امریکہ میں ہلاکتیں ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ، میکسیکو میں 5311 نئے متاثرین

امریکہ میں ہر ہفتے تقریباً پانچ ہزار لوگ وائرس سے ہلاک ہو رہے ہیں اور سب سے زیادہ متاثرہ امریکی شہروں میں حکام کے پاس مردہ خانوں میں جگہ ختم ہونے کے باعث لاشیں رکھنے کی جگہ باقی نہیں بچی ہے۔ پاکستان میں اس مرض سے اب تک دو لاکھ 64 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر جبکہ دو لاکھ پانچ ہزار سے زیادہ صحتیاب ہو چکے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. ڈونلڈ ٹرمپ: ’امریکہ میں وبا کی صورتحال بہتر ہونے سے پہلے مزید خراب ہو سکتی ہے‘

  2. میکسیکو: 24 گھنٹوں میں کورونا کے 5311 نئے متاثرین

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    میکسیکو کی وزارت صحت نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے پانچ ہزار 311 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں متاثرین کی کُل تعداد تین لاکھ 44 ہزار 224 تک پہنچ گئی ہے۔

    ادارے نے مزید بتایا کہ ملک میں مزید 296 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد یہاں ہلاکتوں کی کُل تعداد 39 ہزار 184 ہوگئی ہے۔

    میکسیکو کی حکومت نے کہا ہے کہ مرض سے متاثرہ لوگوں کی تعداد حقیقت میں مصدقہ متاثرین سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ میکسیکو کورونا سے دنیا کا ساتواں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جبکہ لاطینی امریکہ کی بات کی جائے، تو برازیل اور پیرو کے بعد یہ متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے خطے میں تیسرے نمبر پر ہے۔

  3. کورونا وائرس: بیماری کے خوف سے کیسے نمٹیں؟, کرسٹی بریور، بی بی سی نیوز

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہEmma Russell

    کورونا وائرس نے دنیا کو غیر یقینی کی صورتِ حال میں ڈال دیا ہے اور اس وبا کے متعلق مسلسل خبریں بڑی بے رحم لگ سکتی ہیں۔ یہ سب لوگوں کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے، خصوصاً ان افراد کی صحت پر جن میں پہلے ہی اضطراب پایا جاتا ہے یا انھیں او سی ڈی ہے۔

    خبروں کے متعلق پرتشویش رہنا سمجھ میں آتا ہے، لیکن کئی لوگوں میں یہ پہلے سے جاری مسائل کو مزید بگاڑ سکتی ہے۔

    اس لیے جب عالمی ادارۂ صحت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران ذہنی صحت کے تحفظ کے متعلق کہا تو سوشل میڈیا پر اس کو بڑی پذیرائی ملی۔

    اس مضمون میں جانیے کہ کورونا کی وبا کے خوف سے آپ خود کو کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

  4. امریکہ میں کورونا سے ہلاکتیں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد

    کورونا، امریکہ

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 50 میں سے 42 ریاستوں میں گذشتہ ہفتے کے دوران متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جون کے اواخر سے امریکہ میں یومیہ نئے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اب چھ ہفتوں بعد اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔

    امریکہ میں ہر ہفتے تقریباً پانچ ہزار لوگ وائرس سے ہلاک ہو رہے ہیں۔

    اس کے مقابلے میں پڑوسی ملک کینیڈا میں وبا کے آغاز سے اب تک صرف 8800 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ صرف ایک ہفتے میں امریکہ میں اتنی ہلاکتیں ہو رہی ہیں جتنی کہ سویڈن میں وبا کے آغاز سے اب تک ہوئی ہیں، یعنی 5600 کے قریب۔

    سب سے زیادہ متاثرہ امریکی شہروں میں حکام کے پاس مردہ خانوں میں جگہ ختم ہونے کے باعث لاشیں رکھنے کی جگہ باقی نہیں بچی ہے۔

    کئی ریاستوں میں لاشیں رکھنے کے لیے کولنگ والے ٹریلر خریدے جا رہے ہیں۔

  5. پاکستان کی تازہ ترین صورتحال!

