کورونا وائرس کے دوران پابندیوں میں رہنے والی ’لاک ڈاؤن جینریشن‘ کئی دہائیوں تک متاثر رہ سکتی ہے

دنیا میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 56 لاکھ 18 ہزار سے زیادہ جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے۔ کراچی کے این آئی بی ڈی میں جمعرات سے کورونا اینٹی باڈی ٹیسٹنگ کا آغاز متوقع ہے جبکہ پنجاب میں عید کے بعد کاروبار صرف پیر تا جمعرات کھلیں گے۔

لائیو کوریج

  1. دنیا کو ایک سے زیادہ ویکسین کی ضرورت ہے, فلیپا راکسبی، ہیلتھ رپورٹر، بی بی سی نیوز

    آکسفورڈ یونیورسٹی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انگلینڈ کے وزیرِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ لوگوں کو محفوظ بنانے والی ویکسین میں شاید ابھی کچھ وقت لگے۔

    ویکسین کی تیاری میں کم از کم ایک سال یا 18 مہینے لگ سکتے ہیں۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی کے تحقیق کاروں نے پہلے ہی لوگوں پر ویکسین ٹیسٹ کرنا شروع کر دی ہے، لیکن یہ جاننا میں وقت لگے گا کہ کیا ویکسین نے انفیکشن کو روکا ہے یا نہیں۔

    یہ خصوصاً اب ذرا زیادہ مشکل ہے کیونکہ عام آبادی میں پھیلنے والے وائرس کی شرح اب کافی کم ہے۔

    دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی سائنسدان ویکسین پر کام کر رہے ہیں۔

    یہ اچھی خبر ہے، کیونکہ وہ سبھی تو کامیاب نہیں ہوں گے۔ اور اگر ہو بھی جاتے ہیں تو یقیناً دنیا کو ایک سے زیادہ ویکسین کی ضرورت ہے۔

  2. کورونا وائرس: برطانیہ میں ’ٹریک اینڈ ٹریس‘ نظام کا آغاز یکم جون سے ہوگا

    Mat Hancock

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    برطانیہ کے وزیر صحت میٹ ہینکوک کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس سے متعلق ’ٹریک اینڈ ٹریس‘ کے نظام پر کام ہو رہا ہےاور وہ یکم جون سے کام شروع کر دے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ اس نظام کی ایپ کو آئل اور وائٹ میں آزمایا گیا ہے۔

    پروفیسر جان نیوٹن نے بتایا کہ اس نظام کے تحت جس شخص میں کورونا کی تصدیق ہو گی اسے خود ساختہ تنہائی اختیار کرنے کا کہا جائے گا اور اس کے ساتھ رابطے میں رہنے والوں کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے لیے ٹیسٹ کے نتائج جتنی جلدی حاصل ہوں گے اتنا ہی بہتر ہو گا۔

  3. افغان لڑکیاں جو گاڑیوں کے پرزوں سے وینٹیلیٹر بنا رہی ہیں

  4. ’عید پر سماجی فاصلے کا خیال رکھیں‘

    انگلینڈ کے وزیرِِ صحت میٹ ہینکوک نے رمضان کے دوران مسلمان برادری کی سماجی فاصلے کے حوالے سے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ عید کو بھی ایسا ہی کریں۔

    انگلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر پروفیسر کرس وہٹی نے بھی کہا کہ حالیہ پابندیوں کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ’سبھی مذاہب‘ کو ’خوشیوں کی تقاریب کو بدلنا‘ ہو گا۔

    مسجد

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  5. بریکنگ, پنجاب میں کورونا وائرس کے 697 نئے متاثرین، کل تعداد 17382 ہوگئی

    Figures

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں جمعے کو کورونا کے 697 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد پنجاب میں کل متاثرین کی تعداد 17382 ہو گئی ہے۔

    پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے ترجمان کے مطابق عام شہریوں میں سب سے زیادہ 298 کورونا متاثرین لاہور میں سامنے آئے۔

    پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک کل 297 اموات ہو چکی ہیں۔ جبکہ اب تک صوبے میں کل 185540 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  6. بریکنگ, برطانیہ میں جلد نتائج بتانے والی ٹیسٹنگ کٹ کا تجربہ کیا جا رہا ہے: وزیر صحت

    Mat Cock

    برطانیہ کے وزیر صحت میٹ ہینکوک نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے جلد نتائج دینے والی ٹیسٹنگ کٹ کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔

    حکومت کی کورونا سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر دی جانے والی بریفنگ میں برطانوی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ آج سے ملک میں کورونا کے ایک جلد نتائج دینے والے ٹیسٹ کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔ یہ سویب ٹیسٹ صرف 20 منٹ میں لوگوں کو بتا دے گا کہ انھیں کورونا ہے یا نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اب بھی کورونا کی صورتحال کو لے کر ہم اس وبا کے چوتھے درجے پر ہیں لیکن ملک اب اس پوزیشن میں آ گیا ہے کہ جلد ہی ہم اس وبا کے تیسری درجے کی جانب گامزن ہو جائے گے جو کم خطرناک ہے۔

    ان کا کہنا تھا اس کے لیے حکومت عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    ملک میں کورونا ٹیسٹوں کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں اب تک 30 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    ملک میں کورونا کے اینٹی باڈی ٹیسٹ کے متعلق بات کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کورونا کا اینٹی باڈی ٹیسٹ اہم ہے کیونکہ یہ لوگوں کو بتائے کا کہ اگر انھیں کورونا ہو جاتا ہے تو ان کا جسم اس وائرس کے خلاف کیسے ردعمل دے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومتی تحقیق کے مطابق لندن میں 17 فیصد جبکہ دیگر ملک میں پانچ فیصد افراد میں کورونا اینٹی باڈیز کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ حکومت نے اگلے چند ماہ میں ایک کروڑ سے زائد ٹیسٹنگ کٹس کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔

  7. کورونا: بلوچستان حکومت کا صوبے میں معاشی و اقتصادی اثرات کا جائزہ اجلاس

    Meeting

    ،تصویر کا ذریعہDGPR Balochistan

    بلوچستان میں کورونا وائرس کے معاشی و اقتصادی شعبوں اور روز گار پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے بلوچستان حکومت، اقوام متحدہ کے اداروں اور ڈونر ایجنسیوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔

    ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزیر زبیدہ جلال اورچئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹینٹ جنر ل محمد افضل کے علاوہ دیگر حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال، حکومتی اقدامات معاشی، چیلنجز اور ان کے حل سمیت بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے اور ڈویژنل سطح پر لیبارٹریوں کے قیام میں تعاون کرے گا۔

    عالمی ادارہ صحت، یونیسف، یو این ایف پی اے اور عالمی ادارہ خوراک کی جانب سے صحت، تعلیم، ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت کے پروگرام میں بھرپور معاونت کی یقین دہانی کروائی گئی۔

    صوبائی حکومت کے اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وزیر اعلیٰ جام کمال نےکہا کہ عوام کی بڑی تعداد کورنا وائرس کے نقصانات سے ناواقف ہوتے ہوئے اسے خطرہ نہیں سمجھتی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت تعلیم غذائیت اور ماں وبچے کی صحت کے حوالے سے شراکتی اداروں کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔

  8. بریکنگ, کورونا: وفاقی حکومت کی اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی منظوری

    Notification

    ،تصویر کا ذریعہIslamabad Administration

    پاکستان کی وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کی وبا کے باعث بند کی گئی مقامی اور بین الضلعی پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی منظوری دیتے ہوئے ان کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔

