کورونا وائرس کے دوران پابندیوں میں رہنے والی ’لاک ڈاؤن جینریشن‘ کئی دہائیوں تک متاثر رہ سکتی ہے
دنیا میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 56 لاکھ 18 ہزار سے زیادہ جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے۔ کراچی کے این آئی بی ڈی میں جمعرات سے کورونا اینٹی باڈی ٹیسٹنگ کا آغاز متوقع ہے جبکہ پنجاب میں عید کے بعد کاروبار صرف پیر تا جمعرات کھلیں گے۔
لائیو کوریج
وسطی امریکہ میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک کون سا ہے؟
،تصویر کا ذریعہEPA
اگر ہم وسطی امریکہ کے سات ممالک کا جائزہ لیں تو خطے کا امیر ترین ملک پاناما کل متاثرین، اموات، اور اموات فی دس لاکھ آبادی، سبھی پیمانوں میں سب سے زیادہ متاثرہ ہے۔
اموات کی تعداد فی دس لاکھ آبادی
پاناما 73
ہانڈوراس 19
ایلساواڈور 6
بلیز 5
نکوراگوا 5
گواتامالا 4
کوسٹا ریکا 2
اگرچہ ان ممالک میں ہلاکتوں کی تعداد قدرے کم ہے، تاہم ان ممالک پر اس وبا کا شدید اثر پڑا ہے۔ لاک ّاؤن اور کرفیو بیشتر علاقوں میں لگائے گئے ہیں اور بیرونِ ملک سے آنے والی رقوم میں زبردست کمی دیکھی گئی ہے۔
جنوبی امریکہ میں سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کون سے ہیں؟
،تصویر کا ذریعہAFP
مصدقہ متاثرین اور اموات کی تعداد کے لحاظ سے برازیل جنوبی امریکہ میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
مگر اگر اموات کی تعداد فی دس لاکھ آبادی کا شمار کیا جائے تو ایکواڈور سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
اموات کی تعداد فی دس لاکھ آبادی
ایکواڈور 182
برازیل 116
پیرو 115
چلی 42
بولیویا 22
کولمبیا 15
گایانہ 14
آرجنٹینا 11
یوراگوئے 6
فرانسیسی گائیانا 3
یہ اعداد و شمار ورلڈ و میٹرز نے مرتب کیے ہیں جو کہ حکومتوں کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار جمع کرتے ہیں۔
یہاں پر ایک اہم بات یہ ہے کہ ہیومن رائٹس واچ اور امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ وینزویلا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار بہت کم ہیں اور قابلِ اعتبار نہیں ہیں۔
کیا دواؤں کے مجموعے سے کورونا وائرس کا علاج ممکن ہے؟, ڈاکٹر جان رائٹ، بریڈفورڈ رائل انفرمری
،تصویر کا ذریعہAFP
گذشتہ ہفتے بریڈفورڈ رائل انفرمری میں ہم نے برطانیہ میں پہلے مریض کو ایک چھوٹے سے ٹرائل کے لیے منتخب کیا تاکہ اس بات کی جانچ کی جا سکے کہ آیا ایسٹرا زینیکا کی تیار کردہ نئی دوا محفوظ اور مؤثر ہے یا نہیں۔
یہ متعدد چھوٹے چھوٹے ٹرائلز میں سے ایک ہے جسے مشترکہ طور پر ایکورڈ ٹرائل کہا جا رہا ہے اور اس کے تحت ریکوری ٹرائل میں مزید ادویات کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
امید ہے کہ ایسٹرا زینیکا کی یہ دوا جس کا ابھی تک کوئی نام نہیں ہے اس سے مریضوں کے ایک چھوٹے سے گروپ میں مدافعتی نظام کی سرگرمی کو ایک خطرناک حد سے تجاوز کرنے سے روکنے میں مدد ملے گی جس کے تحت جسم صدمے کی حالت میں چلا جاتا ہے اور پھیپھڑوں، دل، خون کی نالیوں اور گردوں جیسے اہم اعضا کو بند کرنے کا سبب ہوتا ہے۔
اس انتہائی ردعمل یا اوور ری ایکشن کو طبی اصطلاح میں 'سائٹوکائن سٹورم' کہا جاتا ہے۔ سائٹوکائنز ایسے مالیکیولز ہیں جو انفیکشن کی موجودگی کو ظاہر کرتے ہیں تاکہ جسم کا مدافعتی نظام اس سے لڑنے کے لیے اٹھ کھڑا ہو۔ یہ نئی دوا آئی ایل 33 (یا انٹرلیوکن-33) نامی سائٹوکائن کو روک دیتی ہے۔
انڈیا: اندرون ملک پروازوں کی بحالی کے بعد مسافر کا کورونا ٹیسٹ مثبت
،تصویر کا ذریعہAFP
انڈیا کا ایک مسافر جو کہ ایک اندرونِ پرواز سے جنوبی شہر کمباتور گیا تھا، کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
دو ماہ کے بعد انڈیا میں اندرون ملک پروازوں کی بحالی کے بعد وہ سفر کرنے والے پہلے مسافروں میں سے ایک تھے۔