    کورونا وائرس

    پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 264620 ہو چکی ہے جبکہ اب تک ملک میں 5591 افراد اس وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

    اس وقت ملک میں وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 205664 ہے۔

    آج پاکستان کے صوبہ سندھ میں مزید 889 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 19 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہوئے۔

    صوبہ بلوچستان میں صرف 12 نئے مریض سامنے آئے لیکن ٹیسٹ بھی صرف 194 ہی کیے گئے۔

    صوبہ خیبرپختونخوا میں 196 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور تین ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔

    ادھر پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 19 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

  6. انگلینڈ کی ایک مسجد نے 250 افراد کو نماز جنازے میں شرکت کرنے کی اجازت دینے پر ’غلطی تسلیم کر لی‘

    کورونا وائرس

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    انگلینڈ میں شمال مشرقی ٹاؤن بلیکبرن کی ایک مسجد انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے پیر کے روز جنازے پر 250 افراد کو شریک ہونے کی اجازت دے کر غلطی کی۔

    اس وقت ملک میں جنازوں اور شادیوں پر 30 افراد کو مدعو کرنے کی اجازت ہے۔

    جامعہ غوثیہ مسجد کے چیئرمین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ لاک ڈاؤن کے بعد ان کی جانب سے پڑھایا جانے والا پہلا جنازہ تھا اور انھوں نے یہ سمجھ کر غلطی کی کہ اگر سماجی فاصلہ اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کیا جائے تو لوگوں کی تعداد جتنی بھی ہو اس سے فرق نہیں پڑتا۔

    مسجد انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ امام جنھوں نے یہ جنازہ پڑھایا تھا ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور انھوں نے جنازے میں شریک تمام افراد کو ای میل کر کے سات روز تک خود ساختہ تنہائی میں چلے جانے کی یا کورونا وائرس ٹیسٹ کروانے کی درخواست کی ہے۔

  7. بریکنگ, پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 27 نئے مریض، کُل 1915 صحتیاب

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہM A Jarral

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں محکمہ صحت کے فوکل پرسن برائے کووڈ 19 ڈاکٹر ندیم الرحمن کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 227 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 27 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ان کے مطابق خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 1915 ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں ایک ڈاکٹر اور تین پیرا میڈیکس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

    ڈاکٹر ندیم الرحمن کے مطابق 27 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اس خطے میں صحتیاب مریضوں کی تعداد 1201 ہوگئی ہے۔ اب تک اس خطے میں 22494 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

  8. جعلی سکریننگ سکینڈل سامنے آنے کے بعد بنگلہ دیش میں ٹیسٹنگ میں نمایاں کمی

    bangladesh

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بنگلہ دیش میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں جعلی سکریننگ سکینڈل سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس ٹیسٹ کروانے والے لوگوں کی تعداد میں تقریباً 50 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک ہسپتال کے مالک سمیت ایک درجن سے زیادہ افراد کو ہزاروں مریضوں کو ایسے جعلی سرٹیفیکیٹ دینے پر گرفتار کیا گیا جن پر بغیر ٹیسٹ کیے لکھا گیا تھا کہ آپ کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔

    جون کے اواخر میں ملک میں 18 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا رہے تھے تاہم گذشتہ دو ہفتوں سے یہ تعداد گر کر 10 ہزار کے لگ بھگ ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سکینڈل کے بعد عوام میں ٹیسٹنگ سے متعلق عدم اعتماد پایا جاتا ہے۔

    بنگلہ دیش میں اب تک دو لاکھ سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 2618 اس کے باعث ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

  9. کیا لازمی ماسک پہننے کے احکامات پر عملدرآمد کروایا جا سکے گا؟

  10. بولیویا میں پارٹی میں شرکت کرنے والے 50 نوجوان گرفتار

    virus

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جنوبی امریکہ کے ملک بولیویا میں پولیس نے 50 نوجوانوں کو شہر سانتا کروز میں ایک پارٹی میں شرکت کرنے پر گرفتار کر لیا ہے۔

    اس شہر میں ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ یہ پارٹی ایک گھر میں منعقد ہوئی اور اس کا انعقاد سوشل میڈیا کے ذریعے کروایا گیا تاکہ ان پر حکام کی توجہ نہ پڑے۔

    بولیویا میں اب تک 56 ہزار افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور ان میں عبوری وزیرِ اعظم جینین آنیز سمیت متعدد کابینہ ممبران بھی شامل ہیں۔

  11. پاکستان کی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں صفِ اول پر چار اہم خواتین

