آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا: دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 89 لاکھ سے زیادہ

دنیا بھر میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 89 لاکھ سے زائد جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ 67 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ جبکہ اموات کی کُل تعداد 3587 ہے۔ برازیل، میکسیکو اور انڈیا کے بعد پاکستان ایسا ملک ہے جہاں اموات اور متاثرین کی تعداد کی شرح میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان متاثرین کی عالمی فہرست میں 14ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. برازیل میں اموات 50 ہزار سے تجاوز کر گئیں

    برازیل کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے 50 ہزار سے زائد اموات ہو گئی ہیں جبکہ اس وقت برازیل میں کل متاثرین کی تعداد دس لاکھ کے قریب ہے۔

    امریکہ کے بعد برازیل دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے جو کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

    برازیل کے صدر لاک ڈاؤن کی مخالفت کرتے آئے ہیں جبکہ ملک کے اندر کچھ ریاستوں میں مقامی گورنرز نے اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جیسے اقدامات اٹھائے ہیں۔

  2. پاکستان: مصدقہ متاثرین کی یومیہ تعداد میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی

    پاکستان میں گذشتہ تین دنوں کے دوران نئے متاثرین کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر کمی دیکھی جا رہی ہے۔

    16 جون کو سامنے آنے والے نئے مصدقہ متاثرین کی تعداد 5839 تھی، 17 جون کو 5358 جبکہ گذشتہ روز نئے متاثرین کی مجموعی تعداد 4944 رہی ہے۔

    پاکستان میں یومیہ بنیادوں پر پانچ ہزار سے زائد متاثرین سامنے آنے کا سلسلہ نو جون سے شروع ہوا تھا۔

    نو جون کو پاکستان میں 5385 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، 10 جون کو 5834، 11 جون کو 6397، 12 جون کو 6472، 13 جون کو 6825، 14 جون کو 5248 جبکہ 15 جون کو سامنے آنے والے مصدقہ متاثرین کی کُل تعداد 4443 تھی۔

  3. کیا پاکستان میں دستیاب وینٹیلیٹرز کے سرکاری اعداد و شمار درست ہیں؟

  4. پاکستان: گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4944 نئے متاثرین، 136 ہلاکتیں

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4944 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد پاکستان میں مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

    اسی دورانیے میں مزید 136 کورونا مریض ہلاک بھی ہوئے اور اب پاکستان میں وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد 3229 ہو گئی ہے۔

    متاثرین کی بات کی جائے تو 62269 متاثرین کے ساتھ صوبہ سندھ سرفہرست ہے جبکہ 1265 ہلاکتوں کے ساتھ پنجاب بدستور سب سے آگے ہے۔

    اب تک ملک میں مجموعی طور پر دس لاکھ 11 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    اب تک 59711 افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  5. کورونا وائرس کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوالات پر وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر فہیم یونس کی رائے

    کورونا کو لے کر ہم سب کے ذہن میں بہت سے سوالات ہیں۔ خاص طور پر پاکستان میں ٹائیفائیڈ اور کورونا کے بیچ تشخیص کرنے کے حولے سے کیا اقدام لیے جانے چاہییں؟

    ایسے ہی کئی سوال ہم نے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر فہیم یونس سے پوچھے۔ ان کے جواب جاننے کے لیے محمد ابراہیم کی یہ ویڈیو ملاحظہ کریں۔۔۔

  6. کورونا وائرس: پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا طبی عملے کو مریضوں میں اضافے کے لیے تیار رہنے کا حکم

    پشاور کے سب سے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ ہسپتال نے اپنے افسران سے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں کورونا وائرس کے مریضوں میں بے پناہ اضافہ ہو سکتا ہے اس لیے تمام میڈیکل سٹاف کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا جائے اور انھیں کسی بھی وقت مختصر نوٹس پرڈیوٹی کے لیے طلب کیا جا سکتا ہے۔

    یہ خط لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر کی جانب سے تمام ڈویژنل چیفز کو لکھا گیا ہے۔

    اس خط میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں کورونا وائرس کے مریضوں میں بے پناہ اضافے کا خدشہ ہے اور اس کے لیے ہسپتال میں کام کرنے والے افراد کی ضرورت ہوگی۔

    اس خط میں متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ شعبہ جات میں تمام میڈیکل سٹاف کو جس میں کنسلٹینٹس، درمیانی درجے اور جونیئر ڈاکٹرز شامل ہیں انھیں ایمر جنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا جائے۔