انڈیگو ایئر لائنز کی مذکورہ پرواز کے عملے کو دو ہفتوں کے لیے فضائی سفر سے روک دیا گیا ہے اور ایئر لائن دیگر مسافروں کو بھی مطلع کر رہی ہے۔ ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص سمیت تمام دیگر مسافر ماسک، دستانے اور فیس شیلڈ پہننے ہوئے تھے۔
انڈیا میں وزیرِ ہوا بازی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پیر اور منگل کے روز 41000 افراد نے ملک میں فضائی سفر کیا۔
تاہم پیر کے روز کچھ پروازوں کے آخری لمحے پر منسوخ ہونے کے بعد ہوائی اڈوں پر لمبی قطاریں اور افراتفری مچی ہوئی تھی۔
انڈیا میں اس وقت 140,000 سے زیادہ تصدیق شدہ متاثرین ہیں جبکہ 4,167 سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔
میرپور ڈویژن: ہلاک ہونے والے شخص میں کورونا کی تشخیص, ایم اے جرال، صحافی
،تصویر کا ذریعہMA Jarral
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے میرپور ڈویژن کے کمشنر محمد رقیب خان کے مطابق ایک روز قبل یہاں ہلاک ہونے والے ایک شخص کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چار ہوگی ہے جس میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
اُن کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی اہلیہ کورونا وائرس سے متاثر تھیں۔ اس بنا پر ان کے ساتھ ان کے گھر کے دیگر افراد کو مشتبہ متاثرین کی فہرست میں شامل کر کے ان کے ٹیسٹ کیے گئے۔ کمشنر کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص دل کے عارضے میں بھی مبتلا تھا۔
دوسری جانب حکام کے مطابق اس خطے میں مزید تین افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد یہاں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 214 ہے۔
حکام کے مطابق اس خطے میں 5379 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لیے گے ہیں جن میں 62 کے نتائج آنے باقی ہیں۔
آسٹریلیا میں 30 سالہ نوجوان کی کورونا سے ہلاکت، ’علامات کے باوجود ٹیسٹ نہیں کیا گیا‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
آسٹریلیا میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں میں سب کم عمر ترین شخص کی ہلاکت بدھ کے روز ہوئی ہے جو ایک 30 سالہ مرد تھا۔ مذکورہ شخص کو صحت کے دیگر مسائل کا سامنا بھی تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس شخص میں کئی ہفتوں سے کورونا وائرس کی علامات تھیں تاہم اس کا ٹیسٹ نہیں کیا گیا تھا۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا میں 7100 کیسز میں سے 103 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس شخص اور روبی پرنسز کروز شپ کے درمیان ممکنہ تعلق تلاش رہے ہیں۔ یہ کروز شپ مارچ میں سڈنی کے ساحل پر آ کھڑی ہویی تھی اور آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ بنی۔
اس شخص کی مدد کرنے والے طبی عملے اور پولیس حکام کو اب آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
احساس پروگرام: مرحوم افراد کے خاندانوں کو ادائیگی کی پالیسی وضع کی جائے گی
وزیر اعظم کی معاون خصوصی اور احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی سربراہ ثانیہ نشتر نے ٹوئٹر پر ایک صارف کی شکایت پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد جن کے خاندان کا کوئی شخص وفات پا چکا ہے اور ان کے نام احساس پروگرام کے لیے اہلیت کے پیغامات موصول ہوئے ہیں تو ایسے افراد اور خاندانوں کو ادائیگیوں کے حوالے سے اگلے ہفتے کے آغاز میں طریقہ کار وضع کر دیا جائے گا۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
400 میل کا ایک سفر برطانوی وزیر اعظم کے لیے مصیبت کیوں بنا؟
برازیل میں یومیہ ہلاکتوں کی ریکارڈ تعداد, مسلسل پانچ دن سے دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں برازیل میں ہی ہو رہی ہیں
،تصویر کا ذریعہAFP
منگل کے روز برازیل میں کووڈ 19 کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1039 تھی۔ یہ مسلسل پانچواں دن ہے جب دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں برازیل میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