    حکومت کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق منی ویگنوں، بسوں اور سوزوکی وین کے لیے ضابطہ کار مرتب کیا ہے جس کے مطابق بس سٹاپوں اور اڈوں پر سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جائے گا، دوران سفر مسافروں کے درمیان ایک نشست کا فاصلہ رکھا جائے گا۔ بسوں اور ویگنوں میں ہوا کے لیے شیشے کھولے جائے گے اور دیگر ہدایات شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد میں جمعرات تک سرکاری اعداد وشمار کے مطابق کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 1235 ہو گئی ہے۔

  9. جولیا رابرٹس امریکی ڈاکٹر کو کہتی ہیں: ’آپ کو اپنے ہوش کھونے کی اجازت نہیں‘

    جولیا رابرٹس

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ’آپ ایک ایسے واحد شخص ہیں جن کو ابھی اپنے ہوش کھونے کی اجازت نہیں ہے۔‘ یہ الفاظ تھے اداکارہ جولیا رابرٹس کے جب وہ ایک انٹرویو کے دوران مسکراتے ہوئے امریکہ کے انفیکشیئس ڈیزیز کے ماہر ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی سے مخاطب تھیں۔ ڈاکٹر فاؤچی صدر ٹرمپ کی کورونا وائرس پر بریفنگز میں اکثر نظر آتے ہیں۔

    امریکی اداکارہ نے ایک خیراتی ادارے ون کیمپیئن کے ایک انیشی ایٹیوکے طور پر ڈاکٹر فاؤچی کا انٹرویو کیا تاکہ ڈاکٹروں اور ماہرین کی آواز بھی آگے پہنچائی جا سکے۔

    جولیا رابرٹس نے ڈاکٹر فاؤچی کو بتایا کہ ’دنیا میں بہت کم ماہرین ہیں اور آپ ان میں سے میرے لیے ایک ہیرو کے طور پر ابھریں ہیں۔‘

    ڈاکٹر فاؤچی امریکہ میں تقریباً ایک چھوٹے سیلیبریٹی کی حیثیت حاصل کر چکے ہیں اور اپریل میں پروگرام سیٹرڈے نائٹ لائیو میں اداکار بریڈ پٹ ان کا کردار بھی ادا کر چکے ہیں۔

    فاؤچی نے کہا کہ وہ گذشتہ مہینے صرف تین گھنٹے رات کو سویا کرتے تھے اور بالکل اپنے ہوش کھونے کے قریب تھے۔

    انھوں نے کہا کہ جسمانی علیحدگی نے امریکہ میں وبا کو روکنے میں کسی حد تک کام کیا ہے۔

    ’اب وقت ہے کہ قسمت کو آزمایا جائے اور مکمل طور پر پیچھے ہٹ جایا جائے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے اور پبلک ہیلتھ کے لیے یہ ضروری بھی ہے کہ ویکسین کے ٹرائلز میں ترقی پذیر ممالک کو بھی شامل کیا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ عالمی طور پر کام کرتی ہے۔

    انھوں نے جولیا رابرٹس کی نکل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مثبت طریقے سے یہ قبول کرنے کی ضرورت ہے کہ معمول کی زندگی بھی لوٹ آئے گی۔

  10. ’سماجی فاصلے کے لیے سیٹیس خالی رکھیں تو ٹکٹ مہنگی ہوجائے گی‘

  11. چینی رہنما اہم اجلاس میں ماسک کے بغیر

    چینی رہنما

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    عالمی وبا کی وجہ سے دو ماہ کی تاخیر سے چین کے سالانہ پارلیمانی سیشنز جمعرات کو دوبارہ شروع ہوئے۔

    ان مجالس میں ملک کی اعلیٰ قیادت اور دیگر ہزاروں اہلکار اور تاجروں کے رہنما آنے والے سال کے لیے مل کر نئے قوانین اور حکمتِ عملی بناتے ہیں۔

    اس سے پہلے آنے والی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اس سال کی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) اور چائنیز پیپلز پولیٹیکل کانفرنس (سی پی پی سی سی) کے اجلاس چھوٹے ہوں گے اور گذشہ برسوں کی نسبت کم لوگ ان میں حصہ لیں گے۔