    اس خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے آئندہ دنوں میں ان مریضوں میں بے پناہ اضافے کا خدشہ ہے اس لیے میڈیکل سٹاف کو کسی بھی وقت مختصر نوٹس پر ڈیوٹی کے لیے طلب کیا جا سکتا ہے۔

    اس خط میں مذید کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سٹاف کی ڈیوٹیاں ضرورت کے مطابق ترتیب دے دیں تاکہ اس وبا اور ایمرجنسی کی صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔

    محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ اس وقت یہی صورتحال دیگر ہسپتالوں میں بھی پائی جاتی ہے ۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں میڈیکل سٹاف کی ڈیوٹیاں کورونا وائرس کے شروع کے دنوں میں جو ترتیب دی گئی تھیں وہ اب تک جاری تھیں اس لیے اب اس میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

    زرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت بڑے ہسپتالوں میں میڈیکل سٹاف کی ڈیوٹیوں کا مسئلہ پایا جاتا ہے جسے ہسپتال کی انتظامیہ سمجھانے کی کوششیں کر رہی ہے۔

    خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ روز جاری کیے گئے اعدا دو شمار کے مطابق صوبے میں 24 گھنٹوں میں 18 اموات ہوئئ ہیں جبکہ کل 773 افراد کورونا وائرس سے وفات پا چکے ہیں۔

    صوبے میں کورونا وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 20182 تک پہنچ چکی ہے۔ خیبر پختونخوا کے مشیر تعلیم اجمل وزیر نے آج میڈیا سے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا مریضوں کے لیے جدید طبی سہولیات سے آراستہ مزید 176 بستروں کا انتظام کیا ہے جس سے کورونا وائرس سے متاثر شدید بیمار مریضوں کو سہولت میسر آئے گی۔

    گذشتہ 10 دنوں کے دوران صوبے کی مختلف ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لیے 32 آئی سی یو جبکہ 144 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بیڈز کا اضافہ کیا گیا۔ ہسپتال زرائع نے بتایا کہ چونکہ آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بیڈز میں اضافہ کر دیا گیا ہے اس لیے بھی انھیں سٹاف کی زیادہ ضرورت ہے جہاں مریضوں کا خیال رکھا جا سکے۔

  7. سہیل وڑائچ کو کورونا وائرس کیسے لگا؟

    مشہور صحافی سہیل وڑائچ میں چند دن پہلے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ان کے مطابق ان کو یہ بیماری کیسے لگی؟

    ٹیسٹ کے مثبت نتائج آنے کے بعد قرنطینہ کے دنوں میں ان کی مصروفیات کیا ہیں؟ اور وہ اس بیماری کا مقابلہ کیسے کر رہے ہیں؟ سنتے ہیں ان کی زبانی اس وی لاگ میں۔

  8. عالمی ادارۂ صحت نے ہائیڈروکسی کلوروکوین پر تحقیق روک دی

    عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ اس نے ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوین کے کورونا وائرس کے ممکنہ علاج کے استعمال کے لیے اس پر کی جانے والی تحقیق روک دی ہے۔

    اقوامِ متحدہ کی صحت کی ایجنسی نے کہا کہ حالیہ نتائج سے سامنے آیا ہے کہ ہائیڈروکسی کلوروکوین کی وجہ سے ہسپتالوں میں موجود کووڈ۔19 کے مریضوں کی شرح اموات میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے۔‘

    ہائیڈروکسی کلوروکوین میں، بڑے پیمانے پر کورنا وائرس کے خلاف ایک احتیاطی اقدام اور اس کے مریضوں کے علاج کے لیے، دلچسپی لی جا رہی تھی۔ اس سے کافی عرصہ سے ملیریا، لیوپس اور ہڈیوں کی بیماریوں کا علاج کیا جاتا رہا ہے، لیکن کورونا وائرس کے علاج کے لیے اس کے استعمال کی کوئی شہادت نہیں ہے۔

    پوری دنیا میں اس کے ٹرائل اس وقت رک گئے تھے جب ایک معروف طبی جریدے لانسٹ میں چھپنے والی تحقیق میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ اس دوا کے استعمال کی وجہ سے کچھ مریضوں کی اموات ہوئی ہیں اور کچھ کو دل کا مرض لاحق ہوا ہے۔

    ان نتائج کی وجہ سے عالمی ادارۂ صحت نے حفاظتی خدشات کی بنا پر ٹرائلز روک دیے تھے۔ لانسٹ کو جب پتہ چلا کہ اس تحقیق میں کافی خامیاں ہیں تو اس نے وہ تحقیق واپس لے لی۔ اس کے بعد عالمی ادارۂ صحت اس دوا پر دوبارہ تحقیق شروع کی، لیکن اس ہفتے وہ بھی ختم کر دی گئی۔

