بریکنگ, پاکستان میں کورونا کے مزید 65 مریض ہلاک
پاکستان میں کورونا وائرس کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 65 مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5123 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے سنیچر کو جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جمعے کو ملک میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے 23,569 ٹیسٹ کیے گئے۔
10 جولائی کو کورونا کے مزید 2752 کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی طور پر فعال مریضوں کی تعداد 88,094 ہو گئی ہے۔
مختلف ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر پر موجود مریضوں کی تعداد 394 بتائی گئی ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور بلوچستان میں کوئی بھی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔
صوبہ سندھ میں جمعے کو مزید 32 افراد ہلاک ہوئے۔ صوبہ پنجاب میں 13، صوبہ خیبر پختونخوا میں 11، گلگت بلتستان میں دو جبکہ دارالحکومت اسلام آباد، بلوچستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں میں ایک، ایک مریض کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک کے 733 ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے کل 4,254 مریض موجود ہیں۔
