    لیکن آج کی مجلس کو دیکھ کر ایسا نہیں لگتا۔ سی پی پی سی سی لوگوں کی پوری شرکت کے ساتھ شروع ہوئی۔ قومی ٹی وی پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل کے باہر کھڑے ایک دوسرے سے ہاتھ بھی ملا رہے ہیں۔

    سی پی پی سی سی کی نیشنل کمیٹی کے کل 2 ہزار 158 ممبران ہیں۔ چینی کی اعلیٰ قیادت، پولیتبیورو، کے علاوہ سبھی اراکین نے ماسک پہنے ہوئے تھے۔

    صدر شی جنگ پنگ اور دوسرے اہم اہلکار جو اجلاس میں شرکت کر رہے تھے، وہ بھی بغیر ماسک کے نظر آئے۔

  12. پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تحت تمام امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ

    پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تحت ہونے والے تمام امتحانات کورونا وبا کے باعث منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    صوبائی حکومت کے اس فیصلے سے تقریباً 130,165 طلباء و طالبات مستفید ہوں گے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  13. بریکنگ, برطانیہ میں مزید 338 لوگ ہلاک

    برطانیہ میں محکمہ صحت کے مطابق بدھ کو کورونجا وائرس سے مزید 338 لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

    اس طرح برطانیہ میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 36 ہزار 42 ہو گئی ہے۔

    ملک میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ یہاں سب کے ٹیسٹ نھیں ہوئے۔ دریں اثنا بدھ کو کل ایک لاکھ 28 ہزار 340 ٹیسٹ کیے گئے۔ اس طرح برطانیہ میں اب تک 30 لاکھ 90 ہزار 566 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  14. لاک ڈاؤن کے دوران بچوں نے خزانہ ڈھونڈ لیا

    لاک ڈاؤن بہت مشکل ہے لیکن کبھی کبھار گھروں میں پھنسے ہوئے لوگوں کے لیے یہ خوشی کے پیغام بھی لے آتا ہے۔ شمال مغربی فرانس میں دو بچوں کے لیے یہ یقیناً بہت ہی زیادہ خوش قسمت ثابت ہوا۔ انھوں نے اپنے دادا دادی کے کمرے میں چھپا ہوا خزانہ ڈھونڈ لیا۔

    اپنی ایک کھیلنے کی جگہ بنانے کے لیے انھوں نے اپنے باپ سے پوچھا کہ وہ کیا کچھ استعمال کر سکتے ہیں۔

    ان کے باپ نے کہا کہ وہ اپنے دادا کے کمرے سے شیٹس لے سکتے ہیں جو اب استعمال نہیں ہوتا۔

    نیلام گھر کے اہلکار فلیپی راؤلیک نے فرانسیسی ٹی وی چینل بی ایف ایم کو بتایا کہ جب وہ شیٹس نکال رہے تھے تو سپرنگس آف لیوینڈرکے بجائے، جو لوگ اکثر نیچے رکھتے تھے، دو بہت وزنی چیزیں نکل کر زمین پر گر گیئں۔‘

    بچوں نے فوراً وہ اشیا واپس اسی جگہ رکھ دیں، لیکن چند گھنٹوں کے بعد انھوں نے اپنی دریافت کے متعلق اپنے والد کو بتایا۔ ان کے والد نے ان سے کہا کہ وہ چیز لے کر آئیں، لیکن پہلے انھیں بھی لگا کہ وہ شاید چھری رکھنے کے ہولڈر ہیں۔

    بعد میں انھوں نے جب ایک نیلام گھر سے اس کا تخمینہ لگانے کا کہا تو انھیں معلوم ہوا کہ وہ سونے کی اینٹیں ہیں اور ہر اینٹ کا وزن ایک کلو گرام ہے۔ ہر اینٹ کی مالیت 45 ہزار پاؤنڈ بتائی جاتی ہے۔