  9. پاکستان کے زیر انتظام کشمیرضلع مظفرآباد کے بعد ضلع بھمبر میں 15 روز کے لیے مکمل لاک ڈوان

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ضلع مظفرآباد کے بعد ضلع بھمبر میں بھی کورونا کے پھیلاو کو مزید روکنے کی خاطر 15 روز کے لیے مکمل لاک ڈوان لگا دیا جبکہ ضلع مظفرآباد میں لاک ڈوان میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کمشنر میرپور محمد رقیب خان کے مطابق ضلع بھمبر میں کورونا وائرس کی مریضوں میں اضافے کے باعث اسے روکنے کے لیے ضلع بھر میں 19 جون سے 2 جولائی تک مکمل لاک ڈاون کیا گیا ہے. محمد رقیب خان کے مطابق ضلع بھمبر میں لاک ڈاون کے دارون اس خطے کے دیگر اضلاع سمیت پاکستان سے آنے والی کسی بھی فرد یا گاڑی کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی. ان کے مطابق ضلع بھمبر سے ملحقہ صوبہ پنجاب کے شہروں سے روزگار کے سلسلے میں آنے ہر قسم کے افراد پر پابندی عائد کی گی ہے. ان کے مطابق ضلع بھر میں تمام تعمیراتی کام اور نقل و حرکت پر پابندی رہی گی. محمد رقیب خان کے مطابق لاک ڈاون کے دوران ہفتہ بھر میڈیکل اسٹورز کے علاوہ بیکری، سبزی، دودھ و دہی، گوشت، مرغی، مچھلی اور تنددور کی دکانیں صبح پانچ سے شام چھ بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ ایل پی جی کی دکانات ہفتے میں پانچ ایام ماسوائے منگل اور جمعہ کے کھلی رہیں گی. ان کے مطابق تمام تاجری برادری اور گھروں سے باہر نکلنے والوں چاہے کہ وہ محکمہ صحت کی جانب سے طہ شدی ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں بصورت دیگر قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی . یاد رہے ضلع بھمبر میں اب تک 34 خواتین سمیت 84 افراد متاثر ہوئے ہیں . دوسری جانب ضلع مظفرآباد کے ڈپٹی کمشنر بدر منیر کے مطابق دارالحکومت سمیت دیگر مضافاتی علاقوں کورونا کے کیسز بڑھنے کی بنیاد پر ضلع مظفرآباد میں آج ختم ہونے والے لاک ڈاون کو 25 جون تک ایک ہفتے کے لیے لاک ڈاون لگایا گیا ہے. ان کے مطابق لاک ڈاون میں مزید سختی کرتے ہوئے دارالحکومت کو پاکستان کے دیگر علاقوں سے ملانے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے جبکہ میڈیکل اسٹورز اور بیکریز کے علاوہ دیگر روزمرہ ضرورت کی دکانات ہفتے میں دو دن کھولنے کی اجازت دی گی ہے.یاد رہے ضلع مظفرآباد میں اب تک 162 خواتین سمیت 347 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جو اس خطے میں کسی بھی ضلع میں سب سے بڑی تعددا ہے.

  10. امریکہ: جس شیرف نے لاک ڈاؤن لگانے سے انکار کیا اسے بھی کورونا ہو گیا

    امریکی ریاست ایریزونا کے اس شیرف میں، جس نے ریاست کے گورنر کے لاک ڈاؤن لگانے کے حکم کو ماننے سے انکار کیا تھا، کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    پائنل کاؤنٹی شیرف مارک لیمب نے ایریزونا ریپبلک کو مئی کے اوائل میں بتایا تھا کہ انفیکشنز کی تعداد گورنر ڈاگ ڈوسے کے اعمال کا جواز پیش نہیں کرتی ہے۔ گورنر نے گھروں پہ رہنے کے حکم میں مئی کے وسط تک توسیع کر دی تھی۔

    بدھ کو لیمب نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب میں شرکت سے پہلے ان کی سکریننگ کی گئی جس میں ان کا کووڈ۔19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    شیرف کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں ان کو اختتام ہفتہ کو انفیکشن لگی، کیونکہ بطور ایک قانون نافذ کرنے والے کے ان کو یہ سہولت حاصل نہیں ہے کہ گھر پر بیٹھیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ دو ہفتے خود کو قرنطینہ میں رکھیں گے۔