لاطینی امریکہ کا ملک برازیل اس وقت کورونا وائرس کی عالمی وبا کا مرکز بن چکا ہے۔ اب تک مجموعی طور پر اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے مگر برازیل کے یومیہ متاثرین کی تعداد امریکہ سے بڑھ چکی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ کی کمی کا مطلب ہے کہ ملک میں متاثرین کی حقیق تعداد اس سے بھی کہیں زیادہ ہے۔
برازیل کے صدر ہائر بولسنارو نے وائرس کے حوالے سے خطرات کو قدرے کم اہمیت دی ہے۔ انھوں نے لاک ڈاؤن کی بھی مخالفت کی ہے اور ان کہنا ہے کہ لاک ڈاون معاشی نقصان بہت زیادہ ہوگا۔
ہانگ کانگ میں سکول کھلنے لگے
،تصویر کا ذریعہAFP
ہانگ کانگ میں آج سے کچھ جماعتوں کے لیے سرکاری سکول دوبارہ کھل رہے ہیں۔
بدھ کی صبح ہانگ کانگ کے کئی سو سکینڈری سکولوں میں جنوری کے بعد پہلی کلاسز کا آغاز ہوا۔ ابھی تک صرف بڑی جماعتوں کے طلبا کو واپس آنے کی اجازت ملی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ پرائمری سکولوں میں کلاسز آنے والے ہفتوں میں شروع کر دی جائیں گی۔
بینالاقوامی طالب علموں کی پہلے سے ہی کلاسز جاری ہیں۔
چین کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے پہلے علاقوں میں ہانگ کانگ سر فہرست تھا تاہم یہاں اب تک وبا کے باعث صرف ایک ہزار سے زائد افراد متاثر اور چار اموات ہوئی ہیں۔
سعودی عرب میں اندرونِ ملک پروازوں کی اجازت
،تصویر کا ذریعہReuters
سعودی عرب میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ایئر لائنز اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ اتوار سے دوبارہ شروع کر دیں گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پہلے مرحلے میں یومیہ 60 پرازیں چلیں گی۔
اس سے قبل منگل کو سرکاری خبر رساں ادارے نے بتایا تھا ملک میں 31 مئی سے اندرون ملک سفر، مساجد میں نماز اور دفاتر میں حاضری سے پابندیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔
بریکنگ, پاکستان میں متاثرین کی تعداد 60 ہزار کے قریب
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1446 نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
اس طرح ملک میں کورونا وآیرس سے متاثر ہونے والوں کی کُل تعداد 60 ہزار کے قریب آ پہنچی ہے۔
کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے بدھ کی صبح جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق اس دوران ملک میں 8491 ٹیسٹ کیے گئے۔
بریکنگ, کورونا وائرس: دنیا بھر میں اموات ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کر گئیں, مصدقہ متاثرین 55 لاکھ 88 ہزار سے زائد
،تصویر کا ذریعہReuters
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد اور اس وبا کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ بتدریج جاری ہے۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مصدقہ متاثرین کی تعداد 55 لاکھ 88 ہزار سے زیادہ ہے۔
امریکہ بدستور کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی تعداد 99 ہزار کے لگ بھگ ہے جبکہ یہاں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
دنیا کے دیگر ممالک میں صورتحال:
متاثرین کی تعداد کے حوالے سے دس سرِفہرست ممالک میں امریکہ کے علاوہ بالترتیب برازیل، روس، برطانیہ، سپین، اٹلی، فرانس، جرمنی، ترکی اور انڈیا شامل ہیں
برازیل میں متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ 91 ہزار جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 24512 ہے
روس میں مصدقہ متاثرین کی تعداد تین لاکھ 62 ہزار جبکہ اموات کی تعداد 3807 ہے
برطانیہ میں اب تک وبا کے باعث 37130 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ یہاں متاثرین کی تعداد دو لاکھ 66 ہزار سے زائد ہے
سپین میں متاثرین کی کُل تعداد دو لاکھ 36 ہزار جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 27117 ہے