    YouTube پوسٹ نظرانداز کریں
    Google YouTube کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Google YouTube کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Google YouTube ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔ YouTube کے مواد میں اشتہارات ہو سکتے ہیں۔

    YouTube پوسٹ کا اختتام

    پاکستان میں حالات چاہے جیسے بھی ہو خواتین ہمیشہ سے اپنا کردار ادا کرنے میں پیش پیش رہیں ہے۔

    کورونا وائرس پھیلنے کے بعد بھی حکومتی اداروں میں کام کرنے والی خواتین صفِ اول میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

    مگر یہ خواتین صرف آج سے ہی نہیں بلکہ بہت عرصے سے مختلف شعبہ جات زندگی میں اپنا لوہا منوا چکی ہے۔

    ان کی زندگی کے اتار چڑھاو کے بارے میں مزید دیکھیے ہمارے نمائندے موسیٰ یاوری کی اس ویڈیو میں

  12. بریکنگ, بلوچستان میں صرف 194 ٹیسٹ، ایک ہلاکت

    بلوچستان

    ،تصویر کا ذریعہGovt. of Balochistan

    بلوچستان میں کورونا کے 12 نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 11436 ہو گئی ہے۔

    مزید ایک مریض کی ہلاکت کے باعث کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد 132 ہو گئی۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق 19 جولائی 2020 کو کورونا کے صرف 194 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 12 مثبت آئے۔

    بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 55669 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 44233 کے نتائج منفی آئے۔

    بلوچستان میں مجموعی طور پر 124124 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک 8688 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

  13. 130 دنوں میں پہلی مرتبہ آج کیوبا میں کوئی نئے مریض سامنے نہیں آئے

    corona

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    شمالی امریکہ کے ملک کیوبا نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چار ماہ اور دس دن کے بعد پہلی مرتبہ یہاں کورونا وائرس کا کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا۔

    ملک کی وزارتِ صحت میں شعبۃ وبائیات کے سربراہ فرانسسکو ڈوران نے کہا کہ ’میں ہمیشہ آپ کو کہتا ہوں کہ گھروں پر محفوظ رہیں لیکن مجھے معلوم ہے کہ آج میں سے بہت سارے افراد ساحلوں پر جائیں گے۔‘

    کیوبا کے عالمی وبا کے خلاف ردِ عمل کو ماہرین کی جانب سے سراہا گیا ہے۔

    ملک میں اب تک 2500 سے کم افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 87 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

  14. تین جنگوں میں شرکت کے بعد کورونا وائرس کی جنگ جیتنے والے 98 سالہ فضل رؤف

    YouTube پوسٹ نظرانداز کریں
    Google YouTube کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Google YouTube کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Google YouTube ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔ YouTube کے مواد میں اشتہارات ہو سکتے ہیں۔

    YouTube پوسٹ کا اختتام

    دوسری جنگِ عظیم میں برطانوی افواج، اور پھر 1965 اور 1971 کی جنگوں میں پاکستانی فوج کے لیے خدمات سر انجام دینے والے مولانا فضل رؤف نے ایک اور جنگ میں فتح حاصل کر لی، لیکن اس بار یہ جنگ ذاتی نوعیت کی تھی۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع چارسدہ کے گاؤں ترنگزئی سے تعلق رکھنے والے مولانا فضل رؤف حال ہی میں کووڈ 19 کے مرض میں مبتلا ہو گئے تھے اور ماہرین کی اس عمومی رائے کے باوجود کہ عمر رسیدہ افراد کو کورونا وائرس سے شدید خطرہ ہو سکتا ہے۔

    مولانا رؤف اس مرض کو شکست دے کر صحتیاب ہو گئے ہیں۔ مزید جانیے اس ویڈیو میں۔

  15. امریکی ریاست فلوریڈا میں 12 ہزار سے زیادہ نئے مریض

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی ریاست فلوریڈا میں مزید 12 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان تازہ ترین اعداد و شمار سے یہ پتا چلتا ہے کہ فلوریڈا میں لگاتار پانچویں روز 10 ہزار سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 89 افراد کورونا وائرس سے ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ نیچے دیے گئے گراف میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

    corona
  16. نائجیریا کے وزیرِ خارجہ میں کورونا وائرس کی تصدیق

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    افریقی ملک نائجیریا کے وزیرِ خارجہ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے۔ انھوں نے یہ اعلان اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے کیا۔