    نیلام گھر کے ترجمان نے ہنستے ہوئے بتایا کہ بچوں نے اپنے والد سے کہا ’اب ہم سوئمنگ پول بنانے کے قابل ہو جائیں گے۔‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  15. سندھ حکومت کا انفیکشن ڈزیزز کے حوالے سے پہلا ماڈل ہسپتال بنانے کا اعلان

    Dr Azra

    ،تصویر کا ذریعہHealth Dept Sindh

    پاکستان کے صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کورونا انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے نیپا ہسپتال کا دورہ کیا ہے۔

    دورے کے دوران صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ نیپا ہسپتال کو انفیکشن ڈزیز کا درجہ دیا گیا ہے اور اس حوالے پہلے مرحلے میں ہسپتال میں 200 بیڈز کی سہولیات جلد مکمل کی جائیں گی۔

    وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت انفیکشن ڈزیزز کے حوالے سے سندھ کا پہلا ماڈل ہسپتال بنانے جا رہی ہے۔

    ڈاکٹر عذرا کا کہنا تھا کہ نیپا ہسپتال میں وبائی امراض کی تشخیص کے لیے لیباریٹری تعمیر کی جاۓ گی اور مستقبل میں کورونا وبا جیسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سندھ میں ڈویژنل سطح پر انفیکشن ڈزیز ہسپتال بنائے جائیں گے۔

  16. بریکنگ, امریکہ میں بیروزگاری الاؤنس کا مطالبہ کرنے والوں کی تعداد تقریباً 4 کروڑ

    امریکہ میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد معیشت میں بہتری کے امکانات کے باوجود گزشتہ ہفتے مزید 24 لاکھ افراد نے بیروزگاری الاؤنس کی درخواست دی۔

    اس طرح مارچ کے وسط کے بعد سے اب تک بیروزگاری الاؤنس کی درخواستوں کی کل تعداد تقریباً 3 کروڑ 86 لاکھ ہو گئی ہے جو امریکہ کی افرادی قوت کا تقریباً ایک چوتھائی ہے۔

    مارچ کے آخر سے ان درخواستوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے لیکن پھر بھی ان کا نمبر بہت زیادہ ہے۔ 16 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں سب سے زیادہ درخواستیں فلوریڈا اور جارجیا کی ریاستوں سے آئی ہیں۔

  17. امیر قوموں کو ترقی پذیر ممالک کے غربا کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے: عالمی ادارہ صحت

    India

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ امیر قوموں کو ترقی پذیر ممالک کے غربا پر کورونا کی وبا کے اثرات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے کووڈ 19 پر خصوصی نمائندے ڈیوڈ نابارو نے بی بی سی کو بتایا کے اس وبا کے دوران سب سے زیادہ متاثر ترقی پذیر ممالک کا غریب اور مزدور طبقہ ہوا ہے اور امیر ممالک کو ان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’ایک طرف وہ مہلک وبا کے خطرے سے دوچار ہیں تو دوسری جانب غریب ممالک کے پاس صحت، خوراک اور روزگار کے کوئی مواقع موجود نہیں ہیں۔ جس کے نتیجے میں لوگوں کا روزگار راتوں رات ختم ہو رہا ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کورونا کے پھیلاؤ کو سست کرنے کے لیے جب معاشی سرگرمیوں کو کم کیا جاتا ہے تو لوگ بہت تیزی سے اپنے روزگار ختم ہو جانے کے باعث انتہائی غربت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ’میں نے سنا ہے کہ براعظم ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکا میں بیشتر اقوام بےروزگاری اور بھوک و افلاس کا شکار ہوئیں ہیں اور میرے خیال میں اس وبا کے ختم ہونے کے بعد دنیا کا جو منظر سامنے آتے گا اس میں خوراک کی کمی اور انتہائی غربت نمایاں ہو گی۔ ایسا دہائیوں میں پہلے کبھی نہیں ہوا ہے۔‘