    ایریزونا امریکہ کی ان دس ریاستوں میں شامل ہے جہاں نئی انفیکشنز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

  11. بریکنگ, پنجاب میں کورونا کے 1540 نئے کیسز

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے 1540 نئے کیسزسامنے آنے کے بعد صوبے میں اب تک کے کل متاثرین کی تعداد 61678 ہو گئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 63 افراد کی ہلاکت کے بعد صوبے میں مجموعی ہلاکتیں 1265 ہو چکی ہیں۔

    محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں 17892 افراد اس وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  12. گلگت بلتستان میں 12 نئے مریض, صحافی محمد زبیر خان

    محکمہ صحت گلگت بلستان کے مطابق 12 نئے مریضوں کے ساتھ گلگت بلستان میں مجموعی متاثرین کی تعداد 1225 ہوگئی ہے۔

    خطے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18 ہے جبکہ 26 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت مند مریضوں کی تعداد 794ہوگئی ہے جبکہ اس وقت 413 مریض زیر علاج ہیں۔

    محکمہ صحت گلگت بلستان کے مطابق اس وقت تک ہلاک ہونے والے مریضوں کی شرح تقریبا 1.50 ہے جبکہ صحت مند ہونے کی شرح 65 فیصد تقریبا ہے۔

    اس وقت وادی ہنزہ میں 112 مریض، گلگت میں 78،سکردو میں 71 مریض زیر علاج ہیں۔

    گلگت بلستان کے یہ تینوں اضلاع ہی سب سے زیادہ متاثرہ ہیں جبکہ گلگت بلستان کے چودہ اضلاع میں سے دس اضلاع متاثر ہیں۔

  13. ویکسین پہلے کس کو ملے گی؟, فلپا راکسبی، بی بی سی نیوز

    کورونا وائرس کی ویکسین آنے میں ابھی کچھ وقت لگے گا لیکن برطانیہ کے وزیرِ صحت پہلے ہی یہ سوچ رہے ہیں کہ سب سے پہلے یہ کس کو دی جائے گی۔

    یہ ویکسین بوڑھے لوگوں اور جن لوگوں کو صحت کے مسائل ہیں پہلے دینے کی بات تو سمجھ آتی ، کیونکہ انھیں کووڈ۔19 سے بیمار ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ ہے۔

    کیا سیاہ فام، ایشیائی اور نسلی اقلیت سے تعلق رکھنے والے بھی ویکسین پہلے لینے والوں کی فہرست میں ہوں گے؟ یقیناً حکومت اس کے متعلق بھی سوچ رہی ہو گی۔

    دریں اثنا، آکسفورڈ ریسرچرز کی بنائی ہوئی ویکسین کو پہلے ہی انسانوں پر ٹیسٹ کیا جا رہا ہے اور دنیا بھر میں بہت سی دوسری ویکسین بھی تیاری کے مختلف مرحلوں میں ہیں۔

    جو بات یقینی ہے وہ یہ ہے کہ ہر ایک کو اس نئے وائرس سے بچانے کے لیے ایک سے زیادہ ویکسین کی ضرورت ہے۔

  14. فلموں کی واپسی، فلم بینوں کے لیے اچھی خبر

    کورونا وائرس کی وجہ سے اینٹرٹینمنٹ کی صنعت کو بڑا زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ اہم فلمیں بنانے والوں نے یا تو پروڈکشن ہی روک دی یا ریلیز میں تاخیر کر دی۔

    ملان، فاسٹ اینڈ فیوریئس 9، اے کوائٹ پلیس 2 اور جیمز بانڈ کی تازہ ترین فلم نو ٹائم ٹو ڈائی کی ریلیز میں تاخیر کر دی گئی، جبکہ مشن امپوسسیبل سیریز کی تازہ ترین فلم کی فلمبندی جو اٹلی میں ہونا تھی فروری سے رکی ہوئی ہے۔

    لیکن اب کچھ بڑی پروڈکشن کمپنیاں سماجی دوری کے مختلف طریقے اپناتے ہوئے پروڈکشن شروع کر رہی ہیں۔

  15. بلوچستان میں کورونا کے 204 نئے کیسز

    بلوچستان میں کورونا کے 204 نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 8998 ہوگئی ہے کورونا سے مزید 6 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد 99 ہوگئی ہے۔

    ہلاک ہونے والوں میں سے چار افراد کا تعلق کوئٹہ جبکہ دیگر دو افراد میں سے ایک کا تعلق لورالائی اور ایک کا تعلق نوشکی سے تھا جن کی عمریں 44 سے 70 سال کے درمیان تھیں۔