    نائجیریا میں اب تک 778 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 36107 اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

  17. کورونا وائرس: کووِڈ 19 کے علاج کے لیے ویکسین کب تک بن جائے گی؟

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اگرچہ دنیا بھر میں دو لاکھ سے زیادہ لوگ کووڈ 19 کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں مگر ابھی تک ایسی کوئی دوا سامنے نہیں آئی ہے جو اس بیماری کا علاج کرنے میں ڈاکٹروں کی مدد کر سکے۔

    تو فی الحال ہم کورونا وائرس کے علاج کی دوا کی تیاری سے کتنا دور ہیں؟

  18. بریکنگ, کورونا وائرس: صوبہ سندھ میں 889 نئے مریض، مزید 19 اموات

    Sindh

    پاکستان کے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے باعث گذشتہ 24 گھنٹوں میں 19 اموات ہوئیں اور 889 نئے مریض سامنے آئے۔

    صوبہ سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گذشتہ روز 7977 ٹیسٹ کیے گئے۔

    اب تک صوبے میں اموات کی کل تعداد 1993 ہو چکی ہے جبکہ 113007 افراد اس وائرس سے متاثر بھی ہوئے ہیں۔

    اب تک صوبے میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 92037 ہو چکی ہے۔

  19. صدر حسن روحانی کے بیان پر ایرانی وزراتِ صحت کی وضاحت

    iran

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    اتوار کو ایران میں صحت کے حکام نے صدر کی جانب سے کیے گئے اس دعوے کی اہمیت کو کم کیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ایران میں اب تک ڈھائی کروڑ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

    حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار خون کے سیرولوجیکل ٹیسٹس کی بنیاد پر کیے گئے تھے اور یہ ٹیسٹ اس وائرس سے ایکسپوژر کے بارے میں بتاتا ہے لیکن اس کے ذریعے بیماری کی موجودہ صورتحال کے بارے میں نہیں بتایا جا سکتا۔

    حسن روحانی کی جانب سے بتائے گئے اعداد و شمار ملک کی کل آبادی کا ایک تہائی ہے اور سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

    ملک کی وزارتِ صحت کی جانب سے سامنے آنے والے بیان میں ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ یہ اعداد و شمار وزارت میں ایک ڈپٹی کی جانب سے جاری کیے گئے تھے۔

    ’سیرولوجیکل ٹیسٹ کی بنیاد پر بیماری کی موجودہ صورتحال کے بارے میں اندازہ لگانا ممکن نہیں ہے۔‘

    سیرولوجیکل ٹیسٹ کے ذریعے یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ آیا ایک شخص اس بیماری سے متاثر ہوا ہے یا نہیں اور ایسا اس شخص میں اینٹی باڈی ردِ عمل دیکھ کر کیا جاتا ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران مختلف ممالک نے انفیکشن کی شرح جانچنے کے لیے ان ٹیسٹس کا سہارا لیا ہے۔

    سرکاری خبررساں ویب سائٹ آئی آر آئی این این سے بات کرتے ہوئے حکومت کی سائنسی کمیٹی برائے کورونا وائرس ٹاسک فورس کے سربراہ مصطفیٰ قنی نے کہا کہ سیرولوجیکل ٹیسٹس صرف یہ بتا سکتے ہیں کہ آیا لوگ ماضی میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے یا نہیں جبکہ پی سی آر ٹیسٹ جو گلے سے نمونے لے کر کیے جاتے ہیں ان کے ذریعے کورونا وائرس کی تشخیص ہوتی ہے۔

    مشرقِ وسطیٰ میں ایران کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے اور یہاں لگائی گئی پابندیوں کو اپریل کے وسط سے نرم کردیا گیا تھا۔

    تاہم پھر بھی صدر حسن روحانی کی جانب سے دیے گئے اعداد و شمار سے متعدد ایرانی حیران ہوئے ہیں۔

    اس کے ردِ عمل میں ترکی نے ایران کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں اور ایرانی پارلیمان کے ڈپٹی علی رضا سلیمی نے حکومت سے کورونا وائرس کیسز کا ایک سرکاری نمبر وضع کرنے کی درخواست کی ہے۔