  18. کرپشن: سسلی کے محکمۂ صحت کے اعلیٰ اہلکار گرفتار

    Ital;y

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    سسلی کے حکام نے 10 افراد کو بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کر لیا، جن میں اس اطالوی جزیرے کے کورونا وائرس ریسپانس کے سربراہ اینتونیو کینڈیلا بھی شامل ہیں۔

    یہ گرفتاری 2016 میں جاری ہونے والے پبلک کنٹریکٹ ٹینڈرز کے حوالے سے کی گئی ہے، جو کہ سسلی کے حکام نے میڈیکل کے آلات اور کلیننگ سروسز کے لیے دیا تھا اور اس وقت یہ تقریباً چھ کروڑ 60 لاکھ کا تھا۔ دیگر دو افراد کا نام بھی شبہے کے طور پر لیا گیا ہے لیکن ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    ان افراد نے مبینہ طور پر کنٹریکٹس دینے کے لیے رشوت لی تھی۔ حکام نے سسلی اور لمبارڈی میں اسی حوالے سے سات کمپنیوں کو بند بھی کر دیا ہے۔

    پولیس کے کرنل جیانلوکا اینجلینی نے کہا ہے کہ انھیں ’طاقت کا اصل مرکز ملا ہے۔۔۔ جس میں بے ایمان سرکاری اہلکار، بے اصول تاجر اور کاروباری افراد لاکھوں کے کنٹریکٹ حاصل کرنے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔‘

  19. بریکنگ, پنجاب حکومت نے عیدالفطر کے لیے مارکیٹوں کے اوقات کار بڑھا دیئے

    Lahore

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    پنجاب کے وزیر تجارت و صنعت میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے عیدالفطر کے پیش نظر صوبے بھر میں شاپنگ مالز اور مارکیٹوں کے اوقات کار رات دس بجے تک بڑھا دیے ہیں۔

    ان کی جانب سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہہ کہ صوبائی حکومت کی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے عید کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جمعے سے صوبے بھر کی مارکیٹیں رات دس بجے تک کھلی رہیں گی۔

    صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام مزارت کوجمعے سے کھول دیا جائے گااور ان مزارات پر زائرین کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں ہو گا۔

  20. روس کے علاقے داغستان میں کورونا وائرس کی گھمبیر صورتِ حال

    Dagestan

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جنوب مغربی روس کے علاقے داغستان میں سرکاری طور پر تو صرف کورونا وائرس سے کچھ ہلاکتوں کی ہی تصدیق ہوئی ہے، لیکن ڈاکٹروں کے مطابق ہلاکتیں اس سے کہیں زیادہ ہیں اور کچھ اہلکار اب ’پوشیدہ تباہی‘ سے بھی خبردار کر رہے ہیں۔

    بی بی سی کی ماسکو میں نامہ نگار سارہ رینسفورڈ نے ایک ڈاکٹر ابراہیم یوتیمائیرو سے بات کی ہے، جو خود کورونا وائرس کا شکار تھے اور بات کرتے ہوئے بھی کھانس رہے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ ’میری ٹیم میں تینوں کے تینوں ڈاکٹر بیمار تھے۔ اور جب تک ہم کچھ بہتر نہیں ہوئے ہماری جگہ تین دندانسازوں نے کام کیا۔ وائرس کے عروج پر روزانہ 10 سے 11 افراد تک ہلاک ہو رہے تھے۔‘

    جمعرات کو روس میں ہلاکتوں کی تعداد اس وقت 3 ہزار سے زیادہ ہو گئی جب گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 127 افراد ہلاک ہوئے۔ نئے تصدیق شدہ مریضوں میں 8 ہزار 849 کا اضافہ ہوا اور اس طرح مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 54 ہو گئی ہے۔

    کچھ کا خیال ہے کہ مرنے والوں کی تعداد حکومت کی بتائی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