ٹرمپ نے آخر کار پبلک میں ماسک پہن ہی لیا!

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد عوامی سطح پر پہلی بار ماسک پہنا ہے۔
وہ والٹر ریڈ ملٹری ہسپتال کا دورہ کر رہے تھے جو واشنگٹن کے باہر ہے۔ وہاں وہ زخمی سپاہیوں اور صحت کے شعبے سے منسلک اہلکاروں سے ملے۔
وائٹ ہاؤس سے نکلتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں کبھی بھی ماسک کے خلاف نہیں رہا مگر میں سمجھتا ہوں کہ اس کا وقت اور جگہ ہوتی ہے۔
اس سے پہلے انھوں نے اپنے ڈیموکریٹک حریف جوبائیڈن کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ماسک نہیں پہنیں گے۔
لیکن پھر سنیچر کو انھوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ جب آپ ہسپتال میں ہوں اور کسی خاص جگہ پر جہاں آپ بہت سے سپاہیوں اور لوگوں سے مل رہے ہوں، چند صورتحال میں، میرا خیال ہے ماسک پہننا اچھی بات ہے۔









