں فوجی اڈے کو روسی کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    نیوز چینل ٹیلی کنال این ٹی اے نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں صبح کے وقت دھواں اٹھتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  20. بریکنگ, یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں دھماکوں کی اطلاعات

    اب سے کچھ دیر قبل یوکرین کے داارلحکومت کیئو میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک ٹیم نے کیئو کے وسطی علاقے میں دو بڑے دھماکوں کی خبر دی ہے جبکہ جمعے کی صبح ہی ایک تیسرے بڑے دھماکے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

    یوکرینی خبر رساں ایجنسی یونیان کے مطابق سابق ڈپٹی وزیرِ داخلہ اینٹون ہیراشینکو کا کہنا ہے کہ انھوں نے دو دھماکوں کی آواز سنی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کروز یا بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے ہیں۔

    یوکرین کی فوج نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