اٹلی میں اموات کی کُل تعداد 32955 جبکہ مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد دو لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ہے
فرانس میں اب تک ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 28533 ہے
جرمنی میں متاثرین کی کُل تعداد ایک لاکھ 81 ہزار جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 8372 ہے
انڈیا میں اب تک کورونا سے 4344 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ یہاں مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد ہے
صدر ٹرمپ: ’اپنی حکمت عملی سے ہم نے کئی زندگیاں بچائیں‘
،تصویر کا ذریعہEPA
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’صحت حکام کا ماننا ہے کہ اگر ہم (امریکی حکومت) وبا سے اس طریقے سے نہ نمٹتے جیسا کہ ہم نمٹے ہیں تو امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد موجودہ ہلاکتوں سے 10 سے 25 گنا زیادہ ہوتی۔‘
یہ بات انھوں نے وائٹ ہاؤس میں کورونا بریفنگ کے دوران کہی ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ کے لگ بھگ ہے۔
رواں برس مارچ میں صحت کے ماہرین نے متنبہ کیا تھا کہ اگر امریکی ریاستوں میں مناسب سماجی فاصلے کے اصول کو نہ اپنایا جاتا تو ہلاکتوں کی تعداد 25 لاکھ تک ہو سکتی تھی۔
دوسری جانب امریکہ میں اموات میں اضافے کے باوجود صدر ٹرمپ ریاستی گورنرز پر زور دے رہے ہیں کہ وہ لاک ڈاؤن کے سلسلے میں عائد پابندیوں کو اب نرم کر دیں تاکہ روزگار زندگی چل سکے۔
صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ اگر گورنرز نے ان کی بات پر دھیان نہ دیا تو اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے احکامات جاری کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ’ہمیشہ محفوظ رہیں۔ ہم امریکہ کو دوبارہ کھولنے جا رہے ہیں مگر ہم چاہتے ہیں کہ عوام محفوظ طرز عمل اپنائے۔‘
صدر ٹرمپ کے ساتھ موجود امریکہ کے نائب صدر مائیک پنس نے کہا ہے کہ گذشتہ روز امریکہ میں صرف 500 اموات ہوئی ہیں جو کہ مارچ کے بعد ایک دن میں ہلاک ہونے والوں کی کم سے کم تعداد ہے۔
ڈزنی لینڈ: تھیم پارکس دوبارہ کھولنے کے حوالے سے تجاویز کل پیش کی جائیں گی
،تصویر کا ذریعہReuters
والٹ ڈزنی کارپوریشن امریکی ریاستوں فلوریڈا اور اورلینڈو میں اپنے تھیم پارکس مرحلہ وار دوبارہ کھولنے کے حوالے سے تجاویز پیش کرے گی۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے اس حوالے سے کمپنی اپنی تجاویز کل مقامی کورونا ٹاسک فورس کے سامنے رکھے گی۔
کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد رواں برس جنوری میں ڈزنی نے دنیا بھر میں اپنے تھیم پارکس غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے تھے۔ ان تھیم پارکس میں مشہور زمانہ ڈزنی لینڈ اور ڈزنی ورلڈ بھی شامل ہیں۔
اپریل میں کمپنی کو اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب یہ خبریں سامنے آئیں کہ ڈزنی اپنے دس ہزار سے زائد ملازمین کو تنخوائیں ادا نہیں کر پا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس کی آخری سہ ماہی میں ڈزنی کو اپنی مصنوعات اور تھیم پارکس سے 1.4 ارب امریکی ڈالر کی آمدن ہوئی تھی۔
کینیڈا: معمر افراد کے کیئر ہومز کی ناگفتہ بہ صورتحال پر تحقیقات کا آغاز
،تصویر کا ذریعہReuters
کینیڈا میں حکام نے اونٹاریو صوبے میں قائم بزرگ افراد کے پانچ کیئر ہومز میں سہولیات کے حوالے سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
یہ تحقیقات ایک رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد شروع کی گئی ہے۔
کینیڈا کی افواج کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں یہ الزامات عائد کیے گئے ہیں کہ ان کیئر ہومز میں سڑے ہوئے کھانے کی بدبو تھی جبکہ کمروں میں کاکروچ اور مکھیاں بکثرت موجود تھیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کیئر ہومز میں رہائش پذیر بزرگ افراد گھنٹوں مدد کے لیے چیختے چلاتے رہتے مگر وہاں موجود عملہ اس کی پرواہ نہ کرتا تھا۔