    ہلاک ہونے والوں میں دوخواتین بھی شامل تھیں۔ محکمہ صحت حکومت بلوچستان ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق 18جون 2020 کو کورونا کے857 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 204 پازیٹو آئے۔

    بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 40966 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 31968 کے نتائج منفی آئے۔

    بلوچستان میں مجموعی طوپر پر89729 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک 3140 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔

  16. کورونا وائرس: جہازوں سے الکوہل غائب ہونا شروع ہو گئی

    دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دوران سفر پیش کی جانے والی الکوہل کو کم کرنا یا بالکل ختم کرنا شروع کر دیا ہے۔

    وائرس کے پھیلنے کا ایک طریقہ آلودہ جگہوں سے رابطے کے پوائنٹ سے ہوتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ سٹرا، کپوں، اور مشروبات کی بوتلوں یا ڈبوں سے پھیل سکتا ہے۔

    امریکہ میں ڈیلٹا ایئر لائن صرف بوتل بند پانی پیش کر رہی ہے۔ امریکی فضائی کمپنیاں صرف بین الاقوامی پروازوں پر الکوہل پیش کر رہی ہیں۔

    ورجن اٹلانٹک اور ورجن آسٹریلیا فی الحال الکوہل پیش نہیں کر رہیں، اور نہ ہی کے ایل ایم، برٹش ایئر ویز اور ایزی جیٹ وغیرہ۔

  17. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 29 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 9 خواتین سمیت 29 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 769 ہوگی ہے۔

    ضلع باغ کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر منظور کے مطابق باغ کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج کورونا کی ایک خاتون سمیت دو مریض ہلاک ہوگے ہیں جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 15 ہوگی ہے۔

    حکام کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں 5 پیرا میڈیکل اسٹاف اور 2 اسٹاف نرس بھی شامل ہیں۔

    ضلع مظفرآباد کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید کے مطابق وائرس سے متاثر ہونے والی 6 خواتین سمیت 13 افراد کا تعلق مظفرآباد سے ہے جبکہ دو افراد کا وادی نیلم سے ہے۔

    ضلع ہٹیاں کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نعمان بٹ کے مطابق وائرس سے متاثر ہونے والی ایک خاتون سمیت 5 افراد کا تعلق ہٹیاں سے ہے۔

    میرپور کے کمشنر محمد رقیب خان کے مطابق کوٹلی میں 2 خواتین سمیت 5 افراد کا تعلق کوٹلی سے ہے۔

    ڈپٹی کمشنر راولاکوٹ مرزا ارشد جرال کے مطابق ایک خاتون سمیت 3 افراد کا تعلق راولاکوٹ جبکہ ایک کا تعلق باغ سے ہے۔

    حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 10 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اس خطے میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 312 ہوگی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک اس خطے میں 12581 مشتبہ افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے گے ہیں

  18. بریکنگ, خیبر پختونخوا میں 569 نئے کیسز، 18 اموات

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں آج مزید 569 سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 20182 ہو گئی ہے۔

    اس دوران مزید 18 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ان تازہ ہلاکتوں کے بعد مجموعی ہلاکتیں 773 ہوچکی ہیں۔

    صوبے میں 5441 افراد اس مرض سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  19. سول ڈیفنس ہری پور کے رضاکاروں کی شہریوں سے اپیل

    سول ڈیفنس ہری پور کے رضاکار شہریوں کو کورونا وبا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔

    عوامی مقامات پر بغیر ماسک پہنے افراد کو مفت ماسک دیے گئے اورسماجی فاصلوں اور ماسک کی اہمیت سے متعلق آگاہی بھی دی گئی۔

  20. میکران کو برطانیہ میں ’سماجی دوری‘ والا خوش آمدید

    فرانسیسی صدر ایمینوئل میکران 1940 کے نازی حملے کے بعد فرانس کے جنگی لیڈر چارلز ڈی گال کی بی بی سی سے فرانسیسیوں کے لیے براڈکاسٹ کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر برطانیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔

    پرنس آف ویلز اور ڈچز آف ویلز نے لندن میں اپنے سرکاری گھر، کیلرنس ہاؤس، میں فرانسیسی صدر کا خیر مقدم کیا۔ تینوں نے ہی ایک دوسرے سے سماجی دوری کی ہدایات کے مطابق فاصلہ رکھا ہوا تھا اور ایک دوسرے کو نمستے کی طرز پر خوش آمدید کہا۔