کینیڈا کے صدر جسٹن ٹروڈو نے اس رپورٹ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’تکلیف دہ‘ قرار دیا ہے۔
صوبے اونٹاریو کے وزیر اعظم ڈوگ فورڈ نے کہا ہے کہ اس رپورٹ میں پیش کی گئی تفصیلات انتہائی ’ناخوشگورا‘ اور ناقابل برداشت ہیں۔
انھوں نے اس معاملے کی تفصیلی انکوائری کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
کینیڈا میں عمر رسیدہ افراد کے لیے بنائے گئے کیئر ہومز کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور وہاں رہائش پذیر بہت سے بزرگ وائرس کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔
جب ان کیئر ہومز کی انتظامیہ سے حالات کنٹرول میں نہیں رہے تو فوج کو مدد کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
کینیڈا کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے باعث ہونے والے ہلاکتوں میں سے 80 فیصد کیئر ہومز میں ہوئی ہیں۔
جنوبی افریقہ میں تعلیمی ادارے یکم جون سے کھولنے کا اعلان
،تصویر کا ذریعہReuters
جنوبی افریقہ میں لاک ڈاؤن کے تحت عائد پابندیوں میں یکم جون سے نرمی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل راماپوسا نے کہا ہے کہ یکم مئی سے عبادت گاہوں کو دوبارہ کھول دیا جائے گا جبکہ روزانہ کی بنیاد پر رات کے اوقات میں کرفیو لگائے جانے کا سلسلہ بھی ختم کر دیا جائے گا۔
یکم جون سے جنوبی افریقہ میں تعلیمی ادارے اور چند مخصوص کاروباری سرگرمیوں شروع کرنے کی اجازت ہو گی۔
صدر سیرل کا کہنا ہے کہ ’عبادت گاہوں میں اجتماعی عبادت کرنے پر عائد پابندیوں کو بھی محتاط انداز میں نرم کر دیا جائے گا۔ چرچ، مساجد، مندر اور عبادت کی دیگر جگہوں پر عبادت کرنے کی اجازت ہو گی مگر ایک وقت میں وہاں عبادت گزاروں کی تعداد 50 یا اس سے کم ہو گی۔‘
’وہ ہمارے پیاروں کی میتوں کے لیے ہم سے بھیک منگوا رہے ہیں‘
صوبہ پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 464 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 21118 ہو گئی ہے۔
اسی دورانیے میں مزید 10 مریض ہلاک ہوئے ہیں اور اب صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 362 ہو چکی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی کُل تعداد 6185 ہو گئی ہے۔
پنجاب میں منگل کے روز 4027 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں، صوبے میں اب تک ہونے والے کورونا ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 13 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
صوبہ پنجاب میں کووِڈ 19 سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر لاہور ہے جہاں مصدقہ متاثرین کی تعداد 10195 ہے جبکہ یہاں ہلاکتوں کی کُل تعداد 132 ہے۔
دیگر بڑے متاثرہ شہروں میں گجرانوالہ اور فیصل آباد شامل ہیں جہاں متاثرین کی تعداد بالترتیب 1250 اور 1088 ہے۔
پنجاب میں نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد پاکستان میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 58424 ہو چکی جبکہ اموات کی کُل تعداد 1217 ہے۔ ملک میں اب تک 18600 افراد اس بیماری سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
اٹلی: پومپے کا قدیم شہر دو مہینوں بعد سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا
،تصویر کا ذریعہReuters
اٹلی کا قدیم شہر پومپے دو ماہ سے زیادہ عرصے تک بند رہنے کے بعد ایک بار پھر سے سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
تاہم اگر سیاح اٹلی میں مشہور مقامات کا دورہ کرنا چاہتے ہیں تو انھیں پیشگی بکنگ کروانے کی ضرورت ہے۔ پھر وہاں پہنچنے پر انھیں درجہ حرارت کے سکینر کے ذریعے اپنا درجہ حرارت چیک کرنے کی ضرورت ہوگی۔
اس کے علاوہ انھیں سائٹ کا دورہ کرتے ہوئے مخصوص راستے پر چلنا ہو گا۔
ابھی تک غیر ملکی سیاحوں کے اٹلی میں داخلے پر پابندی عائد ہے اور اگلے مہینے تک لاگو رہے گی۔
پومپے کے مکمل طور پر جون میں کھلنے کے پیچھے بھی یہی وجہ ہے۔